Tag: گندم بحران

  • سندھ میں آٹا،گندم بحران روکنے کے لیے حکومت حرکت میں آگئی

    سندھ میں آٹا،گندم بحران روکنے کے لیے حکومت حرکت میں آگئی

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شیڈول سے پہلے فلور ملز مالکان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں آٹا،گندم بحران روکنے کے لیے حکومت حرکت میں آگئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے شیڈول سے پہلے فلور ملز مالکان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مراد علی شاہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کی حتمی منظوری سندھ کابینہ اجلاس میں لی جائے گی۔

    سندھ حکومت نے صوبے سے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

    مراد علی شاہ نے محکمہ خوراک کو خبر دار کیا کہ پنجاب میں گندم کی قیمتیں بڑھانے والی مافیا سندھ میں بھی یہ کام کرسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ ماضی میں حکومتت کی جانب سے ستمبر میں مل مالکان کو گندم ریلیز کی جاتی تھی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ پنجاب کی طرز پر گندم پہلے جاری کرے تاکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں مستحکم ہوسکیں۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی تھی کہ وہ ملک میں گندم کی پیداوار اور دستیابی کی مجموعی صورت حال واضح کرے۔

  • آٹا، چینی بحران میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی: وزیر اعظم

    آٹا، چینی بحران میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: گندم ،آٹے اور چینی کے بحران کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کا دو ٹوک مؤقف سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے قریبی رفقا کو گندم، آٹے اور چینی کے بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ جلد منظر عام پر لانے سے آگاہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ بحران میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ گندم، چینی بحران کے باعث حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا، صرف رپورٹ ہی سامنے نہیں لائیں گے بلکہ ذمہ داروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے، حکومتی پالیسی شفاف گورننس ہے، کسی کو بحران پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے نہیں بچ سکیں گے، رپورٹ کے مندرجات سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا، اور ذمہ دار افراد کو معافی نہیں ملے گی۔

    وزیراعظم کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی

    یاد رہے کہ 25 جنوری کو وزیر اعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا۔ 21 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ سیکورٹی اداروں کی جانب سے تیار کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق بحران پیدا کرنے میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات ملوث تھے۔ رپورٹ میں آٹا بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس، سیاسی شخصیات کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔

    بتایا گیا تھا کہ محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ اور انتظامی نا اہلی سے آٹا بحران پیدا ہوا، 1550 فی من فروخت ہونے والی گندم 1950 روپے تک منصوبہ بندی سے پہنچایا گیا۔

  • سندھ میں آٹا بحران، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا

    سندھ میں آٹا بحران، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا

    کراچی: سندھ میں گندم اور آٹے کا بحران کیسے پیدا ہوا، یہ جاننے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا، یہ کمیٹی ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں آج سندھ حکومت کے حکام سے ملاقات کرے گی۔

    چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات میں سندھ میں آٹا اور گندم کے بحران کی وجوہ جاننے کی کوشش کی جائے گی، کمیٹی گندم کی اسمگلنگ، فلور ملز کے کوٹے اور آٹے کی قیمتوں کا بھی جائزہ لے گی، ذرایع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی 6 فروری کو اپنی تیار کردہ رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔

    خیال رہے کہ سندھ میں آٹے کے بحران کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی میں ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے افسران شامل ہیں۔

    وزیراعظم کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی

    پانچ دن قبل وزیر اعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق ایک اہم رپورٹ بھجوائی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا، 21 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ سیکورٹی اداروں کی جانب سے تیار کی گئی تھی، رپورٹ میں کہا گیا کہ بحران پیدا کرنے میں اداروں کے افسران اور بعض سیاسی شخصیات ملوث ہیں۔

    رپورٹ میں آٹا بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس اور سیاسی شخصیات کی نشان دہی بھی کی گئی، کہا گیا کہ محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ اور انتظامی نا اہلی سے آٹا بحران پیدا ہوا، 1550 فی من فروخت ہونے والی گندم 1950 تک منصوبہ بندی سے پہنچایا گیا۔ 2 ماہ قبل مارکیٹ میں گندم وافر مقدار میں موجود تھی، دسمبر 2019 میں گندم مارکیٹ سے غائب ہونا شروع ہو گئی۔

  • وزیراعظم عمران خان نے گندم بحران پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی

    وزیراعظم عمران خان نے گندم بحران پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گندم بحران پر ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گندم بحران پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی، کمیٹی گندم بحران کے اصل ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی۔

    وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ 3 ارکان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ڈی جی ایف آئی اے کریں گے، آئی بی، اینٹی کرپشن پنجاب کے ممبران بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    کمیٹی ملک میں گندم کے موجودہ ذخیرے اور مستقبل کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی جبکہ گندم کی درآمد سے متعلق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کا جائزہ بھی لے گی۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے آٹے کے بحران سے نمٹنے کے لیے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی تھی تاہم اس کے باوجود آٹا مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں جاری آٹے کی قلت اور بحران کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔