Tag: گوجرانوالہ

  • گوجرانوالہ: ایف بی آر نے محنت کش کو ڈیڑھ کروڑ ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا

    گوجرانوالہ: ایف بی آر نے محنت کش کو ڈیڑھ کروڑ ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا

    گوجرانوالہ: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک محنت کش کو ایک کروڑ 72 لاکھ روپے ٹیکس کا نوٹس بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی پھرتیاں سامنے آ گئیں، گوجرانوالہ میں ایک محنت کش کو ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا ٹیکس نوٹس بھیج دیا۔

    محنت کش محمد یوسف گاؤں کوٹ بھوانی داس میں کھیتوں میں کام کرتا ہے۔

    ٹیکس نوٹس کی وصولی پر محمد یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ ایف بی آر نے انھیں 5 کروڑ روپے کا کاروبار کرنے پر نوٹس بھیجا ہے۔

    محنت کش کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 72 لاکھ روپے ٹیکس جمع کرانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے، جب کہ میری ماہانہ اجرت 15 ہزار روپے ہے، کہاں سے اتنا ٹیکس جمع کراؤں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نامی جائیدادیں: ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو قید ہوگی، کمشنر ایف بی آر

    محنت کش محمد یوسف نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے، اور انھیں انصاف دلوایا جائے۔

    خیال رہے کہ آج ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 جون تک ایمنسٹی اسکیم کی سہولت سے فائدہ نہ اٹھایا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا، ایمنسٹی اسکیم لینے والوں کو ایک کروڑ کی جائیداد پر ڈیڑھ لاکھ روپے ٹیکس دینا ہوگا۔

    ایف بی آر کے چیف کمشنر لارج ٹیکس یونٹ نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے کو 7 سال تک قید ہوگی، اسکیم ختم ہونے کے بعد خفیہ طور پر رکھی جانے والی جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔

  • گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد گرفتار

    گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشت گرد فتح الرحمان حساس تنصیبات کونشانہ بنانا چاہتا تھا، اس کے قبضے سے سے بارودی مواد ،، ڈیٹونیٹرز ،کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گرد نےدہشت گرد منصوبوں سے متعلق اہم انکشافات کیے۔ دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج، نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن میں پنجاب کی کارکردگی بہتر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ سے شروع ہوا تھا، پنجاب نے تمام صوبوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ کالعدم تنظیموں کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور چلتا رہے گا۔

  • گوجرانوالہ: اسکول کی دیوار گرنے سے خاتون ٹیچرسمیت 6 بچے جاں بحق

    گوجرانوالہ: اسکول کی دیوار گرنے سے خاتون ٹیچرسمیت 6 بچے جاں بحق

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اسکول کی دیوار گرنے سے 5 بچے اور خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں کشمیر روڈ پر واقع ماڈل اسکول میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب جاری تھی کہ اچانک اسکول کی دیوار گر گئی۔

    اسکول کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر خاتون ٹیچرسمیت 6 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 20 بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور دیوار تلے دبے بچوں کو نکالا اور اسپتال منتقل کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزاد نے گوجرانوالہ میں اسکول کی دیوارگرنے پرنوٹس لیتے ہوئے کہا کہ حادثے کی رپورٹ پیش کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو ہرممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گوجرانوالہ کے علاقے اروپ میں اسکول کی چھت گرنے سے ایک استاد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ 23 فروری 2019 کو نوشہرہ کے علاقے محب بانڈہ میں اسکول کی دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب دنگل : گوجرانوالہ کے پہلوان آٹھ مقابلے جیت کر چھا گئے

    وزیراعلیٰ پنجاب دنگل : گوجرانوالہ کے پہلوان آٹھ مقابلے جیت کر چھا گئے

    گوجرانوالہ : وزیراعلیٰ پنجاب رستم گوجرانوالہ دنگل میں گوجرانوالہ کے پہلوان چھا گئے، اکھاڑے میں چھوٹے بڑے چودہ جوڑ پڑے، سب سے بڑے جوڑ سمیت آٹھ مقابلے گوجرانوالہ نے جیتے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں ہونے والا پہلاوزیراعلی پنجاب رستم گوجرانوالہ دنگل سخت مقابلوں کے بعد گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے اپنے نام کر لیا، پہلوانوں نے اپنے حریفوں کو چت کرنے کے لیے خوب داؤ پیچ کا استعمال کیا جبکہ دنگل کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد جناح اسٹیڈیم میں موجود تھی.

    پہلوان دنگل میں پہلوانوں کے درمیان چودہ مقابلے کروائے گئے جن میں سے آٹھ مقابلے گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے اپنے نام کیے، بڑا جوڑ گوجرانوالہ کے شفیق عرف جھلہ پہلوان اور حیدر علی کے درمیان ہوا جو شفیق عرف جھلہ پہلوان نے اپنے نام کیا.

    دوسرے بڑے ٹاکرے میں گوجرانوالہ کے زمان عرف جانی پہلوان نے رستم بہاولپور نادر ڈاھا کو شکست دی پہلوانوں نے جیت کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے.

    اس سے قبل جب پہلوان پہلوان جناح اسٹیڈیم پہنچے تو ڈولفن فورس اور پولیس کے گھڑ سوار دستے نے پہلوانوں کو سلامی دی اور پہلوانوں کوبگھی پر بٹھا کر اسٹیڈیم کا چکر بھی لگوایا۔

  • گوجرانوالہ میں دو مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج

    گوجرانوالہ میں دو مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج

    گوجرانوالہ: گزشتہ روز گوجرانوالہ میں 2 مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ہلاک ملزمان ریڈ بک میں شامل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے ہاتھوں ہلاک دو مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا، دہشت گردوں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔

    [bs-quote quote=”ملزمان حساس اداروں پر حملوں کے علاوہ اغوا اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ایف آئی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کاشف اور عبد الرحمان ریڈ بک کے ملزم تھے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گاڑی روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کی اور اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا، نا معلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق ملزمان حساس اداروں پر حملوں کے علاوہ اغوا اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز گوجرانوالہ میں مارے گئے دہشت گردوں کے بارے میں کہا گیا تھا کہ ان میں سے ایک جسٹس (ر) تصدق جیلانی کے بھتیجے کے قتل میں بھی ملوث تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گوجرانوالہ: سی ٹی ڈی کا ایک اور مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی کے مبینہ جعلی مقابلے میں دو خواتین سمیت 4 افراد کو زندگیوں سے محروم کیا گیا، گاڑی میں موجود ایک بچہ بھی زخمی ہوا، عینی شاہدین اور سی ٹی ڈی اہل کاروں‌ کے بنایات میں واضح تضادات ہیں۔

  • گوجرانوالہ: سی ٹی ڈی کا ایک اور مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    گوجرانوالہ: سی ٹی ڈی کا ایک اور مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    گوجرانوالہ: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے ایک اور مقابلے میں دو مبینہ دہشت گرد مار دیے، دہشت گردوں نے خود کش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گوجرانوالہ میں مقابلے کے دوران 2 مبینہ دہشت گرد مار دیے۔

    [bs-quote quote=”ہلاک دہشت گردوں نے خود کش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ذرائع”][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت عبد الرحمان اور کاشف کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں نے خود کش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں، عبد الرحمان جسٹس (ر) تصدق جیلانی کے بھیجتے کے قتل میں ملوث تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی کے مبینہ جعلی مقابلے میں دو خواتین سمیت 4 افراد کو زندگیوں سے محروم کیا گیا، گاڑی میں موجود ایک بچہ بھی زخمی ہوا، عینی شاہدین اور سی ٹی ڈی اہل کاروں‌ کے بنایات میں واضح تضادات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ساہیوال واقعہ: ملزمان کو سزا دے کر مثال قائم کریں گے: وزیرِ اعلیٰ پنجاب

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعۂ ساہیوال پر کہا کہ پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے، ملوث ملزمان کو سزا دے کر مثال قائم کریں گے۔

    وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اگر سی ٹی ڈی اہل کاروں کا مؤقف درست نہ ہوا تو انھیں نشانِ عبرت بنا دیں گے۔

  • گوجرانوالہ: پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچے کا گلا کٹ گیا

    گوجرانوالہ: پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچے کا گلا کٹ گیا

    گوجرانوالہ: مجاہد پورہ میں پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچہ شدید زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گیا، پولیس پتنگ بازی روکنے میں نا کام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے مجاہد پورہ میں پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچے کا گلا کٹ گیا، بچے کو ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    [bs-quote quote=”تین سالہ بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ریسکیو ذرائع”][/bs-quote]

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچے کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    تین سالہ بچہ ابراہیم اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر مارکیٹ جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    پتنگ بازی کے شوقین افراد ایسی ڈور استعمال کر رہے ہیں جو لوگوں کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہے، تاہم پولیس تا حال مہلک ثابت ہونے والی پتنگ بازی کو روکنے میں نا کام رہی ہے۔

    خیال رہے کہ پتنگ کے قاتل ڈور کے باعث آئے روز ملک کے مختلف شہروں میں ننھے بچوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، دو ماہ قبل کراچی میں ایک بچہ، چار ماہ قبل لاہور میں ایک موٹر سائیکل سوار گلے پر ڈور پھرنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوجوان کی ہلاکت، لاہور میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    22 ستمبر 2018 کو ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے شہر میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا، انھوں نے پتنگ بازی کو خطرناک کھیل قرار دیا۔

    جب کہ اسی دن وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عمل نہ کرائے جانے پر افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

  • گوجرانوالہ : محبوبہ کی فرمائش نے عاشق کو ڈکیت بنا دیا، ملزمان گرفتار، اسلحہ و نقدی برآمد

    گوجرانوالہ : محبوبہ کی فرمائش نے عاشق کو ڈکیت بنا دیا، ملزمان گرفتار، اسلحہ و نقدی برآمد

    گوجرانوالہ : محبوبہ کی فرمائش نے عاشق کو ڈکیت بنا دیا، پولیس نے ملزمان کو  ڈرامائی انداز میں گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان، نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گرجاکھ کے رہائشی نوجوان شاہد کی اپنی محلہ دار لڑکی سے دوستی ہوئی، مذکورہ لڑکی نے شاہد سے اسمارٹ فون کا تحفہ مانگا۔

    قیمتی موبائل فون خریدنے کی مطلوبہ رقم نہ ہونے پرشاہد نے اپنے کزن سے مل کر پڑوسی کے گھرمیں ڈکیتی کا پلان بنایا، ڈکیتی کے دوران ملزمان نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنالیا اور نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا تو ملزمان کی بے وقوفی نے انہیں اپنے انجام تک پہنچا دیا، پولیس کے مطابق ملزم نے ڈکیتی کے دوران چھینا جانے والا موبائل فون لڑکی کو تحفہ میں دیا تھا، جس کی لوکیشن کو ٹریس کرکے پولیس باآسانی ملزمان تک پہنچ گئی۔

    ڈی ایس سی آئی اے نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزمان موبائل لوکیشن کے ذریعے پکڑے گئے ہیں، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایک لاکھ روپے، واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد کرلیا۔

  • دس سال تک ٹریفک وارڈن بن کر شہریوں کو لوٹنے والا جعلساز گرفتار

    دس سال تک ٹریفک وارڈن بن کر شہریوں کو لوٹنے والا جعلساز گرفتار

    گوجرانوالہ : ٹریفک وارڈن بن کردس سال تک شہریوں کو لوٹنے والا جعلساز بالاخر قانون کے ہتھے چڑھ گیا، جس سےجعلی سروس کارڈ، پستول، یونیفارم بیجز اور دیگر آلات برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق نقلی ٹریفک اہلکار دس سال بعد اصلی ٹریفک پولیس کی گرفت میں آگیا، ملزم شہزاد انور جعلی ٹریفک وارڈن بن کر بس اسٹاپ کے قریب شہریوں کے چالان کر رہا تھا، اسی دوران اصلی ٹریفک وارڈن موقع پر پہنچ گیا۔

    اپنی جگہ اسے دیکھ کرشہزاد سے پوچھ گچھ کی تو وہ گھبرا گیا، شک ہونے پر اسے پکڑلیا۔

    سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گوجرنوالہ کا شہری شہزاد جو ٹریفک وارڈن کا روپ دھارے شہریوں کے چالان کرکے جعلی رسیدیں دیتا تھا، جعلی ٹریفک وارڈن سے جعلی سروس کارڈ، چالان کی رقم ، پستول، یونیفارم بیجز برآمد ہوئے۔

    دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے ٹریفک وارڈنز کا یونیفارم پہن کر لوگوں کو لوٹ رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • گوجرانوالہ، ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر میں چوہا گھس گیا

    گوجرانوالہ، ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر میں چوہا گھس گیا

    گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر میں چوہا گھس گیا، چوہے نے سیکیورٹی گارڈ کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال کے تراما سینٹر میں چوہا گھس گیا، چوہا ڈاکٹر کی میز اور مریضوں کے بستروں پر ایک گھنٹے تک بھاگتا رہا، سیکیورٹی گارڈ چوہے کو پکڑنے میں ناکام رہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز غلام فرید کے مطابق ڈسٹرکٹ اسپتال میں چوہوں کی بھرمار ہے، چوہے نے پورے اسپتال میں موجود عملے اور مریضوں کو پریشان کرکے رکھ دیا، سیکیورٹی گارڈ نے چوہے کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ بھی ناکام رہا۔

    ڈی ایچ کیو اسپتال میں چوہوں کی بھرمار ہے بڑی تعداد میں چوہے موجود ہوتے ہیں مگر انہیں تلف کرنے کے لیے کسی جانب سے کوئی اقدام نہیں اُٹھایا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: پارلیمنٹ ہاؤس میں‌ چوہا پکڑنے کا معاوضہ 900 روپے

    واضح رہے کہ دو سال قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی چوہوں کی بھرمار تھی جس کے خلاف مہم چلائی گئی تھی اور چوہے پکڑنے کا معاوضہ 900 روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد ساڑھے چار سو چوہے پکڑے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر بھی چوہوں کا راج ہوگیا تھا اور وہ ہر جگہ دندناتے پھرتھے تھے، ایئرپورٹ پر واقع مسافروں کے گمشدہ سامان رکھنے والی جگہ پر چوہوں کی بھرمار کی وجہ سے وہاں رکھے سامان کو نقصان پہنچانے لگے تھے۔