Tag: گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ .

  • گورنرسندھ  اوروزیراعلیٰ سندھ  کا جیو نیوز کے رپورٹر کے لاپتہ ہونے کا نوٹس

    گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ کا جیو نیوز کے رپورٹر کے لاپتہ ہونے کا نوٹس

    کراچی :گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ نے جیو نیوز کے رپورٹرعلی عمران سید کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے صحافی کی جلد بازیابی کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جیو نیوز کے سینیئر رپورٹر علی عمران سید لاپتہ ہوگئے، اہلیہ کا کہنا ہے کہ علی عمران گزشتہ شام بیکری تک جانے کیلئے گھر سے نکلے لیکن واپس نہیں آئے، ان کی گاڑی اور موبائل فون گھر پر ہیں۔

    صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کامقدمہ تھانہ سچل میں درج کرلیا گیا، مقدمہ علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع کردی ہے، موقع کے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے آئی جی سندھ کو صحافی علی عمران کو جلد بازیاب کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ میں کہا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لیا ہے،آئی جی سندھ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں، صحافی کی بازیابی کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ دعا اور امید کرتاہوں رپورٹر علی عمران جلد اپنے اہل خانہ کو مل جائیں جبکہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے صحافی علی عمران سیدکی گمشدگی پر اظہارتشویش کرتے ہوئے علی عمران کی گمشدگی آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دے دیا۔

    علی عمران کے لاپتہ ہونے پرصحافتی تنظیموں اورایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نےتشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علی عمران کی گمشدگی کا فوری نوٹس لیاجائے ۔صحافیوں کو تحفظ دیئےبغیر میڈیا کی آزادی ناممکن ہے۔

  • یوم آزادی ، گورنرسندھ  اوروزیراعلیٰ سندھ  کی مزارِ قائد پر حاضری

    یوم آزادی ، گورنرسندھ اوروزیراعلیٰ سندھ کی مزارِ قائد پر حاضری

    کراچی : جشن آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور کہا کوروناکی وجہ سے 14اگست کی تقریب کو سادہ رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے73 ویں یوم آزادی کے موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی ، مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، کمشنرکراچی افتخارشالوانی بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ تھے، اس موقع پر مراد علی شاہ نے گرین قمیض اورسفید شلوار پہن رکھا تھا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آزادی پر ہمارے دلوں میں کشمیریوں کا دکھ ہے، ہم نے آج اس تقریب کو 2 وجوہات سے سادہ رکھا ،کورونا کی وجہ اور کشمیریوں کے دکھ کی وجہ سے، باورکرانا چاہتے ہیں حکومت پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ امید ہے رب جلد مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرائے گا، بہت جلد پاکستان اپنا مقام حاصل کرلے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گفتگو میں کہا کہ آج پاکستان کی 73 ویں آزادی کی سالگرہ ہے، کشمیرمیں بچےکی تصویرجو اپنے نانا کے سینے پر بیٹھا ہے، نے دنیا کوہلا دیا، بچے کے نانا کو بھارتی فوج نے قتل کیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ضرورت ہےکہ شہیدبھٹوکے بنائےآئین پر عمل کریں، 14اگست کی تقریب کوکوروناکی وجہ سے سادہ رکھاگیاہے ، یہ وبا گئی نہیں ہے، سب نے مل کر اس سےنجات حاصل کرنی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک سال سے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر پربے پناہ مظالم ڈھائے ، بچے کی تصویر نے پوری دنیا کے دل دہلا دیے، اس وقت ضرورت ہے پوری قوم متحد رہے ، ملک میں معاشی عدم استحکام ہے مہنگائی ہے، دنیاسے کہتا ہوں کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلائیں ، ہم جلد کشمیریوں کو آزادی دلائیں گے ۔

    خیال رہے ملک بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منایا جارہاہے، ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔