Tag: گورنر سندھ

  • گرین لائن منصوبہ، گورنر سندھ کی کراچی کے لیے بڑی خوشخبری

    گرین لائن منصوبہ، گورنر سندھ کی کراچی کے لیے بڑی خوشخبری

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے نمائش کے مقام پر گرین لائن منصوبے کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے کراچی کے لیے اہم اعلانات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ کو گرین لائن منصوبے پر کے آئی سی ایل نے بریفنگ دی.

    گورنر سندھ نے کہا کہ منصوبے کا معیار، بر وقت تکمیل میں سب نے حصہ لیا، ستمبر میں وزیر اعظم تمام منصوبوں کا افتتاح کریں گے، 6 ماہ میں تمام منصوبےکی تکمیل ہو جائے گی.

    گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کے فورپر بھی اب وزیراعظم کو صبح بریفنگ دی جائے گی، کے آئی سی ایل کی فارمولیشن پروزیراعظم منظوری دیں گے، اربوں کے منصوبےکی کابینہ سے منظوری کے بعد اعلان ہوگا.

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ گرین بسیں 100 فیصد وفاقی حکومت خود فراہم کرے گی، ورلڈ بینک بھی اس منصوبے میں شامل ہے نیا پروپوزل جلد دیں گے، آنے والے وقت میں خوشخبریاں ہیں، کراچی میں بہتری ہوگی.

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم گھوٹکی میں بھی بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے، سندھ کے 5 اضلاع ہیلتھ کارڈ میں کام کیا جارہا ہے.

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس30مارچ کو گھوٹکی میں طلب کیا ہے، وزیر اعظم29 مارچ کو کراچی پہنچیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ میں کراچی میں اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، وزیر اعظم کو کراچی میں ترقیاتی پیکج کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی اور کراچی کے لیے زیرغور منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • یوم پاکستان پر گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ  کی مزارقائد پر حاضری

    یوم پاکستان پر گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ کی مزارقائد پر حاضری

    کراچی : یو م پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اوردیگر سیاسی رہنماؤں نے مزار قائد پرحاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پر وقارتقریب کا انعقاد کیا گیا، گ ورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کےارکان نے مزارقائد پرحاضری دی اورپھول چڑھائے۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے اپنے پیغام میں کہا خواہش ہے قائداعظم کاوژن جلدمکمل ہو جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا متحد قومیں ہی ملک کا دفاع کرسکتی ہیں۔

    کمشنرکراچی سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔

    مزید پڑھیں : یوم پاکستان پرمزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

    اس سے قبل یوم پاکستان کے موقع پر لاہورمیں مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، جس میں شاہینوں کے چاق وچوبند دستے نےمصور پاکستان کو سلامی پیش کی اور مزار پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔

    مہمان خصوصی ائیرکموڈور رضوان ملک نے پریڈ کا معائنہ کیا، مہمان خصوصی نے چیف آف ائیر سٹاف اور پاکستان ائیرفورس کی جانب سے مزار پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔

    ائیرکموڈور رضوان ملک نےمہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبندکیے۔

    خیال رہے آج یوم پاکستان ملی جوش اور جزبے سے منایا جار ہا ہے، دن کا آغاز وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاوں سے ہواجبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام اباد کا کیولری گرائونڈ اکتیس توپوں کی سلامی سے گونج اٹھا۔

    یوم پاکستان کے دن اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی ،سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی،  تقریب کے مہمان خصوصی ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد ہیں۔

  • سندھ میں وزیر داخلہ کی تقرری کو لازمی سمجھتا ہوں، گورنر سندھ

    سندھ میں وزیر داخلہ کی تقرری کو لازمی سمجھتا ہوں، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل ہورہا ہے، سندھ میں وزیر داخلہ کی تقرری کو لازمی سمجھتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں فائرنگ سے ہلاکتوں پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا تقی عثمانی پہلے بھی سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرچکے ہیں، ڈرائیور، اہلکارنے زخمی ہونے کے باوجود بہادری دکھائی۔

    انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ سید کلیم امام اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید بہترین کام کررہے ہیں، صوبائی حکومت اپنے معاملات بہتر جانتی ہے، سندھ حکومت کو اختیار ہیں مگر آئی جی سندھ کو بھی اختیار ملنا چاہئے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ جب تک آئی جی سندھ کے پاس اختیارات نہیں ہوں گے وہ اپنا کام درست نہیں کرپائیں گے، پی ایس ایل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ پر بھارت اور کچھ نادیدہ قوتیں خوش نہیں ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ ، مفتی تقی عثمانی قاتلانہ حملےمیں محفوظ رہے

    واضح رہے کہ نماز جمعہ سے قبل کراچی میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے تھے نیپا چورنگی کے قریب مولانا تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سیکیورٹی گارڈز جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ مولانا تقی عثمانی حملے میں محفوظ رہے تھے۔

    فائرنگ کا دوسرا واقعہ شاہراہ فیصل نرسری کے قریب پیش آیا تھا جہاں دارالعلوم کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    مفتی تقی عثمانی اپنی اہلیہ اور دو پوتوں کے ہمراہ گلشن اقبال میں واقع مسجد بیت المکرم میں نماز جمعہ کا خطبہ دینےکے لیے جارہے تھے کہ یہ سانحہ رونما ہوا۔ سانحے میں مفتی شہاب کے بیٹے مولانا عامر شہاب اللہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

  • پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، صدر مملکت عارف علوی

    پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، صدر مملکت عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پی آئی اے میں ترقی کا سفر جاری رہے گا، پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، وہ دن دور نہیں جب قومی ایئرلائن جلد منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اس موقع پر پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے صدر مملکت اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استقبال کیا اور انہیں پی آئی اے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہے، ایئر مارشل ارشد ملک کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو جلد منافع بخش ادارہ بنائیں گے، تمام امور میں میرٹ برقرار رکھا جائے، سفارشی کلچر کا خاتمہ کیا جائے، پی آئی اے قومی ادارہ ہے اس کی ترقی چاہتے ہیں۔

    عارف علوی نے کہا کہ قومی ایئرلائن واحد ایئرلائن ہے جس نے دنیا کی بعض ایئرلائنز کو بنایا، پی آئی اے کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں۔

    پی آئی اے کو درپیش پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کو خصوصی ہدایت دی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے صدر مملکت عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کا شکریہ ادا کیا۔

  • کراچی میں ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

    کراچی میں ہر سال بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کا افتتاح صدر مملکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ظہرانے میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ چاول کی برآمدات کو 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے قائم کردہ ٹاسک کو حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چاول کی برآمدات کا حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جسے ریپ کے رکن برآمد کنندگان نے از خود 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: بریانی ۔ کیسے ہمارے دستر خوان کی زینت بنی؟

    انہوں نے چاول کے برآمد کنندگان کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ لوگ درست کہتے ہیں کہ یقیناً ہمیں کرپشن کا کوئی تجربہ نہیں ہے لیکن ہم پاکستان کو ہر سطح کے خسارے سے نکال باہر کرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم انڈسٹری، کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ رائس ایکسپورٹرز پاکستان کا کماؤ پوت ہیں جنہیں حکومت اہمیت دیتی ہے اور جلد موجودہ حکومت کی حکمت عملی سے ہونے والی معاشی ترقی نظر آئے گی۔

    گورنر سندھ نے ہر سال گورنر ہاؤس میں بریانی فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کو بین الاقوامی فیسٹیول کا درجہ دیا جائے گا، فیسٹول کا افتتاح صدر مملکت کریں گے۔

  • کراچی کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے: وزیر اعظم

    کراچی کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: آج وزیر اعظم عمران خان سے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اہم ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے وزیر اعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کی. اس ملاقات میں‌ سندھ کی موجودہ سیاسی صورت حال زیر بحث آئی.

    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، شہر کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے.

    اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئےفنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے.


    مزید پڑھیں: صدر اور وزیراعظم کا سال نو پر نیک تمناؤں کا اظہار


    واضح رہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان خاصا تناؤ رہا. وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے بعد پی ٹی آئی، سندھ کی قیادت نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا.

    اس دوران گورنر راج کی بازگشت بھی سنائی دی اور فواد چوہدری کے دورہ سندھ کو بھی اسی تناظر میں دیکھا گیا. البتہ بعد میں پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا مطالبہ فقط وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ ہے.

  • گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں تین روزہ صفائی مہم کا اعلان کردیا

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں تین روزہ صفائی مہم کا اعلان کردیا

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں تین روزہ صفائی مہم کا اعلان کردیا، مہم پروگرام سرعام ٹیم کے جانبازوں کے تعاون سے چلے گی، شہر کی دیواروں پر پینٹنگز بنائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے کراچی کو کچرے سے صاف اور خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں تین روزہ صفائی مہم کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ یہ مہم اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام سرعام کے جانبازوں کے تعاون سے چلائی جائے گی۔ مہم کے دوران شہر بھر سے وال چاکنگ صاف کرنے کے بعد ان پر پینٹنگز بنائی جائیں گی۔

    اس حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ تین روزہ مہم میں طلباء، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

    پہلے مرحلے میں مزار قائد کے اطراف بعد میں مرکزی شاہراؤں میں وال چاکنگ صاف کی جائےگی۔ مہم کا افتتاح گورنر سندھ عمران اسمعیل کل کریں گے۔

  • کینجھر تباہ ہوچکی ہے اسے سنبھالنے کی ضرورت ہے: گورنر سندھ

    کینجھر تباہ ہوچکی ہے اسے سنبھالنے کی ضرورت ہے: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کینجھر تباہ ہوچکی ہے اسے سنبھالنے کی ضرورت ہے۔ ابھی بھی وقت ہے مل کر تمام معاملات صحیح کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ میں پانی کی قلت ہے، بارشیں نہ ہوئی تو مزید پریشانی ہوگی، کینجھر تباہ ہوچکی ہے اسے سنبھالنے کی ضرورت ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق کا کام ہے وہ پورا کر رہا ہے صوبے کو پورا پانی مل رہا ہے، سندھ کو ڈیمز بنانے تھے، پانی پر توجہ نہیں دی گئی۔ ابھی بھی وقت ہے مل کر تمام معاملات صحیح کر سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ملک بھر میں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کردیے جائیں گے

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کے فور کے لیے پوری فنڈنگ کی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کنفیوژن کا شکار ہیں، ان پر لاتعداد الزامات ہیں۔ ’انہوں نے جو بات کہی وہ افسوسناک ہے، زرداری بتائیں انہیں کون لایا، بی بی کی شہادت پر سیاست چمکائی‘۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ طاقتور کا احتساب ہونے لگا ہے۔ ’ہم سے 100 دن کا حساب مانگنے والوں نے 70 سال میں کچھ نہیں کیا‘۔

  • گورنر سندھ عمران اسماعیل سے خالد مقبول صدیقی کی ملاقات، شکوے اور شکایتیں

    گورنر سندھ عمران اسماعیل سے خالد مقبول صدیقی کی ملاقات، شکوے اور شکایتیں

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایم کیو ایم کے کنونیئر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال، تجاوزات کیخلاف آپریشن پر اظہار تشویش اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ڈاکٹر خالد مقبول نے عمران اسماعیل سے گفتگو میں شکوے اور شکایتیں کیں ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کی محرومیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے اب تک تحریری معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ صوبے سندھ کی ترقی کے لیے دونوں جماعتوں کا ساتھ چلنا ناگزیر ہے، وزیراعظم عمران خان سے اس معاملے پر رابطے میں ہیں، جو وعدے کیے وہ ضرور پورے کریں گے۔

    گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ امن، معاشی ترقی و استحکام کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے، ایم کیو ایم کے تحفظات کو وزیراعظم کے دورہ کراچی کے موقع پر ان کے سامنے رکھوں گا۔

    ملاقات میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور عمران اسماعیل نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کراچی کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی پالیسی نہ ہماری ہے اور نہ آپ کی۔

  • معذور افراد کے کوٹہ پرعمل درآمد ضروری ہے، گورنر سندھ

    معذور افراد کے کوٹہ پرعمل درآمد ضروری ہے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعٓظم سے معذور افراد کے لیے پروگرام کی درخواست کروں گا، معذور افراد کے کوٹہ پر عمل درآمد ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے معذور افراد کے لیے پروگرام پر بات کروں گا، پروگرام کے ذریعے معذور افراد کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ معذور افراد صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں، بدقسمتی سے ہم معذور افراد کا ٹیلنٹ استعمال نہیں کرتے، معذور افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بناؤں گا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کو نیا پاکستان بنانے کا اللہ نے موقع دیا ہے، آنے والا دور سنہرا ہے آپ بھی دیکھیں گے اور ہم بھی دیکھیں گے۔۔

    انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد کوئی لیڈر پاکستان میں ہے تو وہ عمران خان ہیں، معذور افراد کا کوٹا 2 فیصد ہو یا 50 فیصد عمل نہ ہو تو کوئی فائدہ نہیں ہے۔

    معذور افراد سندھ حکومت پر برس پڑے

    دوسری جانب گورنرہاؤس میں تقریب کے موقع پر معذور افراد سندھ حکومت پر برس پڑے، معذور افراد کا کہنا تھا کہ ہر ضلع میں صرف 4 نوکریاں دے کر بے وقوف بنایا جاتا ہے، معذور افراد کے کوٹے کا قانون بن گیا مگر عمل نہیں ہوتا۔

    متاثرین کا کہنا تھا کہ ہمیں معذور سمجھ کر اسپتالوں تک محدود کیا جاتا ہے، ہمارے کوٹے پر 1981سے حق مارا جاتا ہے، عابد لاشاری کہتے ہیں سندھ حکومت نے پانچ فیصد کوٹا مختص کیا ہے۔