Tag: گورنر سندھ عشرت العباد خان

  • قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے،گورنر سندھ

    قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے،گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے کیوں کہ ملک ہے تو ہم سب ہیں یہی وجہ ہے کہ ضرب عضب کو پوری قوم کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت حاصل ہے اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سیکیورٹی وار کورس کے شرکاء کے 111 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی ملکی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جس کے خاتمہ کے لئے ضرب عضب کا آغاز کیا گیا جس کے حوصلہ افزاء نتائج ہم سب کے سامنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے لئے پاکستان کی مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں،پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ ہے اور ہم نے اس جنگ میں ہمیشہ ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے جس کی معترف پوری دنیا ہے۔

    گورنر سندھ نے دوران گفتگو سند میں امن و امان کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ 3 سال قبل امن و امان کی صورتحال ابتری کی جانب گامزن تھی یہی وجہ تھی کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن کا آغاز کیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کے باعث کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور یہاں ہونے والی کوئی بھی اقتصادی سرگرمی پورے ملک پر اثر انداز ہوتی ہے اور اب کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں موجود مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔

    آپریشن کے نتیجہ میں قائم ہونے والے امن کو پائیدار بنانے کے بارے میں پوچھے جانے والے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں اور مجرمان کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے جبکہ پولیس کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ امن و امان کو دیرپا بنانے میں اس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں پولیس میں بھرتی کے لئے میرٹ پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے آرمی سے تربیت بھی دلوائی جارہی ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پولیس ریکروٹمنٹ کو شفاف اور میرٹ کے مطابق بنانے کے لئے سپروائزری کمیٹی بنائی گئی ہے اس کے علاوہ پولیس کو مجرموں کی بیخ کنی ، جرائم کی تفتیش کے لئے ضروری آلات و مشینری بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ ان کے خلاف زیادہ بہتر اور موثر انداز میں کاروائی کرسکیں۔

    گورنر سندھ نے کراچی میں بحالی امن کے لیے رینجرز کی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان بحال کرنے میں رینجرز کا نہایت اہم کردار ہے، ان کی دن رات محنت کے باعث دہشت گردی کے 33 واقعات کو وقوع پذیر ہونے سے روکا گیا جو اگر ہو جاتے تو کراچی میں بڑی تباہی ہوتی۔

  • گورنرنے’’سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی‘‘کے قیام کی منظوری دے دی

    گورنرنے’’سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی‘‘کے قیام کی منظوری دے دی

    کراچی: گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کراچی میں ماس ٹرانزٹ پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے ایک بااختیار اور موثر کونسل بنانے کی منظوری دے دی ہے جسے ’’سندھ ماس ٹرانزٹ اٹھارٹی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ یہ اتھارٹی سندھ میں ماس ٹرانزٹ پروگرام کے حوالے سے حکمت عملی کی تیاری اور اس پر عمل درآمد کرانے کی ذمے دار ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے فرائض میں ماس ٹرانزت سے متعلق منصوبوں کی پلاننگ، تعمیر، نگرانی ،جانچ پڑتال اورانہیں با عمل رکھنا شامل ہے۔

    اس کے علاوہ اتھارٹی ماس ٹرانزٹ منصوبوں میں گاڑیوں کی روانی کو برقرار رکھنے اور پروجیکٹ کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے قواعد بھی وضع کرے گی تا کہ منصوبے کو دیرپا اور مستحکم بنانے جانے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ کراچی کی آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث نقل و حمل کے ذرائع مختصر ہوتے جارہے ہیں،ٹرانسپورٹ کی ناکافی سہولیات ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جس کے سدباب کے لیے کراچی ماس ٹرانزت پروگرام کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

     

  • صدر ممنون حسین نے سندھ حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دے دیا

    صدر ممنون حسین نے سندھ حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دے دیا

    کراچی: صدر ممنون حسین سے گورنر سندھ عشرت العباد خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں امن وامان اور دہشتگردی خلاف جاری آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر ممنون حسین نے سندھ کی صوبائی حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دے دیا، صدر ممنون سے گورنر سندھ عشرت العباد خان نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی، جس میں امن وامان کے قیام، دہشتگرد عناصر کے خلاف جاری آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر ممنون حسین کا کہنا تھا صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے وفاق ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے جاری میگا پروجیکٹس مقررہ وقت پر مکمل کئے جائیں گے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم،صحت کے شعبوں میں نمایاں اقدامات کررہی ہے، امن وامان کی بہتر صورتحال کے بعد ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا ۔

    اس سے قبل گورنر سندھ اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبرکی ملاقات ہوئی، میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر سندھ کو صوبہ میں سیکیورٹی کی صورتحال ،یوم آزادی کے موقع پر کئے گئے اقدامات اور جاری آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    13925039_10153863092277951_6562159129125906500_n