Tag: گورنر سندھ

  • گورنر سندھ نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کی تردید کر دی

    گورنر سندھ نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کی تردید کر دی

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ پولیس بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ لگانے کی خبر درست نہیں، آئی جی سندھ کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

    اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ لگانے پر وفاق اور سندھ حکومت میں اتفاق ہو گیا، وفاقی حکومت نےسندھ حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹے میں آئی جی کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسا آئی جی لائیں گے جو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہو۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت قانون کے تحت آگے کام کرتی ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا آئینی طور پر سندھ حکومت کا اختیار ہے۔

  • وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر کشمیر کا پرچم لہرایا گیا، سندھ حکومت کی ریلی

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر کشمیر کا پرچم لہرایا گیا، سندھ حکومت کی ریلی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یوم یک جہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 5 فروری پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یک جہتی کے اظہار کے لیے آج وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ پر پاکستان کے پرچم کے ساتھ کشمیر کا علم بھی لہرایا گیا، کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں گورنر سندھ، نثار کھوڑو، فردوس شمیم نقوی و دیگر نے شرکت کی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے، ہم آج کے دن کشمیر کے لوگوں کی رائے شماری کا مطالبہ دہراتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی بربریت کا سخت نوٹس لے، اور مودی کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں مقدمہ کیا جائے۔

    کشمیر روڈ سے نکالی گئی ریلی میں وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ موجود ہیں

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    مارچ سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا یک جہتی کا آج کا دن بہت اہم ہے، کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، پوری دنیا کشمیر میں بھارتی بربریت کا تماشا دیکھ رہی ہے، کشمیر میں مودی کا قتل و غارت کا سلسلہ انتہا کو پہنچ گیا ہے، مودی کے نئے بل سے بھارت کے مزید ٹکرے ہوں گے، آج کی اس واک میں تمام سوسائٹیز کے لوگ ایک ساتھ ہیں، آج بہت بڑا پیغام بھارت کو دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

    دریں اثنا، آئی جی سندھ کلیم امام نے بھی خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہر عروج کو زوال آتا ہے ایک دن آئے گا جب ظلم ختم ہوگا، اور حق کو فتح نصیب ہوگی، کشمیر کےعوام آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔

  • گورنر سندھ کا ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سےٹیلی فونک رابطہ

    گورنر سندھ کا ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سےٹیلی فونک رابطہ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم مطالبات پر جلد عملدرآمد کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں میں معاہدوں پر عملدرآمد کے روڈ میپ پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ روزملاقات میں ایم کیو ایم نے پیشرفت نہ ہونے پر تحفظات رکھے تھے، ایم کیو ایم کے تحفظات اور معاملات جلد حل کرنے کی یقین دہانی کی گئی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مطالبات پر جلد عملدرآمد کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا، آپ سے کیے گئے معاہدے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت جلد ترقیاتی منصوبوں کی مد میں فنڈز فراہم کرے گی، وزیراعظم نے بھی اتحادیوں سے متعلق پیشرفت پر تفصیلات مانگی ہیں۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما کنور جمیل کا کہنا تھا کہ امید ہے حکومت جلد پیش رفت کرےگی ، ہمیں بھی انتظار ہے، واقعی ایسا ہونے جا رہا ہے تو شہریوں کی کئی سالوں کی محرومی دور ہوسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب باتوں سے آگے نکل کر گرؤانڈ پر کام ہوناچاہیے۔

  • حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عارف علوی

    حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اورگورنر عمران اسماعیل کی ملاقات ہوئی جس میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات دیگر امور بھی زیر غور آئے۔

    اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کوساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی وزیر اعظم کی ترجیحات میں شامل ہے،
    صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت و شنید سے نکالا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی میں انشا اللہ 162 ارب روپے سے زائد کے منصوبے ہوں گے، کراچی میں پانی کا منصوبہ کےفور تاخیر کا شکار ہوا، سندھ حکومت جیسے ہی کے فور پر رپورٹ مرتب کرے گی کابینہ سے منظور کرائیں گے۔

  • وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے،عارف علوی

    وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے،عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں سندھ کے لیے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کرچلنا چاہتی ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں۔

    دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عوام کی ترقی وخوشحالی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت وشنید سے نکالا جاسکتا ہے۔

    سندھ میں یوتھ منسٹر ہی نہیں، نوجوان کہاں جائیں: عثمان ڈار

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت سندھ کا حال یہ ہے کہ صوبے میں یوتھ منسٹر ہی نہیں۔

  • سندھ حکومت کا آئی جی کے معاملے پر گورنر سے دوبارہ مشاورت سے دو ٹوک انکار

    سندھ حکومت کا آئی جی کے معاملے پر گورنر سے دوبارہ مشاورت سے دو ٹوک انکار

    کراچی: سندھ حکومت نے آئی جی کے معاملے پر گورنر سے دوبارہ مشاورت سے دو ٹوک انکار کر دیا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ ڈیڈ لاک کا شکار ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل سے دوبارہ مشاورت نہیں ہوگی، ہم آئی جی کی تعیناتی کے سلسلے میں قانونی تقاضے پورے کر چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو وزیر اعلیٰ، وزیر اعظم ملاقات میں آئی جی کی تبدیلی پر اتفاق ہوا تھا، وزیر اعظم حالیہ دورے میں نئے آئی جی کے نام پر متفق تھے، 2 بار 2 ناموں پر اتفاق کے بعد بھی وفاقی حکومت آئی جی تبدیل کرنا نہیں چاہتی، وفاقی کابینہ میں معاملے کو گھمبیر بنا دیا گیا ہے۔

    سندھ کی اپوزیشن کا آئی جی سے متعلق دو ٹوک مؤقف اپنانے کا فیصلہ

    وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا دیگر صوبوں میں آئی جیز کی تبدیلی فوری ہوئی، کسی دوسرے صوبے میں اپوزیشن سے پوچھ کر آئی جی نہیں لگایا گیا،لیکن سندھ کا معاملہ کابینہ میں لے جایا گیا، اب سندھ حکومت کوئی نیا نام بھیجنے کے موڈ میں نہیں،سندھ کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک ہو رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں اتحادیوں کی آ ئی جی سے متعلق مشاورت ہوئی تھی، گورنر نے اتحادیوں کے مشورے پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے رابطہ کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو فون کیا تاہم انھوں نے جواب دیا کہ آپ کا احترام ہے لیکن آئی جی معاملے پر بات نہیں کر سکتے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے جواب کے بعد گورنر سندھ نے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں نے آپ کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ کو فون کیا، انھوں نے آئی جی معاملے پر مثبت جواب نہیں دیا۔

    خیال رہے کہ سندھ پولیس کے سربراہ کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، وفاق نے حکومت سندھ کے دیے گئے نام مسترد کر دیے تھے، اور عمران احمر کے بعد ڈاکٹر امیر شیخ کا نام وفاق نے دے دیا ہے، جب کہ آئی جی کلیم امام نے عمران یعقوب کا نام تجویز کیا تھا۔ دوسری طرف سندھ حکومت کا مشتاق مہر، غلام قادر تھیبو اور کامران فضل کے ناموں پر اصرار ہے۔

  • ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے، گورنر سندھ

    ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ منایا ان کو جاتا ہے جو روٹھے ہوئے ہوں، ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوانوں کو قابلیت پر رقم دی جا رہی ہے، یہ نوجوان ناصرف اپنے بلکہ ملک کی بہتری کے لیے کام کریں گے، ان کے پاس صلاحیت ہے اور عمران خان نے ان کو موقع دیا ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوان ملک کی معاشی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں گے، خان صاحب نے نوکریوں کا وعدہ کیا تھا یہ اس کا تسلسل ہے، یہ خان صاحب کے وعدے کے مطابق نوکریوں، روزگار کا آغاز ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ 162ارب کے پیکج کی خوشخبری وزیراعظم پہلے ہی دے چکے ہیں، صوبے سے ورکنگ ریلیشن بہتر ہونے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سے کل اچھی بیٹھک ہوئی، مسائل حل ہو جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی منصوبوں پر جو کام چل رہا تھا وہ مکمل ہونے جا رہا ہے، چاہتے تھے ڈرامہ بازی نہ ہو، کام معیار کے مطابق ہو، منایا ان کو جاتا ہے جو روٹھے ہوئے ہوں، ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ 162ارب روپے این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہیں، یہ الزام ہے کہ یہ پیسے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، سندھ میں کام کرنے کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہوتی ہے، کوئی بھی صوبہ ہو سب میں صوبائی ایوارڈ دینا چاہیئے، وفاق اپنے پیسے دے چکا ہے،اب یہ صوبوں کا کام ہے۔

  • سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر، پرویز خٹک، گورنر پنجاب ، حلیم عادل شیخ اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں وفاق کے تحت ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر ہرممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، صوبے کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    جہانگیرترین اور پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک سمیت دیگر رہنما آج ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے، جہاں وہ خالد مقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی سےملاقات کریں گے۔

  • آئی جی سندھ کی تبدیلی ، وزیراعظم عمران خان کی آج گورنر سندھ سے اہم ملاقات

    آئی جی سندھ کی تبدیلی ، وزیراعظم عمران خان کی آج گورنر سندھ سے اہم ملاقات

    اسلام آباد : آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی گورنر سندھ سے آج اہم ملاقات ہوگی ، وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے معاملے پر مشاورت کے لیے وزیراعظم عمران خان آج گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اہم ملاقات کریں گے ، ملاقات میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

    گذشتہ روز سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کلیم امام کو ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا اور سندھ کابینہ نے آئی جی کلیم امام کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری بھی دے دی تھی اور کہا تھا وفاق کو نئے آئی جی کے لیے 3 نام بھیجے جائیں گے، جن میں مشتاق مہر، کامران فضل اورغلام قادرتھیبو شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے آئی جی کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا ٹاسک دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    خیال رہے آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام کےخلاف سندھ حکومت کی چارج شیٹ میں الزامات کی بوچھاڑ کردی ہے اور کہا گیا ہے کہ پولیس افسران کے تقرر و تبادلوں کےمعاملے پر آپ کنفیوژہیں، آئی جی کےماتحت افسران جرائم کوکنٹرول کرنےمیں ناکام رہے، پولیس کوخودمختاری دی گئی مگرکراچی میں جرائم کی شرح سترہ فیصدبڑھی۔

    چارج شیٹ میں مزید کہا گیا آئی جی سندھ کےمتنازع بیانات سےسنگین مسائل پیداہوئے، پولیس نےشہریوں پربہیمانہ اندازاور رویہ اختیارکیا۔

  • وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    وزیراعظم نے گورنر سندھ کو اسلام آباد طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی جی سندھ پولیس کے معاملے پر مشاورت کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے گورنر کو آئی جی کے معاملے پراسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا ٹاسک دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان اہم ملاقات کل ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے آئی جی پولیس کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی اور آئی جی سندھ کے لیے نئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔

    سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، انہوں نے بعض مواقع پر غیرذمہ دارانہ بیان بھی دیے، صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے خراب ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی جی سندھ کلیم امام نے چند افسران کو صوبہ بدر کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کم زور کیا ہے۔

    آئی جی کلیم امام سندھ حکومت کے احکامات کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور افسران کے تبادلے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے افسران کو عہدہ چھوڑنے سے روک دیا تھا۔