Tag: گلگت بلتستان

  • خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان میں بارشوں سےتباہی،30افرادجاں بحق

    خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان میں بارشوں سےتباہی،30افرادجاں بحق

    پشاور: خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی۔ چھتیں گرنے اوردیگر حادثات میں تیس افراد جان سے گئے، سوات ،شانگلہ، کوہستان اور چلاس میں لینڈسلائیڈنگ سے اہم سڑکیں بندہوگئیں۔

    خیبیرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارش کے باعث کئی لوگ جان سے گئے۔ نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، کے پی کے میں شدیدبارشوں کا سلسلہ گزشتہ رات شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شانگلہ، چترال، چارسدہ اور دیگر اضلاع میں گھروں کی چھتیں گرنے سے چودہ افرادابدی نیند سوگئے۔

    شبقدر میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی، دریائے سوات میں طغیانی کے باعث دو خواتین بہہ گئیں، سوات، مانسہرہ اورکوہستان میں لیڈ سلائیڈنگ سے بیشتر شاہراہیں بند ہیں، جس سے مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔

    گلگت بلتستان کے علاقےدیامیرمیں چھتیں گرنے اوردیگرحادثات میں دس افراد چل بسے، چلاس میں چھت گرگئی جس سے ایک ہی خاندان کے چار افرادلقمہ اجل بنے جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

    لینڈسلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات پر بند ہے جس سے مسافر راستے میں پھنس گئے ہیں۔

  • گلگت بلتستان انتخابات، ن لیگ نے14 نشستوں کے ساتھ میدان مارلیا

    گلگت بلتستان انتخابات، ن لیگ نے14 نشستوں کے ساتھ میدان مارلیا

    گلگت بلتستان : گلگت بلتستان کی دوسری قانون سازاسمبلی کےانتخابات میں ن لیگ نےچودہ نشستوں کے ساتھ میدان مارلیا، اسکردو ون میں کانٹے کے مقابلےکے بعد تحریکِ انصاف نےصرف ایک ووٹ سےکامیابی حاصل کرلی۔

    گلگت بلتستان کی دوسری قانون ساز اسمبلی کے چناؤ میں ن لیگ کو چودہ نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت مل گئی، گلگت کی تین اورگانچھے کی تین نشستوں پرلیگی امیدواروں نے معرکہ مارلیا، استور کے دونوں اورضلع دیامر کی تین نشستیں بھی لیگی امیدواروں کے نام رہیں جبکہ ضلع اسکردو سے دو اور جی بی ایل اے سکس سے ن لیگ امیدوار فاتح قرار پائے۔

    جی بی ایل اے سیون پر ن لیگ اور تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ ہوا، جہاں لیگی اُمیدوار کو صرف ایک ووٹ سے شکست ہوئی، جی بی ایل اے اکیس سےبھی پی ٹی آئی نے کامیابی سمیٹی، گلگت کی پہلی قانون سازاسمبلی کی فاتح پیپلزپارٹی کو اس بار صرف ایک نشست جی بی ایل اے بارہ پر کامیاب ملی ۔

    مجلس وحدت اُلمُسلمین کے سولہ میں سے دو امیدوار کامیاب ہوئے، جی بی ایل اے پانچ اورجی بی ایل اے آٹھ کی نشست ایم ڈبلیوایم کے نام رہی، اسلامی تحریک پاکستان ہنزہ نگر ٹواور سکردوفور کی نشستوں پر کامیاب ہوئی، گلگت کے عوام نے دو نشستوں غذر ون اورغذر ٹو پر آزاد امیدواروں کے حق میں فیصلہ دیا، جمیعت علمائےاسلام ف نے دیامر ون جی بی ایل اے پندرہ سے کامیابی سمیٹی۔

    گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ گئے، سابق وزیر اعلیٰ مہدی شاہ اور ن لیگ کے راجا اعظم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی کے راجہ جہانزیب نے ن لیگ کے غلام محمد کی وکٹ گرا دی، حافظ حفیظ الرحمان بھی کامیاب ہوگئے۔

    گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، انتخابات میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہوگیا، گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی انتخابات کےغیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق گلگت کا حلقہ جی بی ایل اے ون سے ن لیگ کے جعفر اللہ چھ ہزار پینتیس ووٹ لیکرکامیاب ہوئے، جی بی ایل اے ٹو سے ن لیگ کے حفیظ الرحمان کے دس ہزار چھیانوے ووٹ ملے۔

    جی بی ایل اے تھری سے ن لیگ کے ڈاکٹر اقبال نے سات ہزار پانچ سو پچیس ووٹ حاصل کئے، جی بی ایل اے6 استور 2 سے ن لیگ کے میر غضنفر کو 6500ووٹ پڑے، حلقہ جی بی ایل آٹھ اسکردو مجلس وحدت مسلمین کے کاچو امتیاز دس ہزار ایک سو پچیس ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

    جی بی ایل اے نو اسکردو تھری سے مسلم لیگ ن کے فدا محمد نے چار ہزار ایک سو ووٹ لئے، اسکردو کے حلقہ جی بی ایل اے بارہ پیپلزپارٹی کے عمران ندیم دس ہزار چار سو پچاسی ووٹ لے کر فاتح قرار پائے، جی بی ایل اے تیرہ استور ون سے مسلم لیگ ن کے فرمان علی نے پانچ ہزار ایک سو اکیاسی ووٹ لے کر فتح حاصل کی۔

    جی بی ایل اے14 سے ن لیگ کے برکت جمیل کو 4300ووٹ ملے، حلقہ جی بی ایل اے سولہ دیامر ٹو میں مسلم لیگ ن کے جانباز خان تین ہزار تین باون ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، چلاس کےحلقہ جی بی ایل اے اٹھارہ میں مسلم لیگ ن کے محمد وکیل نے تین ہزار چار سو ووٹ لئے۔ جی بی ایل اے انیس غذر سے آزاد امیدوار نواز خان کو پانچ ہزار ایک پچانوے ووٹ ملے۔

    جی بی ایل اے20 سے آزاد امیدوار فدا خان 4894ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جی بی ایل اے22گانچھے ون سے ن لیگ کے محمد ابراہیم کامیاب قرار پائے، گانچھے حلقہ جی بی ایل اے تیس میں مسلم لیگ ن کے غلام حسین چھ ہزار چار سو ستاون ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔

      ایل اے سات اسکردو ایک کا نتیجہ روک دیا گیا ہے، ریٹرننگ افسر مسترد ہونے والے ووٹوں کا جائزہ لیں گے۔ یہاں ن لیگ کے اکبر خان اور تحریک انصاف کے راجا جلال حسین کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے صرف کچھ ووٹوں کا فرق ہے ۔

    سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان مہدی شاہ اس حلقے سے امیدوار ہیں۔

  • گلگت بلتستان کی تاریخ میں دوسرے عام انتخابات کیلئے پولنگ جاری

    گلگت بلتستان کی تاریخ میں دوسرے عام انتخابات کیلئے پولنگ جاری

    گلگت بلتستان: گلگت بلتستان کی تاریخ میں دوسرے عام انتخابات آج ہورہے ہیں، پولنگ کا عمل جاری ہے، چوبیس نشستوں کیلئے دوسواڑسٹھ امیدوارمدمقابل ہیں، پچھلے الیکشن کی فاتح پیپلزپارٹی کو کڑے امتحان کا سامنا ہے، ن لیگ اورپی ٹی آئی ٹف ٹائم دیں گی، پولنگ بوتھ کے باہر موجود فوجی افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہیں۔

    چوبیس نشستوں کیلئے پی ٹی آئی نے بائیس ،مسلم لیگ ن نے چوبیس پیپلز پا رٹی نے بائیس ،مجلس وحدت المسلمین نے پندرہ، ایم کیو ایم نے نو ، جے یو آئی (ف) نے دس ، جنرل مشرف کی جماعت اے پی ایم ایل نے بارہ ، اسلامی تحریکِ پاکستان نے دس امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔

    گلگت ون میں چوبیس امیدوار میدان میں ہے، جہاں اہم مقابلہ ن لیگ کے میر جعفر اللہ اور پیپلزپارٹی کے امجد حسین کے درمیان ہیں، گلگت ٹو میں اصل جوڑ ن لیگ کے حافظ حفیظ الرحمان، پیپلزپارٹی کے جمیل احمد، تحریک انصاف کے فتح اللہ اور مجلس وحدت مسلمین کے مطاہرعباس کے درمیان پڑے گا۔

    حلقہ چارہنزہ نگر ون میں اسلامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کے درمیان کانٹے کا دنگل ہے۔

    حلقہ پانچ ہنزہ نگر ٹو میں تحریکِ انصاف مرزا حسین اور لیگی امیدوارکلب علی کے درمیان مقابلہ ہے۔

    حلقہ چھ ہنزہ نگر تین میں اصل مقابلہ ن لیگ کےمیرغضفر علی خان، پیپلزپارٹی کے ظفر اقبال کے درمیان ہے جبکہ عوامی ورکرز پارٹی کے باباجان کو بھی خاصی حمایت حاصل ہے۔

    حلقہ نمبر سات سکردو ایک سے پیپلزپارٹی کے سید مہدی شاہ ،ن لیگ کے محمد اکبر تابان ، تحریک انصاف کے راجہ جلال حسین خان میں تگڑا مقابلہ ہوگا۔

    حلقہ آٹھ اسکردو دو سے جماعت اسلامی کے سید محمد عباس رضوی مجلس وحدت المسلمین امتیازحیدر خان کے درمیان ہے ۔

    حلقہ نمبر نو اسکردو تین میں لیگی امیدوار فدا محمد ناشاد اور ایم ڈبلیو ایم کے وزیر محمد سلیم کے درمیان جی بی ایل اے گیارہ سکردوپانچ میں پی ٹی آئی کے سید امجد زیدی اور ن لیگ کے اقبال حسن کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

    منڈی بہاوالدین حلقہ این اے 108 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کاآغاز ہو گیا ہے،پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

    گلگت الیکشن میں امن وامان یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کو تعینات کیا گیا ہے، فوجی افسر کو دھاندلی یا امن وامان کی صورت حال سے متعلق کارروائی کے لئے مجسٹریٹ کا اختیار بھی ہوگا۔

    گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں فوج تعینات ہے، پاک فوج کے اہلکار علاقے میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے گشت بھی کررہے ہیں، دو سو سے زائد پولنگ اسٹیشنز کوحساس قرار دیا گیا جبکہ پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے دوران چیکنگ کی جائےگی۔

    پولنگ اسٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی،  انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ پربھی پابندی عائدلگائی گئی ہے، مظاہروں، متنازع نعروں اور لاؤڈ اسپیکر کاغیرقانونی استعمال ممنوع ہوگا، پابندی کا اطلاق بیس جون تک ہوگا۔

  • عوام کو بااختیار بنا کر ہی گلگت کے مسائل حل ہونگے، عمران خان

    عوام کو بااختیار بنا کر ہی گلگت کے مسائل حل ہونگے، عمران خان

    گلگت / بلتستان : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت تک گلگت بلتستان کے مسائل حل نہیں ہونگے کہ جب تک گلگت بلتستان کے فیصلے اس خطے میں ہی نہیں ہوتے ۔

    آج تک گلگت بلتستان کے فیصلے اسلام آباد میں ہوتے رہے، جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کے مسائل حل نہیں ہوئے ۔ہم گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنانے کے لئے اسلام آباد سے اختیارات گلگت بلتستان منتقل کرینگے۔

    ہم نے کے پی کے میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے پہلی بار بلدیاتی انتخابات کرائے نواز لیگ کی چھ دفعہ پنجاب میں حکومت آئی مگر بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے ا س کی وجہ یہ کہ یہ لوگ عوام کو اختیارات منتقل کرنا نہیں چاہتے ہیں۔

    انہوں نے اس موقع پر نواز شریف اور زرداری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ بتائیں ان کے پاس حکومت میں آنے سے پہلے کتنے اثاثے تھے آج کتنے اثاثے ہیں ۔

    ہم نے اربوں رپوں کے مالک حسنی مبارک ،قذافی اور صدام حسین کا حشربھی دیکھا ہے، جلسے سے خظاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے زرداری کو جیل میں بھیجا تھااور آج شہباز شریف زرداری سے معافیا ں مانگ رہا ہے یہ لو گ وہا ں سونامی کی خوف سے ایک ہوئے ہیں ۔

    اس موقع پر جلسہ گاہ میں عوام کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی جو گو نواز گو اور شیر کا شکاری عمران خان کے نعرے لگا رہی تھی اور عمران خان کی جلسہ گاہ میں آمد اور جانے کے اوقات میں عوام اپنے لیڈر کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے اس قدر بے تاب تھے کہ منتظمین اور پولیس کو کپتان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے امڈ آنے والے عوام کے ہجوم کو مشکل سے سنبھالنا پڑا۔

  • گلگت بلتستان: ایم ڈبلیو ایم کا انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

    گلگت بلتستان: ایم ڈبلیو ایم کا انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

    لاہور: مجلس وحدت مسلمین نے حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی کا امکان ظاہرکرتے ہوئے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایم ڈبلیو ایم کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں آٹھ جون کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں عوام کےحق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیا جائیگا، حکومت دھاندلی میں ماہر ہے، اس لیے صاف شفاف انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے۔

    علامہ ناصر نے گلگت بلتستان کے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا۔

    انتخابات سے قبل وزیرِاعظم گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ قرار دیں تو مجلس وحدت مسلمین مسلم لیگ(ن) کے حق میں دستبردار ہوجائے گی۔

  • گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے، الطاف حسین

    گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے اور اسے آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم، ملک کی واحد لبرل ، جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔

    ایم کیوایم ،ملک میں ایسے معاشرے کا قیام چاہتی ہے جہاں ہرشہری کو بلاامتیاز رنگ ونسل ، زبان ،قومیت، مسلک ، فقہ اور مذہب یکساں حقوق میسر ہوں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ آج تک گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو بحال نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث وہاں کے عوام سیاسی ، معاشی اور حقوق سے محروم ہیں ۔

    حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے ۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے ، وہاں آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے۔

    گلگت بلتستان کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے وہاں کے تمام تاریخی راستوں کو کھولاجائے اورعوام کو آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے تاکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں آباد گلگتی اور بلتستانی عوام گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔

    الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھرکے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے ہرسطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

  • تحریک انصاف گلگت بلتستان کی نگران حکومت کوعدالت میں چیلنج کریگی

    تحریک انصاف گلگت بلتستان کی نگران حکومت کوعدالت میں چیلنج کریگی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ نواز کی جانب سے گلگت بلتستان میں قبل از انتخابات دھاندلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے گورنر سمیت نگران حکومت کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہارچیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ نواز گلگت بلتستان میں قبل از انتخابات دھاندلی کیلئے بھرپور کوشاں ہے جس کیلئے مسلم لیگی وزیر کو گورنر جبکہ قراقرم بنک کے ملازم کو وزیر اعلیٰ کے منصب پر تعینات کیا گیا ہے۔

    تاہم تحریک انصاف مسلم لیگ کی اس بد دیانتی کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے ایسے متنازعہ انداز میں انتخابات کے انعقاد کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز نے عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کیا اگر وفاقی حکومت عدالتی کمیشن قائم نہیں کرتی تو بھی دھاندلی کے ناقابل تردید شواہد قوم کے سامنے آئیں گے۔

    سینٹ انتخابات سے قبل اراکین اسمبلی کی خریدو فروخت پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان نے سینٹ انتخابات کے دوران خفیہ رائے شماری کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کیلئے آئینی ترمیم کی ضرورت پر زور دیا۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے وفاقی وزیر خزانہ اور حکمران جماعت کی قیادت کے بیرون ملک موجود اثاثوں کاذکر کرتے ہوئے دبئی کی رئیل اسٹیٹ میں اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کرنے والوں کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • نوازشریف غلطیوں پرغلطیاں نہ کریں، خورشید شاہ

    نوازشریف غلطیوں پرغلطیاں نہ کریں، خورشید شاہ

    اسلام آباد : اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کہتے ہیں کہ حکومت گلگت بلتستان میں الیکشن سےپہلے دھاندلی کا منصوبہ بنارہی ہے۔ نوازشریف غلطیوں پر غلطیاں نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے اعلیٰ سرکاری عہدوں پر ن لیگ کے من پسند افراد کی تقرری پر پیپلزپارٹی کی تشویش میں اضافہ ہورہا ہے۔

    اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نےگلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ کی تقرری پرتنقید کرتےہوئےکہا کہ ن لیگ نےگلگت بلتستان میں پری پلان دھاندلی کا منصوبہ بنالیاہے۔

    گورنر اورچیف الیکشن کمشنراپنا لگانے کےبعد حکومت نےوزیراعلیٰ کا منصب بھی من پسند شخص سونپ دیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف سے درخواست ہے کہ غلطیوں پرغلطی نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی سے ثابت ہورہا ہے کہ عام انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی۔ اپوزیشن لیڈرنےکہا کہ تحریک انصاف کا پارلیمنٹ میں نہ آناملک ،جمہوریت اور آئین کیلئے نقصان دہ ہوگا۔

  • گلگت بلتستان میں حکومتی مداخلت، اپوزیشن کا احتجاج

    گلگت بلتستان میں حکومتی مداخلت، اپوزیشن کا احتجاج

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نےوزیراعظم کو خط میں گلگت بلتستان کے عبوری سیٹ اپ میں مداخلت پر احتجاج کیا ہے۔

    قائدحزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیراعظم کو خط میں حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عبوری سیٹ اپ میں مداخلت پر احتجاج کیا ہے۔

     انہوں نے خط میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان وزیراعلی کے لیے مزید پانچ ناموں کوشامل کرنا آئین کے خلاف ہے۔

     انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں تمام صوبوں اور گلگت بلتستان میں عبوری سیٹ اپ سے متعلق واضح طریقہ کار موجو دہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے نگران کابینہ کی منظوری دے دی، جس کے بعد گلگت بلتستان نگراں حکومت کی کابینہ میں سات ارکان کی نامزدگی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

  • کراچی سمیت ملک بالائی علاقوں میں مزید سردی کا امکان

    کراچی سمیت ملک بالائی علاقوں میں مزید سردی کا امکان

    اسلام آباد/کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی سمیت بالائی علاقوں میں سردی میں اضافے اور پہاڑی علاقوں پربرفباری کا امکان ہے۔

    ملک میں موسم کے اتراتے تیور، کوئٹہ کی سرد ہواوں نے کیا کراچی کا رخ کرلیا ہے، بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں  ہیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی سمیت بالائی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوگا ہے۔ میدانی علاقوں میں بھی برفباری سے سردی بڑھے گی ہے جبکہ بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، کشمیر، ہزارہ اور گلگت بلتستان سمیت چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔