Tag: گمبھیر کی دھمکی ’تو باہر مل!‘

  • گراؤنڈ میں لڑائی کے بعد گمبھیر نے دھمکی دی ’تو باہر مل!‘، سابق بھارتی کرکٹر

    گراؤنڈ میں لڑائی کے بعد گمبھیر نے دھمکی دی ’تو باہر مل!‘، سابق بھارتی کرکٹر

    سابق بھارتی بلے باز منوج تیواری نے اپنے اور گوتم گمبھیر کے درمیان ہونے والی لڑائی سے متعلق لب کشائی کی ہے۔

    تجربہ کار بلے باز منوج تیواری نے بھارتی ڈومیسٹک ایونٹ رانجی ٹرافی لیگ کے بعد پیشہ ورانہ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے گوتم گمبھیر پر تنقید کی اور 2015 میں دونوں کے درمیان زبانی لڑائی کی وجہ ان کے بچکانہ رویے کو قرار دیا ہے۔

    دہلی اور بنگال کے درمیان رانجی ٹرافی میچ کے دوران گمبھیر اور ان کے درمیان جھگڑے کو یاد کرتے ہوئے تیواری نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کا افسوسناک واقعہ ہے۔

    اس میچ میں تیواری کیپ پہن کر بیٹنگ کرنے کے لیے آئے تھے لیکن فاسٹ بولر سمیت ناروال بولنگ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ اس لیے انھوں نے فوراً ہیلمٹ منگوایا اور میچ میں تاخیر ہوئی۔

    گوتم گمبھیر کو ان کی یہ بات پسند نہیں آئی اور وہ غصے میں آگئے۔ اس دوران فرسٹ سلپ میں موجود سابق بھارتی اوپنر اور منوج میں اچھی خاصی گرما گرمی ہوگئی اور بات کافی بڑھ گئی۔

    سابق کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ گمبھیر نے انھیں گراؤنڈ کے باہر ملنے کی دھمکی دی۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سابق کپتان کی طرف سے ایسی باتیں کہنا ’بچکانہ‘ تھیں۔

    انھوں نے کہا کہ جو لوگ مجھے جانتے ہیں وہ آپ کو بتائیں گے کہ میں اس طرح کا شخص نہیں ہوں جو سینئرز سے جھگڑتا ہو۔ میرے سینئرز کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، لیکن ایک واقعے کی وجہ سے میرا امیج خراب ہوگیا۔