Tag: گلے کی بیماریاں

  • موسم کی تبدیلی کے دوران بیماریوں سے کیسے محفوظ رہیں ؟

    موسم کی تبدیلی کے دوران بیماریوں سے کیسے محفوظ رہیں ؟

    موسم سرما جیسے جیسے قریب آتا ہے تو مرد وخواتین خصوصاً بچے مختلف قسم کے امراض میں مبتلا ہونے لگتے ہیں۔

    سردیوں میں ناک بہنا، زکام، کھانسی، بخار، سانس کا تیز چلنا عام علامات ہیں لیکن ان سب پر مناسب توجہ دی جائے تو اس پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔

    موسم کی تبدیلی کے ایام میں جسم میں بہت ساری تبدیلیاں جنم لیتی ہیں اسی میں گلا بھی شامل ہیں۔ لوگوں بڑی تعداد گلے کی مناسب دیکھ بھال اور اس کی صحت کا خیال نہیں رکھتی جب تک کہ اس میں خراش یا نگلنے وقت تکلیف محسوس نہ ہو۔

    گلے کی اندرونی سطح نہایت نرم بافتوں سے بنی ہوئی ہیں جنہیں صحت مند رکھنے کے لیے اسے نم رکھنا بےحد ضروری ہے۔ کوشش کریں کہ کیفین سے بھرپور مشروبات سے دور رہیں جوجسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں رکاوٹ کا سبب بنتے ہیں۔

    نظام تنفس کے اوپر کے حصہ کی بیماریاں یا تو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہیں یا پھر بیکٹیریا کی وجہ سے۔ ان میں مریض بے چین ہوتا ہے۔ بخار کی وجہ سے جسم گرم محسوس ہوتا ہے، ٹانسل اور نظام تنفس کے اوپر والے حصے کے دوسرے حصے سوجے اور پھولے نظر آتے ہیں۔ جس کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے۔

    پیاس لگنے کی صورت میں سافٹ ڈرنک کے بجائے پانی پینے کو اپنی عادت بنائیں۔ ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ روزانہ 6 سے 8 گلاس پانی لازمی پیجیے اور اگر آپ ایسی جگہ کام کر رہے ہیں جہاں کا موسم خشک ہے یا ایئر کنڈیشنڈ چل رہا ہو تو پانی کا استعمال بڑھا دیں۔

    اس کے علاوہ بنیادی حفظان صحت کے طریقے جیسے کہ کھانے سے پہلے ہاتھ دھونا اور کھانے کے برتن اور دیگر ذاتی اشیاء کا اشتراک نہ کرنا، گلے کی خراش کو روکنے میں کافی حد تک معاون ثابت ہوسکتا ہے اس طرح وائرل یا بیکٹیریل گلے کے مسائل دوسروں تک نہیں پھیلیں گے۔

  • اسٹریپ تھروٹ انفیکشن کیا ہے؟

    اسٹریپ تھروٹ انفیکشن کیا ہے؟

    اسٹریپ تھروٹ (Strep throat) حلق کا انفیکشن ہے جس کا سبب مضر بیکٹیریا، یا دوسرے جراثیم ہوسکتے ہیں۔

    عام طور پر یہ انفیکشن بچوں کو متاثر کرتا ہے۔ تاہم اس کی علامات اور اسباب بچوں اور بڑوں میں‌ یکساں ہو سکتے ہیں۔

    اس انفیکشن کی نمایاں علامات میں بخار اور گلے کی خراش شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق گلے کی خراش کا مسئلہ 4 سے 8 سال کی عمر کے بچوں میں عام ہے۔

    طبی محققین کے مطابق اس انفیکشن کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں‌ جن میں‌ سے بعض مناسب اور ضروری علاج یا احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے کئی دوسری جسمانی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

    طبی ماہرین کے مطابق اسٹریپ تھروٹ اور گلے کی عام تکلیف اور خراش میں تمیز کرنا ضروری ہے۔ اس کا سبب علامات میں‌ یکسانیت اور ایک ہی قسم کی تکلیف کا اظہار ہے جس پر طبی معائنہ کرنے کے بعد ہی معالج حتمی بات کرسکتا ہے۔

    اس سے متاثرہ بچہ گلے میں درد کی وجہ سے کھانے پینے سے انکار کرسکتا ہے اور تکلیف کا اظہار کرتا ہے۔ اسے نگلنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔ بعض متاثرہ بچے سَر درد، متلی، قے کے علاوہ معدے یا پٹھوں میں درد کی شکایت بھی کرتے ہیں۔

    طبی محققین کہتے ہیں کہ جس وقت تک علاج شروع نہ کیا گیا، اس وقت تک اسٹریپ تھروٹ کے ایک بچے سے دوسرے میں منتقل ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ لیکن مخصوص ادویہ کے استعمال کے 24 گھنٹے بعد یہ انفیکشن متعدی نہیں رہتا۔