Tag: گلے کی خراش

  • گلے میں خراش کی وجوہات کیا ہوتی ہیں؟

    گلے میں خراش کی وجوہات کیا ہوتی ہیں؟

    سرد یا خنک موسم میں یا ذرا سی ٹھنڈی کھٹی اشیا کھانے سے گلے میں خراشیں ہوجاتی ہیں، تاہم اس کے علاوہ اس کی اور بھی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔

    گلے میں خراش یا سوزش وائرس کے علاوہ بیکٹیریا کی وجہ سے بھی ممکن ہے، خاص طور پر بچوں میں اسٹریپ تھروٹ یعنی بیکٹیریل اٹیک گلے میں خراش کی ایک عام وجہ ہے اور اسٹریپ تھروٹ میں کچھ دوسری علامات بھی ظاہر ہوتی ہیں۔

    ان علامات میں سردی لگنا، بخار، ٹانسلز اور لمف نوڈس کا سوجنا، سر اور جسم میں درد، الٹیاں آنا اور ریشز ہونا شامل ہیں۔

    اگر کسی بھی شخص یا بچے میں ان علامات میں سے کوئی ایک بھی ہے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیئے، گلے میں خراش مندرجہ ذیل وجوہات سے بھی ہوسکتی ہے۔

    ٹانسلز

    ٹانسلز (جوکہ گلے کے پچھلے حصے میں واقع ہوتے ہیں) جراثیم سے متاثر ہوتے ہیں تو اس صورتحال کو ٹانسلائٹس کہتے ہیں، یہ بہت آسانی سے ہو سکتا ہے کیونکہ آپ کے ٹانسلز کا کام جراثیم کے جسم میں داخل ہونے سے پہلے ان کی جانچ کرنا ہے۔

    جب کسی بھی شخص کو ٹانسلائٹس ہوتے ہیں تو اسے گلے میں خراش کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ساتھ ہی کچھ دوسری علامات بھی محسوس ہوں گی جیسے کہ سردی لگنا، بخار، سر درد، کان میں درد، جبڑوں میں درد، اور کچھ بھی نگلتے وقت درد کا ہونا۔

    خشک ہوا

    گلے میں خراش کا سامنا درجہ حرارت اور نمی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے، ایسا تب ہوتا ہے جب ہوا خشک اور گرم ہوتی ہے، ایسے میں حلق خشک ہوجاتا ہے اور نتیجے میں درد ہوتا ہے۔

    ایئر کنڈیشن

    گلے میں سوزش یا خراش کی وجہ ایئرکنڈیشن بھی ہے لیکن اس مسئلے کو باآسانی ایک ہیومیڈیفائر استعمال کر کے یا اے سی کو کچھ دیر کے لیے بند کر کے حل کیا جا سکتا ہے۔

    الرجی

    بہت سے لوگ حساس ہوتے ہیں اور انہیں الرجی کی شکایت ہوتی ہے یہ بھی گلے کو تکلیف پہنچا سکتی ہے۔

    جنہیں الرجی کی وجہ سے گلے کی خراش کا سامنا ہوتا ہے، ان میں کچھ ایسی علامات ظاہر ہوتی ہیں جیسے کہ بھری ہوئی ناک یا ناک بہنا، جلد یا آنکھوں میں خارش اور چھینکیں آنا۔

    گلے کی خراش کو گرم مشروبات استعمال کر کے دور کیا جاسکتا ہے۔

  • گلے کی خرابی سے نجات پانا بہت آسان

    گلے کی خرابی سے نجات پانا بہت آسان

    موسم سرما میں گلے کی خراش اور تکلیف عام بات بن جاتی ہے جو بعض اوقات شدت بھی اختیار کر لیتی ہے، تاہم اس سے آسانی سے چھٹکارہ پایا جاسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ناریل کے باقاعدہ استعمال سے آپ گلے کی خرابی سے نجات پاسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ناریل کا تیل گلے کی تکالیف کو مندمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ناریل کے تیل کا صرف ایک یہی فائدہ نہیں ہے، ماہرین صحت و غذائیت کے مطابق اس کا ایک اور فائدہ قوت مدافعت میں اضافہ کرنا اور میٹا بولزم کو بہتر بنانا ہے۔

    ناریل کا تیل میٹا بولزم یعنی جسم میں موجود غذائی اجزا کو توڑ کر ان سے توانائی حاصل کرنے کے عمل کو تیزی سے انجام دیتا ہے جس کے باعث وزن میں کمی ہوتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ناریل کے تیل میں موجود چکنائی انسانی جسم کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔

    ماہرین غذائیت کہتے ہیں کہ اپنے کھانوں میں باقاعدگی سے ناریل کے تیل کے 3 چمچے ملانے سے ہم اس کے تمام فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

  • اسٹریپ تھروٹ انفیکشن کیا ہے؟

    اسٹریپ تھروٹ انفیکشن کیا ہے؟

    اسٹریپ تھروٹ (Strep throat) حلق کا انفیکشن ہے جس کا سبب مضر بیکٹیریا، یا دوسرے جراثیم ہوسکتے ہیں۔

    عام طور پر یہ انفیکشن بچوں کو متاثر کرتا ہے۔ تاہم اس کی علامات اور اسباب بچوں اور بڑوں میں‌ یکساں ہو سکتے ہیں۔

    اس انفیکشن کی نمایاں علامات میں بخار اور گلے کی خراش شامل ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق گلے کی خراش کا مسئلہ 4 سے 8 سال کی عمر کے بچوں میں عام ہے۔

    طبی محققین کے مطابق اس انفیکشن کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں‌ جن میں‌ سے بعض مناسب اور ضروری علاج یا احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے کئی دوسری جسمانی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔

    طبی ماہرین کے مطابق اسٹریپ تھروٹ اور گلے کی عام تکلیف اور خراش میں تمیز کرنا ضروری ہے۔ اس کا سبب علامات میں‌ یکسانیت اور ایک ہی قسم کی تکلیف کا اظہار ہے جس پر طبی معائنہ کرنے کے بعد ہی معالج حتمی بات کرسکتا ہے۔

    اس سے متاثرہ بچہ گلے میں درد کی وجہ سے کھانے پینے سے انکار کرسکتا ہے اور تکلیف کا اظہار کرتا ہے۔ اسے نگلنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔ بعض متاثرہ بچے سَر درد، متلی، قے کے علاوہ معدے یا پٹھوں میں درد کی شکایت بھی کرتے ہیں۔

    طبی محققین کہتے ہیں کہ جس وقت تک علاج شروع نہ کیا گیا، اس وقت تک اسٹریپ تھروٹ کے ایک بچے سے دوسرے میں منتقل ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ لیکن مخصوص ادویہ کے استعمال کے 24 گھنٹے بعد یہ انفیکشن متعدی نہیں رہتا۔