Tag: گن کنٹرول

  • میڈیسن اسکول فائرنگ، کانگریس سے ایک بار پھر گن کنٹرول کا مطالبہ

    میڈیسن اسکول فائرنگ، کانگریس سے ایک بار پھر گن کنٹرول کا مطالبہ

    امریکا: میڈیسن اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد کانگریس سے ایک بار پھر گن کنٹرول کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رواں سال اسکولوں میں فائرنگ کے83 واقعات پیش آئے، جبکہ میڈیسن اسکول میں گزشتہ روز 2 افراد ہلاک، 6 زخمی ہوئے، 15سالہ حملہ آور بھی ماری گئی۔

    صدر بائیڈن نے مطالبہ کیا ہے کہ کانگریس بچوں کے تحفظ کیلئے گن سیفٹی قوانین پاس کرے، بچوں کو کلاس روم میں تحفظ نہ دینا کسی طور قابل قبول نہیں۔

    ڈیموکریٹ ارکان کانگریس کے مطابق ریپبلکنز گن کنٹرول لابی کے زیر اثر ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے ایک ہائی اسکول میں 17 سالہ ملزمہ نے گولیاں برسادیں، فائرنگ کے نتیجے میں ٹیچر اور طالب علم سمیت دو افراد ہلاک جبکہ 6 طلباء زخمی ہوگئے تھے۔

    سی این این کی رپورٹ کے مطابق 17 سالہ ملزمہ نے ایبنڈنٹ لائف کرسچن اسکول میں داخل ہوکر اچانک فائرنگ کردی جس سے دو افراد نے زخموں کا تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جان دے دی تھی۔

    حملہ آور کی فائرنگ سے 6 طلباء زخمی ہوئے جن میں سے دو طالب علموں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا، حملہ آور خود بھی اسی اسکول کا طالب علم تھا۔

    میڈیسن کے پولیس چیف بارنز کے مطابق ایبنڈنٹ لائف کرسچن اسکول میں یہ واقعہ تقریباً صبح 11بجے پیش آیا اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ حملہ آور کی لاش پولیس کے پہنچنے پر عمارت کے اندر سے ملی۔ بارنز نے بتایا کہ حملہ آور ایک نابالغ طالبہ تھی جبکہ پولیس نے کوئی فائرنگ نہیں کی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ گن کنٹرول کی مخالفت میں کھل کر سامنے آ گئے

    ڈونلڈ ٹرمپ گن کنٹرول کی مخالفت میں کھل کر سامنے آ گئے

    پنسلوانیا: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گن کنٹرول کی مخالفت میں کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب ہوئے، تو آتے ہی اسلحے کی خریداری پر پابندیاں ختم کر دیں گے۔

    2024 کی صدارتی دوڑ میں ریپبلکن پارٹی کے سب سے آگے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز کہا کہ انھوں نے وائٹ ہاؤس میں رہتے ہوئے اسلحے کے حقوق کا مضبوطی سے دفاع کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوئے تو صدر بائیڈن کی لگائی تمام پابندیوں کو ختم کر دیں گے۔

    ٹرمپ نے نیشنل رائفل ایسوسی ایشن (این آر اے) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا بائیڈن انتظامیہ نے اسلحہ بیچنے اور خریدنے والوں پر خلاف قانون پابندیاں لگائیں، میں یہ پابندیاں منسوخ کر دوں گا۔

    نیشنل رائفل ایسوسی ایشن نے صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، دوسری طرف ڈیموکریٹس ارکان کانگریس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر کڑی تنقید کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ فائرنگ کے واقعات روکنے کی بجائے بڑھانا چاہتے ہیں۔

  • سپریم کورٹ کا فیصلہ عقل اور آئین دونوں سے متصادم ہے: صدر بائیڈن

    سپریم کورٹ کا فیصلہ عقل اور آئین دونوں سے متصادم ہے: صدر بائیڈن

    واشنگٹن: امریکی صدر نے اسلحے کی اجازت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو عقل اور آئین سے متصادم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر جو بائیڈن نے امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عقل اور آئین دونوں سے متصادم ہے، فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے امریکی صدر بائیڈن کی گن کنٹرول کی کوششوں کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، امریکی سپریم کورٹ نے عوامی مقامات پر بھی اسلحہ لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

    امریکی سپریم کورٹ نے اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی ختم کر دی

    امریکی سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ شہری اپنے دفاع کے لیے عوامی مقامات پر اسلحہ لے جا سکتے ہیں، اس فیصلے کے حق میں سپریم کورٹ کے 6 قدامت پسند ججوں نے ووٹ دیا، جب کہ گن کنٹرول کے حامی سپریم کورٹ کے 3 لبرل ججز نے فیصلے کی مخالفت کی۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے اس پر رد عمل میں کہا کہ انھیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی، یہ فیصلہ عقل اور آئین دونوں سے متصادم ہے، اس پر سب کو تشویش ہونی چاہیے۔

    بائیڈن کا کہنا تھا کہ شہری گن سیفٹی کے لیے آواز بلند کریں، امریکی شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا میں گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کا گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر اتفاق ہوا تھا۔

  • امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ’گن کنٹرول‘ کے حوالے سے اچھی خبر

    امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ’گن کنٹرول‘ کے حوالے سے اچھی خبر

    واشنگٹن: امریکا میں 30 سال بعد حکومت اور اپوزیشن گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر متفق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد ‘گن کنٹرول’ کے حوالے سے اچھی خبر آ گئی ہے، حکومت اور اپوزیشن گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر متفق ہو گئے۔

    ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز سینیٹرز نے گن کنٹرول کے ایک بل کے مسودے پر اتفاق کر لیا ہے، دونوں جماعتوں کے 20 سینیٹرز پر مشتمل کمیٹی نے مذاکرات میں حصہ لیا۔

    مجوزہ مسودے میں اسلحہ خریدنے کے لیے 21 سال عمر، اور سخت بیک گراؤنڈ چیک شامل ہیں، اسلحہ اسمگلروں کے لیے سخت سزا مقرر کی گئی ہے جب کہ گھریلو تشدد میں ملوث افراد کے اسلحہ خریدنے پر پابندی عائد ہوگی۔

    گن کنٹرول کے اس مسودے کو باقاعدہ قانون بنانے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں سے اس کی منظوری تاحال باقی ہے، تاہم اگلے ہفتے اس پر دستخط کیے جا سکتے ہیں، خیال رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

    ڈیموکریٹ رہنما اور پاکستان کاکس کے رکن ڈاکٹر آصف ریاض قدیر کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر اتفاق ایک بڑی کامیابی ہے۔

    اگرچہ مجوزہ بل میں موجود تجاویز اس سے کہیں کم ہیں، جن کا مطالبہ بہت سے ڈیموکریٹس اور کارکنوں نے بڑے پیمانے پر فائرنگ کے بعد کیا، تاہم بل میں 21 سال سے کم عمر خریداروں کے لیے پس منظر کی سخت جانچ کو شامل کر دیا گیا ہے۔

    اس بل میں ریاستوں کو "ریڈ فلیگ” قوانین پر عمل درآمد کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، تاکہ ان لوگوں سے آتشیں اسلحہ لیا جا سکے جنھیں خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ اس ایکٹ میں دماغی صحت کے پروگراموں اور اسکول سیکیورٹی اپ گریڈ کے لیے بھی وفاقی فنڈنگ میں 15 ارب ڈالر کا مطالبہ شامل کیا گیا ہے۔