Tag: گوجرانوالہ

  • کامونکی میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکرسے3افراد جاں بحق

    کامونکی میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکرسے3افراد جاں بحق

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر کامونکی میں ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکرسے ماں بیٹے سمیت تین افرادجان کی بازی ہارگئے۔

    تفصیلات کےمطابق پنجاب کے شہر کامونکی میں جی ٹی روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ماں بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید ذخمی ہو گیا۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والےماں بیٹے سمیت تین افراد کی لاشوں کو تحصیل اسپتال کامونکی منتقل کردیاہے۔

    ریسکیوذرائع کےمطابق جی ٹی روڈ پردو ٹریکٹر ٹرالیوں نے آپس میں ریس لگا رکھی تھی ایک اس دوران ایک ٹریکٹر ٹرالی تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل سے جا ٹکرائی جس سے موٹرسائیکل پر سوار تیس سالہ علینا،سات ماہ کا سبحان اور آٹھ سالہ حمزہ ہلاک ہوگئے۔

    جی ٹی روڈ پر حادثے میں جاں بحق خاتون کاخاوند شدید ذخمی ہو گیا،واقعے کے بعد ٹرالی ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہناہےکہ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا،جبکہ پولیس نے واقعےمیں ملوث ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیےکارروائی شروع کردی ہے۔

    مزید پڑھیں:ملتان : ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر،چار افراد جاں بحق

    واضح رہےکہ گزشتہ سال مظفرگڑھ میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے دوبھائیوں سمیت چار بچے جان کی بازی ہارگئےتھے،جبکہ ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا.

  • بیٹی سے زیادتی، شکایت کرنے والا باپ قتل

    بیٹی سے زیادتی، شکایت کرنے والا باپ قتل

    گوجرانوالہ : گوجرانوالہ کے کھیتوں سے ساٹھ سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد مقتول کے ورثا نے ضلعی پولیس دفتر کے باہر نعش رکھ کر احتجاج کیا جب کہ آر پی آو نے قتل کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینٹ کے رہائشی محنت کش محمد یاسین کی تشدد زدہ لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی جس پر لواحقین نے لاش کو آر پی آوآفس کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    وسیم کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ علاقہ کے با اثر زمینداروں نے اس کی بہن عارفہ کے ساتھ زیادتی کی تھی جس کا مقدمہ مقتول والد یاسین مرحوم کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔

    مقتول کے بیٹے وسیم نے احتجاج کے دوران الزام لگایا کہ چار ماہ قبل تھانہ کینٹ پولیس نے اسکے والد یاسین کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کیا تھا ، جس کے بعد وہ گرفتاری سے انکاری ہو گئے تھے اور آج ان کی تشدد زدہ لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی ہے۔

    مقتول کے بیٹے وسیم نے الزام لگایا کہ بہن کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزمان نے پولیس کے ساتھ مل کر اس کے والد کو تشدد کر کے قتل کیا ہے ، بعد ازاں آر پی آو کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کا احکاما ت جاری کیے گئے جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

  • گوجرانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے5افراد جاں بحق

    گوجرانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے5افراد جاں بحق

    گوجرانوالہ : صوبہ پنجاب کے شہرگوجرانوالہ کے علاقے گوندلانوالہ میں گھر کی چھت گرنے سے والد اور4 بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کےمطابق گوجرانوالہ کے نواحی علاقےگوندلانوالہ میں رات گئےگھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں گھر کا سربراہ اور اس کے 4بچے ملبے تلے دب کرجان کی بازی ہارگئے۔تاہم زخمی خاتون کوریسکیو اہلکاروں نےبحفاظت نکال کراسپتال منتقل کردیا ہے۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ملبے کی نیچےسے نکال کر سول اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت احمد،سحر،فہداور اجمیر کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی عمریں تین سے گیارہ سال کے درمیان ہیں۔

    مزید پڑھیں:لاہور:مناواں میں مکان کی چھت گرنےسے2بچیاں جاں بحق،3افرادزخمی

    یاد رہےکہ گزشتہ سال لاہور کے علاقے مناواں میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچیاں جاں بحق اور ماں اور دو بیٹیاں زخمی ہوگئی تھیں۔

    مزید پڑھیں:خیبرایجنسی میں مکان کی چھت گرنے سے5افراد جاں بحق

    واضح رہےکہ گزشتہ سال اکتوبر میں خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان کی بازی ہار گئےتھے۔

  • گوجرانوالہ ملازمہ تشدد کیس: بچی سے جنسی زیادتی کا بھی انکشاف

    گوجرانوالہ ملازمہ تشدد کیس: بچی سے جنسی زیادتی کا بھی انکشاف

    گوجرانوالہ: گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا،12 سالہ رخسار سے جنسی زیادتی کا بھی انکشاف ہوا ہے جس کی ڈاکٹروں نے تصدیق کردی،ملزمان کے خلاف جنسی تشدد اور جبری مشقت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کو 12 سالہ لڑکی کے چہرے پر گرم چائے پھینکی گئی تاہم بدھ کو یہ کیس نیا رخ اختیار کرگیا،12 سالہ رخسار کو آج طبی معائنے کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد 12 سالہ بچی پر جنسی تشدد کا انکشاف کیا۔

    رپورٹ ملنے پر تھانہ اروپ پولیس نے ملزم آصف اور ملزم عمران کے خلاف جنسی تشدد اور جبری مشقت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم عمران کو گذشتہ روز حراست میں لے لیا گیا تھا جبکہ ملزم آصف کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : چائے لانے میں تاخیر ، مالک نے گھریلو ملازمہ کے چہرے پر چائے پھینک دی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں گھریلو ملازمہ 12 سالہ رخسار پر محض چائے دیر سے لانے پر مالک نے طیش میں آکر اس کے چہرے پر ہی گرم چائے انڈیل دی تھی جس سے 12 سالہ معصوم رخسار کا چہرہ جھلس کر رہ گیا۔

    پولیس نے مکان مالک آصف کے بھائی عمران کو حراست میں لے لیا تھا جبکہ ملزم آصف موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

  • گوجرانوالہ میں‌ سب انسپکٹر کا محنت کش پر بدترین تشدد

    گوجرانوالہ میں‌ سب انسپکٹر کا محنت کش پر بدترین تشدد

    گوجرانوالہ: وزیر آباد میں سب انسپکٹر نے گاڑی سے ٹکرانے پر چنگ چی رکشا ڈرائیور کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کی حالت غیر ہوگئی اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے اہلکار کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز گوجرانوالہ کے نمائندے غلام فرید کے مطابق تھانہ وزیرآباد کا سب انسپکٹر سمیع اللہ محنت کش کی چاند گاڑی اپنی گاڑی سے ٹکرانے پر مشتعل ہوگیا اور محنت کش کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس پر محنت کش بے ہوش ہوگیا۔

    رپورٹر کے مطابق سول کپڑوں میں ملبوس سب انسپکٹر کی گاڑی پر واضح طور پر پولیس لکھا ہوا تھا، وہ اور اس کے ساتھی نے غریب ڈرائیور کو ڈنڈوں اور لوہے کی راڈ سے بھی مارا لوگوں نے اسے بارہا منع کیا تاہم اس نے خود کو پولیس والا ظاہر کرتے ہوئے مجمع پر بھی رعب جمایا۔

     شہریوں نے کافی بیچ بچاؤ کرایا مگر سب انسپکٹر باز نہ آیا اور شہریوں سے بھی بدتمیزی کی جس پر شہریوں نے سب انسپکٹر کو پکڑا کر اس کی دھنائی کرنے کی کوشش کی بعدازاں سب انسپکٹر وہاں سے بھاگ نکلا۔

    تشدد کے دوران محنت کش معافیاں مانگتا رہا مگر انہیں ترس نہ آیا اور مسلسل لاتوں، گھونسوں اور لوہے کی راڈ لگنے سے وہ زخمی ہوگیا، شہریوں نے ایمبولینس طلب کرکے اسے اسپتال منتقل کیا۔

    اطلاعات کے مطابق میڈیا پر خبر نشر ہوتے ہی وزیر اعلی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

  • مریم نواز ہماری باس نہیں چھوٹی بہن ہیں، خواجہ سعد رفیق

    مریم نواز ہماری باس نہیں چھوٹی بہن ہیں، خواجہ سعد رفیق

    گوجرانوالہ : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف نے تین سالوں میں ملک کی کایا پلٹ دی ، بلوچستان کو قومی دھارے میں شامل کیا، کراچی میں امن قائم کیا اور ملک کے کونے کونے میں سڑکوں کا جالوں بچھایا جب کہ اس سے قبل لُوٹو اور پھوٹو کی پالیسی تھی۔

    یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں کارکنان سے خطاب کرتی ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہم لوہے کے چنے ہیں جو ہمیں چبانے کی کوشش کرے گا ا س کے دانت ٹو ٹ جائیں گے، بلاول کے بابا اور مشرف نے ملک کا ستیا ناس کر دیا اور کنگال پاکستان ہمارے حوالے کیا گیا تھا۔

    انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب بسے لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز ہماری چھوٹی بہن ہے باس نہیں ہے اور ہماری جماعت میں بادشاہت نہیں ہے یہاں کارکنان کی سنی جاتی ہے اور اتفاق رائے سے فیصلے ہوتے ہیں یہی وجہ کہ مجھ سے مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے لوگ اسمبلیوں تک پہنچ پاتے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر طرف دہشت گردی کا راج تھا لیکن ہم نے ہمت کی اور پاک فوج کے ساتھ مل کر ضرب عضب آپریشن کے زریعے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا اور ملک میں امن و امان قائم کیا جب کہ اس سے قبل ہر دوسرے روز دھماکے ہوتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے ہم ایک دن میں چاردن کا سفر طے کر رہے ہیں اور اب ملک کو رون مستقبل اور خوشحال معاشرہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ہے قوم نے نوازش ریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور جو لوگ پاناما پاناما کا شور مچا رہے ہیں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ خان صاحب کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور اگرعدالتی فیصلہ ان کی مرضی کا نہ آیا توعمران خان باہر آکر گند ڈالیں گے یہی وجہ ہے کہ وہ عدالت کو دباﺅمیں لانا چاہتا ہے اور اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کا دور تک امکان نہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ملک دشمنوں کو نواز شریف پسند نہیں کیوں کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے دن رات محنت کر رہا ہے نواز شریف کا در سب کے لیے کھلا ہے یہ پیپلز پارٹی نہیں کہ 28 سال کا لڑکا بڑوں کی قیادت کرے اور وہ سر جھکا کر کھڑے ہو جائیں اور نہ ہی یہ بنی گالا کا دربار ہے۔

  • گوجرانوالہ، شادی کی تقریب میں فائرنگ، دلہن کا بہنوئی ہلاک

    گوجرانوالہ، شادی کی تقریب میں فائرنگ، دلہن کا بہنوئی ہلاک

    گوجرانوالہ : نامعلوم افراد شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ کر کے دلہن کے بہنوئی کو قتل کر کے بآسانی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر واقع نجی شادی ہال میں مقامی رہائشی خالد بٹ کی بیٹی کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ کالے رنگ کی گاڑی میں سوار نامعلوم افراد نے دلہن کے بہنوئی فیصل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    اہل خانہ کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے وقت شادی ہال کے سیکیورٹی گارڈز بھی موجود تھے تاہم انہوں نے بالکل بھی مزاحمت نہیں کی جس کی وجہ سے فائرنگ کرنے والے بآسانی فرار ہو گئے۔

    واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش کا آغاز کیا تو سیکیورٹی گارڈز نے وقوعہ سے ہی لاعلمی کا اظہار کر دیا جب کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب حملہ آور آئے اور فائرنگ کی تو اس وقت سیکیورٹی گارڈز گیٹ کے سامنے موجود پارکنگ ایریا میں کھڑے تھے اور گاڑیاں پارک کروا رہے تھے۔

    اہل خانہ نے پولیس سے استدعا کی ہے کہ گارڈز غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اس لیے انہیں شاملِ تفتیش کیا جائے جس سے قتل کے اصل کردار اور محرکات سامنے آ سکتے ہیں۔

  • معصوم پاکستانیوں کو ترکی میں فروخت کرنے والا ایجنٹ گرفتار

    معصوم پاکستانیوں کو ترکی میں فروخت کرنے والا ایجنٹ گرفتار

    گوجرانوالہ : ترکی بارڈر پرتاوان کے لیے یرغمال چار افراد کو ترکی بھیجنے والے ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ایجنٹ نے ہوشرباء انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چاروں افراد کو ترکی میں ہی ایک دوسرے ایجنٹ کو فروخت کردیا ہے جو تاوان کی رقم طلب کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیسے لے کر معصوم لوگوں کو ترکی بھجوانے والے ایجنٹ وسیم بٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس نے دوران تفتیش ہولناک انکشافات کرتے ہوئے ایف آئی کو بتایا ہے کہ باغ پورہ کے رہائشی چار افراد فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض ترکی بھجوایا تھا جہاں کچھ دن اپنے سیف ہاؤس میں رکھ کر وہیں موجود ایک دوسرے ایجنٹ کو فروخت کردیا تھا۔

    یہ پڑھیں: ترکی میں اغواء 4 پاکستانیوں پر بہیمانہ تشدد


    وسیم بٹ نے مزید بتایا کہ ترکی میں موجود پٹھان ایجنٹ نے ہی چاروں افراد ذیشان، عابد، عرفان اور عدیل کو یرغمال بنالیا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر ویڈیو پیغام کے ذریعے اہل خانہ سے دس ہزار ڈالر کا تاوان طلب کر رہا ہے۔

    واضح رہے میڈیا میں تشدد زدہ یرغمالی زیشان کی ویٍڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایف آئی حرکت میں آئی تھی اور ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مغوی زیشان کے کزن سہیل اور افضال کو حراست میں لیا اور ان کی نشاندہی پر ایجنٹ وسیم بٹ کے بھائی لقمان بٹ کو گرفتار کر لیا ہے جس نے متاثرین سے رقوم وصولی کا اقرار کر لیا ہے۔

    انسپکٹر ایف آئی اے وقار اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ ترکی میں مغویوں پر ہونے والے تشدد کے واقعات میں کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ سے تین انسانی اسمگلروں افضال، سہیل اور لقمان بٹ کو گرفتار کرلیا ہے جو گذشتہ 13 سالوں سے سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ممالک بھجواتا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں: نوکری کے لیے بیرون ملک جانے والا نوجوان اغوا


    انسپکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ وسیم بٹ اس وقت ترکی میں موجود ہے جہاں اس نے اپنا سیف ہاوس بنا رکھاہے اور پاکستان سے آنے والے نوجوانوں کو رقم کی وصولی تک وہیں رکھتا ہے جب کہ وسیم بٹ کا بھائی لقمان بٹ پاکستان میں ترکی جانے والوں کے اہل خانہ سے رقم وصول کرتا ہے۔

    رقم موصول ہوتے ہی لقمان بٹ اپنے بھائی وسیم بٹ کو اطلاع کرتا ہے جس کے بعد وسیم بٹ ترکی میں بنے سیف ہاؤس سے لڑکوں کو نکال کر ترکی میں موجود کسی ایجنٹ دوسرے کو ایجنٹ کو فروخت کردیتا تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوشش کر ر ہے ہیں اور وزارت داخلہ و خارجہ سے بھی مشاورت جاری ہے جلد ہی نہ صرف یہ کہ مغویوں کو رہا کروالیا جائے گا بلکہ ملزمان بھی قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔

  • ترکی میں اغواء ہونیوالے چار پاکستانی نوجوانوں پربہیمانہ تشدد

    ترکی میں اغواء ہونیوالے چار پاکستانی نوجوانوں پربہیمانہ تشدد

    گوجرانوالہ : ترکی میں گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے تعلق رکھنے والے چارپاکستانیوں کو تاوان کے لیے اغواء کرلیا گیا، اغواء کاروں نے نوجوانوں پر تشدد کی ویڈیوزجاری کردیں، اس سے قبل ایک نوجوان اشفاق کا کیس بھی پہلے ہی منظر عام پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ اور وزیر آباد کے نوجوان ترکی کے بارڈرپر اغواء کاروں کے چنگل میں پھنس گئے،
    اغواء کاروں نے اہل خانہ سے فی کس 10 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے، اغواء ہونے والے نوجوانوں میں ذیشان، عابد، عثمان اور عدیل شامل ہیں جن میں دو نوجوانوں کا تعلق وزیرآباد اور دو کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، چاروں نوجوان تیس دن سے اغواء ہیں یہ نوجوان آٹھ ماہ قبل ترکی گئے تھے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز غلام فرید نے بتایا ہے کہ گوجرانوالہ کے علاقے وزیر آباد سے تعلق رکھنے والے چار نوجوان روزگار کے لیے ترکی کے بعد یورپ جانا چاہتے تھے جنہیں بارڈر پر اغواء کرلیا گیا۔ اہل خانہ کو ان کی ویڈیوز موصول ہوئی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ ان پر کس طرح بدترین تشدد کیا گیا۔

    اغواء کاروں نے مغویان کے اہل خانہ سے فی کس دس لاکھ روپے طلب کیے ہیں، رپورٹر کے مطابق چاروں نوجوان آٹھ ماہ قبل یورپ کے لیے روانہ ہوئے تھے جہاں وہ سرحد پر اغواء کاروں کے چنگل میں پھنس گئے۔

    اغواء کاروں میں شامل ایک شخص کا تعلق مردان سے ہے جو پشتو زبان بولتا ہے اوروہ ان کے رابطے میں ہے، فی الحال اہل خانہ اس شخص کو صیغہ رازمیں رکھ رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نوکری کے لیے بیرون ملک جانے والا نوجوان اغوا

    انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کا بہت رجحان ہے اور اکثر نوجوان اس طرح اغواء کاروں کےچنگل میں پھنس جاتے ہیں۔

    ایجنٹ انہیں اغواء کاروں کے ہاتھوں فروخت کردیتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ جو واقعہ سامنے آیا ہے اس واقعے میں بھی انسانی اسمگلر نے بارڈر پر ان افراد کو لے جا کر فروخت کردیا، ترکی کے بارڈر پر موجود ان اغواء کاروں نے ان کی ویڈیو تاوان کے لیے جاری کی ہیں۔

  • گوجرانوالہ: گتے کی فیکٹری میں آتشزدگی

    گوجرانوالہ: گتے کی فیکٹری میں آتشزدگی

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کےشہرگوجرانوالہ میں گتے کی فیکٹری میں آگ نےعمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کےمطابق گوجرانوالہ کے علاقے معافی والا میں واقع گتےکی فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آتشزدگی کےواقعے کے اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔

    ریسکیو اہلکاروں نےفیکٹری کےگودام کی دیوار توڑ دی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں،جبکہ آگ نے فیکٹری کے قریب کھڑی گاڑی کو بھی اپنی لیٹ میں لے لیا۔

    گتے کی فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث لاکھوں کا سامان بھی جل کرخاکستر ہو گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: لاہور:گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی،3مزدور جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور میں راوی روڈ کے قریب گارمنٹس فیکڑی میں آگ لگنے سے3 مزدور20 سالہ جاوید، 40 سالہ جہاں زیب اور 20 سالہ شاہد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران صوبہ پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس میں اب تک درجنوں افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔