Tag: گورنر سندھ

  • کراچی سے دہشت گردوں کے خاتمے میں بھی رینجرز نے کردار ادا کیا، گورنر سندھ

    کراچی سے دہشت گردوں کے خاتمے میں بھی رینجرز نے کردار ادا کیا، گورنر سندھ

    لاہور: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی سے دہشت گردوں کے خاتمے میں بھی رینجرز نے کردار ادا کیا، رینجرز کی کاوشیں صوبے بھرمیں بحالی امن کی صورت نظرآتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جوان یاد رکھیں ایک قابل فخرادارے کا حصہ بن رہے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی سے دہشت گردوں کے خاتمے میں بھی رینجرز نے کردار ادا کیا، رینجرز کی کاوشیں صوبے بھرمیں بحالی امن کی صورت نظرآتی ہیں۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار کا سہارا لینے والوں کا بھی رینجرز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، شہرمیں امن کی بحالی کے 6 برس میں رینجرز نے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

    انہوں نے کہا کہ 19000سے زائد آپریشن کر کے 14 ہزارسے زائد گینگسٹرکو رینجرز نے پکڑا، رینجرز نے ہی کراچی کو معاشی و تجارتی استحکام بخشنے میں کردار ادا کیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ رینجرزکے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور جن عناصرکی وجہ سے امن تباہ ہوا امید ہے انہیں پنپنے کا موقع نہیں ملے گا۔

  • بااختیار بلدیاتی حکومت ہی کراچی کے مسائل بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، عمران اسماعیل

    بااختیار بلدیاتی حکومت ہی کراچی کے مسائل بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، عمران اسماعیل

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایک بااختیار بلدیاتی حکومت ہی شہر کے مسائل کو بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، تمام فریقین مل بیٹھ کر کراچی کے مسائل کا حل نکالیں۔

    یہ بات انہوں نے روٹری کلب پلاٹینیم کراچی کی جانب سے صوبائی حلقہ پی ایس 129 کے علاقہ میں صفائی مہم کے لئے کچرہ اٹھانے والی تین موٹر سائیکل ٹرالی اور پانچ ٹرالی بمعہ دیگر سامان کے ساتھ حوالے کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے کچرہ اٹھانا بنیادی طورپر سندھ حکومت اوربلدیاتی اداروں کا کام ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایک بااختیار بلدیاتی حکومت ہی شہر کے مسائل کو بہتر انداز سے حل کرسکتی ہے، اس ضمن میں موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام فریقین مل بیٹھ کر کراچی کے مسائل کا حل نکالیں۔

    ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت ہر صورت واپس لی جائے گی، اس سلسلے میں نیب اپنا کردار بھرپور انداز سے ادا کررہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے اعلان کردہ مارچ کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

    حکومت کا عذم ہے کہ ملک کو کرپشن سے پاک کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد پانچ منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے۔

    بلدیاتی نظام کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں سنگل اتھارٹی کے تحت کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ایک بہتر بلدیاتی نظام نافذ ہے جو دیگر صوبوں کے لئے بہترین مثال ہے۔

  • کچرا اٹھانا سندھ حکومت اور میئر کا کام ہے، انہی سے لیا جانا چاہیئے: گورنر سندھ

    کچرا اٹھانا سندھ حکومت اور میئر کا کام ہے، انہی سے لیا جانا چاہیئے: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کا کہنا ہے کہ کچرا اٹھانا یا شہر کی صفائی سندھ حکومت اور میئر کا کام ہے، پوری دنیا میں لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے شہر صاف کرے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسمعٰیل کا کہنا تھا کہ کچرا اٹھانا یا شہر کی صفائی سندھ حکومت اور میئر کا کام ہے، کچرا اٹھانے کا کام انہی سے لیا جائے تو بہتر ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پوری دنیا میں لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے شہر صاف کرے، فضل الرحمٰن عرصے سے کوشش کر رہے ہیں نظام کو پٹڑی سے اتاریں، فضل الرحمٰن کی اپنی حریف جماعتیں ان کے ساتھ آنے سے گھبرا رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مولانا کو سوچنا چاہیئے کیا کشمیر معاملے کو نقصان پہنچائیں گے، موجودہ حکومت 5 سال کہیں نہیں جارہی۔ سڑکوں پر اس لیے نکل رہے ہیں جو کرپشن کر رہے ہیں ان کو نہ پکڑیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی سندھ میں حکومت نہیں، بہت جلد چیزیں بہتر ہوتے ہوئے نظر آئیں گی۔ مولانا فضل الرحمٰن کا دھرنا کامیاب نہیں ہوگا۔ جب تک سنگل اتھارٹی قائم نہیں ہوگی وہاں ڈلیور کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

  • امریکا اپنے شہریوں کے لیے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے: گورنر سندھ

    امریکا اپنے شہریوں کے لیے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں دنیا کے دیگر شہروں کی نسبت جرائم کی شرح بہت کم ہے، امریکا اپنے شہریوں کے لیے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں گورنر سندھ سے امریکی قونصل جنرل نے وفد کے ہم راہ ملاقات کی، وفد میں یو ایس کانگریس مین اور ممبر ہاؤس پرمیننٹ سلیکٹ کمیٹی شریک تھے۔

    ملاقات میں مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، امریکی وفد نے وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں خطاب کو سراہا، وفد نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں بہتری آنا خوش آیند امر ہے۔

    تازہ ترین:  وزیر داخلہ سے برطانوی وفد کی ملاقات، پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے: وفد

    گورنر سندھ نے امریکی وفد سے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پاکستان کی مصنوعات کی امریکن مارکیٹس میں رسائی آسان بنائی جائے، پاکستانیوں کے لیے بھی بزنس ویزے کا حصول آسان بنایا جائے۔

    انھوں نے وفد کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز سے پیش کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ نے مولانا تنویر الحق تھانوی سے ملاقات میں کہا تھا کہ وزیر اعظم نے امریکا میں بیٹھ کر بھی کہا دین اسلام میرے بنی ﷺ کا ہے۔

  • کراچی کے مسائل پر خصوصی کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کو پیش کرے گی

    کراچی کے مسائل پر خصوصی کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کو پیش کرے گی

    کراچی: شہر قائد کے دیرینہ اور پریشان کن مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر قایم کی گئی اسٹریٹیجک کمیٹی اپنی تجاویز ہفتے کو عمران خان کے سامنے رکھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر سندھ سے شہر قائد کے مسائل پر فروغ نسیم کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے ملاقات کی، یہ کمیٹی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بنائی۔

    اسٹریٹیجک کمیٹی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو شہر کے مسائل کے حل سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر گورنر سندھ نے بھی مسائل کے حل کے لیے کمیٹی کو اہم تجاویز دیں۔

    ملاقات میں وفاق کے تحت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، فراہمی اور نکاسیٔ آب، ماس ٹرانزٹ اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    تفصیل یہاں پڑھیں: کراچی کو تباہی سے بچانا ہے تو ۔۔۔۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق اسٹریٹیجک کمیٹی کراچی کے مسائل پر تجاویز ہفتے کو وزیر اعظم کے سامنے رکھے گی۔

    یاد رہے دو دن قبل کراچی میں مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت اسٹریٹیجک کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا تھا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔

    اس اجلاس میں شہر میں صفائی اور دیگر اہم مسائل سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں فروغ نسیم نے بتایا کہ وزیر اعظم کی بنائی گئی کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں 6 ممبران ایم کیو ایم اور 6 پی ٹی آئی کے ہوں گے، حکومت کی یہ کمیٹی کراچی میں انتظامی مسائل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

  • قائد اعظم کی برسی، گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزارقائد پر حاضری

    قائد اعظم کی برسی، گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزارقائد پر حاضری

    کراچی: قائد اعظم کی برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نےمزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 71ویں برسی ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، قائداعظم کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ر ہے گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، 18ویں ترمیم کو چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے مسائل پرقائم کمیٹی 10 سے 12 دن میں رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش ہوگی تو مسائل میں کمی آئے گی۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی مدبرانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے، پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری قوم کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیشہ ساتھ رہے گی۔

    قائد اعظمؒ کی 71ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ تشخص، الگ پہچان اور ایک آزاد ملک کا تحفہ دینے والے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

  • ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے: گورنر سندھ

    ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے: گورنر سندھ

    واشنگٹن: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا  ہے کہ ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ امریکا کے موقع پر واشنگٹن میں کیا. یہ ان کےدورے کا دوسرے دن تھا.

    گورنر سندھ عمران اسماعیل یوایس اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ پہنچے، انھوں‌ نے کامرس، ٹریڈ، یو ایس ایڈ اور دیگر امورپراجلاس کی صدارت کی، پاکستان امریکا میں 60 بلین ڈالرکی ٹریڈ کو مزید بہتر بنانے پرتبادلہ خیال ہوا.

    گورنر سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا ٹریڈ مستحکم کرنا ہماری ترجیح ہوگی، ٹریڈ دونوں ممالک میں تعلقات کو استحکام دیتا ہے.

    مزید پڑھیں: کراچی میں لٹکتے بجلی کے تاروں کو ختم کریں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

    ان کا کہنا تھا کہ ٹریڈ شرائط آسان بنا کر دونوں ممالک مستفید ہو سکتے ہیں، 6 بلین ٹریڈ کے استحکام کے لئے وزیر اعظم کی ہدایت پرامریکا آیا ہوں.

    گورنر سندھ نے کہا کہ آسان ٹریڈ سے ہی دونوں ممالک کی عوام کو فائدہ ہوگا، ٹریڈ ہی پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری لا سکتا ہے.

    گورنرسندھ کی یو ایس ٹی ڈی اے، اوپک کے وفود سے ملاقات ہوئی، گورنرسندھ نے یوایس ایڈ،یوایس ٹی آر کے وفود سے بھی تفصیلی ملاقات کی، گورنر سندھ پاکستانی سفیراسد مجید کی دعوت پر ظہرانے میں شریک ہوں گے.

  • کراچی میں لٹکتے بجلی کے تاروں کو ختم کریں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

    کراچی میں لٹکتے بجلی کے تاروں کو ختم کریں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں لٹکتے تاروں کو ختم کریں گے، کرنٹ سے اموات کی بنیادی ذمہ داری کے الیکٹرک کی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی می پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں بھی موجود تھے۔

    گورنر سندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی پر کردار ادا کریں گے، کراچی کے اختیارات منقسم ہیں، بہتری ایک اتھارٹی سےآتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران بجلی کے کھمبوں سے کرنٹ سے اموات کی بنیادی ذمہ داری کے الیکٹرک کی ہے، کراچی میں لٹکتے تاروں کو ختم کریں گے۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد آرائیں نے کہا کہ ہمارا کیبل آپٹیکل فائبرہوتا ہے اس میں کرنٹ نہیں ہوتا، کمشنر کراچی کے دفترمیں جو فیصلہ ہوا تھا کام اس کے برعکس ہوا، انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہماری آواز سنی۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں کرنٹ لگنے سے اموات کی رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات سے متعلق رپورٹ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کو پیش کردی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرنٹ لگنے سے13 افراد جاں بحق ہوئے، کے الیکٹرک کے خلاف دس مقدمات درج کیے گئے۔

  • وزیر اعظم کی گورنر سندھ کو کراچی میں مقیم کشمیری برادری سے ملاقات کی ہدایت

    وزیر اعظم کی گورنر سندھ کو کراچی میں مقیم کشمیری برادری سے ملاقات کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو کراچی میں مقیم کشمیری برادری سے ملاقات کی ہدایت کر دی.

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی. اس موقع پر وزیر اعظم نے انھیں مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی.

    اس ملاقات میں کراچی میں وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں پربھی بات چیت ہوئی، وزیراعظم ستمبر کے آخری ہفتے میں 4 منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کریں گے.

    وزیر اعظم کی جانب سے گورنرسندھ کوباقی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پررپورٹ پیش کرنےکی بھی ہدایت کی گئی.

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا پولیو کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار

    ملاقات کے دوران کلین کراچی مہم پربھی بات چیت کی گئی، جس کے تحت شہر بھر کے نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے.

    وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو کشمیری برادری سے ملنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس مسئلہ کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ہدایات جاری کیں.

  • قائم مقام گورنر کی تقرری: سندھ حکومت نے صدر مملکت کا نوٹیفکیشن مسترد کر دیا

    قائم مقام گورنر کی تقرری: سندھ حکومت نے صدر مملکت کا نوٹیفکیشن مسترد کر دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے صدر مملکت کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے قائم مقام گورنر کی حیثیت سے آغا سراج درانی سے خط و خطابت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے قائم مقام گورنر کی تقرری کے سلسلے میں صوبائی حکومت نے صدر عارف علوی کے نوٹیفکیشن کو مسترد کر دیا ہے۔

    سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آغا سراج درانی سے سندھ کے قائم مقام گورنر کی حیثیت سے خط و خطابت کی جائے گی۔

    سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اس سلسلے میں کہا کہ حکومت آغا سراج کو قائم مقائم گورنر تسلیم کرتی ہے، گورنر سندھ جب تک نہیں آتے ہمارے قائم مقام گورنر آغا سراج ہیں۔

    دوسری طرف ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے قائم مقام گورنر کا حلف لینے سے انکار کر دیا ہے، انھوں نے صدر مملکت کے نوٹی فکیشن پر عمل سے معذرت کر لی، ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کی موجودگی میں قائم مقام گورنر کا حلف نہیں اٹھا سکتی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی سے متعلق نظرثانی درخواست سماعت کیلئے منظور

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے انکار کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو قائم مقام گورنر بنائے جانے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اس وقت بیرون ملک نجی دورے پر ہیں، وہ آج فریضہ حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، وہ فریضہ حج کی ادائی کے 2 ہفتے بعد وطن واپس آئیں گے۔

    ادھر ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آئین سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کر سکتی، اس لیے حلف لینے سے انکار کیا، بال اب صدر مملکت کی کورٹ میں ہے، وہ چاہیں تو نوٹیفکیشن معطل کر دیں یا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیں۔

    دریں اثنا، مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آغا سراج درانی ملک میں ہی موجود ہیں، ان کی موجودی میں صدر کو اختیار نہیں کہ قائم مقام گورنر کی ذمہ داری کسی اور کو دیں، آرٹیکل 104 بتاتا ہے گورنر نہ ہو تو اسپیکر قائم مقام گورنر ہوتا ہے، وفاق کا نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 104 کے منافی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لگتا ہے صدر کو آرٹیکل 104 سے متعلق سمجھایا نہیں گیا، جرم ثابت نہ ہونے تک آغا سراج درانی اسپیکر ہی رہیں گے، گورنر نہ ہوں تو آغا سراج درانی قائم مقام گورنر بن جائیں گے، صدر کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 104 کے مطابق ہونا چاہیے۔