Tag: گورنر سندھ

  • گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کل میری والدہ آئی تھیں ہم نے مل کر افطار کیا، والدہ کے جانے کے بعد بخار ہوا جس کے بعد ٹیسٹ کرانے کا سوچا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے رات کو ہی قرنطینہ کرلینا چاہئے تھا لیکن صبح قرنطینہ ہوا ہوں، اپنی والدہ اور گھر والوں کا کرونا ٹیسٹ کراؤں گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ مجھ میں کرونا کی کوئی علامات نہیں ہیں، ابھی تو مکمل صحت یاب ہوں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم چند روز بعد ان کی رپورٹ منفی آگئی تھی، انہوں نے دعائیں کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 341 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کراچی میں 275 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    سندھ بھر میں کرونا کے 925 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور کرونا سے اموات کی تعداد 85 ہوگئیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 43 ہزار 494 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، 24 گھنٹے میں 2 ہزار 733 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔

  • لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، گورنر سندھ

    لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آل کراچی جیولرز اور مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کی اجازت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کرونا وائرس پر کنٹرول کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اسٹریٹیجک لاک ڈاؤن کی طرف جانا ہوگا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ ایس اوپیز کے تحت ہی کاروباری سرگرمیاں کھولی جاسکتی ہیں، چھوٹی صنعتوں میں کام کرنے والے ملازمین کی مشکلات کا اندازہ ہے، لاک ڈاؤن کے شکار افراد کی مدد کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کوعام آدمی کا احساس ہے، مجبوری میں سخت فیصلے کئے، گورنر سندھ

    واضح رہے کہ چند روز قبل گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن چکی،پاکستان بھی شدید متاثر ہورہا ہے، حکومت کو انتہائی مجبوری میں بہت سخت فیصلے کرنا پڑے ،وزیراعظم عمران خان کو عام آدمی کی مشکلات اور مجبوری کا شدت سے احساس ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کرونا تو دوسری جانب غربت و افلاس ہے، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ کاروباری سرگرمیوں کو مربوط حکمت عملی کے ساتھ جاری رکھا جائے۔

  • سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں،گورنر سندھ

    سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آل سٹی تاجر اتحاد کے وفد نے ملاقات کی جس میں مارکیٹوں کی بندش، چھوٹے تاجروں کی مشکلات سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن سے چھوٹے تاجروں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، مارکیٹس کھولنے کے مطالبہ کا حامی ہوں۔انہوں نے مزید کہا سندھ حکومت دکانیں کھولنا چاہتی ہے تو وفاق کو اس پر اعتراض نہیں ہے۔

    صدر آل سٹی تاجر اتاد حماد پونے والا نے گورنر سندھ سے ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ سے ملاقات کامیاب رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل نے یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعلی کو وفاق سے اجازت ایک گھنٹے میں دلوا دوں گا۔

    حماد پونے والا کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی ایس او پیز گورنر کو فراہم کردی ہیں،تمام صوبوں میں کاروبار کھل گیا سندھ میں ظلم کیوں کیا جا رہا ہے۔

  • مساجد کھولنے کے لیے علما کا کوئی دباؤ نہیں، فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، گورنر سندھ

    مساجد کھولنے کے لیے علما کا کوئی دباؤ نہیں، فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ مساجد کھولنے کے لیے علما کا کوئی دباؤ نہیں ہے، رمضان المبارک میں نماز اور تراویح کی مشروط اجازت کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کا دورہ کیا اور لاک ڈاؤن میں مستحقین میں راشن کی تقسیم، امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ حکومتیں اور غیرسرکاری تنظیمیں لوگوں کی مدد کے لیے سرگرم ہیں، تمام این جی اوز، ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مساجد اور مدارس کی انتظامیہ ایس او پیز پر عمل کرائیں گے، قوم ثابت کرے گی کہ مساجد کی وجہ سے کرونا نہیں پھیلا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمیں پوائنٹ اسکورنگ کی ضرورت نہیں، ہم ایک دوسرے کی چیزوں پر تنقید کرسکتے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے کافی حد تک خود مختار ہیں۔

    مزید پڑھیں: رمضان المبارک میں تراویح، نماز جمعہ کے اجتماعات: حکومت اور علماء کرام کے درمیان 20 نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق

    ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر راج کہاں لگ رہا ہے مجھے تو نہیں پتا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت نے رمضان المبارک میں باجماعت نماز اور تراویح کی مشروط اجازت دی تھی۔

    صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ نمازی وضو گھر سے کر کے مسجد آئیں،مسجد آنے والے صابن سے 20 سیکنڈ ہاتھ دھو کر آئیں،ماسک پہن کر مسجد اور امام بارگاہ آئیں، صف بندی ایسے کی جائے کہ دو نمازیوں کی جگہ خالی رہے، مساجد کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے،مسجدوں میں سحری اور افطار کا اجتماعی اہتمام نہ کیاجائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں پر نماز تراویح پڑھنے سے اجتناب کریں صرف مساجد کے احاطے میں نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے، نماز سے پہلے اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے گا۔

  • تاجروں‌ نے گورنر سندھ سے امیدیں باندھ لیں

    تاجروں‌ نے گورنر سندھ سے امیدیں باندھ لیں

    کراچی: صوبے میں 25 دن سے جاری لاک ڈاؤن میں کاروبار کی مسلسل بندش سے پریشان شہر قائد کے تاجروں‌ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے امیدیں باندھ لی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تاجروں کو مذاکرات کے لیے آج طلب کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے تاجروں کو جائز مطالبات حل کرنے کی امید دلائی ہے۔

    تاجر تنظیموں نے گزشتہ روز بدھ کو کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا، کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی یقین دہانی پر تاجر تنظیموں نے اعلان کو 2 دن کے لیے مؤخر کر دیا تھا، کمشنر کراچی نے تاجروں کو وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے تاجروں کو ابھی تک ملاقات کا وقت نہیں دیا۔

    تاجر صوبائی انتظامیہ سے مایوس ہو کر آج گورنر سندھ سے ملاقات کے لیے گورنر ہاؤس جائیں گے، تاجروں نے اپنے مسائل کے حل کے لیے وفاق کی جانب امید لگا لی ہے، اس سلسلے میں کراچی کی مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کا 7 رکنی وفد گورنر سندھ سے آج دوپہر ملاقات کے لیے جائے گا۔

    مارکیٹیں بند ہونے سے تاجروں کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ سر پر منڈلانے لگا ہے، مارکیٹوں کی مسلسل بندش سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے بھی بے روزگار ہونے لگے ہیں، دکان دار بجلی گیس کے بل اور دکانوں کا کرایہ تک ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

  • ٹائیگرفورس کی ضروریات سے متعلق تیاری، گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    ٹائیگرفورس کی ضروریات سے متعلق تیاری، گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ٹیکسٹائل اور ڈیزائننگ صنعت کے 4 رکنی وفد نے اہم ملاقات کی۔ اس دوران حفاظتی لباس کی تیاری اور ٹائیگر فورس کی ضروریات سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹائیگر ریلیف فورس میں بڑی تعداد میں نوجوان رجسٹریشن کروا رہے ہیں جس کے پیش نظر فورس کے لباس کی تیاری سے متعلق گورنر سندھ نے ٹیکسٹائل اور ڈیزائننگ صنعت کے سرمایہ کاروں سے اہم ملاقات کی۔

    4 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران درآمدی سازو سامان پر انحصار کم کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ طبی عملے اور رضا کاروں کے لیے حفاظتی لباس کی دستیابی نہایت اہم ہے، حفاظتی سازوسامان کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز

    خیال رہے کہ وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، رجسٹریشن پاکستان سیٹیزن پورٹل پراوپن کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس میں کنٹرول روم قائم اور مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اورخود کو بھی ٹائیگر فورس میں رجسٹرکرا یا۔ رجسٹریشن کا آغاز ہوتے ہی 90 نوجوان ٹائیگرز پروگرام میں رجسٹرڈ ہوگئے۔

  • گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    گورنر سندھ کا تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ

    کراچی: شہر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد سیاسی رہنما میدان میں آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا، انھوں نے ایک موبائل مرکز پر جا کر ایک بوتل خون دیا۔

    گورنر سندھ نے اس موقع کہا کہ لاک ڈاؤن کے سبب بلڈ بینکس میں خون کی کمی قابل تشویش ہے، اس صورت حال کے باعث خون کی بیماریوں مبتلا بچوں اور افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    عمران اسماعیل نے کہا عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ خون کے عطیات دیں، تھلیسیمیا، ہیمو فیلیا اور لیوکیمیا کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہے۔ انھوں نے خون کے عطیات کے لیے آگاہی مہم چلائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے بھی تھیلیسیمیا مرض میں مبتلا بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا تھا، انھوں نے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیاں بچانا ہم سب کا فرض ہے، عوام سے اپیل ہے غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں مگر تھلیسیمیا کے بچوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں سندھ کی صورت حال اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔

    گورنر سندھ نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے بھی رابطہ کر کے کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے جلد قیام کے سلسلے میں بات چیت کی، جس پر چیئرمین نے انھیں ٹیسٹنگ لیباریٹریز کے جلد قیام کی یقین دہانی کرا دی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم خود کرونا وائرس صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، مزید ٹیسٹنگ لیباریٹریز سے بروقت تشخیص اور روک تھام میں مدد ملے گی۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    اپنے ٹویٹ میں بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر 2 کرونا ٹیسٹنگ لیبز قائم کی جائیں گی، این ڈی ایم اے، ایس آئی یو ٹی اور جے پی ایم سی مل کر لیبز قائم کریں گی، انشاء اللہ یہ لیبز ایک ہفتے کے اندر کام کرنا شروع کر دیں گی، سندھ میں مزید لیبز بھی کھولی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے، ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

  • حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے،گورنر سندھ

    حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایکسپو سینٹر میں قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا، گورنر سندھ نے انتظامات کا جائزہ لیا۔عسکری حکام نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے مکمل خاتمہ تک سینٹر جاری رہیں گے، ضرورت پڑی تو مزید قرنطینہ سینٹر قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ کرونا سے قوم کو محفوظ بنانے پر مرکوز ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ عالمی بینک کے غیر استعمال شدہ ترقیاتی فنڈز صوبوں کے حوالے کیے جا رہے ہیں، سب سے زیادہ 10ملین ڈالر صوبہ سندھ کو دیے جا رہے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد ہونا ہوگا، وزیراعظم عمران خان منگل کو پاکستان معاشی پیکج کا اعلان کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 666 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان

    گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کا اہم بیان

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ گرین لائن منصوبے کا آئندہ سال مارچ میں افتتاح ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں میئر کراچی وسیم اختر کا ساتھ رہا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے عوام کی سہولت کے لیے مختلف منصوبوں پرعمل پیرا ہیں، منصوبوں کی تکمیل کے لیے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کر رہے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ کے مختلف منصوبوں کے لیے 12ارب روپےمختص کیے ہیں،گرین لائن منصوبے کا آئندہ سال مارچ میں افتتاح ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکھر حیدرآباد منصوبے پر وفاقی حکومت 210 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔

    کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، کراچی پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے جس کے اوپر جانے سے ملک اوپر جائےگا، کراچی پر برا وقت آتا ہے تو پورے پاکستان پر برا اثر پڑتا ہے، سندھ میں پی ٹی آئی حکومت نہ ہونے کے باوجود بھی ترقی چاہتے ہیں۔