Tag: گوتم گمبھیر

  • سوشل میڈیا کے ایکسپرٹ نہیں ہم بھارتی ٹیم کو سلیکٹ کرتے ہیں، گوتم گمبھیر

    سوشل میڈیا کے ایکسپرٹ نہیں ہم بھارتی ٹیم کو سلیکٹ کرتے ہیں، گوتم گمبھیر

    بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ایکسپرٹ نہیں بلکہ ہم لوگ بھارتی پلینگ الیون کو سلیکٹ کرتے ہیں۔

    بھارتی مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف جب سے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہے بھارتی ٹیم میں کے ایل راہول کی جگہ خطرے میں پڑ گئی ہے اور اب انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے اسکواڈ سے بھی باہر کیے جانے کا امکان ہے۔

    پہلے ٹیسٹ میں کیویز کیخلاف راہول کی کارکردگی انتہائی واجبی رہی تھی، ان کی جگہ دوسرے ٹیسٹ میں شبمن گل کی واپسی ہوسکتی ہے، ایسے میں سوشل میڈیا پر کے ایل راہول کے حق میں ان کے مداح کافی پوسٹس کررہے ہیں۔

    بدھ کو میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں بلیو شرٹس کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کہا کہ سب سے پہلے، سوشل میڈیا سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آپ سوشل میڈیا یا ماہرین کی رائے کی وجہ سے کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کرتے۔

    انھوں نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ کیا سوچتی ہے، قیادت کیا سوچتی ہے سب سے اہم یہ ہے، ہر کسی کو بین الاقوامی کرکٹ میں جانچا جاتا ہے اور ہر کسی کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

    کے ایل راہول اب تک 53 ٹیسٹ میچز میں 33.87 کی اوسط سے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے 2981 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

  • سری لنکا میں ناکامی کے بعد دورہ انگلینڈ گوتم گمبھیر کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوگا

    سری لنکا میں ناکامی کے بعد دورہ انگلینڈ گوتم گمبھیر کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوگا

    دورہ سری لنکا میں ون ڈے سیریز میں ناکام کے بعد بھارت کا آئندہ دورہ انگلینڈ گوتم گمبھیر کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہونے والا ہے۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی جس کی تصدیق ہو گئی ہے، بی سی سی آئی نے مردوں کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا اعلان کیا ہے جو 20 جون سے شروع ہوگا۔

    راہول ڈریوڈ کے جانیشن اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے حال ہی میں منتخب ہونے والے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے لیے انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز ایک امتحان کی طرح ہے۔

    برطانیہ میں گزشتہ 17 سالوں سے بھارتی ٹیم نے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے، انگلینڈ میں آخری بار بھارتی ٹیم 2007 میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

    گزشتہ دورہ انگلینڈ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم اچھا کھیل پیش کیا تھا تاہم میزبان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز ڈرا کرنے پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے دونوں فائنل مقابلے میں انگلینڈ کی سرزمین پر ہی شکست کا سامان کرنا پڑا ہے، اس لیے اب دورہ انگلینڈ روہت شرما اور گوتم گمبھیر کے لیے آسان نہیں بلکہ امتحان ثابت ہوگا۔

    اس کے علاوہ بھارتی بورڈ نے خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے بھی دورہ انگلینڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔

    بی سی سی آئی کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ 20-24 جون، دوسرا ٹیسٹ میچ 2-6 جولائی، تیسرا ٹیسٹ میچ 10-14 جولائی، چوتھا ٹیسٹ میچ 23-27 جولائی جبکہ پانچواں ٹیسٹ میچ 31 جولائی سے 4 اگست کے درمیان منعقد ہوگا۔

  • گوتم گمبھیر کی شخصیت سے متعلق انکے بچپن کے کوچ کا سنسنی خیز انکشاف

    گوتم گمبھیر کی شخصیت سے متعلق انکے بچپن کے کوچ کا سنسنی خیز انکشاف

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے کوچ نے انکشاف کیا ہے کہ گوتم گمبھیر ابھی بھی ایک بچہ ہے جو میچ ہارنے پر رویا کرتا تھا۔

    گوتم گمبھیر کے بچپن کے کوچ سنجے بھردواج نے ایک یوٹیوب شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اکثر گوتم گمبھیر کو مغرور سمجھتے ہیں، تاہم ایسا نہیں ہے بس وہ اس کی شخصیت میں ہے کہ اسے ہر میچ جیتنا ہے، وہ بچن میں بھی نیٹ پریکٹس کے بعد میچ ہارجاتا تو روپڑتا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ گوتم گمبھیر ایک بچہ ہے، وہ آج بھی ایک معصوم بچے کی طرح ہے، اس میں کوئی بغض نہیں ہے۔ وہ ایسا ہی ہے جیسے کہ ایک 12 سال کا بچہ ہو۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ مغرور ہے، لیکن جیتنے کے لیے اس کا رویہ یہی ہوتا ہے۔

    سنجے بھردواج نے بتایا کہ نیٹ میں پریکٹس کے بعد میں اسے میچ کھلاتا تھا اور وہ اس طرح کے میچ ہارنے کے بعد بھی روتا تھا، اسے اس وقت بھی ہارنا پسند نہیں تھا۔

    بھردواج دہلی کرکٹ سرکٹ میں ایک مشہور کوچ ہیں، جنھوں نے امیت مشرا اور جوگندر شرما سمیت کئی کرکٹرز کی کوچنگ کی ہے، تاہم گمبھیر کے ساتھ ان کی رفاقت ہے تین دہائیوں سے زیادہ پرانی ہے۔

    2019 میں بھردواج کو ان کی کوچنگ پر گرو ڈروناچاریہ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا، یہ ایوارڈ بھارت میں کھیلوں کی کوچنگ میں بہترین خدمات پر دیا جاتا ہے۔

  • گوتم گمبھیر نے سوریاکمار کو کپتان بنا کر بڑی غلطی کی!

    گوتم گمبھیر نے سوریاکمار کو کپتان بنا کر بڑی غلطی کی!

    سابق کیوی کرکٹر اسکاٹ اسٹائرس نے کہا ہے کہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے سوریا کمار کو کپتان بنا کر بڑی غلطی کی ہے۔

    نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس سمجھتے ہیں کہ گمبھیر نے قدرتی کپتان کو منتخب نہیں کیا، سوریا ہندوستانی ٹیم کے لیے صرف ایک مختصر مدت کا آپشن ہیں، اسٹائرس نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ سوریاکمار مختصر مدت کے لیے قائد بنے ہیں۔

    اسکاٹ اسٹائرس نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ گمبھیر کو جو کھلاڑی دستیاب ہیں ان میں کوئی قدرتی کپتان بھی موجود ہے، گمبھیر نے تھوڑا وقت لیا ہے کہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ اگلا طویل مدتی کپتان کون ہوگا۔

    اسٹائرس نے کہا کہ میرے خیال میں شبمن گل جیسا کوئی شخص بھارت کے لیے 10 سال تک خدمات انجام دے سکتا ہے لیکن وہ ابھی بالکل تیار نہیں ہے، اس لیے کسی زیادہ تجربہ رکھنے والے کو کپتان بنانا ایک بہتر فیصلہ تھا۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی سلیکٹرز نے شبمن گل کو وائٹ بال کرکٹ میں نائب کپتان کا عہدہ دے دیا ہے تاکہ وہ مستقبل میں کپتانی کے مواقع کے لیے تیار ہوسکیں۔

    خیال رہے کہ سوریا کمار یادیو ہاردک پانڈیا کی جگہ بھارت کے نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان بن چکے ہیں، تاہم کرکٹر کو کپتان بننے کے فوری بعد انھیں یقین نہیں آرہا کہ قیادت کے لیے چنے جاچکے ہیں۔

    روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جگہ کپتانی کے لیے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا مضبوط امیدوار تھے اور کئی ذرائع انھیں بھارتی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی خبریں دے رہے تھے، کچھ خبروں کے مطابق شبمن گل بھی اس دوڑ میں شامل تھے، تاہم ٹی ٹوئنٹی کپتان کا قرعہ فال سوریا کمار کے نام نکلا۔

    سوریا کمار یادیو نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان بننے کے بعد اپنی پوسٹ میں لوگوں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی بے یقینی کا بھی اظہار کیا تھا۔

    انسٹاگرام پوسٹ میں سوریا کمار کا کہنا تھا کہ ’محبت، حمایت اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے لیے آپ سب کا بہت بہت شکریہ، گزشتہ چند ہفتے ایک خواب سے کم نہیں تھے اور میں واقعی شکر گزار ہوں۔‘

    خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے بھارت نے سوریا کمار کو کپتان مقرر کیا تھا، ان کی قیادت میں بھارت نے سری لنکا کے خلاف پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کی ہے۔

  • بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے بعد کوہلی نے میسج کیا کہ.. گمبھیر کا انکشاف

    بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے بعد کوہلی نے میسج کیا کہ.. گمبھیر کا انکشاف

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے انکشاف کی ہے کہ انھیں عہدہ ملنے کے بعد ویرات کوہلی اور ان کے درمیان میسج پر بات ہوئی تھی۔

    ماضی میں گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کے درمیان تعلقات بالکل بھی اچھے نہیں رہے بلکہ آئی پی ایل میں تو دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی تھی، چینلز پر اپنے تجزیوں کے دوران اکثر گوتم ویرات کوہلی کی پرفارمنسز کی تعرف کرنے سے بھی گریز کرتے پائے گئے تھے۔

    تاہم اب بھارتی کرکٹ ٹیم میں اہم عہدہ ملنے کے بعد انھوں نے کہا ہے کہ میری اور ویرات کوہلی کی لڑائی کی خبریں ٹی آر پی کے لیے اچھی ہیں لیکن ہم اپنے تعلق کو عوامی کے سامنے نہیں لاتے۔

    گوتم نے کہا کہ میں نے کوہلی کے ساتھ بہت سی باتیں کی ہیں، کئی بار ہماری میسج پر گفتگو ہوئی ہے، میرے بھارتی ہیڈ کوچ بننے کے بعد ہمارے درمیان پیغامات کا تبادلہ ہوا تھا۔

    سب سے اہم بات یہ ہے کہ کیا ہم دونوں بھارت کی جیت کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں یا نہیں، یہی ہماری جاب ہے، اہم نہیں ہے کہ ہم نے کیا بات کی، میری تقرری کے بعد یا پہلے ہم میں کیا بات چیت ہوئی یہ صرف سرخیوں کے لیے ہوتا ہے اور یہ اہم نہیں ہے۔

    بھارتی کوچ نے کہا کہ میرا ویرات کوہلی کے ساتھ کیسا رشتہ ہے، مجھے لگتا ہے کہ یہ دو بالغ افراد کے درمیان کی بات ہے، مقابلے کے دوران ہر کسی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ میچ جیتنے والے ڈریسنگ روم کا حصہ ہو۔

    گمبھیر نے کہا کہ تاہم اس وقت، ہم بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں، 140 کروڑ ہندوستانیوں کی نمائندگی کر رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ہم دونوں ایک ہی صفحے پر ہوں گے تاکہ بھارت کے لیے اچھا کرسکیں۔

  • گوتم گمبھیر اننت کی شادی میں شاہ رخ خان کو دیکھ کر نہایت جذباتی ہوگئے

    گوتم گمبھیر اننت کی شادی میں شاہ رخ خان کو دیکھ کر نہایت جذباتی ہوگئے

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اننت امبانی کی شادی میں اپنے سابق مالک شاہ رخ خان کو دیکھ کر جذباتی ہوگئے۔

    ایشیا کے امیرترین تاجر مکیش امبانی کی شادی میں جہاں بالی ووڈ کے چمکتے دمکتے ستاروں کی بہار موجود تھی وہیں موجودہ اور سابق بھارتی کرکٹرز کی بڑی تعداد کو بھی شاہانہ شادی میں مدعو کیا گیا تھا جبکہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر بھی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

    کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سابق مینٹور گوتم گمبھیر کی ملاقات اپنی پرانی فرنچائز کے مالک شاہ رخ خان سے ہوگئی اور وہ انھیں دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، گوتم نہایت پرجوش انداز میں کنگ خان سے بغل گیر ہوگئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    کے کے آر کو خیرباد کہنے اور فیئرویل کے بعد اننت امبانی کی شادی میں یہ شاہ رخ خان اور گوتم گمبھیر کی پہلی ملاقات تھی۔

    انٹرنیٹ پر زیرگردش ویڈیو مداحوں میں کافی پسند کی جارہی ہے، اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ شادی کی تقریب کے دوران کولکتہ کے سابق سرپرست گمبھیر کے ساتھ گرمجوشی سے گلے ملے۔

    مداحوں کا کہنا ہے کہ دونوں کا اس طرح پرجوش انداز میں ملنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے دوستی اور احترام کا بہت جذبہ ہے۔

  • راہول ڈریوڈ کی جگہ گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بن گئے

    راہول ڈریوڈ کی جگہ گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بن گئے

    بی سی سی آئی نے گوتم گمبھیر کو منگل کو باضابطہ طور پر راہول ڈریوڈ کی جگہ بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

    ڈریوڈ نے ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی آخری ذمہ داری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں نبھائی تھی اور بھارت عالمی ایونٹ جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔ سابق بھارتی ہیڈ کوچ نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے بعد کوچنگ میں توسیع کے خواہشمند نہیں ہیں۔

    گزشتہ ماہ بی سی سی آئی کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے دو امیدواروں گوتم گمبھیر اور ڈبلیو وی رمن کا انٹرویو لیا تھا۔

    تاہم کے کے آر کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ہی اس عہدے کے لیے فیوریٹ امیدوار تھے کیوں کہ ان کی سرپرستی میں کولکتہ نے اس سیزن میں انڈین پریمیئر لیگ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ اس سے قبل گجرات ٹائٹنز بھی ان کی کوچنگ میں آئی پی ایل جیت چکی ہے۔

    گمبھیر کی بھارتی کیمپ میں بطور ہیڈ کوچ آمد کی تصدیق کرتے ہوئے، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے ایکس پر پوسٹ بھی شیئر کی ہے۔

    جے شاہ نے لکھا کہ نہایت خوشی کے ساتھ میں مسٹر گوتم گمبھیر کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کے طور پر خوش آمدید کہتا ہوں، جدید دور کی کرکٹ تیزی سے تبدیل ہوئی ہے اور گوتم نے اس بدلتے ہوئے منظر کو قریب سے دیکھا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا منصب سنبھالنے کے بعد گوتم گمبھیر کا پہلا اسائنمنٹ سری لنکا کا دورہ ہوگا۔

  • بھارت کا اب تک کا سب سے بہترین کپتان کون؟ گوتم گمبھیر نے بتا دیا

    بھارت کا اب تک کا سب سے بہترین کپتان کون؟ گوتم گمبھیر نے بتا دیا

    سابق اوپنر بھارتی کرکٹ ٹیم گوتم گمبھیر نے اپنے ملک کے لیے کپتانی کرنے والے اب تک کے سب سے بہترین کپتان کا نام بتایا ہے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو میں گوتم گمبھیر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ بھارت کے 2007 اور 2011 ورلڈ کپ جیتنے کی وجہ یوراج سنگھ کی آل راؤنڈ پرفارمنس تھی، لیکن ایک کرکٹر کی پی آر ٹیم کی وجہ سے صرف اس ایک فرد کو ہی کریڈٹ جاتا ہے۔

    گمبھیر نے اپنے سابق کپتان دھونی کی سالگرہ پر انھیں مبارکباد دیتے ہوئے بھارت کا اب تک کا سب سے بہتر کپتان قرار دیا ہے۔

    اسٹار اسپورٹس کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں گمبھیر نے کہا کہ بہت سارے کپتان آئیں گے اور جائیں گے لیکن بھارتی ٹیم کے لیے ایم ایس دھونی کے ریکارڈ کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ آپ ٹیسٹ میں نمبر ون بن سکتے ہیں، آپ بیرون ملک میچز جیت سکتے ہیں لیکن دو آئی سی سی ورلڈ کپ اور ایک چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنی کپتانی میں جتوانا اس سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہے۔

    گوتم گمبھیر نے کہا کہ ہم نے کئی بڑے لمحات ایک ساتھ شیئر کیے ہیں، چاہے وہ T20 ورلڈ کپ ہو، ون ڈے ورلڈ کپ ہو، آسٹریلیا میں سی بی سیریز جیتنا ہو، نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنا ہو یا ایشیا کپ جیتنا ہو، دھونی شاید بھارت کے بہترین کپتان ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کپتان مانے جانے والے ایم ایس دھونی اتوار 7 جولائی کو 43 سال کے ہو گئے، انھ کی سالگرہ پر سلمان خان، سابق کرکٹرز سمیت ہزاروں مداحوں نے پرجوش انداز میں مبارکباد دی۔

  • بھارتی ہیڈ کوچ کا چناؤ، گوتم کو ناک آؤٹ کرنے گنگولی بھی میدان میں آگئے

    بھارتی ہیڈ کوچ کا چناؤ، گوتم کو ناک آؤٹ کرنے گنگولی بھی میدان میں آگئے

    راہول ڈریوڈ کی خالی پوسٹ کو پُر کرنے اور بھارتی ہیڈ کوچ کی دوڑ سے گوتم گھمبیر کو باہر کرنے گنگولی بھی میدان میں آگئے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد ڈریوڈ بھارتی ٹیم کی کوچنگ سے سبکدوش ہوجائیں گے، اس کے بعد وی وی ایس لکشمن اور گوتم گمبھیر کو بھارتی ٹیم کا اگلا ہیڈ کوچ بننے کے لیے سرکردہ امیدوار سمجھا جارہا ہے، ایسے میں گنگولی نے بھی کوچنگ کی خواہش ظاہر کردی ہے۔

    کولکتہ میں نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سابق صدر گنگولی نے انکشاف کیا کہ وہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ کرنا پسند کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ ایک بہترین تجربہ ہوگا۔

    اس سے قبل وہ گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ بننے کی خبروں پر ایک ٹوئٹ بھی کرچکے ہیں جس میں انھوں نے بھارتی بورڈ کو بہت دیکھ بھال کر کوچ رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے راہول ڈریوڈ کی جگہ سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے

    ویب سائٹ کرک انفو کا کہنا تھا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے سابق اوپنر سے رابطہ کیا ہے کیونکہ وہ سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا متبادل تلاش کرنے کے لیے سرگرداں ہیں۔

    بھارتی بورڈ نے مبینہ طور پر ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے اسٹیفن فلیمنگ سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن چونکہ یہ میعاد 2027 ورلڈ کپ تک ہوگی اس لیے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اس کے تیار نظر نہ آئے۔

    گوتم اس وقت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی کوچنگ میں کے کے آر نے تیسری بار آئی پی ایل کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

  • شاہ رخ خان نے گوتم گمبھیر کو بلینک چیک دینے کی پیشکش کیوں کی؟

    شاہ رخ خان نے گوتم گمبھیر کو بلینک چیک دینے کی پیشکش کیوں کی؟

    کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک شاہ رخ خان نے گوتم گمبھیر کو اپنی فرنچائز کے ساتھ منسلک رہنے کے لیے بلینک چیک کی پیشکش کی تھی۔

    رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور گمبھیر کو فرنچائز کے شریک مالک شاہ رخ نے اگلے 10 سالوں کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ منسلک رہنے کے حوالے سے ’بلینک چیک‘ پیش کیا تھا جب وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچ تھے۔

    آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کے بعد گمبھیر بھارت کا اگلا ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط امیدوار ہیں اور انھیں اس میں دلچسپی بھی ہے۔ تاہم کے کے آر چھوڑنے پر شاہ رخ کے ساتھ ان کی کیا بات چیت ہوگی یا کنگ خان انھیں روکنا چاہیں گے تو گوتم کیا شرائط پیش کرتے ہیں یہ آئندہ کچھ دنوں میں سامنے آئے گا۔

    اس وقت گمبھیر بھارتی ہیڈ کوچ کی نوکری میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں لیکن اگر وہ اس پوسٹ کے لیے درخواست دیتے ہیں تو انھیں اپنے انتخاب کی سو فیصد ضمانت چاہیے۔

    اگر بی سی سی آئی گمبھیر کو صرف ’امیدواروں‘ میں سے ایک کے طور پر دیکھ رہا ہے، تو پھر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ درخواست نہیں دیں گے۔

    رکی پونٹنگ، جسٹن لینگر اور اسٹیفن فلیمنگ جیسے پلیئرز راہول ڈریوڈ کی جگہ ہیڈ کوچ بننے کے لیے بی سی سی آئی کو پہلے ہی انکار کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے بتایا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے سابق اوپنر سے رابطہ کیا ہے کیونکہ وہ سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا متبادل تلاش کرنے کے لیے سرگرداں ہیں۔

    بھارتی بورڈ نے مبینہ طور پر ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے اسٹیفن فلیمنگ سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن چونکہ یہ میعاد 2027 ورلڈ کپ تک ہوگی اس لیے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اس کے تیار نظر نہ آئے۔

    گوتم اس وقت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کوچنگ کا کوئی خاص تجربہ نہ ہونے کے باوجود انھوں نے کے کے آر اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے ساتھ کامیاب کوچ کی حیثیت سے خود کو منوایا ہے۔