Tag: گوادر

  • سانحہ گوادر، 10 مزدوروں کا قتل،مقدمہ درج، ٹھیکیدار گرفتار

    سانحہ گوادر، 10 مزدوروں کا قتل،مقدمہ درج، ٹھیکیدار گرفتار

    گوادر : ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے کہا ہے کہ سانحہ گوادر میں 9 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جب کہ غفلت برتنے پر ٹھیکیدار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر گوادر سانحہ گوادر کی تحقیقات کے سلسلے میں ہونے والی پیشرفت اور مقدمے کے اندراج کے حوالے سے تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کر رہے تھے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ گوادر میں محنت مزدوری کرنے والے غریب اور معصوم مزدوروں کو دہشت گردی کانشانہ بناتے ہوئے قتل کرنا ایک گِری ہوئی اور بزدلانہ حرکت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    ڈپٹی کمشنرمحمد نعیم نے بتایا کہ 9 مزدروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے جب کہ غفلت برتنے پر ٹھیکیدار کوگرفتار کرلیا ہے کیوں کہ ضابطے اور قانون کے مطابق ٹھیکیدار کوکام شروع کرتے وقت انتظامیہ کواطلاع دینی چاہیے تھی جو کہ نہیں دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ اگر کام کے آغاز سے قبل ٹھیکیدار کی جانب سے پیشگی اطلاع دی جاتی تو مزدوروں کو پولیس یا ایف سی کی جانب سے سیکیورٹی مہیا کی جاتی اور اس حوالے سے پہلے ہی تمام ٹھیکیداروں اور تعمیراتی کام کروانے والے اداروں کو پہلے ہی ہدایات فراہم کی جا چکی ہیں اس کے باوجود ٹھیکیدار نے ہدایت پر عمل نہیں کیا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سانحہ کے بعد گوادر میں زیرتعمیر تمام منصوبوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا جائے گا جب کسی بھی ادارے یا ٹھیکیدار کے لیے ضروری ہوگا کہ کام کے آغاز سے قبل سیکیورٹی انتظامیہ کو آگاہ کرے تاکہ مزدوروں اور املاک کی حفاظت کا بندوبست کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گوادر کے دو مختلف علاقوں میں جاری تعمیراتی پروجیکٹس میں کام کرنے والے مزدوروں کو دہشت گردوں نے اپنی بربریت کا نشانہ بنایا جس کے باعث دس مزدور جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • پاکستان ایشیا کااوربلوچستان پاکستان کاٹائیگربنےگا‘ وزیراعظم نوازشریف

    پاکستان ایشیا کااوربلوچستان پاکستان کاٹائیگربنےگا‘ وزیراعظم نوازشریف

    گوادر : وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کا کہناہےکہ گوادر کی ترقی آج کامشن نہیں بلکہ یہ 1991 میں میراخواب تھاکہ گوادر کوسٹی پورٹ بناؤں۔

    تفصیلات کےمطابق گوادر میں وزیراعظم پاکستان نوازشریف نےجلسے سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ گوادر آکر بہت خوشی ہورہی ہےاپنی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔

    وزیراعظم پاکستان کاکہناتھاکہ گوادر کو بہترین پورٹ سٹی بنانا چاہتے تھے،اس کےبعد بہت سی رکاوٹیں آئیں اورہماری حکومت ختم ہوگئی۔انہوں نےسوال کیاکہ ہمارے بعد کسی نے گوادر پر توجہ کیوں نہیں دی؟۔

    وزیراعظم نےکہاکہ آج گوادر ایک بار پھر ترقی کی راہ پر چل نکلا ہےاس شہرکی ترقی میرا خواب ہےجس کوتعبیرملنے والی ہے۔

    نوازشریف کاکہناتھاکہ بلوچستان میں 1100کلومیٹرکی سٹرکیں بن رہی ہیں ۔انہوں نےکہاکہ ان علاقوں میں سٹرکیں بنائیں جہاں دہشت گردی اور انتہاپسندی تھی۔

    وزیراعظم پاکستان نےکہاکہ ترقی کا ہر راستہ بلوچستان سے نکلتا نظر آرہا ہےجبکہ پاکستان ایشیا کا اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا۔

    نوازشریف نےکہاکہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر پر 19ارب روپےخرچ آرہاہے۔انہوں نےکہاکہ ہم کوئی کوئی احسان نہیں کررہے ماضی کا قرض جھکا رہے ہیں۔

    گوادر میں جلسے سے خطاب میں نوازشریف کاکہناتھاکہ تاریخ میں بلوچستان میں پہلے کبھی ایسی ترقی نہیں ہوئی۔انہوں نےکہاکہ تمام سٹرکیں مکمل ہوگئیں توبلوچستان خوبصورت نظارہ پیش کرے گا۔

    وزیراعظم پاکستان نےوزیراعلیٰ بلوچستان کو مخاطب کرتے ہوئےکہاکہ قدم بڑھاؤ ثنااللہ زہری نوازشریف تمہارے ساتھ ہے۔

    میاں محمد نوازشریف نےکہاکہ آج گوادر کی زمینیں سونے سے بھی زیادہ قیمتیں ہوچکی ہیں۔انہوں نےکہاکہ سرمایہ کاروں نے یہ زمینیں معمولی رقم سے خریدی تھیں۔

    وزیراعظم پاکستان نےگوادر میں یونیورسٹی کی تعمیر سے متعلق کہاکہ یہاں ایک ایسی یونیورسٹی بنائیں گےجواسلام آباد کی یونیورسٹی کومات دے دے۔

    نوازشریف نےکہاکہ شابی موضع میں500ایکڑزمین یونیورسٹی کےلیےخریدلی ہےاور بہت جلدایک ارب روپے مختص کریں گے۔انہوں نےکہاکہ گوادر میں 300بستر کا اسپتال بنایاجائےگااورہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریبوں کا مفت علاج بھی کیاجائےگا۔

    وزیراعظم نے خطاب کےدوران کہاکہ جس ہوٹل میں ٹھہراتھا وہاں لکھا تھا یہ پانی پینے کے لائق نہیں اگرہوٹل کاپانی پینے کے قابل نہیں تو باقی کا کیا حال ہوگا۔انہوں نےکہاکہ لوگوں کے گھروں تک پینے کا صاف پانی پہنچائیں گے۔

    نوازشریف نے گوادر کے نوجوانوں سے متعلق اعلان کیاکہ 50نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کےلیے چین بھیجیں گےاس کے علاوہ بلوچستان کے50بہترین طلبا کواعلیٰ یونیورسٹی میں داخلہ دیں گے۔

    واضح رہےکہ وزیراعظم نوازشریف نےگوادر کی گلیوں اور سیوریج نظام سے متعلق1ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئےکہاکہ یہ رقم بہت جلد بلوچستان حکومت کو مل جائےگی۔

  • وزیر اعظم گوادر پہنچ گئے

    وزیر اعظم گوادر پہنچ گئے

    گوادر: وزیر اعظم نواز شریف بذریعہ سڑک پسنی سے گوادر پہنچ گئے۔ اس دوران وزیر اعظم نے سڑک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سفر کے لیے محفوظ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کراچی سے پسنی پہنچے جہاں بلوچستان کے گورنر محمد خان اچکزئی اور وزیر اعلیٰ سردار ثنا اللہ زہری نے پسنی ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

    پسنی آمد کے بعد وزیر اعظم بذریعہ سڑک گوادر کے لیے روانہ ہوئے۔ پسنی سے گوادر تک یہ سڑک 136 کلو میٹر ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سفر کے لیے محفوظ ترین ہے۔ انہوں نے پسنی گوادر سڑک کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی وزیر اعظم کو گوادر کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔ بعد ازاں وزیر اعظم گوادر کے تاجروں سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ کے عہدے داروں سے ملاقات بھی کریں گے جس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز کراچی میں نہایت مصروف دن گزارا تھا۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کی تھی۔

    تقریب میں وزیر اعظم نے ہندو برادری کی فلاح کے لیے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ ہندو برادری کو آگے بڑھنے کے برابر مواقع ملنے چاہئیں۔

    اس سے قبل انہوں نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے کارکنوں سے بھی ملاقات کی تھی۔

  • اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے ٹاسک فورس قائم

    اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے ٹاسک فورس قائم

    گوادر: پاک چائنا اقتصادی راہداری اورگوادر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی کی ٹاسک فورس بنادی گئی۔

    گوادر میں سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے پی این ایس اکرم کے کمانڈر شاہد نے بتایا کہ گوادرپورٹ کی حفاظت کے لیے خصوصی بٹالین 88 تشکیل دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی گوادرکے شپ ہاربرپورٹ چینی ماہرین کی رہائش اور سمندری حدود کی حفاظت کررہی ہے،جبکہ بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نگراں طیاروں اسپیڈ بوٹس کے ذریعے سمندری خطے میں امن و امان کے لیے کوشاں ہے۔

    کمانڈر شاہد نے کہا کہ پاکستان نیوی کے کمانڈر یائے ہنگور سے جیوانی تک مغربی ساحل کی حفاظت پر مامور ہیں اور  روایتی جنگ سمیت ہرقسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہردم تیار ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی میں مقامی آبادی کو شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے، آفیسرز اور سیلرز کو بھرتی کرنے کے لیے معیارکو نرم کیا گیا تاکہ نیوی کی بھرتی ٹیمیں مقامی آبادیوں میں جاکرامیدواروں کاانتخاب کرسکیں۔

    پی این ایس اکرم کے کمانڈر نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کوسٹل بیلٹ میں تعلیم صحت اور روزگارکی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے، جن کے تحت جیوانی، تربت، اورگوادر میں تین ماڈل اسکول قائم کیے گئے اور جہاں مقامی بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

    علاوہ ازیں خواتین کو ہنرمندبنانے کیلیے انڈسٹریل ہوم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، تفریح اورآگاہی کے لیے پاکستان نیوی کے تحت ایف ایم ریڈیوبھی چلایا جارہا ہے، اسکولوں کے اساتذہ مراکزصحت کا عملہ اور ریڈیو کے ملازمین مقامی افراد ہیں۔

  • گوادرمیں کوسٹل ہائی وےپل پردھماکہ

    گوادرمیں کوسٹل ہائی وےپل پردھماکہ

    گوادر : گوادر میں سربندر کےقریب زوردار دھماکے سے پل کوجزوی نقصان پہنچا ہےتاہم دھماکےمیں جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کےمطابق گوادر کے علاقے سربندر میں سڑک کنارے نصب بم دھماکےکے نتیجے میں پل کو جزوی نقصا ن پہنچا ہے۔دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقےکوگھیرے میں لےکرسرچ آپریشن شروع کردیاہے۔

    دھماکےکےفوراََبعدبم ڈسپوزل اسکواڈ کےعملے نےحادثے کی جگہ پہنچ کر پل کرنیچے چھپائے گئے2بم ناکارہ بنادیے۔دھماکے کے بعد پل کو عارضی طور پرٹریفک کے لیے بندکردیاگیا۔

    مزید پڑھیں: چارسدہ دھماکے: 7 افراد شہید،13زخمی، 3 خودکش حملہ آور ہلاک

    خیال رہےکہ گزشتہ ماہ چارسدہ کے علاقےتنگی میں کچہری گیٹ کے قریب 2 دھماکوں اور فائرنگ میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 7 افراد شہید ہوگئےتھے۔

    مزید پڑھیں:لاہور ڈیفنس میں دھماکہ‘ آٹھ جاں بحق 21 زخمی

    یاد رہےکہ گزشتہ ماہ 23فروری کو لاہور میں ڈیفنس کے علاقے میں ریستوران میں دھماکہ ہواتھاجس کےنتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے تھے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے لاہور دھماکےمیں جانی نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئےحکومتِ پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔

    مزید پڑھیں:کوئٹہ: سریاب روڈ پر دھماکہ، 2 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی

    واضح رہےکہ رواں ماہ 1مارچ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکے میں 2 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئےتھے۔

  • بلوچستان سے آئے طلبا کے وزیراعلیٰ پنجاب سے تند وتیزسوالات

    بلوچستان سے آئے طلبا کے وزیراعلیٰ پنجاب سے تند وتیزسوالات

    لاہور: بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے تندو تیز سوالات کیے اور کہا کہ سی پیک گوادر میں بن رہا ہے تو ترقی لاہور میں کیوں ہورہی ہے؟ چینی زبان سیکھنے کے لیے  صرف پنجاب کے طلبا کو ہی کیوں بھیجا گیا؟ سوالات پر شہباز شریف الجھ کر رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے دورے پر آنے والے بلوچ طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خطاب کے بعد ان سے بلوچ طلبا و طالبات نے تلخ سوالات کیے جس پر شہباز شریف الجھ کر رہ گئے۔

    طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ سی پیک کا سن سن کر تھک چکے ہیں، سی پیک گوادر میں بن رہا ہے مگر ترقی لاہور میں کیوں ہو رہی ہے؟

    طلبا نے مزید کہا کہ سیاست دان گوادر کا دورہ کرتے ہیں تو لوڈ شیڈنگ ختم ہو جاتی ہے اور ان کی واپسی کے بعد لوڈ شیڈنگ دوبارہ سے شروع ہو جاتی ہے،ہمارے پاس تو کپڑے استری کرنے کے لیےبھی بجلی نہیں ہوتی“جس کے جواب میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں ترقی کا راستہ روکنے والوں نے پنجاب کا نام لے کر نفرتوں کو پروان چڑھایا۔

    جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  پنجاب کو ہمیشہ بڑا بھائی کہہ کر طعنہ زنی ہوتی رہی، پنجاب سے متعلق باتیں اور بیانات غلط ہیں، چاروں صوبوں میں ترقی کا پہیہ اسی رفتار سے چلنا چاہیئے جس کا تقاضا عوام کرتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غلط فہمی کی بنا پر بلوچستان کے عوام کو وفاق سے جائز شکایات ہوئیں بلوچ عوام نہ صرف محب وطن بلکہ پاکستان کی تشکیل میں بھی ان کا اہم کردار ہے، بلوچستان کے مسائل کو کافی حد تک حل کر لیا گیا ہے۔

    طلبا نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے شکایت کی کہ چینی زیان سیکھنے کے لیے گوادر کے بجائے پنجاب سے طلبا کو چین بھیجا گیا جو کہ سراسر ناانصافی ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 20 طلبا گوادر سے چین کا دورہ کریں گے۔

    شہبازشریف نے طلبا کو بتایا کہ میٹرو بس سی پیک سے پہلے لاہور میں چل رہی تھی جبکہ سڑکوں کا جال اور دانش اسکول بھی سی پیک منصوبے سے پہلے بنائے گئے ہیں۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے گوادر سے آئے طلبا و طالبات اپنے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر پھٹ پڑے۔

    وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گوادر سے تعلق رکھنے والے بیس طلبا و طالبات کو چین اسکالرشپ پر بھجوانے کے اعلان کے ساتھ دورے پر آئے ہوئے طلباء میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے۔

  • سی پیک تجارتی قافلہ، فُول پروف سیکیورٹی دی جائے گی، آئی جی سندھ

    سی پیک تجارتی قافلہ، فُول پروف سیکیورٹی دی جائے گی، آئی جی سندھ

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے گوادر سے سندھ میں داخل ہونے والے پہلے سی پیک تجارتی قافلے کی فُل پروف سیکیورٹی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے قافلے کی گذر گاہوں کی سخت مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے تمام ضلعی ایس ایس پیز کو احکامات جاری کیے ہیں کہ چائنیز مندوبین پر مشتمل سی پیک منصوبے کے پہلے بڑے تجارتی قافلے کی گوادر سے واپسی اور صوبہ سندھ میں داخل ہونے کے بعد اُن کے سفری گذر گاہوں اور ممکنہ قیام کے مقامات پرفول پروف سیکیورٹی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جائے۔

    حکم نامے میں انہوں نے مزید کہا کہ قافلوں کو ڈی ایس پی رینک کے افسران کی نگرانی میں اسکارٹ کیا جائے جب کہ ایس ایس پی قافلوں کے سیکیورٹی اقدامات کی بذات خود مانیٹرنگ کریں۔

    اسی سے متعلق : پاک چین اقتصادی راہداری، پہلا تجارتی قافلہ گوادر پہنچ گیا

    یاد رہے مذکورہ تجارتی قافلہ 11 نومبر کو پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے ہوتا ہوا گوادر پہنچا تھا اور اس قافلے کو پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی اورگوادر پہنچنے پر قافلے کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں : سی پیک منصوبہ حقیقت کا روپ دھار رہا ہے: وزیراعظم

    جب کہ گزشتہ روز وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آرمی چیف کے ہمراہ گوادر پورٹ کا افتتاح کیا اور پہلے پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے پہنچنے والے پہلے تجارتی قافلے کو خوش آمدید کہا تھا۔

  • سی پیک منصوبہ، 16 ہزار نوجوانوں کو روزگار ملے گا، چینی سفیر

    سی پیک منصوبہ، 16 ہزار نوجوانوں کو روزگار ملے گا، چینی سفیر

    گوادر : پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

    وہ گوادر بندر گاہ پر پہلے میگا پائلٹ ٹریڈکارگوکی روانگی سے متعلق تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ آج ایک سنگ میل طے کر لیا گیا ہے کیونکہ یہ پہلا قافلہ ہے جو پاکستان کے مغربی علاقے سے داخل ہوا اور جسے پاکستان اور چین نے مل کر گوادر تک پہنچایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عظیم سی پیک منصوبہ تمام چینی اور پاکستانی اداروں کی کوشش سے ممکن ہوا ہے جس سے پاک چین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور اس منصوبے سے پاکستان اور خطے کی عوام کو روزگار سمیت بلند طرز زندگی اور بہت سے دیگر فوائد حاصل ہوں گے۔

      اسی سے متعلق : سی پیک منصوبہ حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، نواز شریف 

    سن وی ڈونگ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے ترقی اور خوشحالی اب دور نہیں ہے اس منصوبے کے تحت 16 ذیلی منصوبوں سے 10ہزار سے زائد نوجوانوں کو روگار ملے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی شرکت ہمارے لیے خوشی قسمتی کا باعث ہے ،پاکستان اور چین کی دوستی ایسے ہی بڑھتی رہے گی۔

    اس موقع پر انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون، رہنمائی اور سیکیورٹی پر وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور آرمی چیف راحیل شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ منفرد اور جدید ترین منصوبہ ہے جس سے دونوں ممالک ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو گا اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

    چینی سفیر نے مزید کہا کہ پائلٹ پروجیکٹ کی تکمیل پر ایف ڈبلیو اواور سی پیک منصوبے کو سیکیورٹی دینے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھی شکر گزار ہیں ۔

  • گوادر : وزیراعظم نواز شریف آج  گوادرکا دورہ کریں گے

    گوادر : وزیراعظم نواز شریف آج گوادرکا دورہ کریں گے

    گوادر : بلوچستان میں دہشت گردوں اس وقت پھروار کیا جب پاک چین راہداری کے حوالےسے آج اہم ترین تقریب منعقد کی جا رہی ہے،گوادرکی بندرگاہ سے آج چینی سامان کےکنٹینرروانہ ہورہےہیں،تقریب کےمہمان خصوصی وزیراعظم نوازشریف ہونگے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف آج اتوار کو گوادر کا دورہ کریں گے۔ وہ گوادرپورٹ سے پہلے میگا پائلٹ ٹریڈ کارگو روانہ کرنے کی مرکزی تقریب سے خطاب کریں گے۔

    سی پیک منصوبے کے تحت پہلامیگا تجارتی قافلہ گوادر پہنچ گیا، پاک فوج اوردیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے حفاظت میں چین سے پچاس ٹرکوں پرروانہ ہوا۔ جوپاک چین راہداری سے گذرکرگوادر پہنچا۔

    تجارتی قافلے میں آنے والا سامان اتوار کو گوادر کی بندرگاہ سے مشرق وسطیٰ کے لیے روانہ کیا جائے گا، بندرگاہ ذرائع کے مطابق 13 نومبر کو تقریباً 400 کنٹینرز مال ایکسپورٹ ہو گا۔

    مزید پڑھیں : پاک چین اقتصادی راہداری، پہلا تجارتی قافلہ گوادر پہنچ گیا

    تمام کنٹینرز سیمنٹ کے ہیں جو سری لنکا اور متحدہ عرب امارات ایکسپورٹ کیے جا رہے ہیں، ایک جہاز کولمبو اور دوسرا دبئی جائے گا۔ واضح رہے کہ گوادر بندرگاہ سے ہر ماہ چینی کنٹینرز ایکسپورٹ کیے جائیں گے۔

  • گوادر: ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، اے آر وائی کو کوریج سے روک دیا گیا

    گوادر: ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، اے آر وائی کو کوریج سے روک دیا گیا

    گوادر: وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ گوادر کے دوران مختلف منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو شرکت سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج گوادر پہنچے جہاں انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں گوادر فری ٹریڈ زون سمیت 5 مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ان کے ذاتی اسٹاف کی جانب سے انتہا درجہ کی تفریق برتی گئی اور انہوں نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے اللہ بخش کو تقریب میں شرکت سے روک دیا۔

    مذکورہ نمائندے کو سیکیورٹی کلیئرنس دی گئی تھی اور مقامی سیکیورٹی نے بھی طریقہ کار کے مطابق انہیں کلیئر قرار دیا لیکن وزیر اعظم کے ذاتی اسٹاف نے انہیں تقریب میں شرکت نہیں کرنے دی اور ان کا لوگو، کیمرا اور مائیک واپس رکھوا دیا۔

    کراچی: ایم کیو ایم کارکنان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ *

    عملہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں انہیں وزیر اعظم کی جانب سے واضح اور خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ اے آر وائی نیوز کو شرکت نہ کرنے دی جائے۔

    اس موقع پر پورے ملک کا میڈیا بھی وہاں موجود تھا اور انہیں جانے کی اجازت دی گئی تاہم اے آر وائی نیوز کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کیا گیا۔

    صحافی تنظیموں اور عہدیداران نے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت شرمناک عمل قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اے آر وائی نیوز متعصبانہ سلوک کا شکار رہا ہے اور وزیر اعظم اور ایوان صدر میں ہونے والی اکثر تقریبات میں اے آر وائی کے نمائندگان کو مدعو نہیں کیا جاتا۔


    ARY stopped from covering Gwadar project… by arynews

    اس سے قبل واشنگٹن میں ہونے والی وزیر اعظم کی ایک پریس بریفنگ میں بھی اے آر وائی نیوز کے سینیئر اینکر پرسن سمیع ابراہیم کو بھی شرکت سے روک دیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستانی سفارت خانے کے عملہ نے ان سے بدتمیزی بھی کی تھی۔ وہاں موجود دیگر صحافیوں کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع کیا گیا۔