Tag: گوجرانوالہ

  • زاہد عرف تماں بٹ چار ساتھیوں سمیت گرفتار

    زاہد عرف تماں بٹ چار ساتھیوں سمیت گرفتار

    گوجرانوالہ : شادی کے تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے چار ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

    شادی کی تقریب کے دوران خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے مشہور کیس کے مرکزی ملزم زاہد عنایت عرف تماں بٹ کو کینٹ پولیس نے شہر میں داخل ہوتے ہوئے چار ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

     پولیس نے تماں بٹ کے خلاف شہر کے تین مختلف تھانوں میں فائرنگ کرنے ، بھتہ وصول کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں مقدمات درج کر رکھے تھے۔

     پولیس نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں اس کیس کے مرکزی ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملزم زاہد عنایت عرف تماں بٹ ہوائی فائرنگ کیس کے علاوہ مزید تین مقدمات میں پولیس کو پہلے سے ہی مطلوب تھا جس کی گرفتار ی کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے تھے۔

    دوسری طرف تماں بٹ کا کہنا تھا کہ میں ایک سیاسی آدمی ہوں اور میں نے ایم پی اے کا الیکشن بھی لڑا ہے۔

     اسکا کہنا تھا کہ شادی پر فائرنگ کا اعتراف کرتا ہوں جس پر میں پولیس افسران سمیت اعلیٰ پارٹی قیادت سے شرمندہ ہوں۔

     تماں بٹ کا کہنا تھا کہ اسپر شادی میں فائرنگ کرنے والے مقدمہ کے علاوہ تمام مقدمات بے بنیاد ہیں، تماں بٹ کی گرفتاری کے بعد اسکے ساتھی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے تماں بٹ زندہ باد، تماں بٹ بے قصور کے نعرے لگائے۔

  • گوجرانوالہ :قبرستان سے لاوارث نومولود بچہ برآمد

    گوجرانوالہ :قبرستان سے لاوارث نومولود بچہ برآمد

    گوجرانوالہ: قبرستان سے نومولود بچہ لاوارث حالت میں  برآمد ،ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق صابری چوک قبرستان کے قریب کرکٹ کھیلتے ہوئے بچوں کو ایک شاپنگ بیگ ملا جس میں حرکت ہو رہی تھی جب انہوں نے اسے کھول کر دیکھا تو اس میں ایک نومولود بچہ موجود تھا جس پر انہوں نے علاقہ پولیس اور ریسکیواہلکاروں کو اطلاع کر دی۔

    ریسکیو اہلکاروں نے فوری موقع پر پہنچ کر نو مولود بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے بچے کو تشویشناک حالت کے پیش نظر آئی سی یو میں منتقل کر دیا ہے۔

    دوسری طرف دھلے پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • گدھے کا گوشت فروخت کرنے والے باپ بیٹے گرفتار

    گدھے کا گوشت فروخت کرنے والے باپ بیٹے گرفتار

    گوجرانوالہ:گدھے کا گوشت فروخت کرنے والے باپ اور اس کے دوبیٹوں کو پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ایک من گوشت اوردو گدھوں کی کھالیں برآمد کر لیں ہیں۔

    لدھیوالہ وڑائچ کے علاقہ قلعہ میاں سنگھ کا رہائشی عبدالرشید اپنے دو بیٹوں قیصر اور ارسلان کے ساتھ گدھے کا گوشت فروخت کرنے کے لیے تیار کر رہے تھے کہ لدھیوالہ پولیس نے اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا اور تینوں باپ بیٹوں کو گرفتار کر لیا

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک من گدھے کا گوشت اور دو گدھوں کی کھالیں برآ مد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات میں بند کر دیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف عرصہ درازسے گدھے کا گوشت فروخت کرنے کی شکایات مل رہی تھیں۔

  • گوجرانوالہ میں عابد شیر علی کی ایک اور کھلی کچہری

    گوجرانوالہ میں عابد شیر علی کی ایک اور کھلی کچہری

    گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی کی کھلی کچہری میں لوگوں نے شکایات کا انبار لگا دئیے، لوگوں کی بڑی تعداد کھلی کچہری میں پہنچ گئی، عابد شیر علی نے لوگوں کے مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

    وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے گوجرانوالہ میں ریجنل ہیڈ کوارٹر گیپکو میں کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کے مسائل سنے ہیں، شہریوں کی بڑی تعداد بجلی کے اوور بلوں اور ریڈنگ کی کمی بیشی کی شکایات کرتی ہوئی نظر آئی ہے۔
    شہریوں کا کہنا تھا کہ ہر ماہ انہیں بجلی کے بلوں میں زائد یونٹ ڈال دیئے جاتے ہیں جن کی درستگی کے لیے گیپکو ملازمین تعاون نہیں کرتے اور انہیں زائد بل جمع کروانا پڑتا ہے، شہریوں نے کہا کہ اگر کہیں بجلی کی سپلائی میں خرابی پیدا ہو جائے تو بار بار ٹیلی فون پر کمپلین درج کروانے کے باوجود گیپکو ملازمین لائن ٹھیک کرنے نہیں آتے جبکہ ایک بیوہ عذرا کی طرف سے چار مرلہ کے گھر میں ایک لاکھ پچہتر ہزار بل کی شکایت سامنے آئی ہے۔

    لوگوں نے عابد شیر علی کو بتایا کہ شہر کے پوش علاقوں کی نسبت چھوٹے اور دیہاتی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اس سلسلہ میں بھی گیپکو حکام کوئی نوٹس نہیں لیتے ہیں۔

    شہریوں کے مسائل سننے کے بعد عابد شیر علی نے موقع پر ہی دو میٹر ریڈر، ایک لائن سپرٹنڈنٹ اور دو ایس ڈی او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیےہیں، اس موقع پر گیپکو چیف اور لیگی ارکان اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • میرشکیل ودیگرکیخلاف مقدمہ داخلِ دفترکردیا گیا

    میرشکیل ودیگرکیخلاف مقدمہ داخلِ دفترکردیا گیا

    گوجرانوالہ : گلگت کی عدالت سے سزا ملنے کے بعد گوجرانوالہ کی عدالت نے میر شکیل اور دیگر کے خلاف مقدمہ داخل دفتر کردیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری امتیاز احمد نے اپنے حکم میں کہا کہ ملزموں کو گلگت کی خصوصی عدالت سے اسی جرم میں سزا دیدی گئی ہے۔

    ایک جرم میں دوبارہ سزا نہیں دی جاسکتی، مقدمہ کے مدعی نے کہا کہ گلگت کی عدالت سے سزا اور جائیداد ضبط کرنے کے احکامات کے بعد وہ مطمئن ہیں۔

    صدر بار طاہر رشید کی درخواست پر سٹی سرائے عالمگیر تھانہ میں جیو کے چیف ایگزیکٹو میر شکیل الرحمان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا ۔

  • گوجرانوالہ: پی ٹی آئی کے قافلے پرانڈے ٹماٹروں کی بارش

    گوجرانوالہ: پی ٹی آئی کے قافلے پرانڈے ٹماٹروں کی بارش

    گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے قافلہ پرگوجرانوالہ میں نامعلوم افرادکی انڈوں اور ٹماٹروں کی بارش،انڈے ٹماٹر مارنے کے بعد نوجوان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کی قیادت میں لاہور سے آنے والا پی ٹی آئی کا قافلہ جب گوجرانوالہ سے گزر رہا تھا کہ جی ٹی روڈ پر پہنچا تو اچنک  دو نامعلوم نوجوان آگے بڑھے اور انھوں نے اپنے شاپنگ بیگ میں سے انڈے اور ٹماٹر بسوں پر مارنے شروع کردیئے۔

    پی ٹی آئی کے کارکنوں کے باہر نکلنے پر دونوں نوجوان موقع سے فرار ہو گئے،جبکہ اے آر وائی کے نمائندے کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے ایک نوجوان کو پکڑ کر اس کی پٹائی کردی۔

  • عمران خان کی آمد پرانڈے ٹماٹر پھینکنے کا منصوبہ ناکام

    عمران خان کی آمد پرانڈے ٹماٹر پھینکنے کا منصوبہ ناکام

    گوجرانوالہ : گلو بٹ، بلو بٹ، پومی بٹ کے بعد اب ایک اور بٹ۔ گوجرانولہ میں عامر بٹ نامی شخص کے گھر سے انڈے اور درجنوں ٹماٹر بر آمد کر لیے گئے جسے وہ عمران خان کی آمد پر برسانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

    تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان آج گوجرانوالہ میں تبدیلی کا عزم لیے کارکنوں سے مخاطب ہوں گے تاہم انہیں محتاط رہنا پڑے گا کیونکہ انکا سامنا ن لیگ سے تعلق رکھنے والے عامر بٹ اور دیگر لیگی کارکنوں سے ہو سکتا ہے جو تحریک انصاف کے کارکنوں کی آڑ میں ان پر گندے انڈے اور ٹماٹر پھینک کر ان کا استقبال کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

    عامر بٹ کے گھر سے گندے انڈے اور درجنوں ٹماٹر بر آمد کر لیے گئے ہیں۔ ان انڈوں پر رو عمران رو کے نعرے لکھے گئے ہیں جبکہ گلے سڑے ٹماٹروں کی بڑی مقدار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف عمران خان کی آمد پر انڈے اور ٹماٹروں کی بارش کے منصوبے کے انکشاف کے بعد پولیس اور تحریک انصاف کے سیکیورٹی پر مامور کارکنوں نے جلسہ گاہ میں آنے والے لوگوں کی تلاشی کا عمل سخت کر دیا ہے۔

  • گوجرانوالہ:پی ٹی آئی کے سائن بورڈ نذرِ آتش،ایک ملزم گرفتار

    گوجرانوالہ:پی ٹی آئی کے سائن بورڈ نذرِ آتش،ایک ملزم گرفتار

    گوجرانوالہ: تحریک انصاف کے جلسے سے قبل عمران خان کے سائن بورڈزکوجلادیا گیا اوران پرسیاہی پھینکی گئی۔ کارکنوں نے ایک شخص کو پکڑ کرپولیس کےحوالے کردیا۔،

    تفصیلات کے مطابق ایک کے بعد ایک بڑاجلسہ کرنے اورتحریک انصاف کے لگاتارکامیاب جلسوں سے مخالفین پریشان ہوگئے،گوجرانولہ میں تحریک انصاف کامیدان سجنے سے پہلے ہی ماحول کشیدہ ہوگیا۔

    شہرمیں لگی عمران خان کی تصاویر اور تشہیری ہورڈنگز نامعلوم افراد نے رنگ پھینک کرخراب کردیں،پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اے ایس حمید نے مخالفین کے اس فعل کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔

    ایس پی سول لائنز ذیشان صدیقی کا کہنا ہے کہ متاثرہ پارٹی کی درخواست موصول ہوتے ہی ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔سپریڈینٹ آف پولیس کا مزید کہنا تھا کہ شہرمیں امن وامان کی صورتحال کو بگڑنے نہیں دیا جائے گا اور شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

  • گوجرانوالہ: عمران خان کی تصاویر والے 5 ہورڈنگز کو جلا دیا گیا

    گوجرانوالہ: عمران خان کی تصاویر والے 5 ہورڈنگز کو جلا دیا گیا

    گوجرانوالہ : جی ٹی روڈ پر عمران خان کی تصاویر کے پانچ ہورڈنگز کو جلا دیا گیا، جس سے شہر میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

    گوجرانوالہ میں جنرل بس اسٹینڈ، ٹرسٹ پلازہ اورشاہین آباد کےقریب نامعلوم افراد نے عمران خان کی تصاویر والے پانچ ہورڈنگزکو آگ لگا دی گئی، پولیس نے ہورڈنگز جلانے والوں کے بارے میں لاعلمی ظاہر کیا ہے ۔

    تحریکِ انصاف تئیس نومبر کو جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسہ کررہی ہے، تحریک انصاف کے ہورڈنگز کے ان حصوں کو جلانے کی کوشش کی گئی، جن پر عمران خان کی تصاویر ہیں، اس واقعے کے بعد گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔

    کارکنوں کا کہنا ہے انھیں جلسہ کرنے سے روکنے کیلئے دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں مگر وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور گوجرانوالہ میں تاریخی جلسہ ہوگا۔

  • چنیوٹ: وین میں سلینڈرپھٹ گیا،3 مسافرجاں بحق

    چنیوٹ: وین میں سلینڈرپھٹ گیا،3 مسافرجاں بحق

    چنیوٹ: مسافروین میں آگ لگنے سے تین افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔

    فیصل آباد سے چنیوٹ جانے والی مسافروں سے بھری وین میں آگ بھڑک اٹھی۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا، مسافروں نے جان بچانے کیلئےگاڑی سے باہرنکلنے کی کوشش کی لیکن آگ اس قدر شدید تھی کہ تین افراد موقع پرہی دم توڑگئے۔ ریسکیو کاعملہ موقع پرپہنچا آگ پرقابوپایا اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹراسپتال منتقل کیا۔

    واقعے کے عینی شاہد اورچنیوٹ میں اے آروائی نیوز نمائندے امیر عمر چمن کاکہناہے آگ لگنے سے پہلے سی این جی سلینڈر لیک ہوا جس کے بعداچانک آگ بھڑ ک اٹھی،قوی امکان ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سی این جی کاناقص سلینڈر ہے۔