Tag: گوجرانوالا

  • گوجرانوالا، پلیٹ توڑنا جرم بن گیا، 10 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد

    گوجرانوالا، پلیٹ توڑنا جرم بن گیا، 10 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد

    گوجرانوالا: پنجاب کے علاقے گوجرانوالا میں پلیٹ توڑنا جرم بن گیا، 10 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ کو مالکن نے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے گوجرانوالا میں دس سالہ کمسن گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد کے بعد مالکن نے بچی پر ابلتا ہوا پانی پھینک دیا اور سر پر آہنی راڈ سے تشدد بھی کیا۔

    دس سالہ بچی جینا کا سارا جسم جھلس گیا، بچی کی حالت غیر ہونے پر مالکن عظمیٰ اسپتال لے جانے کے بجائے بچی کو شاہدرہ چوک میں پھینک کر فرار ہوگئی۔

    متاثرہ بچی کا کہنا ہے کہ مالکان جسم پر گرم پانی اور مرچ ڈالتے تھے، انہوں نے سر کے بال بھی کاٹ دئیے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کا جسم 70 فیصد جھلس چکا ہے، حالت تشویش ناک ہونے پر متاثرہ بچی کو لاہور ریفر کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں: گوجرانوالہ: کمسن گھریلو ملازمہ پر جان لیوا تشدد، گھر کے مالک اور مالکن فرار

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے غلام فرید کے مطابق غربت کے ہاتھوں مجبور معذور کرامت نے بچوں کے بہتر مستقبل کی غرض سے دونوں بہن بھائیوں کو گوجرانوالا میں عظمیٰ نامی خاتون کو سونپ دیا تھا، دس سالہ بچی جینا گوجرانوالا میں عظمیٰ کے گھر کی صفائی اور برتن وغیرہ دھوتی تھی۔

    جینا کے والدین اور اہل محلہ نے عظمیٰ سے بھائی کو بازیاب کرانے اور مالکن عظمیٰ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    متاثرہ بچی کے والدین نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

  • گرلزاسکول کی زمین کا معاملہ طے، سپریم کورٹ کا تحریری معاہدہ جمع کرانے کا حکم

    گرلزاسکول کی زمین کا معاملہ طے، سپریم کورٹ کا تحریری معاہدہ جمع کرانے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ کے ایکشن پرگوجرانوالا میں گرلزاسکول کی زمین کا معاملہ طے پاگیا اور درخواست گزار نے متبادل جگہ کی پیشکش قبول کر لی،  عدالت نے پنجاب حکومت اوردرخواست گزار کا تحریری معاہدہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں گوجرانوالہ میں گرلز اسکول کی اراضی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں اسکول کی زمین کا مسئلہ حل نہ ہونے پر حکومت پنجاب پر سخت برہمی کا اظہار کیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے استفسار کیا مسئلہ حل کیوں نہیں ہوسکتا؟ کیاپنجاب حکومت ایک سکول کو زمین تک نہیں دےسکتی۔

    جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس میں کہا متبادل زمین پنجاب حکومت نے دینی ہے، اس مسئلے پرعدالت کیا حکم دے سکتی ہے؟ کالج کی زمین پر بننے والی کچی آبادی ہٹانے کا حکم دے سکتے ہیں۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا حکومت نےبتانا ہے کونسی متبادل زمین موجود ہے، چیف سیکرٹری صاحب آپکا تمام عملہ نا اہل ہے، چیف اتنا سا مسئلہ حل نہیں کر سکتے ،صوبہ کیسے چلا رہے ہیں؟ صوبے کےسب سےبڑے بیوروکریٹ کا رویہ قابل افسوس ہے۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا پرآکر روزانہ بڑی بڑی باتیں کی جاتی ہیں، تقریروں کےعلاوہ آپ کوئی مسئلہ بھی حل کرسکتےہیں، اے جی  پنجاب نے تحریری جواب میں نااہلی تسلیم کی ، کیا 13 سال ناکافی تھے مسئلہ حل کرنے کےلیے؟

    جس پر ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا مجھے بات سمجھانے کی اجازت دی جائے توجسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا مسئلہ قانونی نہیں انتظامی ہے ،آپ خاموش رہیں، عدالت میں ایک بے معنی ساکاغذ جمع کرا دیاگیا ، حکومت کچھ نہیں کرے گی تو فیصلہ کرنا عدالت کی مجبوری ہے۔

    جسٹس گلزار کا کہنا تھا عدالت کو مزید لالی پاپ نہ دیں، لگتا ہے مسئلہ چیف سیکرٹری کے بس کا نہیں کوئی اور ہی آئے گا۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے درخواست گزارسے استفسار کیا کیامتبادل جگہ آپ کو قبول ہے، جس پر درخواست گزار نے کہا وہ لوگ ملکیت نہیں دے رہے صرف جگہ دے رہے ہیں، جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا آپ نے ملکیت کو کیا کرنا ہے، وقف جگہ صرف تعلیم کےلیےتھی، سپریم کورٹ کےفیصلے کے  بعد حکومت بے دخل نہیں کر سکے گی، ہائی کورٹ نے بھی آپ کے خلاف فیصلہ دیا۔

    جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کیا آپ کو پنجاب حکومت کی متبادل جگہ کی پیشکش قبول ہے، جس پر درخواست گزار نے کہا آپ میرٹ پر فیصلہ کر دیں  تو جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تو آپ کیا کریں گے۔

    سپریم کورٹ کے ایکشن پرگوجرانوالا میں گرلزاسکول کی زمین کا معاملہ طے پاگیا اور درخواست گزار نے متبادل جگہ کی پیشکش قبول کر لی، عدالت نے پنجاب حکومت اوردرخواست گزار کا تحریری معاہدہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    گذشتہ روز سماعت میں سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو مسئلہ حل کرنے کے لئے کل تک کی مہلت دی تھی، جسٹس گلزار نے کہا  تھا چھوٹا سا مسئلہ بھی حل نہیں کر سکتے تو عہدے پر کیوں ہیں؟ چیف سیکرٹری مسئلہ حل کریں ورنہ نتائج بھگتیں۔

  • گوجرانوالا اور مردان گیس لیکج حادثہ، 3افراد جاں بحق

    گوجرانوالا اور مردان گیس لیکج حادثہ، 3افراد جاں بحق

    پنجاب /خیبر پختونخوا : سردی میں گیس لیکیج سے حادثات بڑھنے لگے ہیں، گوجرانوالا اور مردان گیس لیکج میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گیس لیکیج کے حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے، سخت سردی سے بچنے کے لیے گھروں میں گیس کے ہیٹر جلائے جاتے ہیں اور اسی دوران گیس لیکیج کے جان لیوا واقعات ہوتے ہیں۔

    ایسے ہی ایک واقعہ گوجرانوالا کے ایک گھر میں ہوا، جہاں گیس لیکج سے زور دار دھماکہ ہوا اور گھر میں موجود خاتون جھلس کرجاں بحق ہوگئی۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے تین بچوں کو طبی امدادکے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب مردان میں گیس لیکیج کی وجہ سے نجی بینک کے دو سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے، ریسکیو زرائع کے مطابق سیکیورٹی گارڈز دم گھٹنے سے چل بسے۔

  • بڑی خوش خبری ملنے والی ہے نیا پاکستان بننے جارہا ہے، عمران خان

    بڑی خوش خبری ملنے والی ہے نیا پاکستان بننے جارہا ہے، عمران خان

    گوجرانوالا :عمران خان نے کہا ہے کہ بڑی خوش خبری ملنے والی ہے ، پولیس فیصلہ کر لے کہ وہ عوام کی ملازم ہے یا بادشاہوں کی ہے۔

    گوجرانوالا پہنچنے پراستقبالیہ ہجوم سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑی خوشخبری ملنے والی ہے، نیا پاکستان بننے جارہا ہے، پاکستانیوں کیلئےاچھا وقت آنیوالاہے، عمران خان نے کہا کہ آزادی کوئی پلیٹ میں رکھ کر پیش نہیں کرتا ، چھینی پڑتی ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے اٹھارہ سال جدوجہد کی ہے اور عوام کا ہجوم دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ، آزادی مارچ میں دس لاکھ لوگ اسلام آباد  پہنچیں گے، انھوں نے کہا کہ جو حکومت دھاندلی کرکے آتی ہے اسے عوام کی پرواہ نہیں ہوتی، آزادی تب ملے گی جب ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی، عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس اتنی طاقت ہے کہ ان کی حکومت الٹ سکتے ہیں۔،

    عمران خان کا کہا کہ بادشاہت کا آخر آگیا ہے ،نیا پاکستان بنے گا ، نواز شریف کو سمجھ جانا چاہیئے کہ عوام ان کی حکومت کو نہیں مانتے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک گیارہ  مئی کے انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں نہیں دی جائیں گی اس وقت تک ملک میں صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔

    عمران خان نے کہا کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر میچ فکسنگ کی، انھوں نے کہا کہ ہمارا مارچ پر امن ہے لیکن حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے زریعے کیلییں پھینکی گئی، جس سے ہمارے کارکنان کی کئی موٹر سائیکل اور گاڑیاں پنکچر ہوئیں، کچھ بھی ہوا تو انتظٓامیہ ذمہ دار ہوگی۔

    عمران خان نے کہا کہ جو لوگ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور انتظار کریں وہ جلد ان سے آکر ملیں گے، پنجاب پولیس گرفتارکارکنان کو فوری رہا کرے،عمران خان نے اس موقع پر سب کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوگ پرانے نظام سے آزادی کی تیاری کریں۔

  • گوجرانوالا:بھائی نے بھابھی اور 5بچوں کو کرنٹ لگا دیا،3بچے جاں بحق

    گوجرانوالا:بھائی نے بھابھی اور 5بچوں کو کرنٹ لگا دیا،3بچے جاں بحق

    گوجرانوالا: جائیداد کے تنازعہ پر سنگ دل دیور نے بھابھی اور اس کے پانچ بچوں کو کرنٹ لگا دیا، کرنٹ لگنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ ماں اور دو بچے زخمی ہوگئے، جنہیں تشویشناک حالت کے پیش نظر ہسپتال منتقل کردیا گیا، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

    گوجرانوالا کے تھانہ صدر کامونکے کے نواحی گاؤں راجہ میں جائیداد کے تنازعہ پر بھائی نے اپنے ہی بھائی کے گھر قیامت ڈھادی، بھائی نے بھابھی اوراُس کے پانچ بچوں کو کرنٹ لگادیا ،کرنٹ کی شدت سے تین معصوم بچے موقع پردم توڑ گئے جبکہ ماں اوردو بچے زخمی ہوگئے۔

    زرائع کے مطابق سنگدل ملزم رمضان جوکہ بچوں کا تایا بتایا جاتاہے نے اپنے کمسن بھتیجوں چار سالہ طیب ،سات سالہ ایمان فاطمہ ،پانچ سالہ مہک ،دوسالہ حسن اور نو سالہ منزہ اورا ن کی والدہ سکینہ بی بی کوسحری کے وقت نشہ آور چیز کھلا کر لوہے کی چارپائیوں کے ساتھ باندھ دیا اور بعدازاں بجلی کے ننگے تارلگا کر کرنٹ لگا   دیا، جس کے نتیجہ میں چار سالہ طیب ،سات سالہ ایمان فاطمہ اور پانچ سالہ مہک موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دوسالہ حسن اور نو سالہ منزہ اور ان کی والدہ سکینہ بی بی کوتشویشناک حالت میں مرید کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تھانہ صدر کامونکی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ زخمی خاتون اور بچوں کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔