Tag: گلگت

  • ملک کے کن شہروں میں کرونا وائرس کی شرح سب سے زیادہ؟

    ملک کے کن شہروں میں کرونا وائرس کی شرح سب سے زیادہ؟

    اسلام آباد: ذرائع وزارت صحت نے ملک کے مختلف اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح کی تفصیلات جاری کردیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی بلند ترین شرح گلگت میں 14.29 فیصد رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح کی تفصیل جاری کردی گئی، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے 16 اضلاع کرونا وائرس کے حوالے سے اہم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے 8 اضلاع، پختونخواہ کے 7، سندھ اور آزاد کشمیر کے 2، 2 اور بلوچستان، گلگت بلتستان میں 1، 1 اضلاع جبکہ دارالحکومت اسلام آباد کرونا وائرس سے متعلق اہم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے 6 اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ جبکہ 3 اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا کیسز کی بلند ترین شرح گلگت میں 14.29 فیصد رہی۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں چارسدہ، گجرات اور جہلم میں کرونا کیسز کی شرح صفر، بہاولپور میں 0.78، صوابی میں 0.91، لاہور میں 1.36، اسلام آباد میں 1.49، مردان میں 1.60 اور نوشہرہ میں 1.96 فیصد رہی۔

    اسی طرح ملتان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.42 فیصد، حیدر آباد میں 2.96، ایبٹ آباد میں 3.28، فیصل آباد میں 3.44، میر پور میں 3.68، راولپنڈی میں 3.70، کراچی میں 7.30، کوئٹہ میں 7.78 اور مظفر آباد میں 9.55 فیصد رہی۔

  • گلگت کے ضلع غذر میں طلبہ میں کرونا وائرس، 8 نجی اسکولز بند

    گلگت کے ضلع غذر میں طلبہ میں کرونا وائرس، 8 نجی اسکولز بند

    گلگت: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع غذر میں 5 طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ضلعے میں 8 نجی اسکولز بند کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گلگت کے ضلع غذر میں 5 طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، نئے کرونا کیسز کی تصدیق کے بعد غذر میں 8 نجی اسکولز بند کر دیے گئے ہیں۔

    غذر و گلگت سمیت صوبہ خیبر پختونخواہ میں اب تک کرونا وائرس کے 39 ہزار 649 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 35 ہزار 93 ہوچکی ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 سو 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 12 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 835 ہوگئی۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 13 ہزار 242 ہے جبکہ اب تک 3 لاکھ 15 ہزار 16 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • پی آئی اے کی اسلام آباد سےگلگت کی 2 پروازیں شدید ہوا کےباعث واپس آگئیں

    پی آئی اے کی اسلام آباد سےگلگت کی 2 پروازیں شدید ہوا کےباعث واپس آگئیں

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی اسلام آباد سےگلگت کی 2 پروازیں شدید ہوا کے باعث واپس آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پروازیں گلگت ایئرپورٹ پر پہنچیں تو 15 ناٹیکل میل کی رفتار سے ہوا چلنے کے بعد پروازیں لینڈ نہ کرسکیں، دونوں پروازیں اسلام آباد ایئرپورٹ واپس آگئیں۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ دونوں پروازیں واپس اسلام آباد لینڈ کرگئیں،اسلام آباد سےگلگت کی تیسری پرواز بھی منسوخ کی جا رہی ہے،راستے میں بونجی کے مقام پر موسم بھی خراب ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ تینوں پروازیں اب کل دوبارہ شیڈول کی جائیں گی،پرواز میں نگراں وزیراعلیٰ،سیکریٹری اور سیکریٹری ورکس بھی سوار تھے۔

    پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    یاد رہے کہ تین روز قبل پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا تھا ،ابوظہبی سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا تھا۔

  • گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    گلگت: گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں جگلوٹ، بونجی، ڈوئیاں شلترو اور استور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ کے اواخر میں صوبہ پنجاب کے شہر جہلم اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے کی شدت 2.9 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلے کا مرکز شہر سے جنوب کی جانب 9 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی، تاجکستان اور جہلم میں ایک ہی ٹائم پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    تاجکستان میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • بھارت کے ناپاک عزائم، گلگت بلتستان حکومت کا دوٹوک مؤقف

    بھارت کے ناپاک عزائم، گلگت بلتستان حکومت کا دوٹوک مؤقف

    گلگت: ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ بھارت کا گلگت بلتستان کو اپنا حصہ قرار دینا قابل مذمت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت نے بھی بھارت کے ناپاک عزائم مسترد کردیے، سیاسی نقشہ جات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ بھارت کا نقشہ جھوٹ کا پلندہ ہے، گلگت بلتستان کے لوگ نظریاتی پاکستانی ہیں۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری پہلی اور آخری منزل ہے، بھارتی عزائم کے خلاف جی بی اسمبلی سے متفقہ قرارداد منظور ہے۔

    خیال رہے کہ تین نومبر کو بھارت نے پاکستان سے متعلق سیاسی نقشہ جات جاری کیے تھے جس میں کشمیر سمیت گلگت کو بھی بھارت کا حصہ قرار دیا تھا۔

    ردعمل میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری سیاسی نقشہ جات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کا کوئی قدم جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت ختم نہیں کر سکتا۔

    پاکستان نے بھارت کی جانب سے جاری سیاسی نقشہ جات مسترد کر دیے

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی طرف سے جاری کردہ نقشےغیر قانونی اور یو این کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے نقشوں سے متضاد نقشوں کو مسترد کرتا ہے۔

  • دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

    دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

    چلاس: شمالی علاقوں میں جاڑے نے رنگ جمانا شروع کر دیا، روئی جیسے برف کے گالوں نے ہر منظر حسین کر دیا، مانسہرہ نے بھی سفید برفیلی چادر اوڑھ لی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برفباری جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بالائی علاقوں بابو سرٹاپ، بھٹو گاہ ٹاپ، نانگا پربت اور دیامر کے سیاحتی مقام فیئری میڈو میں بھی برف باری زوروں پر ہے، جس سے بابوسر ٹاپ اور فیئری میڈو میں درجہ حرارت منفی 6 سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔

    ضلع دیامر کے مضافات میں بھی برف باری کے ساتھ ساتھ بارش نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔

    ادھر اسلام آباد میں آندھی کے بعد بارش شروع ہو گئی ہے، جس سے مارچ کے لیے سجے پنڈال میں لگے خیمے اکھڑ گئے ہیں، دھرنے کے شرکا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، شرکا نے رات آسمان تلے گزاری، کچھ نے میٹرو اسٹیشن میں پناہ لی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 19 اکتوبر سے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوتے ہی دیامر کے ڈی سی نے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت جاری کر دی تھی۔

    مانسہرہ میں برف باری کی وجہ سے بابو سرٹاپ ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑ گیا تھا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے بتایا تھا کہ بابوسر ٹاپ پر 8 انچ تک برف پڑی۔

    محمکہ موسمیات یہ پیش گوئی بھی کر چکا ہے کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اور نومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے، شمال مغرب کی جانب ہوا کا دباؤ زیادہ ہے جو اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے۔

  • مودی ہندوتوا کا نظریہ رکھتا ہے، اسے ویزا تک نہیں ملتا تھا: بلاول بھٹو

    مودی ہندوتوا کا نظریہ رکھتا ہے، اسے ویزا تک نہیں ملتا تھا: بلاول بھٹو

    اسکردو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی ہندوتوا کا نظریہ رکھتا ہے، اسے ویزا تک نہیں ملتا تھا، ہم شروع سے خبردار کرتے آ رہے ہیں کہ وہ نہ منموہن ہیں نہ واجپائی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے آج پیپلز پارٹی بلتستان ڈویژن ضلع اسکردو کے عہدے داران سے ملاقات کی، انھوں نے گلگت بلتستان خواتین ونگ کے عہدے داروں اور علاقے کے علما و مشائخ سے بھی ملاقات کی۔

    پی پی چیئرمین نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے ملک میں اسلامی جمہوری نظام ہے، اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑا تو پورا گلگت بلتستان میرے ساتھ ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ میں بلتستان کے لوگوں کو سننے آیا ہوں، میں ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتا ہوں، آج پیپلز پارٹی کی وجہ سے پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو مسلم امہ کو ایک پیج پر لائے، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حقیقی آواز ہے، شہید بھٹو کے کشمیر کے ساتھ وعدوں کو پورا کریں گے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے۔

    مزید بر آں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل استور کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے، جب کہ 22 اگست کو اسکردو اور 24 اگست کو گھانچے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج گلگت بلتستان کے دورے کی وجہ سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

  • پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    پی آئی اے کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا، تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا۔ پائلٹ نے کمال مہارت سے دوران لینڈنگ طیارے پر قابو پالیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں، قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ارکان اسلام آباد سے گلگت روانہ ہوگیا ہے۔ ارکان طیارے کے کپتان سے معلومات حاصل کریں گے اور اس کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

    ایس آئی بی کے بعد پی آئی اے بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ پی آئی اے کی انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گلگت روانہ ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب گلگت آنے والے مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے پرواز روانہ کردی گئی ہے۔

  • قراقرم ماؤنٹین رینج میں نایاب جانور اور 3 بلند ترین جھیلوں کی دریافت کا دعویٰ

    قراقرم ماؤنٹین رینج میں نایاب جانور اور 3 بلند ترین جھیلوں کی دریافت کا دعویٰ

    گلگت: پاکستان 5 ہزار میٹر سے زاید بلند ترین جھیلوں والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے، کوہ پیما عمر احسن نے قراقرم ماؤنٹین رینج میں تین جھیلوں کی دریافت کا دعویٰ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہِ پیما عمر احسن نے شمشال میں ملکی بلند ترین جھیل دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے، عمر احسن نے قراقرم ماؤنٹین رینج میں نئی چوٹی، نایاب جانور اور 3 بلند ترین جھیل موجود ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔

    عمر احسن کا تعلق کراچی سے ہے، قومی ہیرو ایم ایم عالم کے بھانجے ہیں، عمر احسن نے کہا ہے کہ وہ جلد ویڈیوز اور تصاویر پر مشتمل ثبوت عالمی اداروں کو فراہم کر دیں گے۔

    کوہِ پیما کا کہنا ہے کہ شمشال کی جھیل سطح سمندر سے 17077 فٹ کی بلندی پر ہے، اس جھیل کا نام قومی ہیرو ایم ایم عالم کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دوسری جھیل 16398 فٹ بلندی پر ہے جس کا نام لالک جان شہید رکھا ہے، جب کہ تیسری جھیل 15990 فٹ بلندی پر ہے اور اس کا نام عمر احسن جھیل رکھ دیا ہے۔

    کوہِ پیما نے مزید کہا کہ نایاب جنگلی حیات ویزل بھی اسی علاقے میں دریافت کی ہے، ویزل امریکا میں پائی جاتی ہے۔

    عمر احسن نے بتایا کہ غزریب ماؤنٹین رینج میں نیا بلند پہاڑ بھی دریافت کیا ہے جس کا نام ویزل پیک رکھا۔ خیال رہے کہ کوہ پیما نے پہلی بار 5100 میٹر بلندی پر بغیر آکسیجن کے رات گزاری۔

  • دنیا کے بلند ترین پولوگراؤنڈ میں شندورفیسٹیول کاآغازہوگیا

    دنیا کے بلند ترین پولوگراؤنڈ میں شندورفیسٹیول کاآغازہوگیا

    چترال: محکمہ سیاحت خیبرپختونخواہ کی زیرِ نگرانی دنیا بھر میں مقبول شندور فیسٹیول کا چترال میں واقع دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں آج سے آغاز ہوگیا ہے، شندور فیسٹیول کی وجہِ شہرت وہاں پر کھیلا جانے والا فری اسٹائل پولو اور سرسبزوشاداب نظارے ہیں جس کی وجہ سے دنیا بھر سے سیاح اس مشہور فیسٹیول کی طرح کھنچے آتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چترال میں ہونے والا یہ فیسٹیول یہاں کی صدیوں قدیم روایات کاامین ہے جس میں یہاں کی مقامی آبادی بھرپور حصہ لیتے ہیں۔

    فری اسٹائل پولو میں گلگت اور چترال کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور یہ کھیل اتنا دلچسپ ہوتا ہے جیسے بھارت اور پاکستان کے مابین کرکٹ ورلڈکپ کا کوئی مقابلہ ہورہا ہو۔

    پولو کے شائقین کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنے اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کے لئے شندور کا رخ کرتے ہیں اور فتح پر مسرت جبکہ شکست پر دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔

    شندور فیسٹیول میں پولو کے علاوہ پیراگلائڈنگ اور ثقافتی رقص کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جاتا ہے جسےدیکھ کر حاضرین داد دیے بغیر نہیں رہ سکتے۔ سیاحوں کی دلچسپی کی ایک اور وجہ اس مقام پر موجود جھیل شندور بھی ہے جس کی خوبصورتی انسان کو فطرت کے قریب تر لے جاتی ہے۔

    فیسٹیول سالانہ 7سے9جولائی کو منعقد کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے سیاح شریک ہوتے ہیں۔ تازہ ترین خبر کے مطابق فیسٹیول کے پہلے ہی روز لاکھوں کی تعداد میں سیاح شندور کا رخ کر چکے ہیں اور توقع ہے کہ یہ تعداد فائنل کے روز 3گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔


    تحریر: عنایت اللہ شہزاد