Tag: گوادر

  • گوادر بندرگاہ سے برآمدات کا عمل شروع

    گوادر بندرگاہ سے برآمدات کا عمل شروع

    گوادر: ملکی برآمدات سےمتعلق ایک اور سنگ میل عبور ہوگیا، گوادر بندرگاہ سے برآمدات کا عمل شروع کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تجارت کے ذریعے معیشت کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئیں، گوادر بندر گاہ فعال ہونے سے برآمدات بڑھنے لگیں۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ گوادر بندرگاہ سے سی فوڈ کےکنٹینرز کی بڑی کھیپ منزل کو روانہ کردی گئی ہے جب کہ بحری جہازمیں مچھلیوں سےبھرے 3 کنٹینر بھی روانہ کئےگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بحری جہاز سے سی فوڈ مشرق بعید کیلئےروانہ کیاگیا ہے، گوادر بندر گاہ سے برآمدات بڑھنے سے کراچی بندرگاہ پردباؤ کم ہوگا۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا ہے کہ گوادر بندرگاہ سے برآمدات کم وقت میں دیگر ممالک کو پہنچیں گی۔

  • سربراہ پاک بحریہ کا گوادر کا دورہ، سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ

    سربراہ پاک بحریہ کا گوادر کا دورہ، سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ

    ماڈہ: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود نے گوادر اور ماڑہ میں نیول تنصیبات کا دورہ کیا، اس دوران انہیں سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے گوادر میں نیول تنصیبات اور مورچوں کا دورہ کیا اور دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

    ترجمان کے مطابق اس موقع پر نیول چیف کو سی پیک کے سمندری دفاع اور دیگر پیشہ وارانہ تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، سی پیک میری ٹائم سیکیورٹی ٹاسک فورس88پر آگاہی دی گئی۔

    سربراہ پاک بحریہ کا گوادر میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ

    نیول چیف نے سرفیس ٹاسک گروپس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، دریں اثنا نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے مختلف منصوبوں کاسنگ بنیاد بھی رکھا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ نیول چیف سے چیئرمین چائنیز اوورسیزپورٹس ہولڈنگ کمپنی نے ملاقات کی، سی پیک اور گوادر پورٹ کی وسعت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس سے قبل مارچ میں بھی ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے نیول چیف کو پورٹ آپریشنز پر بریفنگ دی تھی۔

    اپنے دورے میں نیول چیف نے بحریہ ماڈل اسکول گوادر کی زیر تعمیر عمارت کا بھی جائزہ لیا تھا۔

  • گوادر میں تیزی سے تبدیلی آنے والی ہے، علی زیدی

    گوادر میں تیزی سے تبدیلی آنے والی ہے، علی زیدی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ گوادر میں تیزی سے تبدیلی آنے والی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیاں اب گوادر میں آکر صنعتیں لگائیں گی کیونکہ یہاں ایئرپورٹ بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔

    وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ گوادرمیں 5لاکھ گیلن پانی کامنصوبہ شروع کررہےہیں جبکہ کھارے پانی کو میٹھا کرنے کا پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ صنعتی ضروریات کیلئےگوادرمیں 300میگاواٹ بجلی کامنصوبہ لگائیں گے۔

    یاد رہے کہ آج صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کردیئے، اتھارٹی کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے جبکہ اس کا اطلاق پورے پاکستان پر ہوگا۔

    مزید پڑھیں: صدر مملکت عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کردیئے

    ایک روز قبل حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سی پیک اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور سی پیک اتھارٹی کا مسودہ منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوایا تھا۔

    مسودے میں سفارش کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی،سینیٹ اجلاس نہ ہونے پرآرڈیننس لانےکافیصلہ کیا گیا، سی پیک اتھارٹی کیلئےآرڈیننس کا اطلاق پورے پاکستان میں ہو گا، سی پیک اتھارٹی 10 ارکان پر مشتمل ہوگی۔

    مسودے کے مطابق وزیراعظم اتھارٹی چیئرپرسن،ایگزیکٹوڈائریکٹرز،ارکان کی تعیناتی کریں گے ، چیئر پرسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ارکان کی تعیناتی چار سال کیلئے ہوگی، اتھارٹی کا چیف ایگزیکٹو 20 گریڈ کا سرکاری آفسر ہو گا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا

    مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا

    بلغراد: مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے جاری بد ترین مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرسٹر محمد علی سیف نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا، مودی کے مظالم سے پردہ اٹھنے پر بھارتی مندوبین کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارتی مندوبین نے بار بار بیرسٹر سیف کے خطاب میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تاہم بیرسٹر سیف نے پاکستان کا مؤقف بھرپور طریقے سے پیش کیا، فورم کے شرکا نے پاکستان کے مؤقف کو کھل کر سراہا۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کہ عالمی برادری اور ایشیائی قیادت کو بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی

    واضح رہے آج برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، مہینے بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان آج گوادر میں نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

    وزیراعلیٰ بلوچستان آج گوادر میں نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھیں گے

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج بلوچستان کے شہر گوادر میں نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    اپنے ایک بیان میں جام کمال کا کہنا تھا کہ گوادر میں میگا منصوبے چل رہے ہیں، گوادر کیلئے صوبائی بجٹ میں ایک ارب روپے کے منصوبے شامل کیے۔

    انہوں نے کہا کہ گوادر میں کل ایک نئے اسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھوں گا، پسنی میں گرلزکالج کی منظوری ہوچکی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مکران کے ساحلی شہروں کے ماہگیر جےٹیز کی توسیع کی جائے گی، گوادر کو میونسپل کمیٹی سے میٹروپولیٹن کا درجہ دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا حصہ بیس فیصد سے زیادہ ہے۔

    عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی منصوبوں پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، وفاقی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز میں اضافے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔

  • گوادر: یوم سیاہ پر ریلی، شرکا نے مودی کا پتلا،  بھارتی پرچم نذر آتش کر دیا

    گوادر: یوم سیاہ پر ریلی، شرکا نے مودی کا پتلا، بھارتی پرچم نذر آتش کر دیا

    گوادر: بھارت کے یوم آزادی پر بلوچستان کے شہر گوادر میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے یوم سیاہ منایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر میں سول سوسائٹی کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے طور یوم سیاہ منایا گیا اور ریلی نکالی گئی۔

    ریلی سے مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا، ریلی کے شرکا نے مختلف شاہراہوں کا گشت کیا اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    گوادر میں نکالی گئی ریلی کے شرکا نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا۔

    ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے میر ارشد کلمتی نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا روحانی رشتہ ہے ہر محاذ پر بلوچستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں

    مقررین نے کہا کہ انڈیا نے اپنے جارحانہ عزائم کی تسکین کے لیے بلوچستان میں کشت و خون کا بازار گرم کرنا چاہا لیکن پاک فوج نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر اسے نا کام بنا دیا۔

    خیال رہے کہ آج بھارتی یوم آزادی پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، جو کشمیریوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے ہے۔

    پاکستان میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کیا گیا، جب کہ شاہراہ دستور پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے، جن عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کیا گیا ان میں ایوان صدر، وزیر اعظم آفس، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ہاؤس شامل ہیں۔

    ملک میں صوبائی حکومتوں نے بھی آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا تھا۔

  • 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ گوادر کے ماہی گیروں سے شروع کریں گے: وزیر اعظم

    50 لاکھ گھروں کا منصوبہ گوادر کے ماہی گیروں سے شروع کریں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ، 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ گوادر کے ماہی گیروں سے شروع کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی لوٹ مار کے باعث قومی خزانے میں پیسہ نہیں ہے، مفاہمتی یادداشت سے ہاؤسنگ منصوبے کے لئے مالی معاونت فراہم ہوگی، پاکستان میں اکثر لوگ اپنا گھر نہیں بنا سکتے.

    وزیر  اعظم نے کہا کہ ملک میں اس وقت سوا کروڑ گھروں کی قلت ہے، پوری کوشش ہوگی، نیا پاکستان منصوبےمیں مقامی مٹیریل استعمال ہو.

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں گھروں کی تعمیر کے لئے اس وقت 0.2 فی صد قرضے دیے جاتے ہیں، ہاؤسنگ اتھارٹی کا مقصد گھر بنانے والوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے، ہاؤسنگ پروگرام سے روزگار بڑھے گا، انڈسٹری آگے بڑھے گی.

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے وزارتوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے مزید نئے ٹاسک سونپ دیئے

    ان کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھر بنانا ہمارا سب بڑی کاوش ہوگی، وسائل سے محروم لوگوں کو گھر بنانے کا موقع فراہم کریں گے. عدالت کی اجازت کے بعد بینک قرضے دینا شروع کریں گے، نئے ہاؤسنگ پروگرام سے متعلقہ صنعتوں کو فروغ ملے گا، گھروں کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی کے لئے آرڈیننس منظور کرلیا.

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عدالت کی اجازت کے بعد بینک قرضے دینا شروع کریں گے، نیا ہاؤسنگ پروگرام کے لئے ون ونڈو آپریشن بنا رہے ہیں.

  • گوادر ہوٹل دہشت گرد حملے میں شہید سیکورٹی گارڈز کی نماز جنازہ ادا

    گوادر ہوٹل دہشت گرد حملے میں شہید سیکورٹی گارڈز کی نماز جنازہ ادا

    بدین: دو روز قبل گوادر پی سی پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈز بلال اور ظہور کی نمازہ جنازہ ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر ہوٹل پر دہشت گرد حملے میں شہید سیکورٹی گارڈز بلال لاشاری اور ظہور لاشاری کی بدین کے نواحی گاؤں میں تدفین کر دی گئی۔

    نماز جنازہ میں ایس ایس پی بدین اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، والدین نے بیٹوں کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ 11 مئی کو پی سی ہوٹل گوادر میں تین دہشت گردوں نے گھس کر فائرنگ کی، اس موقع پر سیکورٹی گارڈز نے جوابی فائرنگ کر کے انھیں روکا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 3 دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک

    دہشت گردوں نے ہوٹل کے مرکزی زینے پر پہنچ کر فائرنگ کی، ان کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈز سمیت ہوٹل کے تین ملازمین بھی شہید ہوئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، بحریہ، پولیس کی کیو آر ایف ٹیمز فوراً ہوٹل پہنچیں، اور بر وقت کارروائی سے دہشت گردوں کو چوتھی منزل کے کوریڈور تک محدود کر دیا۔

    بعد ازاں فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے تینوں دہشت گردوں کو مار دیا، آپریشن میں پاک بحریہ کا ایک جوان شہید ہو گیا، جب کہ پاک فوج کے 2 کیپٹن، پاک بحریہ کے 2 جوان، اور 2 ہوٹل ملازمین زخمی ہوئے۔

  • پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 3 دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک

    پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل، 3 دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک

    راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پی سی ہوٹل گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پی سی گوادر میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا، تینوں دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران ہوٹل کے 4 ملازمین اور پاک بحریہ کا ایک جوان عباس شہید ہو گیا۔

    پی سی گوادر آپریشن میں پاک فوج کے 2 کیپٹن، پاک بحریہ کے 2 جوان، اور 2 ہوٹل ملازمین زخمی ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  گوادر حملہ، تمام افراد کو ہوٹل سے بہ حفاظت نکال لیا گیا، کلیئرنس آپریشن جاری

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں، دہشت گرد مہمانوں کو یرغمال بنانے کے لیے ہوٹل میں داخل ہوئے، دہشت گردوں کو سیکورٹی گارڈ نے مرکزی ہال میں داخل ہونے سے روکا تھا۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہوٹل کے مرکزی زینے پر پہنچ کر فائرنگ کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ شہید ہوا، دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے مزید 3 ہوٹل ملازمین شہید ہوئے، جن میں فرہاد، بلاول اور اویس شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، بحریہ، پولیس کی کیو آر ایف ٹیمز فوراً ہوٹل پہنچیں، فورسز نے مہمانوں اور عملے کو فوری محفوظ مقام پر منتقل کیا، فورسز کی بر وقت کارروائی سے دہشت گرد چوتھی منزل کے کوریڈور تک محدود رہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت

    وزیراعظم عمران خان کی گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اور اس کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فورسز نے بروقت جوابی کارروائی سے قیمتی جانوں کونقصان سے بچایا۔ انہوں نے کارروائی میں شہید اور زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ایسی کارروائیاں پاکستان کی خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں، کارروائی سے اقتصادی منصوبوں کونقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ کسی صورت ایسے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز ایسے عناصر کو شکست دیں گے۔

    گوادر حملہ، تمام افراد کو ہوٹل سے بہ حفاظت نکال لیا گیا

    واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے گوادر کے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی، انٹری پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہوٹل کا سیکیورٹی گارڈ شہید ہوا۔