Tag: گوجرانوالہ جلسہ

  • کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا: سراج الحق

    کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا: سراج الحق

    گوجرانوالہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بند گلی میں داخل ہو گئی ہے، کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا۔

    گوجرانوالہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا 11جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے کئی جلسے کیے لیکن ان کے ایک جلسے میں بھی اسلامی تعلیمات کا مطالبہ نہیں ہوا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا مجھ سے پوچھتے ہیں کہ پی ڈی ایم میں شرکت کیو ں نہیں کی، ہم اس سیاسی بریانی کاحصہ نہیں بن سکتے جس کا کوئی منشور اور لیڈر نہیں، اس ملک میں نظام مصطفیٰﷺ ہونا چاہیے۔

    انھوں نے کہا پی پی کی تو سندھ میں حکومت ہے لیکن وہاں غریب آدمی سسکتا ہے، تو یہ لاہور اور دیگر علاقوں کا کیا حال کریں گے، کرونا وائرس بھی ختم ہوگا اور سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا، یہ ساری پارٹیاں بندگلی میں داخل ہوگئی ہیں۔

    سراج الحق نے کہا آج قائد اعظم کے احسان مند ہونے کا دن ہے، پوری قوم آج شرمندہ ہے، ان غلاموں نے پاکستان کے نظریے کے ساتھ غداری کی، ہم اپنا آخری خون کا قطرہ دے کر حقیقی پاکستان بنائیں گے، محمدعلی جناح نے اسلامیہ کالج پشاور میں خطاب میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ اسلام گاہ ہوگا۔

  • گوجرانوالہ جلسہ ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے

    گوجرانوالہ جلسہ ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے

    گوجرانوالہ: 16 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم میں ہونے والے جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے پاگیا ، جس میں تمام راستےکھولنے ، کنٹینرزہٹانے اور تمام گرفتارافرادکورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں معاہدے طے پا گیا، طویل مذاکرات کے بعد 28 نکاتی معاہدے پراتفاق ہوا ، جس کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جناح اسٹیڈیم میں ہوگا، جلسے کا وقت سہ پہر3 سے رات12 بجے تک مقرر کیا گیا۔

    معاہدے کے مطابق جلسے میں کورونا ایس اوپیزپرعملدآمدلازمی ہوگا اور بناماسک ،سینیٹائزر کے جلسہ گاہ میں داخل ہونے نہیں دیا جائےگا جبکہ پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اسٹیڈیم کے سوا کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا۔

    معاہدےکے نکات میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم جی ٹی روڈ بند نہیں کرےگی ، ملکی سلامتی کےاداروں اورخلاف آئین کوئی تقریرنہیں کی جائےگی اور خلاف ورزی پرجلسہ انتظامیہ کےخلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق تمام راستےکھولنے ، کنٹینرزہٹانے اور تمام گرفتارافرادکورہاکرنےکافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کوئی چھاپہ مار کارروائی نہیں کی جائے گی۔

    خیال رہے مسلم لیگ ن کی قیادت نے جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی تھی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منتظمین کو جلسے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، انتظامیہ نے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عمل کریں۔