Tag: گلگلت بلتستان

  • بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 ریکارڈ، دریائے شیوک منجمد

    بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 ریکارڈ، دریائے شیوک منجمد

    اسکردو: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں درجہ حرارت منفی 20، جب کہ بالائی علاقوں میں منفی 25 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث دریائے شیوک منجمد ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد خشک سردی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، شدید سردی کے سبب دریائے شیوک اور ندی نالے بھی جم گئے ہیں۔

    بالائی علاقوں میں پائپ لائنوں میں پانی جمنے سے مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جب کہ شیلا، شغرتھنگ اور گلتری میں دواؤں اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔ اسکردو، شغرتھنگ، گلتری اور شیلا کا زمینی رابطہ بھی بحال نہیں ہو سکا ہے۔

    کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت اور قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا، 24 گھنٹے کے دوران بالائی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔

    کراچی میں محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم خشک اور سرد رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آج درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جب کہ کراچی میں سردی کی لہر آیندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

  • گلگت بلتستان، دیامرمیں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا

    گلگت بلتستان، دیامرمیں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا

    گلگت: دیا مر کے علاقے تانگیر میں سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت کے سیشن جج ملک عنایت علی الصباح اپنی گاڑی میں فیملی کے ہمراہ تانگیر کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ اچانک دہشت گردوں نے اُن کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ملک عنایت محفوظ رہے تاہم اُن کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

    واضح رہے کہ 2 روز قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن دہشت گردوں نے 12 لڑکیوں کے اسکولوں میں توڑ پھوڑ کے بعد انہیں آگ لگا دی تھی۔

    مزید پڑھیں: چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جس میں متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ایک کارروائی کے دوران شرپسندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں 1 شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

    بعد ازاں تانگیر کے علاقے میں میں آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا بھی گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جبکہ پولیس نے آپریشن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ اسکول نذر آتش کرنے والے عناصر نے ماضی میں سیکیورٹی اہلکاروں کوبھی نشانہ بنایا، سیکیورٹی اداروں کے سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔