Tag: گوادر ایئرپورٹ

  • گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے خلاف عالمی میڈیا میں پروپیگنڈا شروع، انٹرنیشنل فیک نیوز بے نقاب

    گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے خلاف عالمی میڈیا میں پروپیگنڈا شروع، انٹرنیشنل فیک نیوز بے نقاب

    گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے خلاف عالمی میڈیا میں پروپیگنڈا شروع ہو گیا ہے، بھارتی اور امریکی اخباروں میں منظم مہم کے تحت ایک جیسی خبریں لگنے لگیں۔

    تاہم اے آروائی نیوز نے حقائق جاننے کے لیے گوادر ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور انٹرنیشنل فیک نیوز بے نقاب کر دی، گوادر ایئرپورٹ پرایک ماہ کے دوران 42 پروازیں آپریٹ ہوئیں، اور ایک ہزار 537 مسافروں نے سفر کیا۔ پاک چین دوستی کا بڑا نشان، گوادر ایئرپورٹ کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کے دشمن پریشان ہو گئے ہیں، عالمی میڈیا میں پوری پلاننگ کے ساتھ پروپیگنڈا کمپین شروع کر دی گئی ہے۔

    بھارتی اور امریکی خبر ایجنسیوں نے ہیڈلائنز تبدیل کی نہ اسکرپٹ ایڈٹ کرنے کی زحمت اٹھائی، ایک ہی خبر لگا کر مکھی پر مکھی بٹھائی، ایسوسی ایٹڈ پریس نے 24 فروری کو NO Passengers, No Planes, No benefits کی سرخی کے ساتھ خبر جاری کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ چین کے تعاون سے بننے والا پاکستان کا سب سے بڑا نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ خالی پڑا ہے، طیارے ہیں، نہ مسافر نہ ہی سہولتیں۔

    یہ ظاہر کیا گیا کہ پاک چین سی پیک منصوبے کا اہم ترین پروجیکٹ ناکام ہو گیا ہے، خبر چھپنے کے چند منٹ بعد ہی بھارتی اخباروں نے خبر کو بالکل ویسے ہی اٹھایا، جیسے وہ چھپی تھی، ایک نقطہ بھی تبدیل نہ ہوا۔ نہ صرف بھارتی بلکہ امریکی اور یورپی ویب سائٹس پر بھی ایسوسی ایٹڈ پریس کی خبر کاپی پیسٹ ہونا شروع ہو گئی۔

    لیکن جب اے آر وائی کے پروگرام ’سرعام‘ کے اینکر اقرار الحسن اپنی ٹیم کے ساتھ ان دعوؤں کی تصدیق کے لیے گوادر پہنچے تو حقائق ان جھوٹی خبروں کے برعکس نکلے۔ پروپیگنڈے کے مطابق جس ایئرپورٹ کو ویران ہونا چاہیے تھا وہاں صبح سویرے ہی مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی، کوئی بزنس مین تھا، کوئی طالب علم ، تو کسی کو پاکستان سے باہر مسقط اپنی نوکری پر واپس جانا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے ایئرپورٹ پر جو سہولتیں دیکھیں، وہ اندھے جھوٹ کا پردہ چاک کرنے کے لیے کافی تھیں، تجزیہ کار اس بات پر متفق ہیں کہ ایسے ایئرپورٹس نہ صرف تجارتی راہداریوں بلکہ علاقائی اسٹریٹجک تعلقات کے لیے بھی اہم ہیں۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مقصد منفرد نہیں، خود بھارت کا کرنول ایئرپورٹ، آسٹریلیا کا ویل کیمپ ایئرپورٹ، سعودیہ عرب کا بحیرہ احمر ایئرپورٹ سمیت دیگر کئی ہوائی اڈے، انہی اسٹریجک مقاصد کے لیے تعمیر کیے گئے ہیں۔

    اپنی خبر کی تصدیق کے لیے خود کو معتبر کہلوانے والے ان عالمی صحافتی اداروں نے گوادر تک آنے کی زحمت بھی نہیں کی، یا پھر انھوں نے وہی خبر چھاپی جس کی انھیں قیمت ملی تھی۔

  • نیو گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر پر کتنے ارب روپے لاگت آئی؟

    نیو گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر پر کتنے ارب روپے لاگت آئی؟

    پی اے اے کا کہنا ہے کہ نیو گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر پر تقریباً 55 ارب لاگت آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ بنیادی آپریشنز کے لیے ضروری افرادی قوت ایئرپورٹ پر تعینات ہے، ایئرپورٹ پر سیفٹی، کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    پی اے اے کے مطابق گوادر ایئرپورٹ کو عالمی تجارت، رابطے کے مرکز میں بدلنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، ایئرپورٹ کو مشرق وسطیٰ ایشیا، چین اور دیگر خطوں سے جوڑے گا، گوادر ایئرپورٹ بڑی عالمی منڈیوں تک اضافی رسائی فراہم کرے گا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سمندری خوراک، معدنیات اور دیگر برآمدات میں اضافی سہولت فراہم کرے گا، گوادر ایئرپورٹ 4300 ایکڑ رقبے کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے، 12000 فٹ لمبے، 246 فٹ چوڑے رن وے پر ایئربس اے 380 لینڈ کرسکتا ہے۔

    پی اے اے کا کہنا ہے کہ ابتدا میں سالانہ 4 لاکھ مسافروں کی گنجائش ہے جس کو 16 لاکھ تک بڑھایا جاسکتا ہے، کارگو کمپلیکس کی ابتدائی گنجائش 30 ہزار ٹن ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوئی لینڈنگ یا پارکنگ فیس نہیں ہے۔

  • ‘گوادر ایئرپورٹ رواں سال کے آخر تک پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا’

    ‘گوادر ایئرپورٹ رواں سال کے آخر تک پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا’

    کراچی : چینی سفیر چیانگ زیڈان کا کہنا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ رواں سال کے آخر تک پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے قائد اعظم میوزم میں چیئرمین کراچی کونسل برائے بیرون ممالک تعلقات پاکستان اور چین کےدرمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تقریب کاانعقاد کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر چیانگ زیڈان نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھرمیں سی پیک منصوبوں کی جلدتکمیل سمیت مزید مںصوبے بھی شروع کئےجائیں گے۔

    چیانگ زیڈان کا کہنا تھا کہ گوادر ایئرپورٹ رواں سال کے آخر تک پاکستان کے حوالے کردیاجائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ بشام واقعہ کی تحقیقات سےمطمئن ہیں، چائینز کمپنیوں اوراہلکاروں کی سیکیورٹی کےحوالےسےکئےگئےاقدامات اطمینان بخش ہیں۔

  • نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 14 اگست سے آپریشنل کرنے کا امکان

    نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 14 اگست سے آپریشنل کرنے کا امکان

    کوئٹہ: نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 14 اگست سے آپریشنل کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 14 اگست سے فعال کیے جانے کا امکان ہے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے، کراچی سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز ایئرپورٹ پر بطور پہلی پرواز لینڈ کریگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محتاط اندازے کے مطابق 54 ارب 98 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں جس پر ایئر بس 380 سمیت دیگر بڑے طیارے بھی لینڈ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا اہم منصوبہ ہے، چین کے اشتراک سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ تعمیر کیا گیا ہے۔

  • گوادر ایئر پورٹ سمیت کئی بڑے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کا انکشاف

    گوادر ایئر پورٹ سمیت کئی بڑے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: رواں مالی سال گوادر ایئر پورٹ سمیت کئی بڑے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کئی بڑے اور اہم منصوبوں کے لیے فنڈز جاری ہونے کے باوجود خرچ نہ ہو سکے، کئی منصوبوں پر بالکل بھی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر ایئر پورٹ، فیصل آباد خانیوال موٹر وے، اور کالا شاہ کاکو لاہور ہائی وے منصوبوں کے لیے فنڈز رکھے گئے لیکن فنڈز کی تخصیص کے باوجود ان منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

    راجن پور تا ڈی جی خان ہائی وے اور ڈی جی خان تا ڈی آئی خان سڑک پر بھی کام نہ ہو سکا، خیبر پاس اکنامک کوریڈور پر بھی رواں مالی سال کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، یہ کوریڈور عالمی بینک کے تعاون سے بنایا جانا تھا۔

    ذرائع کے مطابق سی پیک اسلام آباد تا رائے کوٹ منصوبے کے لیے اراضی کی حصول میں ناکامی کا سامنا ہے، اسی طرح گلگت بلتستان تا شندور روڈ منصوبے پر بھی کام کا آغاز نہیں ہو سکا ہے، خضدار کچلاک روڈ دو رویہ منصوبے پر بھی کام نہیں ہو سکا۔

    وزارت خزانہ کے فنانشل انکلوژن و انفرا اسٹرکچر منصوبے پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

  • گوادر ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران

    گوادر ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران

    گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے ایئر پورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان ہاتھ گاڑی کے ذریعے منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، غیر ملکی اس دیسی طریقے سے سامان کی منتقلی دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئے۔

    ہاتھ گاڑی کے ذریعے سامان منتقلی کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی، جس میں سخت سردی میں ایک شخص کو ہاتھ گاڑی کھینچتے دیکھا جا سکتا ہے، ائیر پورٹ عملے کے دو ملازم ہاتھ گاڑی کو پیچھے سے دھکا دیتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

    ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ایئر پورٹ پر ہاتھ گاڑی کا استعمال بین الاقوامی لیبر قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تربت اور پنجگور ایئر پورٹ پر بھی ہا تھ گاڑی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    سامان کراچی سے گوادر پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 504 میں منتقل کیا جا رہا تھا، خیال رہے کہ لگیج اَن لوڈنگ اور لوڈنگ کی ذمہ داری ائیر لائن اور سول ایوی ایشن کی ہوتی ہے، دونوں ادارے پابند ہوتے ہیں کہ جدید کارگو گاڑیاں استعمال کی جائیں۔

    ائیر پورٹ پر ہاتھ گاڑی چلتے دیکھ کر چینی مسافر نے بھی تمسخرانہ انداز اپنایا، واضح رہے کہ ایئر پورٹ پر ہاتھ گاڑی کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی سخت خلاف ورزی ہے۔