Tag: گورنر خیبر پختونخوا

  • صدر مملکت کا گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق اہم مشورہ

    صدر مملکت کا گورنر کے پی کو انتخابات کی تاریخ سے متعلق اہم مشورہ

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر خیبر پختون خوا کو مشورہ دیا ہے کہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی کی دعوت پر آج گورنر کے پی حاجی غلام علی نے ایوان صدر میں اُن سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے خیبر پختون خواہ کے عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات میں آرٹیکل 224(2) اور یکم مارچ کے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الیکشن سے متعلق گفتگو کی گئی، صدر نے مشورہ دیا کہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ پر عدالتی حکم پر عمل درآمد کریں۔

    صدر پاکستان نے گورنر سے کہا کہ پیچیدگی سے بچنے کے لیے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات کی تاریخ مقرر کی جائے۔

    ملاقات میں صدر مملکت نے آئین کی پاس داری اور مقررہ مدت کے اندر عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

    انھوں ںے کہا کہ مقررہ وقت میں انتخابات آئین نے لازمی قرار دیے ہیں، اور سپریم کورٹ نے اس کی توثیق کی ہے، مقررہ وقت میں انتخابات پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے بھی ضروری ہیں۔

  • کے پی حکومت نے وزار تنخواہوں کے ترمیمی بل پر اعتراض خلاف آئین قرار دے دیا

    پشاور: کے پی حکومت نے وزار تنخواہوں کے ترمیمی بل پر اعتراض خلاف آئین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کی حکومت نے وزرا کی تنخواہوں اور مراعات کے ترمیمی بل پر گورنر کا اعتراض مسترد کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے پی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گورنر ہاؤس کو ایک مراسلہ ارسال کر کے کہا ہے کہ وزرا کی تنخواہوں اور مراعات کے ترمیمی بل پر اعتراض آرٹیکل 115، 116 کی خلاف ورزی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ منی بل پر دستخط کرنے کے پابند ہیں۔

    واضح رہے کہ ترمیمی بل میں صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے حوالے سے ترامیم کی گئی ہیں، جب کہ گورنر کے پی نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کے سوا دیگر افراد کے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت پر بل پر دستخط سے انکار کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر کے پی نے بل پر اعتراضات لگا کر اسمبلی سیکریٹری کو واپس بھجوا دیا تھا۔

  • گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں عید پر انڈے لڑانا بھی ایک شوق اور تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے جس میں بچے اور بڑے سب ہی حصہ لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرخیبر پختون خوا شاہ فرمان بھی پشتونوں کے روایتی کھیل عید پر انڈے لڑانے کے شوقین نکل آئے ہیں۔

    شاہ فرمان اپنے شکار کے شوق کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور ان کے قریبی دوست انھیں ایک اچھا شکاری سمجھتے ہیں، اس عید پر وہ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    تاہم گورنر کے پی انڈے لڑانے کے کھیل میں شکار میں مہارت کی طرح مہارت کا مظاہرہ نہ کر سکے، انھوں نے ایک اناڑی کی طرح ایک بچے سے پانچ انڈے ہار دیے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گورنر شاہ فرمان اپنے آبائی علاقے بڈھ بیر پشاور میں عید کے دوسرے روز سڑک کے کنارے ایک بچے کے ساتھ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ’ہوم گراؤنڈ‘ اور ’ہوم کراؤڈ‘ کے باوجود گورنر کے پی بچے سے پانچ انڈے ہار گئے۔

    گورنر کے پی انڈے لڑانے سے قبل ایک ایک انڈے کی سختی جانچنے کے لیے اسے اپنے دانتوں کے ساتھ ٹکراتے بھی رہے لیکن وہ ایک بھی انڈا نہ جیت سکے۔

    واضح رہے کہ انڈا لڑانے کے کھیل میں ابلے انڈوں کے سرے ایک دوسرے سے ٹکرائے جاتے ہیں، جس کا انڈا ٹوٹ جاتا ہے وہ انڈا ہار جاتا ہے، جب کہ انڈے کے سرے کی سختی جانچنے کے لیے اسے دانتوں پر ہلکا مار کر دیکھا جاتا ہے، لیکن کھیل کا ماہر نہ ہو تو انڈے کی سختی جانچنے میں غلطی ہو سکتی ہے۔

    انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں بھی ہوتا ہے، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عید کے مواقع پر جو میلے لگتے ہیں ان میں انڈے لڑائے جاتے ہیں، یہ کھیل خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں اور حتیٰ کہ کراچی کی پختون اور بلوچ آبادیوں میں بھی عید پر کھیلا جاتا ہے۔