Tag: گلگت کی خبریں

  • گلگت ایئر پورٹ پر کچے میں اترنے والے طیارے کی ریکوری کا کام شروع

    گلگت ایئر پورٹ پر کچے میں اترنے والے طیارے کی ریکوری کا کام شروع

    گلگت: پی آئی اے کے انجینئرز نے دو دن قبل گلگت ایئر پورٹ پر کچے میں اترنے والے طیارے کی ریکوری کا کام شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ کچے میں اتر گیا تھا، جس کے باعث اسے شدید نقصان پہنچا تھا، پی آئی اے کے انجینئرز نے اس کی ریکوری کا کام شروع کر دیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے انجینئرز نے اے ٹی آر طیارے کو کرینوں کی مدد سے سیدھا کر دیا ہے، آج طیارے کو کچے سے رن وے کے ذریعے ہینگر پر منتقل کر دیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرز نے کل شام طیارے کا معائنہ بھی کیا تھا، طیارے کے دائیں وِنگ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  گلگت ایئرپورٹ : طیارہ کچے میں اترنے کا واقعہ

    انجینئرز طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی حتمی رپورٹ تیار کریں گے جس کے بعد یہ رپورٹ سی ای او ملک ارشد کو ایک ہفتے میں پیش کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ بیس جولائی کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 605 اسلام آباد سے گلگت پہنچی تھی، ایئر پورٹ پر طیارہ رن وے سے پھسلا اور پائلٹ کے قابو سے باہر ہوکر کچے میں اتر گیا، تاہم تمام مسافروں کو فوراً جہاز سے بہ حفاظت باہر نکالا گیا۔

    بعد ازاں پی آئی اے نے طیارے کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کو تحقیقات مکمل ہونے تک گراؤنڈ کر دیا تھا۔

  • گلگت بلتستان: امریکی شہری نے ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر میں مارخور شکار کر لیا

    گلگت بلتستان: امریکی شہری نے ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر میں مارخور شکار کر لیا

    گلگت بلتستان: ایک اور امریکی شہری نے ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت استور مارخور شکار کر لیا، یہ اب تک کا مہنگا ترین شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت میں ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت ایک امریکی شکاری نے ایک لاکھ 10 ہزار ڈالر میں پاکستان کا قومی جانور مارخور شکار کر لیا۔

    [bs-quote quote=”شکار کی فیس کا 80 فی صد مقامی آبادی، جب کہ 20 فی صد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”محکمہ جنگلات”][/bs-quote]

    محکمہ جنگلات نے بتایا ہے کہ گلگت میں ہونے والے شکار کی فیس ایک لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالر تھی۔

    محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ مارخور کے شکار کی فیس کا 80 فی صد مقامی آبادی، جب کہ 20 فی صد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو ہفتے قبل بھی ایک امریکی شہری نے گلگت میں ایک لاکھ پانچ ہزار امریکی ڈالر میں استور مارخور کا شکار کیا تھا۔

    13 جنوری کو گلگت میں امریکی شہری نے قانونی شکار کے تحت 1 لاکھ ڈالر فیس کے عوض مارخور شکار کیا تھا، یہ پہلا ہنٹنگ ٹرافی ایوارڈ تھا، واضح رہے کہ مارخور کے شکار کے لیے سالانہ صرف چار پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  گلگت: امریکی شکاری کا ایک لاکھ ڈالر کے عوض مارخور کا شکار

    مارخور جنگلی بکرے کی قسم کا ایک پہاڑی بکرا اور پاکستان کا قومی جانور ہے۔ ہمالیہ، قراقرم، ہندو کش اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں پائے جانے والے اس جانور کو اپنی نسل مٹنے کے خطرے کا سامنا ہے۔

    اس وقت دنیا بھر میں اس کی پانچ اقسام ہیں جن میں سے تین اقسام پاکستان میں پائی جاتی ہیں، جنھیں سلیمان مارخور، کشمیر مارخور اور استور مارخور کہا جاتا ہے، استور مارخور کا مسکن گلگت کے علاقے ہیں۔

  • گلگت: امریکی شکاری کا ایک لاکھ ڈالر کے عوض مارخور کا شکار

    گلگت: امریکی شکاری کا ایک لاکھ ڈالر کے عوض مارخور کا شکار

    گلگت: امریکی شہری نے گلگت بلتستان میں قانونی شکار کے تحت 1 لاکھ ڈالر فیس کے عوض مارخور شکار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہری جان ایمسٹوسو نے گلگت بلتستان میں استور کے مقام پر مارخور کا شکار کھیلا، یہ استور کے مقام پر پہلی ہنٹنگ ٹرافی ایوارڈ کا انعقاد تھا۔

    [bs-quote quote=”فیس کی رقم سے 80 ہزار ڈالر مقامی کمیونٹی، جب کہ 20 ہزار ڈالر حکومت کو ملیں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”محکمہ وائلڈ لائف”][/bs-quote]

    ذرائع محکمہ جنگلات نے بتایا کہ شکاری جان ایمسٹوسو نے مارخور کے شکار کے لیے 1 لاکھ ڈالر فیس ادا کی ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ فیس کی رقم سے 80 ہزار ڈالر مقامی کمیونٹی، جب کہ 20 ہزار ڈالر حکومت کو ملیں گے۔ خیال رہے کہ مارخور کے شکار کے لیے ٹرافی ہنٹنگ کے نام پر حکومت کی جانب سے شکار کا پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔

    مارخور کے شکار کی قیمت ایک کروڑ سے ڈیڑھ دو کروڑ تک ہو سکتی ہے، ہر سال مارخور کی شکار کے لیے ہنٹنگ ٹرافی کے لیے بین الاقوامی سطح پر بولی ہوتی ہے، جو شکاری سب سے زیادہ بولی دیتا ہے اسی کو شکار کا لائسنس دے دیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں پرندوں کا شکار، امریکی ڈالرز میں فیس مقرر

    یاد رہے کہ چھ جنوری کو چترال کے گول نیشنل پارک میں ایک مارخور غیر قانونی شکار کے دوران زخمی ہوکر دریا میں گر کر ہلاک ہوگیا تھا، شکاری کی نشان دہی کرلی گئی ہے تاہم جرم ثابت ہونے پر اسے محض چند ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ مارخور پاکستان کا قومی جانور ہے جو کہ مغربی کوہِ ہماليہ ميں اپنا ٹھکانہ رکھتا ہے۔

  • گلگت بلتستان کے عوام سے میرا رشتہ تین نسلوں کا ہے، بلاول بھٹو

    گلگت بلتستان کے عوام سے میرا رشتہ تین نسلوں کا ہے، بلاول بھٹو

    گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے ساتھ ان کا رشتہ تین نسلوں پر محیط ہے، وعدہ ہے کہ اس رشتے کو آگے بڑھائیں گے۔

    چیئرمین پی پی بلاول بھٹو آج گلگت میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے گلگت کے عوام سے رشتہ بنائے رکھا، آصف زرداری نے بھی اس رشتے کو نبھایا، میرا وعدہ ہے اس رشتے کو آگے بڑھاؤں گا۔‘

    [bs-quote quote=”سی پیک میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا گیا، اس غلطی کا ازالہ کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”بلاول بھٹو” author_job=”چیئرمین پی پی”][/bs-quote]

    گلگت کے پولو گراؤنڈ میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امید ہے یہاں کے لوگوں نے جس طرح بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار بھٹو کا ساتھ دیا میرا بھی دیں گے۔

    انھوں نے تاریخ دہراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج کے خلاف جنگ جیتی، 1972 تک یہاں کے عوام اپنے حقوق سے محروم رہے، ایف سی آر قانون کے تحت یہاں کے لوگ پستے رہے، ذوالفقار بھٹو نے عوام کے سر پر ہاتھ رکھا، قانون بدلے، مربوط سماجی نظام کی بنیاد رکھی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے گلگت والوں سے کیے گئے وعدے آصف زرداری نے پورے کیے، صدارتی فرمان کے ذریعے گلگت کے عوام کو ان کی پہچان ملی، پہلی بار گلگت کے عوام نے اپنا وزیرِ اعلیٰ خود منتخب کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو 5 روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے


    انھوں نے کہا ’سی پیک میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا گیا، اس غلطی کا ازالہ کریں گے، وفاق سے گلگت بلتستان کے لیے رائلٹی لیں گے، ہم اقتدار میں آکر گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق یقینی بنائیں گے۔‘

    پی پی رہنما کا کہنا تھا ’ہم گلگت بلتستان کے عوام کے حقِ ملکیت کی جدوجہد کرتے رہیں گے، میں اکیلا کچھ نہیں کر سکتا، عوام اور گلگت بلتستان والے میرا ساتھ دیں، ہم آپ کے خوابوں کی تعبیر بنیں گے۔‘

  • گلگت: غذر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع، سیلابی صورتِ حال پید ا ہوگئی

    گلگت: غذر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع، سیلابی صورتِ حال پید ا ہوگئی

    غذر: گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں گلیشیر گرنے سے بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا جس سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چار دن قبل دریائے اشکومن میں گلیشیر کا ایک بڑا ٹکڑا گرنے سے دریا میں بیس فٹ گہری جھیل بن گئی تھی، اس جھیل سے خارج ہونے والا پانی اب سیلابی صورت اختیار کر گیا ہے۔

    کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے آرمی میڈیکل کور دوائیاں، خوراک اور دیگر امدادی سامان لے کر متاثرہ مقام پر پہنچ گئی ہے۔

    گلگت بلتستان میں عطا آباد کی طرح یہ ایک اور نئی جھیل ہے جو گلیشیر گرنے سے بنی ہے، جھیل سے خارج ہونے والے سیلابی ریلے کی وجہ سے دریا کے قریب واقع آبادیوں کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

    مقامی انتظامیہ نے گاہکوچ میں دریا کے ساتھ نشیبی آبادیاں خالی کرالی ہیں، پانی کے سیلابی اخراج میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں آئی تاہم سیلابی ریلے سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔

    غذر : برفانی گلیشئیر پھٹ جانے سے دریا نے جھیل کی شکل اختیار کرلی

    گلگت بلتستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق آرمی ایوی ایشن کور نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

    متاثرین کے لیے 26 ٹینٹس، 30 پلاسٹک میٹس، 30 ہائی جین کٹس، 5 فرسٹ ایڈ باکسز، 30 خوراک پیک اور 30 گندم کے تھیلے بھیجے گئے ہیں۔

    گلگت: گلیشئرگرنے سے بند سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی گئی

    واضح رہے کہ 17 جولائی کو گلیشیر گرنے سے درجنوں مکانات اور کئی گاڑیاں دب گئی تھیں، سڑکیں بند ہونے سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا، جنھیں بعد ازاں صاف کر کے کھول دیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔