Tag: گوادر

  • پاکستان کے وہ علاقے جنھیں بجلی براہ راست دوسرے ملک سے ملتی ہے

    پاکستان کے وہ علاقے جنھیں بجلی براہ راست دوسرے ملک سے ملتی ہے

    اسلام آباد: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پاکستان کے چند علاقے ایسے بھی ہیں جن کا بجلی کا نظام قومی گرڈ سے نہیں بلکہ دوسرے ملک سے منسلک ہے۔

    ان علاقوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے، اور ان میں گوادر، تربت اور مکران شامل ہیں، جہاں ان دنوں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اور مقامی لوگ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    اس سلسلے میں آج وفاقی وزیر حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے کہ گوادر، تربت اور مکران لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں، انھوں نے وجہ بھی بتا دی، کہا کہ ایران میں بجلی کی قلت کی وجہ سے ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہے۔

    حماد اظہر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ علاقے قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، اور یہ ایرانی بجلی پر انحصار کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایرانی حکام سے رابطہ کر کے ان کے روبرو یہ معاملہ اٹھایا ہے، اور ان سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    حماد اظہر نے بتایا کہ ان علاقوں کو اب قومی گرڈ سے جوڑنے کا کام بھی جاری ہے، اور اس سلسلے میں سیکڑوں کلو میٹر طویل تاریں بچھائی جانی ہیں، تاہم یہ منصوبہ 2 برس میں مکمل ہوگا۔

    ادھر وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ وزیر توانائی حماد اظہر نے ایرانی سفیر کو ٹیلی فون کر کے ایران میں بجلی شارٹ فال کے باعث بلوچستان کے کچھ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر بات چیت کی ہے، ایرانی سفیر نے وزیر توانائی کو بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • بلوچستان کے عسکریت پسندوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں: وزیر اعظم

    بلوچستان کے عسکریت پسندوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں: وزیر اعظم

    گوادر: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں بلوچستان کے عسکریت پسندوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں، ہو سکتا ہے ماضی میں ان لوگوں کو مسائل رہے ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ گوادر دورے کے موقع پر مقامی عمائدین، طلبہ اور کاروباری شخصیات سے خطاب میں کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’میں سوچ رہا ہوں علیحدگی کی تحریکیں چلانے والوں سے بھی بات کروں، ایسے لوگوں کو بھارت جیسے ممالک اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔‘

    وزیر اعظم نے کہا اب تو بلوچستان پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہم نے سب سے زیادہ پیکج بلوچستان کو دیا ہے، وفاق نے بھی اور میرے خیال سے مقامی سیاست دانوں نے بھی توجہ نہ دی، جو پیسہ وفاق سے آتا تھا میرے خیال سے وہ بھی درست استعمال نہیں ہوا۔

    انھوں نے کہا کہ بلوچستان سے احساس محرومی ختم کرنے کے لیے پوری کوشش کریں گے، سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہے، گوادر کے لوگ خوش قسمت ہیں کیوں کہ یہ علاقہ بالکل بدل جائے گا، گوادر کے لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں کوئی پوچھےگا نہیں، یہ خیال ذہن سے نکال لیں، سوئی جیسے حالات سے بہت کچھ سیکھا ہے، مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

    وزیر اعظم نے کہا گوادر میں کم آمدن والے لوگوں کے لیے گھر بنا کر دیں گے، 4 ہزار درخواستیں آئی ہیں، 200 ایکڑ زمین کی نشان دہی بھی کر لی گئی ہے، گوادر میں ماہی گیری کے لیے بڑے غیر ملکی ٹرالرز پر بھی پابندی لگا دی ہے، محنت کش مشکلوں سے روزی کماتے ہیں، ہم انھیں پورا تحفظ دیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ 698 نوجوانوں کو احساس پروگرام کے تحت اسکالر شپس دے رہے ہیں، پورے بلوچستان میں تھری جی، فور جی رسائی دینا چاہتے ہیں، معیشت جیسے جیسے بہتر ہو رہی ہے بلوچستان کے لیے مزید پیکجز لائیں گے، اور ہر سال وفاق کی جانب سے تعاون بڑھاتے جائیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہ دی، نواز شریف نے اپنے دور میں لندن کے 24 دورے کیے، جن میں سے 23 ذاتی دورے تھے، زرداری نے دبئی کے 51 دورے کیے، لیکن ایک بار بھی بلوچستان نہیں آئے، جو پاکستان کا سوچے گا وہ ضرور بلوچستان کا بھی سوچے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گوادرپہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گوادرپہنچ گئے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر گوادرپہنچ گئے، جہاں وہ گوادر فری زون، ایکسپو سینٹر اور ایگریکلچرل انڈسٹریل پارک کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان گوادر پہنچ گئے ، وفاقی وزرا سمیت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں ، دورے کے دوران وزیراعظم گوادرمیں مختلف ترقیاتی منصبوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

    اس موقع پر وزیراعظم کوتاریخی جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکیج پرتفصیلی بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم گوادر فری زون، ایکسپو سینٹر اور ایگریکلچرل انڈسٹریل پارک کا افتتاح کریں گے ، تقریب میں سولرآئزیشن ،ڈی سیلینیشن پلانٹ کے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان غیر ملکی سفیروں، سرمایہ کاروں،چینی ورکرز سمیت مقامی عمائدین،طلبااور کاروباری شخصیات سے خطاب کریں گے۔

    وزیر اعظم کےدورہ کےحوالے سےچیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ گوادرپورٹ دیگرعلاقوں سےملاناترجیح ہے، بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں، منصوبوں کی تکمیل سے باہتر سال کے گلے شکوے دور ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سی پیک اور گوادر بندرگاہ کے منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ، خطے اور ملک کے شمالی حصے کے ساتھ گوادربندرگاہ کو منسلک کرنے کیلئے شاہراہ کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تعمیراتی کام میں تیزی لائی گئی ہے۔

  • پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب

    پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب

    گوادر: بلوچستان کے ضلع گوادر کے ساحلی شہر پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے پسنی، گوادر میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب کیا گیا ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ سونامی آنے سے 12 سے 15 منٹ قبل یہ سائرن بجے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سائرن سسٹم ڈیڑھ کلو میٹر کی حدود تک لوگوں کو سونامی سے خبردار کرے گا۔

    پسنی میں جاپان کے تعاون سے 4 ہزار اسکوائر فٹ پر سونامی شیلٹر ہوم بھی تعمیر کیا جائے گا، سونامی شیلٹر ہوم کا ایک حصہ خواتین اور دوسرا مردوں کے لیے مختص ہوگا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ ملک کے مختلف ساحلی مقامات پر سونامی کی اطلاع فراہم کرنے والا سائرن سسٹم نصب کیا گیا ہے، اس جدید سسٹم پہ ساڑھے 3 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، کراچی میں ریڑھی گوٹھ اور کیماڑی میں سائرن سسٹم نصب کیے گئے، جب کہ بلوچستان میں پسنی، اورماڑہ اور گوادر میں 3 سونامی سائرن سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔

  • گوادر کے ایک علاقے کو انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ کراسنگ پوائنٹ کا درجہ مل گیا

    گوادر کے ایک علاقے کو انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ کراسنگ پوائنٹ کا درجہ مل گیا

    کوئٹہ: بلوچستان کے شہر گوادر کے علاقے گبد کو انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ کراسنگ پوائنٹ کا درجہ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں گوادر کے علاقے گبد کے بطور آئی آر ٹی بارڈر کراسنگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آئی ٹی آر کنونشن کا مقصد کسٹم ٹرانزٹ طریقہ کار کو با سہولت بنانا ہے، مسافر اور ڈرائیور حضرات موٹر ویزے کے ساتھ سرحد عبور کر سکتے ہیں۔

    ڈیڑھ سال بعد پاک چین سرحدی تجارت بحال

    ایف بی آر کے مطابق پاکستان نے سال 2017 میں آئی آر ٹی کنونشن کی رکنیت حاصل کی تھی، آئی آر ٹی میں چین، ایران، افغانستان، وسط ایشائی سمیت 77 ممالک شامل ہیں، رکنیت کے بعد پاکستان نے سمندری اور زمینی ٹی آئی آر کراسنگ کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے کہ دسمبر 2020 میں پاکستان اور ایران کو بین الاقوامی بارڈر کراسنگ کا درجہ دیا گیا تھا۔

  • قسمت مہربان، گوادر کا ماہی گیر راتوں رات لکھ پتی بن گیا

    قسمت مہربان، گوادر کا ماہی گیر راتوں رات لکھ پتی بن گیا

    گوادر: جیونی میں ایک مچھیرے پر قسمت مہربان ہو گئی اور وہ ایک خاص مچھلی پکڑ کر راتوں رات لکھ پتی بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر کے ماہی گیر پر قسمت مہربان ہو گئی، غریب مچھیرے کے جال میں قیمتی سوا مچھلی پھنس کر اسے لکھ پتی بنا گئی، تحصیل جیونی میں یہ 48 کلو وزنی سوا مچھلی 86 لاکھ 40 ہزار میں نیلام ہو گئی۔

    پکڑی گئی سوا مچھلی کا وزن اڑتالیس کلو تھا جب کہ فی کلو بولی ایک لاکھ 61 ہزار 500 روپے تھی۔

    چند دن قبل بھی جیونی سے ایک سوا مچھلی پکڑی گئی تھی جو 7 لاکھ روپے سے زائد میں فروخت ہوئی تھی، خیال رہے کہ بلوچستان کے ساحل پر نایاب مچھلیاں بڑی تعداد میں پائی جاتی ہیں، اور مقامی ماہی گیر اکثر ایسی نایاب مچھلیوں کا شکار کرتے رہتے ہین، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں بہت زیادہ قیمت ہوتی ہے۔

    ماہرین آبی حیات کا کہنا ہے کہ سوا نامی مچھلی گرمیوں میں جیونی اور ملحقہ سمندر میں ساحل کے قریب آتی ہیں، جہاں یہ افزائش نسل کے لیے انڈے دیتی ہے، اس مچھلی کی تجارتی اہمیت بہت زیادہ ہے، بعض ایشیائی اور یورپی ممالک میں اس کی بڑی طلب ہے۔

    اس مچھلی کا ایک مخصوص حصّہ طبی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے اور اس سے ایک دھاگا بھی تیار کیا جاتا ہے جو آپریشن کے دوران سرجری میں استعمال ہوتا ہے۔

    سوّا مچھلی کو انگریزی میں کروکر (Croaker) اور بلوچی میں کر کہا جاتا ہے، مقامی مچھیروں کو کہنا ہے کہ اس مچھلی کے شکار کے دو مہینے ہوتے ہیں اس لیے اس کو پکڑنے کے لیے ماہی گیروں کو بہت سارے جتن کرنے پڑتے ہیں۔

    گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بائیولوجسٹ عبدالرحیم بلوچ کے مطابق کروکر کی قدر و قیمت دراصل اس کی ایئر بلیڈر کی وجہ سے ہے، جو طبی استعمال میں آتا ہے اور چین، جاپان اور یورپ میں اس کی مانگ ہے، یہ ایئر بلیڈر انسانی جسم کے اندرونی اعضا میں دورانِ سرجری لگائے جانے والے ٹانکوں بالخصوص دل کے آپریشن میں اسٹچنگ وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے۔

  • گوادر کے پرانے شہر کے باسیوں کو نہیں ہٹایا جا رہا: وزیر اعلیٰ جام کمال

    گوادر کے پرانے شہر کے باسیوں کو نہیں ہٹایا جا رہا: وزیر اعلیٰ جام کمال

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ گوادر پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی بننے جا رہا ہے، لیکن گوادر کے پرانے شہر کے باسیوں کو نہیں ہٹا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج پی ایف یو جے کی ایگزیکٹو کونسل کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم بلوچ اور پٹھان کا نعرہ لگا کر کام نہ کرنے والے نہیں ہیں، کام کرنا ہی اصل قوم پرستی ہے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ سابق حکومت نے سی پیک میں کچھ نہیں کیا، عمران خان کی حکومت بلوچستان کو توجہ دے رہی ہے، بلوچستان میں موٹر وے تو کیا دو رویہ شاہراہ تک نہیں ہے، اب کوئٹہ شہر کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا صوبے میں ہم 4 مختلف شعبوں میں قرض اسکیم لا رہے ہیں، صوبے میں کینسر کا پہلا اسپتال بھی بنانے جا رہے ہیں، فوڈ سیکورٹی کا پروگرام شروع کر دیا ہے، 2 انڈسٹریل زونز بنائے جا رہے ہیں، ایک پر کام بھی شروع ہوچکا ہے۔

    گوادر بندرگاہ میں رات دن کام جاری، ماضی کی غلطیوں کو سدھارا جائے گا، عاصم سلیم باجوہ

    یاد رہے کہ دس دن قبل چیئرمین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ گوادر شہر اور بندرگاہ کی تعمیر پر رات دن کام جاری ہے جس سے خوش حالی آئے گی اور ماضی کی غلطیوں کو سدھارا جائے گا۔

    اس سے قبل انھوں نے کہا تھا کہ گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے 80 فی صد مکمل ہوگیا ہے، اس سے پورٹ آپریشن میں تیزی آئے گی۔

  • گوادر میں یوم دفاع، تیز رفتار بوٹس، جوڈو کراٹے کے شان دار مظاہرے

    گوادر میں یوم دفاع، تیز رفتار بوٹس، جوڈو کراٹے کے شان دار مظاہرے

    گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں نے پیشہ ورانہ تربیت کا شان دار مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر میں یوم دفاع کی تقریبات کے موقع پر بحریہ کے اہل کاروں نے تیز رفتار بوٹس دوڑائیں اور جوڈو کراٹے میں اپنی مہارت دکھائی۔

    یوم دفاع پاکستان پر پاک بحریہ کے کڑیل جوانوں کا گوادرکے ساحل پر سپر ایکشن دیکھنے میں آیا، اسپیڈ بوٹ ریلی میں بحریہ کے جاں بازوں نے مقامی ماہی گیروں کے ساتھ درجنوں تیز رفتار بوٹس پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

    جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو زیر کرنے، اسلحہ چھیننے کا فن بھی پیش کیا، پاک بحریہ کے جوانوں کے بدن فولاد سے کم نہیں، نوکیلے کیلوں پر لیٹے اور بھاری پتھروں پر لیٹ کر سینے پر ہتھوڑے کے وار برداشت کیے، ساتھ ہی ٹائلوں کی ضربوں کو بھی جسم پر برداشت کیا۔

    پاک بحریہ کے جوانوں نے جوڈو کراٹے میں بھی اپنی مہارت پیش کی، جوانوں نے ناریل اور ٹائلیں اسٹائلش انداز میں توڑیں، مقامی افراد اور پاک بحریہ کے جوانوں کے درمیان رسہ کشی کا شان دار میچ بھی کھیلا گیا۔

    6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    اس موقع پر ساحل پر پاکستان زندہ باد ریلی بھی نکالی گئی، جس میں پاک بحریہ کے افسران اور شہریوں نے شرکت کی، اور گوادر کا ساحل پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

  • افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے گوادر بندرگاہ فعال کردی گئی

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے گوادر بندرگاہ فعال کردی گئی

    اسلام آباد: مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے گوادر بندرگاہ فعال کردی گئی ہے، گوادر بندرگاہ فعال ہونے سے کاروباری سرگرمیاں اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے گوادر بندرگاہ فعال کردی گئی ہے۔

    مشیر تجارت کے مطابق وزارت تجارت نے یہ اقدام ایپٹا 2010 معاہدے کے تحت کیا ہے۔ گوادر بندرگاہ فعال ہونے سے کاروباری سرگرمیاں اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اقدام سے تاجر برادری اور شپنگ انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا، بندرگاہ کا فعال ہونا ایکو سسٹم پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا جبکہ اس سے ملک کی ایک اور بڑی بندرگاہ فعال ہوجائے گی۔

    خیال رہے کہ ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ڈاکٹر سرفراز احمد کے مطابق پاکستان کے راستے افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ سے سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار سے ایک لاکھ 40 ہزار کنٹینرز کی ترسیلات ہوتی ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے افغانستان کی 30 فیصد ٹرانزٹ ہوتی ہے، افغانستان کے 40 فیصد مال کی ایران کے راستے ترسیل ہوتی ہے، پاکستان کے راستے افغانستان نے 2018 میں 2.3 ارب ڈالر کی تجارت کی تھی۔

  • گوادر ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران

    گوادر ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران

    گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے ایئر پورٹ پر مسافروں کا سامان لے جانے کا طریقہ دیکھ کر غیر ملکی حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان ہاتھ گاڑی کے ذریعے منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، غیر ملکی اس دیسی طریقے سے سامان کی منتقلی دیکھ کر حیران و پریشان رہ گئے۔

    ہاتھ گاڑی کے ذریعے سامان منتقلی کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی، جس میں سخت سردی میں ایک شخص کو ہاتھ گاڑی کھینچتے دیکھا جا سکتا ہے، ائیر پورٹ عملے کے دو ملازم ہاتھ گاڑی کو پیچھے سے دھکا دیتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

    ننھی عنایا اکبر کی موت کے بعد ایئرپورٹ کے برقی زینے محفوظ بنانے کے احکامات

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ایئر پورٹ پر ہاتھ گاڑی کا استعمال بین الاقوامی لیبر قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تربت اور پنجگور ایئر پورٹ پر بھی ہا تھ گاڑی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    سامان کراچی سے گوادر پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 504 میں منتقل کیا جا رہا تھا، خیال رہے کہ لگیج اَن لوڈنگ اور لوڈنگ کی ذمہ داری ائیر لائن اور سول ایوی ایشن کی ہوتی ہے، دونوں ادارے پابند ہوتے ہیں کہ جدید کارگو گاڑیاں استعمال کی جائیں۔

    ائیر پورٹ پر ہاتھ گاڑی چلتے دیکھ کر چینی مسافر نے بھی تمسخرانہ انداز اپنایا، واضح رہے کہ ایئر پورٹ پر ہاتھ گاڑی کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی سخت خلاف ورزی ہے۔