Tag: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: پتنگ کی ڈور میں کرنٹ سے باپ جاں بحق، بیٹا بیٹی زخمی

    گوجرانوالہ: پتنگ کی ڈور میں کرنٹ سے باپ جاں بحق، بیٹا بیٹی زخمی

    گوجرانوالہ : پنجاب میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی نہیں روکی جاسکی، پتنگ بازی نے ایک اور شخص کی جان لے لی، گوجرانوالہ کے محلہ فاروق گنج میں کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور سے باپ جاں بحق بیٹی اور بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے، پتنگ بازی نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دی۔

    گوجرانوالہ میں دھاتی ڈور بجلی کے تاروں میں الجھی اورسانحہ ہوگیا، محلہ فاروق گنج میں چودہ سال کی عیشا اورسات سالہ حنین چھت پر کھیل رہے تھے۔

    اس دوران بچوں نے ایک کٹی ہوئی پتنگ پکڑنے کی کوشش کی تو قاتل ڈورمیں دوڑتے کرنٹ نے دونوں بچوں کو پکڑ لیا۔ باپ عبدالغفار بچوں کی چیخیں سن کر انہیں بچانے آیا۔

    بدنصیب باپ نے بچوں کو تو بچالیا مگرخود کو کرنٹ سے نہ بچا سکا، دھاتی ڈور میں الجھا عبدالغفار موقع ہی دم توڑ گیا جبکہ کرنٹ لگنے سے دونوں بچے بھی زخمی ہوگئے۔

    پنجاب میں پتنگ بازی اور دھاتی ڈور پر پابندی مذاق بن کررہ گئی ہے، پتنگیں بھی اڑ رہی ہیں، دھاتی ڈوربھی موت بانٹ رہی ہے، لیکن ان موت کے سوداگروں کو کوئی پکڑنے والا نہیں۔

    واضح رہے کہ پتنگ بازی میں سدی مانجھے کی جگہ کیمیکل ڈور کے استعمال نے لا تعداد گھروں میں صف ماتم بچھا دی ہے، اس حوالے سے بسنت میلوں میں بھی اکثر ایسے واقعات پیش آچکے ہیں کہ جس میں کئی گھروں کے چراغ بجھ گئے۔

  • گوجرانوالہ: تاجرکا قتل، اے آروائی نیوزنے فوٹیج حاصل کرلی

    گوجرانوالہ: تاجرکا قتل، اے آروائی نیوزنے فوٹیج حاصل کرلی

    گوجرانوالہ : عید کے دن تاجر کے قتل کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی، قاتل بہت سکون سے آیا تاجر پر فائرنگ کی اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابقمعروف بزنس مین اور نجی پلازہ کے مالک محمد یوسف جنہیں عید کے پہلے روز فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا، ان کے قتل کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حا صل کرلی۔

    :ویڈیو دیکھیں 

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تاجر گاڑی میں سوار ہوتا ہے کہ گھر کے باہر گھات لگایا قاتل گھر میں داخل ہوا اور گا ڑی میں بیٹھے تاجر پرفائرنگ شروع کردی جس سے تاجر محمد یوسف موقع پرجاں بحق ہو گیا۔

    سفاکانہ کا رروائی کے بعد قاتل نے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے بچوں اور شہریوں پر بھی فائرنگ کی اور بڑے اطمینان سے موٹر سائیکل پر بیٹھ کرفرارہوگیا۔

  • آپریشن ردالفساد : جماعت الاحرار کے 3 کارندوں سمیت 5 دہشتگرد گرفتار

    آپریشن ردالفساد : جماعت الاحرار کے 3 کارندوں سمیت 5 دہشتگرد گرفتار

    گوجرانوالہ : ملک بھر میں بھرپور قوت کے ساتھ آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں ۔ گوجرانوالہ سے جماعت الاحرار کے تین کارندے پکڑے گئے دیگر شہروں سے بھی درجنوں ملزم دھر لیے گئے۔

    تفصیلات کےمطابق کاؤننٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ معلومات پرگوجرانوالہ میں ایک کامیاب کارروائی کر کے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق تینوں گرفتار دہشت گردوں کا تعلق جماعت الاحرارسے ہے، گرفتار دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے.

    دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد ہواہے۔ دوسری جانب سوات میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے اہم دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، ملزم داؤد دو ہزار سات میں اسکولوں کو جلانے میں ملوث رہا ہے.

    سی ٹی ڈی نے نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور میں کارروائی کر کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گرد کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے، ملزم محراب پور ریلوے ٹریک بم دھماکے کا مرکزی ملزم ہے۔

  • گوجرانوالہ : لکڑی کھانے والا بابا عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا

    گوجرانوالہ : لکڑی کھانے والا بابا عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا

    گوجرانوالہ : سوشل میڈیا سے شہرت پانے والا گوجرانوالہ کارہائشی محمود بٹ عرف لکڑی بابا گذشتہ پچیس سال سے لکڑیاں کھا رہا ہے۔

    پچیس سالہ قبل اس نے غربت کی وجہ سے لکڑیاں کھانا شروع کی لیکن دن رات محنت مزدوری کے باوجود اس کے حالت نہیں بدل سکے اور وہ آج بھی لکڑیاں کھانے پر مجبور ہے۔


     اس کی یہ عادت عالمی میڈیا پرشہرت کا باعث بن چکی ہے، محمود بٹ کا کہنا ہے کہ گدھا گاڑی سے بمشکل ایک وقت کی روٹی میسر آتی ہے جو اس کے بچوں کے لیے بھی پوری نہیں ہوتی پھر اس کے پاس لکڑیاں کھا کر پیٹ بھرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں تھا۔

    اے آر وائی نیوز سے ایک انٹرویو میں محمود بٹ کا کہنا ہے کہ بوہڑ،ٹالی اورسکھ چین کی لکڑی اس کی مرغوب غذا ہے۔

    انٹرنیشنل میڈیا کی توجہ کا مرکز بننے والا گوجرانوالہ کے محمو دبٹ کا مسئلہ لکڑی نہیں بلکہ غربت ہے کام مل جائے تو روٹی ورنہ لکڑی پر گزارا جو کہ حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

  • گوجرانوالہ میں پولیس اہلکار کا قیدی سے جانوروں جیسا سلوک

    گوجرانوالہ میں پولیس اہلکار کا قیدی سے جانوروں جیسا سلوک

    گوجرانوالہ : پولیس اہلکار نے قانون توڑنے کی حد کردی۔ سادہ لباس اہلکار ملزم کو زنجیر سے باندھ کرسڑک پر لے آیا۔ پولیس اہلکارملزم کو ذاتی گاڑی میں اسپتال لے کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں قانون کا رکھوالا ہی قانون شکن بن گیا، گوجرانوالہ کی سڑک پر لوگوں نے یہ عجیب منظردیکھا کہ پہلوان نما پولیس اہلکار جس کے ہاتھ میں ایک اور شخص کی زنجیر ہے زنجیرمیں جکڑے ہوئے آدمی کو ایسے گھسیٹتا ہوا لے جارہا ہے جسے وہ کوئی بھیڑ بکری ہو۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار یاسین جو ملزم کو زنجیرمیں کھینچتا ہوا لے جارہا ہے۔ صاحب بہادر نے وردی پہننے کی زحمت بھی گوارنہیں کی۔

    کہانی صرف یہاں ختم نہیں ہوئی، سادہ لباس اہلکارملزم کو سرکاری گاڑی میں نہیں بلکہ پرائیوٹ جیپ میں لے کرگیا، ملزم کو زنجیر سمیت پیچھے بٹھایا اور موصوف خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئے۔

    اہلکاریاسین مذکورہ ملزم کو میڈیکل کے لیےاسپتال لایا تھا لیکن لگ ایسا رہا تھا جیسے وہ ملزم نہیں اس کا ذاتی قیدی یا غلام ہو۔

  • نوجوان لڑکے کے قتل کا معمہ حل، فیس بک فرینڈ نے قتل کیا

    نوجوان لڑکے کے قتل کا معمہ حل، فیس بک فرینڈ نے قتل کیا

    گوجرانوالہ : میڈیکل کے آخری سال کے طالب علم شیرون کی تین دن پرانی لاش سیالکوٹ سے ملی ہے جسے مبینہ طور پر اس کی فیس بک دوست نے قتل کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے ملنے والی نوجوان کی لاش کی شناخت شیرون کی نام سے ہو گئی ہے جو میڈیکل کے آخری سال کا طالب علم اور گوجرانوالہ کا رہائشی ہے۔

    Gurjranwala: Facebook friendship takes a… by arynews

    شیرون کے گھروالوں اور قریبی دوستوں کا دعوٰی ہے کہ شیرون کے قتل میں اس کی فیس بک دوست ملوث ہے اور اس لڑکی نے شیرون کو اسلام آباد بلایا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا تھا اور پھر سیالکوٹ سے اس کی لاش ملی۔

    گھر والوں نے انکشاف کیا کہ گھر سے جاتے وقت شیرون اپنے ہمراہ سولہ لاکھ روپے لے کر گیا تھا اور اسے لڑکی کے ہمراہ بیرون ملک جانا تھا لیکن گھر شیرون کی لاش آئی ہے جب کہ رقم کا کچھ پتہ نہیں ہے۔

    پولیس کاکہنا ہے کہ مقتول شیرون کو زہر دے کر قتل کیا گیا اور اس کے والدین اور دوستوں کے بیان پر کارروائی کرتے ہوئے فیس بک دوست نائلہ کے گھر واقع سمبڑیال میں چھاپہ مار کر لڑکی کے والدین کو گرفتار کر لیا ہے جب کے لڑکی بیرون ملک فرار ہو گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے لڑکی کے گھر سے جب کہ شیرون کے کپڑے، موبائل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جس کی روشنی میں تفتیش کا عمل جاری ہے جب کہ شک ہے کہ لڑکی 16 لاکھ ہتھیانے کے بعد نیپال منتقل ہو گئی ہے۔

  • عمران خان کو ملکی مفادات کا ذرا بھی خیال نہیں، انجینئرامیرمقام

    عمران خان کو ملکی مفادات کا ذرا بھی خیال نہیں، انجینئرامیرمقام

    گوجرانوالہ : وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان ملکی مفاد کا خیال نہیں کرتے اس لیے وہ وزیر اعظم نہیں بن سکتے ،انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہہ کر ملک کا بھی خیال نہیں کیا، دہشت گردی کی جنگ میں پختون سب سے ذیادہ متاثرہ ہوئے۔

    ان خیالات کا اظہار انجینئرامیر مقام نے گوجرانوالہ میں پختون کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ملکی مفاد کا خیال نہیں کرتے وہ کس طرح وزیر اعظم بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل کی سخت مخالفت کی اور جب فائنل ہو گیا تو غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہہ دیا، ان کی یہ باتیں ملکی مفاد کے خلاف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا پختونوں نے اس کا مل کر مقابلہ کیا، دہشت گردی کی جنگ میں سب سے ذیادہ نقصان پختونوں کا ہوا، پختون اپنے گھر چھوڑ کر آئی ڈی پیز بن گئے۔

    امیر مقام کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک قوم یا ایک صوبے کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں اور ان کی سربراہی میں ملک ترقی کی منازل طے کررہا ہے اورجو لوگ قومیتوں کو لڑانے آتے ہیں وہ ظلم کر رہے ہیں اور کچھ لوگ عوام کو بھڑکا کراپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

    امیر مقام نے کہا  کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور رانا ثنا ء اللہ کو پنجاب میں پختونوں کی مشکلات سے آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جب بھی کسی گھر کی تلاشی لی جائے گی تو اس میں لیڈی اہلکاروں کو لازمی ساتھ رکھا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پختونوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا مسئلہ ہے اور ہم تمام مسائل کے حل تک پختونوں کے ساتھ کھڑے ہیں، قبل ازیں مشیر وزیراعظم انجیبئر امیر مقام نے سرکٹ ہاؤس میں پختونوں کے مسائل کے حوالے سے پولیس کے اعلیٰ افسران اور انتظامیہ کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

  • گوجرانوالہ میں سی آئی اے پولیس کی کارروائی‘4ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ میں سی آئی اے پولیس کی کارروائی‘4ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ : صوبہ پنجاب کےشہرگوجرانوالہ میں سی آئی اے پولیس نے بڑی کارروائی کرکےغیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑکرچارملزمان کوگرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق گوجرانوالہ میں سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو حراست میں لے کرملزمان کے قبضے سے ایک سواٹھائیس سمیں، ہزاروں موبائل کارڈز،موبائل فونز،لیپ ٹاپ، بائیومیٹرک مشین برآمد کی گئی ہے۔

    گوجرانوالہ پولیس حکام کےمطابق ملزمان سادہ لوح شہریوں کو گھی چینی کا لالچ دے کر ان کے نام سے سم ایکٹو کرواتے تھے،اور اس کو دہشت گروں سے رابطہ کاری اور سماج دشمن عناصر کی معاونت کے لیے استعمال کرتے تھے۔

    مزید پڑھیں:رینجرز کی کارروائی، اغوا کارگرفتار، مغوی لڑکیاں بازیاب

    یاد رہےکہ گزشتہ روز سپر ہائی وے ٹول پلازہ پررینجرز نے 15 سالہ لڑکی کی نشاندہی پر مسافر بس سے دو اغوا کاروں کو حراست میں لے کر مغوی لڑکیوں کو بازیاب کر والیاتھا۔

    مزید پڑھیں:سندھ میں سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد نے ہتھیار ڈال دیے

    واضح رہےکہ گزشتہ روز سنگین جرائم میں ملوث 16 افراد نے اپنے آپ کو سندھ رینجرزکے حوالے کردیاتھا،رینجرز نے قومی دھارے میں آنے والوں کو خوش آمدید کہاتھا۔

  • چچا کی فائرنگ سے بھتیجا جاں بحق، دو زخمی

    چچا کی فائرنگ سے بھتیجا جاں بحق، دو زخمی

    گوجرانوالہ: بچوں کی لڑائی پرچچا کی فائرنگ سے بھتیجا ہلاک جب کہ بھائی سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ کھیالی کے علاقے میں بچوں کی لڑائی پرفائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جب کہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کھیالی کے رہائشی رفیق اور توحید کے بچوں میں معمولی جھگڑا ہو گیا جس پر رفیق نے طیش میں آکر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں توحید، فیضان اور نعمان شدید زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نعمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملزم رفیق کی گرفتاری کے لیے اس گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس نے دعوی کیا کہ ملزم کہیں بھی روپوش ہوجائے قانون سے نہیں بچ پائے گا اور جلد ملزم رفیق کو پکڑ کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ: جعلی عاملہ نے کم سن بچے کو دہکتے کوئلوں پر بٹھا دیا

    گوجرانوالہ: جعلی عاملہ نے کم سن بچے کو دہکتے کوئلوں پر بٹھا دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں جعلی عاملہ نے جن نکالنے کے لیے کم سن بچے کو بری طرح جلا ڈالا۔ متاثرہ بچے کو فوری طور پر زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں جعلی عاملہ نے جن نکالنے کے بجائے بچے کو ہی جلا ڈالا۔

    کھیالی کے رہائشی محنت کش کرامت حسین کا 15 سالہ بیٹا ناصر کافی عرصے سے بیمار تھا جس کے علاج معالجے کے لیے وہ کھیالی کی عاملہ یاسمین کے پاس علاج کے لیے لے گئے۔

    یاسمین نے بچے میں جن کے اثرات بتائے اور کہا کہ کوئلہ جلا کر تعویذ جلائے جس کے بعد بچہ ٹھیک ہوجائے گا، مگر عاملہ نے تعویذ کے بجائے بچے کو جلتے کوئلوں پر بٹھا دیا جس سے بچے کا نچلا دھڑ بری طرح جھلس گیا۔

    بچے کے والدین اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے گئے۔ بچے کے والد کرامت حسین کا کہنا ہے ان کے منع کرنے کے باوجود عاملہ نے بچے کو جلایا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ کھیالی پولیس نے موقع پر پہنچ کر جعلی عاملہ یاسمین کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں ضعیف الاعتقادی، جہالت اور کم علمی کے سبب اکثر افراد اپنے مختلف مسائل کے حل اور بیماریوں کے علاج کے لیے پیر فقیروں سے رجوع کرتے ہیں جو اکثر اوقات جعلی نکلتے ہیں۔

    ان جعلی پیروں کے غیر انسانی سلوک، تشدد اور ناقص مشوروں کی وجہ سے کئی افسوسناک حادثات پیش آچکے ہیں۔

    اس سے قبل صوبہ پنجاب ہی کے شہر ڈیرہ غازی خان میں جعلی پیر کے تشدد سے 34 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔ جعلی پیر نے جن نکالنے کے بہانے خاتون پر شدید تشدد کیا تھا اور ہاتھ پاؤں بھی داغے۔

    مقتولہ ثریا 3 بچوں کی ماں تھی۔ پولیس تاحال جعلی پیر اور اس کے چیلوں کی تلاش میں ہے۔