Tag: گورنرسندھ

  • کراچی سے تمام غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز ختم کردیں گے، گورنرسندھ

    کراچی سے تمام غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز ختم کردیں گے، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ 25 جون تک شہر سے تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز ختم کردیئے جائیں گے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کاروائی جاری رہے گی اور اس سلسلہ میں کوئی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ زمینوں پر قبضہ کرنے والے افراد اور مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کی جارہی ہے۔

    Governor1

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کی تفصیلی دورہ کے بعد شہید بے نظیر بھٹو پارک کلفٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    گورنر سندھ  لکی اسٹار صدر، شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل، کارساز ، ناتھا خان پل ، کورنگی روڈ ، بوٹ بیسن گئے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں سپریم کورٹ کے احکامات پر بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے کام کا جائزہ لیا۔

    Governor4

    اسٹیشن کمانڈر کراچی، کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز کو ہر صورت میں ہٹادیا جائے گا اور اس تاریخ کے بعد جن اداروں کے بورڈز لگے ہوئے پائے گئے ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

    شہر میں پانی کی کمی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں پینے کے پانی کی طلب کے مطابق پانی دستیاب نہیں ہے ، یہی وجہ ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کے فور منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

    Governor5

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پانی کی چوری روکنے اور لائنوں سے ہونے والے رساؤ پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی فرد خواہ کتنا بااثر کیوں نہ ہو قانون سے بالا تر نہیں اور کراچی آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلا تفریق کاروانی کی جارہی ہے۔

  • گورنرسندھ کی تبدیلی کیلئے ایم کیوایم کامسلم لیگ ن سے رابطہ

    گورنرسندھ کی تبدیلی کیلئے ایم کیوایم کامسلم لیگ ن سے رابطہ

    کراچی: ایم کیوایم نے وزیر اعظم سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی تبدیلی کے لیے رابطہ کرلیا ۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم کی جانب سے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے رابطے ہوا۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے بھی گورنرسندھ کے سیاسی کردار کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے وزیراعظم تک یہ پیغام پہنچایا کہ گورنر سندھ عشرت العباد مصطفی کمال اینڈ کمپنی کی سربراہی میں نئی سیاسی جماعت کی تشکیل میں پس پردہ کردار ادا کر رہے ہیں۔اس لئے گورنرسندھ اب وفاق کے نمائندے نہیں رہےجبکہ پیپلز پارٹی نے بھی گورنر سندھ کے سیاسی کردار اور مصطفی کمال کے ساتھ پس پردہ روابط کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، اس لئے گورنر سندھ کو تبدیل کیا جائے۔

    مسلم لیگ ن سندھ کی قیادت بھی گورنر سندھ کی تبدیلی کی خواہش مند ہےاور انہوں نے بھی وزیر اعظم کو بھی یہ باور کرایا ہے کہ سندھ کی بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت صوبہ سندھ میں اپنے نمائندے کا تقرر کرے۔

  • وزیراعظم کراچی میں بھی گرین لائن پروجیکٹ کا افتتاح کرینگے، گورنرسندھ

    وزیراعظم کراچی میں بھی گرین لائن پروجیکٹ کا افتتاح کرینگے، گورنرسندھ

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف میٹروبس کی طرز پر کراچی میں بھی گرین لائین پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو نئے ناظم آباد پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    تقریب میں ایڈمرل عارف اللہ حسینی ، کراچی کنگز کے کھلاڑیوں ، تاجر و صنعتکاروں اور دیگر نے شرکت کی ۔گورنرسندھ نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم محمد نوازشریف کو کراچی کے ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے پروجیکٹ شروع کرنے کی دورخواست کی تھی جو وزیراعظم نے منظور کی تھی ۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جلد کراچی میں بھی میٹروبس کی طرز پر گرین لائین پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے جو ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائین سے پورا شہرمنسلک ہوگااور اس پروجیکٹ سے شہریوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔

    انہوں نے نئے ناظم آباد کے پروجیکٹ پر عارف حبیب کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی میں نجی شعبہ کا تعاون انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کے حوالے سے قانون نافذکرنے والے اداروں نے بڑی کوشش کی ہے جو قابل تحسین ہے ۔

    گورنرسندھ نے اسپورٹس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ میں جو بھی ٹیم جیتے گی دراصل وہ پاکستان کی ہی جیت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ سے کرکٹ اور دیگر اسپورٹس کی بحالی میں مدد ملے گی۔ تقریب سے ایڈمرل عارف اللہ حسینی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    بعد ازاں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے آرٹس کو نسل آف پاکستان کراچی میں کوچہ ثقافت کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے اور آرٹس کونسل کراچی کا دل ہے اس کو دھڑکنا چاہئے ، کوچہ ثقافت میں اندرون سندھ کے ہر ضلع سے لوگوں کو بلایا جائے تاکہ وہ اپنی مصنوعات اور ثقافتی اشیاء کو یہاں پیش کریں۔

    قبل ازیں انہوں نے آرٹس کونسل کے صدراعجازفاروقی اور سیکریٹرمحمد احمد شاہ اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر کوچہ ثقافت کا افتتاح کیا ۔ گورنرسندھ وہاں لگے اسٹالز پر بھی گئے اور لوگوں سے ملے ۔

    بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوچہ ثقافت میں اندرون سندھ کے لوگوں کو یہاں بلانے کے لئے سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا اس طرح یہ ان افراد کے لئے آمدن کا بھی ذریعہ بن سکتا ہے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ جو لوگ ہماری مثبت سرگرمیاں روکنے کے لئے کارروائیاں کرتے ہیں اس کے مقابلے میں ہمیں اپنی سرگرمیاں دوگناکرنے کی ضرورت ہے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان کا استحکام کراچی کے استحکام کے ساتھ وابستہ ہے اور ہم سب نے مل کر کراچی کے استحکام کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی بحالی کے لئے قانون نافذکرنے والے اداروں نے انتہائی مشکل اورخطرناک حالات میں کام کیا ۔

  • گورنرسندھ کے بھائی کی متحدہ رہنماؤں کیخلاف عدالت میں درخواست

    گورنرسندھ کے بھائی کی متحدہ رہنماؤں کیخلاف عدالت میں درخواست

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بھائی عامرالعباد نے واجبات کی عدم ادائیگی اور دھمکیاں دینے کیخلاف متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمااور سابق وزیررؤف صدیقی سمیت دیگر کیخلاف درخواست دائر کردی ہے۔

    جسے کراچی کی مقامی عدالت نے سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے، مقامی عدالت میں دائر کی جانیوالی درخواست میں کہا گیا ہے کہ حبیب بینک چورنگی پر تعمیر کئے گئے افضاء الطاف پل پر نصب کی جانیوالی سولر لائٹ سسٹم کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔

    اس سلسلے میں جب انہوں نے رؤف صدیقی ،رضا عابدی اور شائق سے رابطہ کیا تو انھوں نے واجبات ادا کرنے کے بجائے کہا کہ رقم پارٹی فنڈ میں جمع کرائی جاچکی ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انہیں دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں لہٰذا ان افراد کیخلاف مقامی تھانے کو ایف آئی آر کے اندراج کیلئے ہدایات جاری کی جائیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مقامی عدالت نے عامرالعباد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے اور ان کے وکیل کو حکم دیا ہے کہ وہ نو اکتوبر کو عدالت میں پیش ہوکر دلائل دیں۔

  • پانی بحران کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، گورنرسندھ

    پانی بحران کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، گورنرسندھ

    کراچی : شہر میں پانی کے بحران کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر سندھ نے واٹر بورڈ حکام کو طلب کرلیا ۔

    گورنر سندھ داکٹر عشرت العباد  کاکہنا ہے کہ پانی بحران کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔ ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ سے ملاقات میں بتایا کہ حب ڈیم خشک ہوجانے سے سسٹم میں ایک سو ملین گیلن پانی کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ حب ڈیم سے پانی کی ترسیل ہونیو الے علاقے متاثر ہورہے ہیں،حکومت سندھ نے فنڈز فراہم کردیئے ہیں، پمپس کی کارکردگی کو بہتر بنارہے ہیں۔

    گورنر سند ھ کا کہنا تھا کہ پانی کے بحران کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ، واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی مفت فراہمی کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ پانی کی طلب بھی بڑھ جائے گی ، اور رمضان المبارک سے قبل واٹر بورڈ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے ۔

    گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ کے فور منصوبہ شہر کی لائف لائن بن چکا ہے۔

  • یوم پاکستان: گورنر سندھ نے مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازا

    یوم پاکستان: گورنر سندھ نے مختلف شخصیات کو اعزازات سے نوازا

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے آج یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہاؤس کے دربار ہال میں منعقد ایک پروقار تقریب میں اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 27 افراد کو ستارہ امتیاز، صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز دیئے۔

    تقریب میں سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا، کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل نوید مختار ، پاک بحریہ کے کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی، پاک فضائیہ کی سدرن کمانڈ کے کمانڈر ائر وائس مارشل اظہر حسن رضوی کے علاوہ اعلیٰ حکام ، عمائدین شہر اور ایوارڈز حاصل کرنیوالوں کے اقرباء نے شرکت کی۔

    چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے تقریب کی نظامت کی ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے پانچ افراد کو ستارہ امتیاز، 12 افراد کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور دس افراد کو صدر پاکستان کی جانب سے  تمغئہ امتیاز دیا۔

    تمغئہ امتیاز پانیوالوں میں پروفیسر ڈاکٹر عبد القادر مغل (تعلیم)، یوسف کمال شکیل (فن،اداری)، پروفیسر نثار احمد صدیقی (خدماتِ عامہ)، نجیب دانہ والا(خدمات عامہ)، محمد صدیق شیخ (خدمات عامہ) شامل ہیں۔

    صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر رخسانہ مغل (صحت)، پروفیسر شہناز اسماعیل (بصری آرٹس، تعلیم) مہر افروز (فن، پینٹنگ)، مسمات پری (فن، فراسی بنائی)، صلاح الدین تنیو (فن، اداکاری)، عبدالکریم سولنگی (فن، مجسمہ سازی)، محمد بخش عرف نجش مھرانوی(فنون لطیفہ)، ولی رام ولبھو(ادب)، ڈاکٹر علی شوق (ادب و تعلیم)، محمد سلیم کوثر (ادب)، محمد ادریس بختیار (صحافت)، اور عقیل خان (کھیل، ٹینس) شامل ہیں۔

    جب کہ تمغئہ امتیاز حاصل کرنیوالوں میں ڈاکٹر سید ریاض باقر (سائنسی تحقیق)، محمد ظفر عادل ملک (انجینئرنگ)، پروفیشر ذکریا ساجد (صحافت)، علامہ غلام رسول سعیدی (تعلیم)، پروفیسر ڈاکٹر محمد شکیل اوج شہید،بعداز وفات(تعلیم)، انواراحمد خان مرحوم ، بعد از وفات (کھیل، ھاکی)، عبدالوحید خان (کھیل، ھاکی)، نجم الثاقب حمید (سماجی خدمات)، مہتاب الدین چاؤلہ (سماجی خدمات)، اور سید عتیق الرحمان (سماجی خدمات) شامل ہیں۔

  • عشرت العباد نے مستعفی ہونےکا فیصلہ کرلیا ، ذرائع

    عشرت العباد نے مستعفی ہونےکا فیصلہ کرلیا ، ذرائع

    کراچی: صولت مرزا کےبیان کےبعد تحریک انصاف نےڈاکٹرعشرت العباد کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا جس کے بعد گورنرسندھ عشرت العباد کے مستعفی ہونے کی افواہوں کابازار گرم ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق عشرت العباد نے مستعفی ہو نے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں استعفی صدر مملکت کو بھجوا دیں گے۔

    ایم کیو ایم کے زرائع نے گورنر سندھ کے استعفے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی سطح پر استعفیٰ کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔

    دوسری جانب گورنرہاؤس کےترجمان کہتےہیں عشرت العباد کہیں نہیں جارہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے صولت مرزا کے انکشافات کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا، ترجمان پی ٹی آئی شیری مزاری نےاپنے بیان میں کہاہے کہ صولت مرزا کے بیانات کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کا عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

  • پشاور دھماکہ: گورنرسندھ  کا گورنرخیبرپختونخواہ اور پرویزخٹک سے رابطہ

    پشاور دھماکہ: گورنرسندھ کا گورنرخیبرپختونخواہ اور پرویزخٹک سے رابطہ

    کراچی: پشاور مسجد سانحہ پر گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے رابطہ ہوا ہے۔

     گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے گورنر خیبر پختونخواہ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سے ٹیلیفون پر بات کی اور دہشت گردی کی اس واردات پر افسوس کا اظہار کیا۔

     انہوں نے کہا کہ اس بہیمانہ واردات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ یہ سانحہ متاثرہ لواحقین کے ساتھ پوری قوم کے لئے بھی رنج و الم کا باعث ہے ۔

    انہوں نے واقعہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت ، لواحقین کے لئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

     ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور اس عفریت کے خاتمے کے لئے اپنی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے۔ دہشت گرد اور ملک دشمن جتنا بھی زور لگا لیں ہم متحد رہتے ہوئے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرکے رہیں گے۔

  • سانحہ بلدیہ ٹاؤن کےملزمان کوہرقیمت پرسزاملنی چاہیے، ڈاکٹرعشرت العباد

    سانحہ بلدیہ ٹاؤن کےملزمان کوہرقیمت پرسزاملنی چاہیے، ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی : گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد کا کہنا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانا ناگزیر ہے،مقدمہ عدالت میں ہے، اس پربات کرنے سے گریز کرناچاہیے۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا ہے کہ سانحہ بلدیہ دلخراش واقعہ تھا، جو بھی ملوث ہو اسے سزا ملنی چاہیئے۔

    ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ سانحہ بلدیہ کی رپورٹ عدالت میں جمع ہے، اس پر انصاف ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ بجلی کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ انتظامی معاملہ ہے، کے الیکٹرک شہر میں سپلائی بہتر کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کوآگ بھتہ نہ دینے پرلگائی گئی اور اس واقعے کا مرکزی ملزم ایک سیاسی جماعت کا عہدیدارہے۔

  • کراچی:غریب والدین 6 بچے ایدھی ہوم چھوڑ گئے

    کراچی:غریب والدین 6 بچے ایدھی ہوم چھوڑ گئے

    کراچی: ماں باپ غربت سے تنگ آکر چھ بچوں کو ایدھی ہوم چھوڑ گئے، گورنر سندھ نے اے آر وائی نیوزکی خبر کا نوٹس لے لیا۔

    سنگ دل والدین چھ بچے ایدھی ہوم چھوڑ گئے،بچوں کی عمریں آٹھ ماہ سے آٹھ سال تک ہیں، جب بچے ایدھی ہوم لائے گئے تو ان کے جسم پر کپڑے تک نہیں تھے۔

     ماں باپ غربت کے باعث اپنے جگر کے ٹکڑے ایدھی ہوم چھوڑنے پر مجبور ہوئے، معصوم بچوں کا کہناتھا کہ امی ابو نے نانا کے گھر جانے کا کہہ کریہاں چھوڑدیا۔

    گورنرڈاکٹرعشرت العباد نےایدھی سینٹرمیں چھوڑے گئےچھ بچوں کےاخراجات اٹھانےکاوعدہ کرلیا۔

    اے آروائی نیوز کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے گورنر سندھ نے گورنر ہاوس کے عملے کو فوری طور پر ہدایت کی اور کہا کہ گو رنر ہا وس کا عملہ فوری طور پر ایدھی سینٹرجاکر معاملے کی جانچ پڑتال کرے۔

     گورنر سندھ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ان بچوں کے تمام اخراجا ت خود برداشت کریں گے اور بچے اپنے والدین کے پاس رہائش پذیر رہیں گے۔