Tag: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: 5 اسکولوں کے بچوں میں کرونا کی تشخیص

    گوجرانوالہ: 5 اسکولوں کے بچوں میں کرونا کی تشخیص

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 5 اسکولوں کے بچوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں 5 اسکولوں میں رینڈم ٹیسٹ کے دوران 24 بچوں کے کرونا ٹیسٹ مثب آئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ 164 بچوں کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے 24 کی رپورٹ پازیٹو آئی۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد متعلقہ اسکولوں کو بند کرا دیا گیا۔

    ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ نجی اسکول کے 11،گورنمنٹ پبلک ہائی اسکول وزیرآباد،گورنمنٹ ہائی اسکول سعیدہ کے طالب علموں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

    اسکولز کے پہلے 3 دن میں کتنے بچے کرونا وائرس کا شکار ہو گئے؟ تفصیل جاری

    واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی وبا پر قابو پائے جانے کے بعد 15 ستمبر سے ملک بھر میں مرحلہ وار اسکول کھول دیے گئے تھے۔

    ابتدائی تین دنوں میں صوبہ پنجاب میں 34 بچوں میں کرونا وائرس کی منتقلی کی تصدیق کی گئی ہے،گوجرانوالہ میں 24 طلبہ، ننکانہ صاحب میں 7 بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

  • پنجاب میں ایک اور واقعہ :  ملزم کی گھر میں گھس کر لڑکی سے زیادتی

    پنجاب میں ایک اور واقعہ : ملزم کی گھر میں گھس کر لڑکی سے زیادتی

    گوجرانوالہ: پنجاب میں ملزم نے گھر میں گھس کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ، جہاں نواحی علاقے بدوکی گوساہیاں میں ملزم نے زبردستی گھر میں گھس لڑکی سے مبینہ زیادتی کی۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے واقعےکا مقدمہ درج کرلیا ہے اور متاثرہ لڑکی میڈیکل کیلئے اسپتال منتقل کردیا ، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم خرم نے زبردستی گھر میں گھس کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ کے بعد مزید قانونی ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں واقع بہاول واہ میں بااثر شخص نے گھر میں گھس کر 12 سال کی بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تھی۔ اہل خانہ نے زیادتی کا الزام علاقے کی بااثر شخصیت پر عائد کرتے ہوئے اُس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

    متاثرہ بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’خالد نامی بااثر شخص نے اسلحے کے زور پر بیٹی کے ساتھ زیادتی کی، ملزم نے گھر میں زبردستی داخل ہوکر بیٹی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا

    اس سے قبل 13 ستمبر کو گجرانوالہ میں زیادتی کا کیس رپورٹ ہوا تھا جہاں 40 سالہ شخص نے اپنی سوتیلی بہن کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔

  • چھت پر سوئے افراد کو قتل کرنے والا سیریل کلر گرفتار

    چھت پر سوئے افراد کو قتل کرنے والا سیریل کلر گرفتار

    گوجرانوالہ: اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے گوجرانوالہ پولیس نے سائیکو کلر کو گرفتار کر لیا جو چھت پر سوئے افراد کو جان سے مار دیتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تھانہ پیپلز کالونی کی حدود میں مبینہ طور پر سلسلہ وار قتل کا انکشاف ہوا تھا، معلوم ہوا کہ نامعلوم قاتل چھت پر سوئے افراد کو سر پر اینٹیں مار کر انھیں قتل یا شدید زخمی کر کے بھاگ جاتا تھا۔

    ان وارداتوں سے علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا تھا، گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے یہ خبر چلائی تو پولیس حرکت میں آ گئی اور سیریل کلنگ کا ڈراپ سین ہو گیا، پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم ارسلان 4 ماہ سے چھت پر سوئے افراد کو قتل کر رہا تھا، ملزم چھت پر سوئے افراد کو اینٹ مار کر قتل کر دیتا تھا، ملزم نے چار ماہ میں 2 خواتین سمیت 6 افراد کو قتل اور 10 کو زخمی کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلسلہ وار قتل کے واقعات 12 اپریل سے 5 اگست کے درمیان پیش آئے ہیں، مختلف وارداتوں کے 5 مقدمات تھانہ پیپلز کالونی میں درج ہوئے، جب کہ 2 واقعات کے مقدمات پولیس اسٹیشن میں رپورٹ نہیں ہوئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد بوٹا، آصف جمیل، تنزیلہ، شفیق اور نصرت بی بی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے کہ وہ یہ وارداتیں کیوں کر رہا تھا۔

    ملزم کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پہلے بھی قتل کے جرم میں جیل جا چکا ہے، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کیا سفاک قاتل کوئی ذہنی مریض ہے۔

  • انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

    انوکھی واردات، کرائے کے پیسوں کے لیے کرائے دار نے کس کو لوٹا؟

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کرائے دار نے کرایہ ادا کرنے کے لیے انوکھی واردات کر ڈالی، تاہم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر اس کی ترکیب الٹی گلے پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے جناح روڈ میں ملزم عثمان نے مکان کے کرائے کے پیسے نہ ہونے پر مالک مکان ہی کو نشانہ بنا کر لوٹ لیا، ملزم نے مالک مکان کو لوٹنے کے لیے برقع پہن کر واردات کی تاکہ پہچان نہ لیا جائے۔

    گوجرانوالہ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان نے مالک مکان کو لوٹنے کی واردات برقع پہن کر کی، ملزم نے تیز دھار آلہ دکھا کر مالک مکان سے 39 ہزار روپے چھینے۔

    گوجرانوالہ پولیس کے دردمند اہل کاروں نے واردات کرنے والے کرائے دار کی بیوی کو امدادی رقم دی

    ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے بتایا کہ ملزم عثمان کو ڈکیتی کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے، اور اس کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم دوسری طرف پولیس اہل کاروں نے انسانیت کا بھی ایک اعلا ثبوت پیش کرتے ہوئے ملزم پر کرائے کی مد میں جمع ہونے والے بقایا جات اپنی جیب سے ادا کر دیے۔

    ملزم عثمان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث اس کے پاس کرایے کے پیسے نہیں تھے، اس لیے واردات کا خیال ذہن میں آیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ غربت اور بے روزگاری اور بچوں کو بھوکا دیکھ کر ذہنی مریض بن گیا تھا۔

    پولیس اہل کاروں کو ملزم عثمان کے گھریلو حالات جان کر ترس آیا، اور اپنی جیب سے مالک مکان کو بقایا جات ادا کر دیے۔

  • گھر کے باہر کھڑے 3 سالہ بچے کو کتے نے بھنبھوڑ ڈالا

    گھر کے باہر کھڑے 3 سالہ بچے کو کتے نے بھنبھوڑ ڈالا

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں گھر کے باہر کھڑے 3 سالہ بچہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں گھر کے باہر کھڑے کمسن بچے کو کتے نے بری طرح بھنبھوڑ ڈالا۔کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے بچے احمد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ انتظامیہ کو کتا مار مہم کے لیے درخواست کی گئی لیکن اس پر کوئی عمل نہیں کیا گیا، اس سے قبل بھی کتے کے کاٹنے سے بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

    بچے کو کتے کے کاٹنے کی سی سی فوٹیج سامنے آگئی، تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ گھر کے باہر کھڑا ہے اچانک  اس پر کتا حملہ کردیتا ہے، بچہ لیٹ جاتا ہے جس کے بعد وہ چلا جاتا ہے اور بچہ فوراً اٹھ کر بھاگ جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کتے کے کاٹنے سے بچی جاں بحق، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں کتے کے کاٹنے سے بچی جاں بحق ہوگئی تھی، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیا تھا۔

    ڈی سی جامشورو نے مراد علی شاہ کو معاملے کی بریفنگ دی کہ واقعے کے بعد بچی کے والدین اسے اسپتال نہیں لے گئے جس کے باعث ہلاکت ہوئی، بچی اپنے گاؤں میں ہی جاں بحق ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے سے شدید زخمی 6سالہ حسنین جان کی بازی ہار گیا تھا، وہ کراچی کے اسپتال این آئی سی ایچ میں زیر علاج تھا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ انفیکشن بڑھنے کی وجہ سے حسنین صحتیاب نہ ہوسکا۔

  • گوجرانوالہ، پیٹرول بحران نے باپ بیٹی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ، پیٹرول بحران نے باپ بیٹی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد میں رکھے گیلن سے پیٹرول نکالتے ہوئے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کی تحصیل وزیر آباد رسول نگر  میں گھر کے کچن کے اندر رکھے پیٹرول سے بھرے گیلن سے پیٹرول نکالتے ہوئے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ قیصر عباس اور ان کی بیٹی 25 سالہ حنا قیصر شامل ہیں، قیصر عباس نے پیٹرول بحران کے پیش نظر پیٹرول گیلن میں بھر کر کچن میں رکھا ہوا تھا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پیٹرول لیک ہونے سے آگ لگ گئی جس کی لپیٹ میں آکر قیصر عباس اور ان کی بیٹی حنا شدید جھلس گئے جنہیں تشویش ناک حالت میں تحصیل اسپتال وزیر آباد منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    مزید پڑھیں: پیٹرول بحران، تحقیقاتی کمیٹی نے مزید آئل کمپنیز کو نوٹس جاری کردئیے

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق باپ بیٹی کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ حادثے کی صورت میں رونما ہوا۔

    واضح رہے کہ ملک میں جاری پیٹرول بحران کے سبب شہریوں نے پیٹرول گھر میں اکٹھا کرکے رکھ لیا تھا تاکہ بوقت ضرورت پیٹرول گاڑیوں میں ڈال کر گزارہ کیا جاسکے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول بحران کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • گوجرانوالہ لاک ڈاؤن: بااثر افراد نے سرکاری اسکول بھینسوں کے باڑوں میں بدل دیے

    گوجرانوالہ لاک ڈاؤن: بااثر افراد نے سرکاری اسکول بھینسوں کے باڑوں میں بدل دیے

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کرونا لاک ڈاؤن سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے با اثر افراد نے اپنے مویشی سرکاری اسکولوں میں منتقل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران گوجرانوالہ سرکاری تعلیمی ادارے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہو گئے، با اثر افراد اسکول پر قبضہ کر کے بھینسوں کے باڑے کے طور پر استعمال کرنے لگے۔

    ضلعی انتظامیہ کے کرونا لاک ڈاؤن میں مصروف ہوتے ہی قبضہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے، تھانہ لدھے والا وڑائچ کے علاقے کوٹ منڈ میں بااثر افراد سرکاری اسکول پر قبضہ کر کے بھینسوں کے باڑے کے طور پر استعمال کرنے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے غلام فرید نے بتایا کہ با اثر افراد نے کوٹ منڈ پرائمری اسکول پر قبضہ کر کے اپنا ڈیرہ بنا کر اس میں مویشی بھی باندھ دیے ہیں اور طلبہ کے کلاس رومز میں جانوروں کا چارہ ڈال دیا گیا ہے۔

    سرکاری اسکولوں سے متعلق فواد چوہدری نے بڑی خوش خبری سنادی

    اسکول کے گراؤنڈ میں چارہ کاٹنے والی مشین اور جانوروں کے چارہ کھانے کے لیے جگہ بھی بنائی گئی ہے، علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے اسکول کو فوری طور پر بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسکول کی مرمت کروا کر اس میں درس و تدریس شروع کروائے تاکہ غریب آدمی کا بچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں گوجرانوالہ شہر میں مویشی باڑوں کو ختم کرنے کے لیے منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی، اندرون شہر چارہ لانے پر دفعہ 144 کا نفاذ بھی کیا گیا تھا، کہا گیا تھا کہ جانوروں کے باڑے شہری حدود سے باہر منتقل کیے جائیں۔

  • 6 ماہ قبل پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی نے خودکشی کرلی

    6 ماہ قبل پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی نے خودکشی کرلی

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 6 ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے علاقے میں میاں بیوی نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی، دونوں افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    پولیس کے مطابق یاور اور عائشہ نے 6 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کو عزیزوں اقارب کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر دونوں نے زہریلی گولیاں کھاکر خودکشی کرلی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے خودکشی سے پہلے ویڈیو بیان میں پولیس کو دونوں فیملیز کے خلاف کارروائی کرنے سے منع بھی کیا۔

    گوجرانوالہ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: گوجرانوالہ: بھائی اور والدہ غیرت کے نام پر لڑکی کو قتل کردیا

    یاد رہے چند روز قبل گوجرانوالہ کے تھانہ احمد نگر کے علاقے جامکے چٹھہ میں والدہ اور بھائی نے غیرت کے نام پر 24 سالہ اقصیٰ کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق 24 سالہ اقصیٰ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس کی ماں اور بھائی پسند کی شادی سے انکاری تھے جس پر مقتولہ کی والدہ اور بھائی نے اقصیٰ کو قتل کرنے کے بعد ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔

  • گوجرانوالہ میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    گوجرانوالہ میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے چراغ آباد میں ایک گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق علی پور چھٹہ کے علاقے چراغ آباد میں گزشتہ رات بوسیدہ ہونے کے باعث ایک گھر کی چھت اس کے مکینوں پر گر پڑی، جس کے ملبے کے نیچے دب کر 3 بچے جاں بحق جب کہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ کرن، 5 سالہ علی، 2 سالہ ساحل شامل ہیں، جب کہ زخمی میاں بیوی کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    چمن میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 11 جنوری کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں کلی لقمان میں مکان کی چھت گرنے سے چار خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہو گئے تھے، مکان کی چھت بارش کے باعث گری تھی اور گھر میں موجود تمام افراد ملبے کے نیچے دب گئے تھے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔

    اس سے قبل 8 جنوری کو پنجاب کے شہر لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، یہ حادثہ لاہور کے علاقے یوحنا آباد کے علاقے خالد نگر میں پیش آیا تھا، مکان خستہ حالت میں تھا، جس کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوئے۔

  • گوجرانوالہ: ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ 18 گھنٹے بعد بجھا دی گئی

    گوجرانوالہ: ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ 18 گھنٹے بعد بجھا دی گئی

    گوجرانوالہ: وزیر آباد ہری پور ریلوے اسٹیشن کے گودام میں لگنے والی آگ پر 18 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوجرانوالہ میں وزیر آباد ہری پور ریلوے اسٹیشن کے لکڑی کے گودام میں آگ لگ گئی تھی، آگ کے شعلوں پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو اٹھارہ گھنٹے لگے، گودام میں آگ گزشتہ روز صبح 5 بجے لگی تھی، ریسکیو کی 18 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔

    اندھیرے کے باعث امدادی اداروں کو آگ بجھانے میں سخت مشکلات پیش آئیں، پاک فوج کے جوان بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آگ وقفے وقفے سے دوبارہ بھڑک اٹھتی تھی جس کے باعث قابو پانے میں دیر لگی۔

    گودام میں لگنے والی آگ سے کروڑوں کی لکڑی جل گئی ہے، ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ آتش زدگی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    ریسکیو کا کہنا تھا کہ اندھیرے کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکل پیش آئی، بھڑکنے کے بعد آگ نے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا، آگ پر قابو پائے جانے کے بعد اب کولنگ کا عمل کیا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے تھے۔