Tag: گوتم گمبھیر

  • کیا گوتم گمبھیر کو بھارت کا کوچ بننے کیلئے شاہ رخ خان سے اجازت لینا پڑیگی؟

    کیا گوتم گمبھیر کو بھارت کا کوچ بننے کیلئے شاہ رخ خان سے اجازت لینا پڑیگی؟

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی تلاش اس وقت زور و شور سے جاری ہے جبکہ اکثر نامور غیرملکی کرکٹر بلیوشرٹس کی کوچنگ سے انکار کرچکے ہیں۔

    میڈیا رپوٹس کے مطابق اگر گوتم گمبھیر اور بی سی سی آئی بھارت کے ہیڈ کوچ کے کردار کے لیے معاملات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس میں شاہ رخ خان کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔

    گوتم چونکہ اس وقت کولکتہ کے کوچ ہیں جبکہ کنگ خان فرنچائز کے شریک مالک ہونے کے ساتھ کھلاڑیوں اور کوچ پر اپن اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی پوزیشن کی بات آتی ہے تو اس کا فیصلہ شاہ رخ خان اور گمبھیر کے درمیان نجی بات چیت میں کیا جائے گا۔

    اس سے قبل جے شاہ اشارہ دے چکے ہیں کہ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارت کے ہیڈ کوچ کے طور پر راہول ڈریوڈ کی جگہ ممکنہ طور پر کسی بھارتی کوچ کو منتخب کیا جائے گا۔

    بھارتی بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہمارے کوچ کو ہمارے ڈومیسٹک کرکٹ فریم ورک کا بخوبی علم ہو تاکہ وہ بھارتی ٹیم کو حقیقی معنوں میں اونچائیوں تک لے جایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے سابق اوپنر گوتم گمبھیر سے رابطہ کیا ہے کیونکہ وہ سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا متبادل تلاش کرنے کے لیے سرگرداں ہیں۔

    بھارتی بورڈ نے مبینہ طور پر ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے اسٹیفن فلیمنگ سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن چونکہ یہ میعاد 2027 ورلڈ کپ تک ہوگی اس لیے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اس کے تیار نظر نہ آئے۔

  • ’’ایسا لگا کہ پارٹیشن کے بعد بنگال دوسری بار تقیسم ہوجائے گا!‘‘

    ’’ایسا لگا کہ پارٹیشن کے بعد بنگال دوسری بار تقیسم ہوجائے گا!‘‘

    سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں کولکتہ میں میچ کے دوران بنگال کے دوسری بار تقسیم ہونے کا خدشہ تھا۔

    گوتم گمبھیر جو کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ہیڈ کوچ ہیں اور ان کی سربراہی میں ٹیم نے باآسانی آئی پی ایل کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ انھوں نے ماضی کا ایک دلچسپ قصہ سنایا ہے جب انھیں لگ رہا تھا کہ تقسیم ہند کے بعد دوسری بار بنگال کی سرزمین پھر سے تقسیم ہونے جارہی ہے۔

    روی چندرن ایشون کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ 2011 کے آئی پی ایل سیزن کے دوران ہونے والے میچ کے بارے میں بتایا کہ انھیں گراؤنڈ میں کس طرح کی سپورٹ ملی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ مجھے کئی لوگوں نے کہا تھا کہ تم نے گنگولی کی جگہ کے کے آر کے قائد کا عہدہ سنبھالا ہے اور دادا کو کولکتہ میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اس لیے شائقین کے برتاؤ کے لیے تیار رہنا۔

    سابق کرکٹر نے بتایا کہ میں کولکتہ کے لیے جذبات رکھتا ہوں کیونکہ مجھے وہ ایڈن گارڈن میں ایک میچ یاد ہے۔ ہم پونے واریئرز کے خلاف کھیل رہے تھے اور میرے خیال میں پورا اسٹیڈیم جامنی اور نیلے رنگ میں تقسیم ہوگیا تھا.

    ساروو پونے واریئرز کی قیادت کر رہے تھے جبکہ میں کولکتہ کی سربراہی کررہا تھا ایسے میں مجھے لگا کہ تقسیم ہند کے بعد بنگال دوسری بار تقسیم ہو گا۔

    خیال رہے کہ گوتم گمبھیر کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کے بعد کولکتہ کی ٹیم کئی سال بعد آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچی ہے جبکہ انھیں بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کے حوالے سے بھی خبری گردش کررہی ہیں۔

  • بھارتی ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے گمبھیر درست انتخاب ہیں یا نہیں؟ وسیم اکرم نے بتادیا

    بھارتی ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے گمبھیر درست انتخاب ہیں یا نہیں؟ وسیم اکرم نے بتادیا

    سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے گوتم گمبھیر کے بطور بھارتی ہیڈ کوچ انتخاب کے حوالے سے اس کے فوائد اور نقصانات پر اظہار خیال کیا ہے۔

    کے کے آر کے پرانے کولیگ گوتم گھمبیر کے بارے میں بھارتی اسپورٹس چینل سے بات کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ سابق بھارتی اوپنر اس پوسٹ کے لیے ایک بہترین امیدوار ہیں، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ وہ اس عہدے کو قبول کرتے ہیں یا نہیں۔

    وسیم اکرم نے کہا کہ کبھی کبھی گوتم جارحانہ پن پر اتر آتا ہے، یہی اس کی شخصیت کا پہلو ہے اور وہ یہی جارحانہ پن ٹیم میں بھی لے کر آئے گا لیکن یہ سب اس بات پر منحصر ہے کہ آیا وہ اس کردار کو ادا کرنے پر راضی ہے۔

    سابق پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ گمبھیر ایک بہت سادہ آدمی ہے وہ کوئی مشکل انسان نہیں ہے۔ لیکن وہ صاف، دو ٹوک بات کرنے والا اور اور وہ بات کرتے ہوئے سوچتا نہیں ہے،

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ چیزیں بھارتی کرکٹ کلچر کا حصہ نہیں ہے۔ ہماری ثقافت میں ہم ایسی باتیں کہتے ہیں جس سے لوگ ناراض نہ ہوں۔

    وسیم نے کہا کہ سابق بھارتی بیٹر ایک ایسا شخص ہے اگر اسے کسی کوئی چیز پسند نہیں آئے گی تو وہ یہ بات آپ کے منہ پر کہہ دے گا اور یہی اس کی شخصیت کا خاصہ ہے۔

    واضح رہے کہ راہول ڈریوڈ کے سبکدوش ہونے کے بعد بھارتی بورڈ اپنی ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش میں ہیں اس کے لیے گوتم گمبھیر مضبوط امیدوار بتائے جارہے ہیں جبکہ اسٹیفن فلیمنگ، اشش نہرا سمیت دیگر کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

  • ڈریوڈ کی جگہ ہیڈ کوچ بنانے کیلئے بھارتی بورڈ نے گمبھیر سے رابطہ کرلیا

    ڈریوڈ کی جگہ ہیڈ کوچ بنانے کیلئے بھارتی بورڈ نے گمبھیر سے رابطہ کرلیا

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے راہول ڈریوڈ کی جگہ سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کے لیے ان سے رابطہ کرلیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیفن فلیمنگ، رکی پونٹنگ اور وی وی ایس لکشمن کو ایک سائیڈ پر کرتے ہوئے گوتم گمبھیر وہ تازہ نام ہے جسے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اگلا ہیڈ کوچ بنانے کے لیے بی سی سی آئی نے ان سے رابطہ کیا ہے۔

    کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو نے بتایا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے سابق اوپنر سے رابطہ کیا ہے کیونکہ وہ سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کا متبادل تلاش کرنے کے لیے سرگرداں ہیں۔

    بھارتی بورڈ نے مبینہ طور پر ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے اسٹیفن فلیمنگ سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن چونکہ یہ میعاد 2027 ورلڈ کپ تک ہوگی اس لیے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اس کے تیار نظر نہ آئے۔

    گوتم اس وقت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مینٹور کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، کوچنگ کا کوئی خاص تجربہ نہ ہونے کے باوجود انھوں نے کے کے آر اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے ساتھ کامیاب کوچ کی حیثیت سے خود کو منوایا ہے۔

    فرنچائز کے لیے کامیاب کوچنگ کے بعد اب بی سی سی آئی کی نظر ان پر پڑی ہے۔ ابھی بی سی سی آئی اور گمبھیر کے درمیان بات چیت ابتدائی مراحل میں ہیں جس کے لیے آخری تاریخ 27 مئی مقرر کی گئی ہے۔

    گوتم کے ساتھ مزید بات چیت کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ سیزن مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔ ڈریوڈ نے بی سی سی آئی کو اپنی مدت میں توسیع نہ کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

  • شاہ رخ کا اپنی ٹیم سے کیسا رویہ ہے؟ گوتم گمبھیر کا اہم انکشاف

    شاہ رخ کا اپنی ٹیم سے کیسا رویہ ہے؟ گوتم گمبھیر کا اہم انکشاف

    لکھنؤ سپر جائنٹس کے مالک کا اپنی ٹیم کے کپتان کے ایل راہول کے ساتھ برا سلوک اس وقت خبروں کی زینت بنا ہوا ہے، وہیں کے کے آر کے مینٹور گوتم گمبھیر نے شاہ رخ خان کے برتاؤ سے متعلق اہم انکشاف کردیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گوتم گمبھیر نے شاہ رخ خان کے برتاؤ سے متعلق ویڈیو بیان میں بتایا کہ میں نے اب تک جتنے بھی ٹیم مالکان کے ساتھ کام کیا ہے ان میں شاہ رخ خان بہترین ٹیم مالک ہیں۔

    گوتم گمبھیر نے کہا کہ کنگ خان کا کھلاڑیوں کے ساتھ بہت اچھا رویہ ہے اور وہ اپنے کھلاڑیوں کو پوری طرح سے سپورٹ کرتے ہیں۔

    کے کے آر کے مینٹور گوتم گمبھیر نے حال ہی میں، ایک اسپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ، ‘میں نے اب تک جتنے بھی مالکان کے ساتھ کام کیا ہے ان میں کنگ خان بہترین مالک ہیں۔

    گوتم گمبھیر نے کہا کہ کے کے آر ٹیم میں کرکٹ کے معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کرتے، وہ مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں اور میرے فیصلوں کی حمایت بھی کرتے ہیں۔ گمبھیر نے مزید کہا کہ ‘کپتان، کوچ اور مالکان کے درمیان تعلق بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے’۔

    گوتم گمبھیر نے کہا کہ بھارت میں کچھ تجزیہ کار صرف ایک منٹ اور ایک میچ کی بنیاد پر اپنا تجزیہ دینا شروع کرتے ہیں، تنقید تب کی جانی چاہیے جب آپ اس حالت میں ہوں اور اس دباؤ کو جانتے ہوں۔ شاہ رخ خان اس جدوجہد اور دباؤ کو جانتے ہیں۔

  • گوتم گمبھیر نے اچانک اپنی سیاسی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا

    گوتم گمبھیر نے اچانک اپنی سیاسی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا

    سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے سیاسی میدان چھوڑنے کا اعلان کر دیا، سوشل میڈیا کے ذریعے وزیر اعظم مودی کو بھی پیغام دے دیا۔

    اس وقت گوتم مشرقی دہلی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بھارتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ امت شاہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اب صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

    بھارتیہ جنتا پارٹی آئندہ لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے اپنی پہلی فہرست آج جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ کئی موجودہ ارکان پارلیمنٹ کو بھی ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انھوں نے کہا کہ ’میں نے پارٹی کے صدر جے پی نڈا سے درخواست کی ہے کہ وہ مجھے میرے سیاسی فرائض سے فارغ کریں تاکہ میں کرکٹ کے حوالے سے کی جانے والی کمٹمنٹ پوری کرسکوں۔‘

    گوتم گمبھیر نے مزید کہا کہ ’میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنھوں نے مجھے لوگوں کی خدمت کا موقع دیا۔‘

    سابق کرکٹر نے 2019 میں مشرقی دہلی سے لوک سبھا کی سیٹ جیتی تھی۔ اس وقت وہ مشرقی دہلی سے بی جے پی کے لوک سبھا رکن ہیں۔
    واضح رہے کہ گوتم ٹی 20 ورلڈ کپ 2007 اور ون ڈے ورلڈ کپ 2011 میں کامیابی حاصل کرنے والی بھارتی ٹیم کے رکن تھے۔ انھوں نے نے دونوں ایونٹس کے فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔

    گوتم فی الحال آئی پی ایل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے مینٹور ہیں جبکہ وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

  • عرفان پٹھان سے پیار کرتی تھی، گمبھیر مسڈ کال کرتے تھے، پائل گھوش

    عرفان پٹھان سے پیار کرتی تھی، گمبھیر مسڈ کال کرتے تھے، پائل گھوش

    بھارتی اداکارہ پائل گھوش نے انکشاف کیا ہے کہ عرفان پٹھان سے پیار کرتی تھیں جبکہ گوتم گمبھیر انہیں مسڈ کال کرتے تھے اور پیچھے پڑے تھے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اداکارہ پائل گھوش نے لکھا کہ سابق کرکٹر گوتم گمبھیر انہیں باقاعدگی سے مسڈ کالز کرتے تھے جبکہ عرفان پٹھان سے پیار کرتی تھیں اور وہ میرا فون بھی چیک کیا کرتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ’میں نے عرفان پٹھان کو 2011 سے پانچ سال تک ڈیٹ کیا اور پھر سب کچھ ختم ہوگیا، میرے پیچھے گوتم گمبھیر اور اکشے کمار تھے لیکن میں صرف عرفان سے ہی پیار کرتی تھی اور ان کے علاوہ کسی اور کو نہیں دیکھ سکتی تھی۔‘

    پائل گھوش کا کہنا تھا کہ ’میں عرفان کو ہر چیز کے بارے میں بتاتھی تھی اور انہیں گوتم گمبھیر کی مسڈ کالز بھی دکھا چکی ہوں، عرفان کو یہ سب اچھی طرح معلوم تھا اور وہ میری فون کالز چیک کیا کرتے تھے۔‘

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران پونے عرفان سے ملنے گئی تو انہوں نے بھائی یوسف پٹھان، ہاردک اور کرونل پانڈیا کے سامنے بھی ان باتوں کا ذکر کیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے عرفان کے علاوہ کسی سے پیار نہیں کیا جب میرا عرفان پٹھان سے بریک اپ ہوا تو میں بیمار ہوگئی تھی اور کئی برس تک کام نہیں کرسکی۔

    واضح رہے کہ پائل گھوش کا تعلق کولکتہ سے ہے اور ممبئی میں مقیم ہیں، وہ سیاست دان بھی ہیں جنہوں نے رام داس اٹھاولے کی ریپبلکشن پارٹی میں شمولیت اختیار کی، وہ پارٹی خواتین ونگ کی نائب صدر بھی ہیں۔

    پائل گھوش متعدد فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے پائل گھوش کی ٹوئٹس پر مزاحیہ تبصرے کرنے سمیت انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جھوٹی بھی قرار دیا۔

  • گوتم گمبھیر نے پاکستان کی موجودہ پرفارمنس کا پوسٹ مارٹم کردیا!

    گوتم گمبھیر نے پاکستان کی موجودہ پرفارمنس کا پوسٹ مارٹم کردیا!

    سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ تجزیہ کار گوتم گمبھیر نے پاکستان کی موجودہ پرفارمنس کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے شکست کی وجہ بتا دی۔

    پاکستان کی لگاتار شکست پر گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فیلڈنگ اس کی ذمہ دار ہے۔ اس سے قبل ایشیا کپ میں بھی اس پر بات کی جا چکی ہے، بولنگ اور بیٹنگ میں کسی ٹیم کا دن برا ہو سکتا ہے لیکن فیلڈنگ میں نہیں ہو سکتا،

    بھارت کے سابق جارح مزاج اوپنر نے کہا کہ گرین شرٹس کی ناقص فیلڈنگ ایشیا کپ سے جاری ہے جسے بہتر نہیں بنایا جاسکا، میں تو یہ کہوں گا کہ پاکستان آئی سی یسی ورلڈکپ کی ایک معمولی فیلڈنگ ٹیم ہے۔

    گوتم گمبھیر نے مزید تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری مشکل جس سے پاکستان برسرپیکار ہے وہ ان کی اسپن بولنگ ہے، افغانستان کے خلاف میچ میں اوس نہ ہونے کے باوجود تینوں میں سے کوئی پاکستانی اسپنروکٹ نہ لے سکا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج کی کرکٹ 1990 یا 2011 جیسی نہیں جب آپ 270 یا 280 اسکور کریں اور سوچیں بولرز دفاع کرلیں گے اب کرکٹ کافی جدید ہوچکی ہے۔

  • کیا کپل دیو کو اغوا کرلیا گیا؟ ویڈیو وائرل

    کیا کپل دیو کو اغوا کرلیا گیا؟ ویڈیو وائرل

    کپل دیو جو کہ بھارت کے لیجنڈ کرکٹرز میں سے ایک ہیں، ورلڈکپ سے محض چند دن قبل ان کے اغوا کی ویڈیا نے سوشل میڈیا صارفین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

    سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کپل دیو کے اغوا کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی خیریت سے ہونے کی دعا کی ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں گمبھیر نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ ’کسی اور کو بھی یہ کلپ موصول ہوا ہے؟ امید ہے کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوا ہوگا اور کپل پاجی خیریت سے ہوں گے۔‘

    گوتم نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے بندھے ہوئے ہیں اور وہ غالباً کپل دیو یا ان سے ملتی جلتی شکل کا کوئی شخص ہے۔ اسے دو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ کھینچتے ہوئے لے جا رہے ہیں۔

    ویڈیو میں اغوا ہونے والا شخص پیچھے مڑ کردیکھتا ہے جس سے اس کا چہرہ واضح طور پر نظر آتا ہے، مذکورہ شخص سابق بھارتی کپتان کپل دیو سے غیر معمولی مشابہت رکھتا ہے۔

    اس ویڈیو کے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد کرکٹ شائقین حیران کن تشویش میں مبتلا ہیں، کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ حقیقی اغوا کی واردات نہیں ہے بلکہ کسی اشتہاری اسٹنٹ کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔

    مداحوں نے اس طرح کا اشتہار بنانے پر کمپنی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے کہ وہ صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے کس طرح اتنا گرا ہوا کام کرنے سے بھی گریز نہیں کررہی۔

  • گوتم گمبھیر کا بابراعظم سے متعلق اہم انکشاف!

    گوتم گمبھیر کا بابراعظم سے متعلق اہم انکشاف!

    سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔

    بھارت کے سابق سپر اسٹار کھلاڑی گوتم گمبھیر نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم کی مخصوص صلاحیتوں کہ جس آسانی کے ساتھ وہ کھیلتے ہیں، پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ واقعی ہمارے روہت شرما، ویرات کوہلی، کین ولیمسن، جو روٹ اور ڈیوڈ وارنر جیسے کھلاڑی موجود ہیں لیکن بابر اعظم کا معیار مختلف ہے۔

    گمبھیر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم میں ہر وہ خوبی ہے جس سے وہ اس ورلڈ کپ کو سنسنی خیز بنا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے بہت کم ایسے کھلاڑی دیکھے ہیں جن کے پاس بیٹنگ کرنے کی غیر معمولی صلاحیتیں ہیں۔

    واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پاکستان کے لئے 108 میچ کھیل چکے ہیں، انہیں بہترین بلے بازوں میں تصور کیا جاتا ہے، انہوں نے 105 اننگز میں 5409 رنز بنائے ہیں اور ان کی اوسط 58.16 ہے۔

    آئی سی سی مینز ورلڈ کپ جو کہ 5 اکتوبر 2023 سے بھارت میں شروع ہونے والا ہے جس میں بابر اعظم الیون 6 اکتوبر سے ہالینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔