Tag: گورنر سندھ عمران اسمعیل

  • وزیراعظم پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے جلد کراچی آئیں گے، گورنرسندھ

    وزیراعظم پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے جلد کراچی آئیں گے، گورنرسندھ

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسمعیل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جلد ہی پانچ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کراچی آئیں گے، کچرے کی صفائی ایک دن کا کام نہیں روز ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسمعیل ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں عالمی یومِ امراضِ قلب کے حوالے سے شروع ہونیوالی آگہی مہم میں سیمنار سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے، اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، ڈاؤ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر امان اللہ عباسی، پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کالج پروفیسر امجد سراج میمن، ڈائریکٹر اسپورٹس پروفیسر مکرم علی، پروفیسر شجاع فرخ، پروفیسر نصرت شاہ سمیت سینئر فیکلٹی ممبرزٍ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے پانچ اضلاع میں صحت کارڈ دینے کا اغاز کیا جائے گا، تھر سے صحت کارڈ دینے کا آغاز کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ نے شہر میں کچرا اٹھانے کی مہم شروع کی ہے، یہ اچھی بات ہے، مگر یہ کام مستقل بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے، اور مستقل طورپر کچرا اٹھانے کا کام ساری دینا میں میئر کی ذمے داری ہوتی ہے، یہاں بھی ذمہ داری میئر کو ہی دی جانی چاہیے۔

    ایک اور سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان تین فلائی اوورز ،گرین لائن کے متوازی دوسرے منصوبے، لیاری اور ماری پور کے 2ترقیاتی منصوبوں سمیت 5منصوبوں کا افتتاح کرنے جلد کراچی آئیں گے، اس سلسلے میں ان سے وقت مانگا ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جامعات ہی نہیں ملک بھر میں مجموعی طور پر گرانٹس میں مالی کٹوتی کی گئی ہے۔

    قبل ازیں آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دل کا کام صرف جسم کو خون کی فراہمی نہیں بلکہ یہ جسم کی رہنمائی بھی کرتا ہے، دل کے فیصلے سچائی پر مبنی ہوتے ہیں، اور اپنے بھائیوں کی مشکلات پر دل دکھتا اور دل روتا بھی ہے، انہو ں کہا کہ چھوٹے دل والے چھوٹی بات کرتے ہیں اور بڑے دل والے بڑی بات کرتے ہیں، دل کی سچائی ہی انسان کو بہادر بناتی ہے، یہی وجہ ہے کہ عمران خان امریکا میں بیٹھ کر بہادری کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں دل کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں، ڈاؤ یونیورسٹی کی جانب سے آگہی مہم کا آغاز خوش آئند ہے ابھی سیمینار میں پروفیسر محمد سعید قریشی اور دیگر ماہرین نے بتایا کہ دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ہمیں اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنا ہوگا۔

    اس تقریب کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسمعیل نے ڈاؤ میڈیکل کالج میں درخت بھی لگایا اور تقریبات کا آغاز کرنے کے لیے کیک بھی کاٹا، تقریب کے آخر میں گورنر سندھ کو وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی۔

  • وزیر اعظم کی کراچی کے ترقیاتی منصوبے جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی کراچی کے ترقیاتی منصوبے جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی، ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچے ہیں۔ کراچی پہنچنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں گورنر سندھ نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے وزیر اعظم کو صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے، کراچی کی تاجر برادری معیشت کا اہم حصہ ہے۔ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ دینا ہوگا۔ کراچی میں جاری منصوبوں کے لیے وفاق بھی تعاون جاری رکھے گا۔

    وزیر اعظم نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    تاجروں کے وفود کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے تاجروں کے وفود کی بھی ملاقات ہوئی۔ وفود میں کے سی سی آئی، ایف پی سی سی آئی، آٹو موٹیو پارٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے، وفاقی وزرا، مشیر خزانہ، تجارت اور اصلاحات، چیئرمین ایف بی آر، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور گورنر اسٹیٹ بینک موجود تھے۔

    ملاقات میں ٹیکس نظام میں اصلاحات، مہنگائی پر کنٹرول اور اسمگلنگ کی روک تھام پر بات چیت ہوئی جبکہ کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری، روزگار اور محصولات میں اضافے پر تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میرے آنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کروں، میری پوری معاشی ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔ حکومت آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کی معیشت پرانے طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جاسکتی۔ اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل تیز کرنا ہے جس میں مدد چاہیئے۔ کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے۔

    وزیر اعظم آج گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ کی ان سے ملاقات کا امکان نہیں ہے۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال سمیت کراچی میں وفاق کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم کی کراچی آمد کو وفاق میں تحریک انصاف کی حلیف جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے خوش آئند قرارد یتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ وزیر اعظم کراچی سے کیے ہوئے تمام وعدے پورے کریں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے 5 جولائی کو اسلام آباد میں ملاقات کی تھی، ملاقات میں گورنر سندھ نے کے فور سمیت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔

    اسی ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے وزیر اعظم کو دورہ کراچی کی دعوت دی تھی جس پر انہوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے آج شہر قائد پہنچنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم 42.5 بلین اور 5 ارب روپے علیحدہ دیں گے، موجودہ حکومت تجارت دوست حکومت ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ موجود حکومت تجارت دوست حکومت ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، وزیر اعظم نے کاروباری طبقے سے مشاورت شروع کردی ہے۔

  • گورنرسندھ عمران اسمعیل کا شاہانہ پروٹوکول

    گورنرسندھ عمران اسمعیل کا شاہانہ پروٹوکول

    سکھر: تحریک انصاف کے رہنمااور گورنرسندھ عمران اسمعیل وزیر اعظم کی ہدایات بھلا کربھاری بھرکم پروٹوکول کے ہمراہ سفر کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسمعیل جب آج سکھر پہنچے تھے تو ان کے ساتھ پورا لاؤ لشکر موجود تھا، گننے پر معلوم ہوا کہ دو تین نہیں بلکہ پوری اکیس گاڑیاں ان کے قافلے میں شامل تھیں۔

    پروٹوکول کے معاملے میں گورنر سندھ عمران اسمعیل نے ملک کے وزیراعظم عمران خان کو بھی مات دے دی ہے، ان کے پروٹوکول میں عموماً پانچ گاڑیاں ہوتی ہیں۔

    گورنرسندھ کے سکھر پہنچنے پروہاں کےغریب عوام حیرت سے اس قافلے کو تک رہے تھے کہ یہ کیسی تبدیلی ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال انتخابات کے بعد تحریک انصاف نے حکومت بنائی تو پارٹی چیئرمین عمران خان نے احکامات صادر کیے کہ بھاری بھرکم پروٹوکول نہیں رکھے جائیں گے کہ اس سے عوام کو پریشانی ہوتی ہے۔