لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کا کسی صورت استحصال نہیں ہونے دیں گے، گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورامعاوضہ دلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 23 واں اجلاس ہوا۔ سیکرٹری خوراک نے کابینہ کو گنے کے کرشنگ سیزن پر بریفنگ دی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ گنے کے کاشت کاروں کا کسی صورت استحصال نہیں ہونے دیں گے، گنے کے کاشت کاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 10 جنوری تک بند شوگر ملیں ہر صورت چلائی جائیں۔ انہوں نے گنے کی صورت حال کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی کی ہدایت کر دی۔
صوبائی کابینہ نے ویمن ہوسٹل اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی، بینک آف پنجاب کے صدر کے لیےعاطف باجوہ کی تقرری کی بھی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ نے پنجاب میں تشکیل مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری کا فیصلہ کر لیا، مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی تشکیل کا اختیار کابینہ سب کمیٹی امن و امان کو ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کے کالجو ں میں ای روز گار سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بھورے اور کالے تیتر پالنے کے لیے لائسنس فیس میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔