Tag: گوجرانوالہ

  • موجودہ حکومت نے کرپشن میں پانچ سو فیصد اضافہ کردیا، پرویزالہٰی

    موجودہ حکومت نے کرپشن میں پانچ سو فیصد اضافہ کردیا، پرویزالہٰی

    گوجرانوالہ : ق لیگ کے سربراہ اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن میں پانچ سو فیصد اضافہ کردیا، یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی.

    پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کی باتیں کرنے والوں کی ٹانگیں آرمی چیف سے متعلق بینرز دیکھ کر کانپ گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ شریف برادران کسی خوش فہمی نہ رہیں عمران خان ٹھیک ہی کہتے ہیں کہ اگر فوج آئی تو کوئی پہلے کی طرح سڑکوں پر نہیں آئے گا اور لوگ خوشی میں مٹھائیاں بانٹیں گے۔ ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ ملک میں سارے کام فوج کررہی ہے۔

    پرویز الہیٰ نے حکومت پنجاب کی تمام پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس سروس پنجاب حکومت نے اپنی کمائی کیلئے شروع کی۔

    انہوں نے سوال کیا کہ سستی روٹی اسکیم اور ٹیکسی اسکیم کا کیا بنا؟ ہم نے میٹرک تک غریبوں کے بچوں کے لیے تعلیم مفت کی، شہباز شریف نے آتے ہی اسکولوں کو بند کرنا شروع کر دیا۔

    پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہباز شریف نے 10 ہزار اسکولوں کو بند کر دیا اگر اسکول بند نہ ہوتے تو چھوٹو گینگ کیوں پیدا ہوتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سیلابی صورت حال سے نمٹنے اور تعلیم کیلئے مختص فنڈ بھی اورنج ٹرین منصوبے پر لگارہے ہیں۔

     

  • گوجرانوالہ: پہلوانوں کے شہرمیں چوتھے باڈی بلڈر کی پراسرارموت

    گوجرانوالہ: پہلوانوں کے شہرمیں چوتھے باڈی بلڈر کی پراسرارموت

    گوجرانوالہ: جان بنانے کا ایک اورشوقین جان سے گیا،پہلوانوں کے شہرمیں چوتھے باڈی بلڈرکی پراسرارموت ہوئی ہے، عرفان بٹ چودہ اگست کے مقابلوں کی تیاری کررہا تھا۔

    پہلوانوں کے شہر میں صحت بنانے کے شوقین جان گنوا رہے ہیں، دو ماہ کے دوران چوتھا باڈی بلڈر دم توڑگیا، عرفان چودہ اگست کے مقابلےکی تیاری کررہا تھا۔

    عرفان بٹ کی ورزش کے بعد گھرآتے ہوئے طبیعت بگڑی،اسپتال لے جاتے ہوئے راستےمیں ہی دم توڑ گیا،گھر والوں کا کہنا ہے کہ عرفان بلڈ پریشر کا مریض تھا،دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

    ذرائع کے مطابق باڈی بلڈر عرفان مبینہ طور پر قوت بخش دوائیں استعمال کرتا تھا جو موت کی وجہ بنی لیکن گھر والے اس کی تردید کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ باڈی بلڈنگ ہی چھوڑ چکا تھا۔

    عرفان کے گھر والوں کا دعوٰی اپنی جگہ لیکن گوجرانوالہ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں، اس سے پہلے دو ماہ کے دوران تین باڈی بلڈرز قوت بخش دواؤں کے استعمال کے سبب کی وجہ سے دم توڑچکے ہیں۔

  • پنجاب میں پولیس کی کارروائیاں، دہشت گردی کے منصوبے ناکام

    پنجاب میں پولیس کی کارروائیاں، دہشت گردی کے منصوبے ناکام

    لاہور: کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی بندر روڈ پر کی گئی جس میں کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے تین ملزموں ادریس، غلام دستگیر اور طاہر یوسف کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سرکاری عمارتوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے تاہم انہیں پہلے ہی گرفتار کرکے دہشت گردی کے کسی بھی بڑے واقعے کا پہلے ہی تدارک کرلیا گیا، ملزمان سے تفتیش کاعمل جاری ہے جس کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں یا معاونت کرنے والے افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جائیں گے۔

    واضح رہے لاہور سمیت پنجاب میں کالعدم جماعتوں کی حمایت میں خاموش اضافہ ہوا ہے،دیگر صوبوں میں بہ نسبت لاہور میں کالعدم جماعتوں کے قدم زیادہ مضبوط ہیں۔

    دوسری جانب پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں سی آئی اے نےخفیہ اطلاع پر  ایمن آباد دروازے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے، پولیس کے مطابق برآمد کیا جانے والے علاقہ غیر سے لایا گیا ہے جو تخریب کاری میں استعمال کرنے کے لیے جمع کیا جارہا تھا۔

    ڈی ایس پی عمران عباس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت انیس کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، کارروائی کے دوران 16 جدید رائفلزم 9 چھوٹے ہتھیار اور 6 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں ہیں۔

  • گوجرانوالہ میں‌ ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    گوجرانوالہ میں‌ ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 10 سے زائد زخمی

    گوجرانوالہ : مری سے لاہور واپس آنے والی مسافر وین کو راہ والی کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں‌4 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر وین مری سے لاہور آرہی تھی کہ راہ والی کے قریب تیز رفتاری کے باعث درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 16 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت افضل محمود، ابوبکر، افضل اور نامعلوم فرد کے نام سے ہوئی، جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ اسپتال آنے والے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد روانہ کردیا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشوں کو  پوسٹ مارٹم کے بعدلواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ حادثے کا نشانہ بننے والے تمام افراد دوست ہیں جو عید کی چھٹیاں گزارنے مری گئے ہوئے تھے، حادثے میں بس ڈرائیور بھی شدید زخمی ہے تاہم بس کو تحویل میں لے کر قریبی تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

  • عید کا خرچہ مانگنے پر شوہر نے خود کو آگ لگا لی

    عید کا خرچہ مانگنے پر شوہر نے خود کو آگ لگا لی

    گوجرانوالہ : عید کی شاپنگ کے لیے خرچہ مانگنے پر بیوی ہما سے جھگڑے کے بعد شوہر عابد نے مبینہ طور پرتیل چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے نواحی علاقے میں مزدور عابد کا اپنی بیوی ہما سے گھڑا ہو گیا،جھگڑا بیوی کی جانب سے عید کی خریداری کے لیے رقم مانگنے پر ہوا،معمولی تنازعہ اس وقت سنگین صورت حال اختیار کر گیا جب شوہر عابد نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لی،آگ لگنے سے متاثرہ شخص بری طرح جھلس گیا جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    سول ہسپتال انتظامیہ گوجرانوالہ کے مطابق عابد کا جسم 70 فی صد تک جھلس چکا ہے،ہمارے پاس جلے ہوئے افراد کی بحالی کے لیے سہولیات کا فقدان ہے اس لیے عابد کو فور اور ضروری طبی امداد دے کر لا ہور روانہ کردیا گیا ہے،جہاں بہترسہولیات کے باعث اس کی جان بچانے کے امکانات ذیادہ ہیں۔

    تھانہ سول لائن پولیس کے مطابق خود آگ لگانے والا مزدور عابد گوجرانوالہ کے علاقہ بسم اللہ کالونی کا رہائشی ہے، جہاں اس کا اپنی بیوی سے عید کی شاپنگ کے لیے پیسے مانگنے پر جھگڑا ہوا تھا،ابتدائی بیان کے بعد عابد کو علاج کی غرض سے لاہور منتقل کر دیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی بیان میں متاثرہ شخص عابد کا کہنا تھا کہ وہ محنت مزدوری کر کے اپنے گھر کا خرچہ چلاتا ہے ۔ اس کی بیوی نے اس سے عید کی شاپنگ کے لیے خرچہ نہ دینے پر لڑائی کی جس پر اس نے تیل چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔

  • پی پی 97 ،دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کامیاب،تحریک انصاف کی سیٹ ہاتھ سے گئی

    پی پی 97 ،دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کامیاب،تحریک انصاف کی سیٹ ہاتھ سے گئی

    گوجرانوالہ : حلقہ پی پی 97 کے دو پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اشرف وڑائچ 446 ووٹوں سے جیت گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 میں 21 جون 2015ءکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار محمد ناصر چیمہ کو کامیاب قرار دے دیا گیا تھا جس کے بعد مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد اشرف وڑائچ نے سپریم کورٹ میں پولنگ اسٹیشن نمبر 118 اور 120 کی گنتی کروا کر اسے حلقہ پی پی 97 کے کُل ووٹ میں شامل کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی۔

    کیس کی سماعت چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی جس نے حکم صادر کیا کہ یکم جون 2016 کو فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا تھا کہ 33 پولنگ سٹیشنوں کے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی میں پولنگ سٹیشن نمبر 118 اور 120 کے ووٹوں کو شامل کر کے ضمنی انتخابات میں جیتنے والے امید وار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

    سپریم کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ نے مسلم لیگ (ن )کے چوہدری محمد اشرف وڑائچ اور تحریک انصاف کے ناصر چیمہ کی موجودگی میں کی گئی ووٹوں کی گنتی میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اشرف وڑائچ 446 ووٹوں سے دوبارہ ایم پی اے منتخب ہوگئے،جن کا نوٹیفیکیشن آج جاری کیا جائے گا۔

    چوہدری محمد اشرف وڑائچ کی کامیابی کے اعلان پر گاﺅں پپناکھ میں مسلم لیگ (ن) کے ہزاروں کارکنان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور پارٹی ترانے گاتے رہے،اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

    واضح رہے دوبارہ گنتی کے مطابق چوہدری محمد اشرف وڑائچ 28046 ووٹوں سے جیتے جبکہ ناصر چیمہ 27600 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ہیں، جس کے بعد چوہدری اشرف کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی گئی جب کہ تحریک انصاف کے چوہدری محمد ناصر چیمہ 11 ماہ اور 22 دن تک ایم پی اے رہنے کے بعد فارغ ہو گئے۔

  • گوجرانوالہ : پنچایت کا فیصلہ : بہنوئی اورسالی پربہیمانہ تشدد

    گوجرانوالہ : پنچایت کا فیصلہ : بہنوئی اورسالی پربہیمانہ تشدد

    گوجرانوالہ : سالی کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنے پر محلے داروں نے پنچایت لگا کر فیصلہ سناتے ہوئے محنت کش کا منہ کالا کرکے جوتوں سے پٹائی کردی ، پولیس نے موقع واردات سے سات افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز کالونی کے رہائشی عاصم کی شادی پانچ سال قبل سندس نامی خاتون کے ساتھ ہوئی جو اب تین بچوں کی ماں ہے۔ اس دوران عاصم نے اپنی سالی سنبل کے سا تھ بھی غیر اخلاقی مراسم قائم کر کے اسے بھی اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا۔ اس بات کا علم ہونے پر محلے داروں نے متعدد بار عاصم کو خبردار کیا لیکن اس پر کو ئی اثر نہ ہو۔

    اس حوالے سے جند محلے دار اکٹھے ہو کر امام مسجد کے ہمراہ عاصم کے گھر پہنچے جہاں پر انہوں نے عا صم اور اس کی سا لی سنبل کو گھر سے باہر نکالا اور دو نو ں کو گلی میں بٹھا کر پنچا ئیت لگالی۔

    اس دوران عاصم کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر محلہ داروں نے دونوں کا منہ کالا کر دیا جبکہ وہاں سے گزرنے والی خواتین اور مرد عاصم اور سنبل کی جوتو ں سے پٹائی بھی کر تے رہے۔

    واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر عاصم اور سنبل کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا جبکہ ان کا منہ کالا کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں مجید، ناظم شاہ، طاہر محمود، ریان اور ناصر سمیت سات محلہ داروں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

  • گوجرانوالہ سے جعلی ایس ایس پی گرفتار

    گوجرانوالہ سے جعلی ایس ایس پی گرفتار

    گوجرنوالہ: گوجرنوالہ پولیس نے کاروائی کے دوران کراچی سے مفرور جعلی ایس ایس پی عمران احمد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمران احمد نامی شخص کراچی کے علاقےگلستانِ جوہر کا رہائشی تھا،جو خود کو ایس ایس پی ظاہر کر کے لوگوں سے رقوم بٹورتا تھا،کراچی میں دھوکہ دہی کے کئی کیس میں مطلوب جعلی ایس ایس پی کو آج گوجرانوالہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    گوجرانوالہ پولیس کے مطابق جعلی ایس ایس پی عمران احمد کئی عرصے سے گوجرانوالہ میں روپوش تھا،جہاں ایک خفیہ اطلاع پر چھاپہ کر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے،اور اس کی گرفتاری کی اطلاع کراچی پولیس کو بھی دے دی گئی ہے،ضابطہ کی کارروائی کے بعد ملزم کو کراچی روانہ کردیا جائے گا۔

    کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تھانی شارع فیصل سمیت دیگر تھانوں میں دھوکہ دہی، رشوت اور دھونس و دھمکی کے مقدمات درج ہیں،ملزم پولیس چھاپوں کے خوف سے کئی ماہ قبل فرار ہو گیا تھا،جس کے بارے میں گوکرانوالہ پولیس کی جانب سے اطلاع آئی ہے کہ ملزم عمران احمد اُن کی تحویل میں ہے۔

    جس کے بعد کراچی پولیس ایک ٹیم جعلی ایس ایس پی عمران احمد کو تحویل میں لینے کے لیے جلد گوجرانوالہ روانہ ہو گی،اور اسے تحویل میں لے کر کیفر کردار تک پہنچائے گی۔

  • گوجرانوالہ : دہشت گرد کو ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا

    گوجرانوالہ : دہشت گرد کو ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا

    گوجرانوالہ : سی ٹی ڈی پولیس نے گذشتہ شب گرفتار کئے جانے والے دہشت گرد کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کر دیا۔ فاضل جج نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پرسی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیر ازم ڈپارٹمنٹ نے گذشتہ شب گرفتار کئے جانے والے دہشت گرد فیصل بابر کو آج سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو میں پیش کرتے ہوئے ملزم کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    استدعا پرفاضل جج نے ملزم کو سات روزہ جسمانی پر کاؤنٹر آف ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا ہے،۔

    واضح رہے کہ سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاعات ملنے پر گذشتہ شب شیخوپورہ موڑ منی اسٹیڈیم کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے کمانڈر فیصل بابر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے ایک کلو سے زائد بارودی مواد ،پریشر کوکر بم ، ڈیٹو نیٹر، بال بیرنگ اور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کئے تھے۔

    سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گوجرانوالہ میں سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

     

  • گوجرانوالہ : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے چار ماہ کی بچی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے چار ماہ کی بچی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ : ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث چار ماہ کی بچی جاں بحق ہو گئی, ورثاء نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقہ کولہو والا کے رہائشی محنت کش شمائل کی چار ماہ کی بیٹی ابیحہ کو معمولی بخار کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا ، جہاں پر ڈاکٹرز کی جانب سے مبینہ غفلت اور لا پرواہی برتنے پر بچی جاں بحق ہو گئی۔

    بچی کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹرز اورسیکیورٹی کے عملہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    لواحقین کا کہنا تھا کہ معمولی بخار میں مبتلا بچی کو ہسپتا ل لایا گیا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز نے ایک انجکشن لگا کر تمام اہل خانہ کو کمرے سے باہر نکال دیا ۔

    دو گھنٹے بعد جب بچی کا والد کمرے میں داخل ہوا تو بچی جاں بحق ہو چکی تھی، جس کے بعد ہسپتال کے عملہ نے سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے انہیں دھکے دے کر ہسپتال سے باہر نکال دیا ۔

    دوسری طرف واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ باغبانپورہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔