Tag: گورنر سندھ

  • زبیرعمر نے گورنر سندھ کا حلف اٹھا لیا، مزار قائد پر حاضری

    زبیرعمر نے گورنر سندھ کا حلف اٹھا لیا، مزار قائد پر حاضری

    کراچی: سندھ کے نئے گورنر محمد زبیر عمر نے صوبے کے 32 ویں گورنر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف اٹھانے کے فوری بعد حسب روایت نئے گورنر نے مزار قائد پر حاضری دی اور ملک و قوم کے لیے دعائیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے 32 ویں گورنر محمد زبیر عمر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید سجاد علی شاہ نے گورنر سندھ سے عہدے کا حلف لیا۔

    تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    قبل ازیں وہ گورنر ہاؤس پہنچے تو ان کا استقبال کیا گیا ان کے ساتھ ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

    حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے وفد کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کے لیے دعا کی۔

    روایت ہے کہ نیا گورنر سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دیتا ہے، ان کی حاضری کے وقت مزار کے اطراف سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی، انہوں ںے مہمانوں کی تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔

    محمد زبیر کی زندگی پر اک نظر:

    محمد زبیر عمر 23 مارچ 1956 کو ایبٹ آباد کے فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں حاصل کی اور 1984 میں آئی بی اے کراچی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

    انہوں نے 2012 میں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی کے منشور کی تیاری میں معیشت اور ٹیکس ریفارمز کے شعبوں میں معاونت کی۔ مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد محمد زبیر کو پہلے بورڈ آف انوسٹمنٹ کا چیئرمین اور دسمبر 2013 میں نجکاری کمیشن کا سربراہ بنایا گیا۔

    محمد زبیر عمر 6 بھائیوں میں چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی اسد عمر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا تاہم خرابی صحت کی بنا پر وہ زیادہ عرصے تک اپنی ذمہ داریاں نہ نبھا سکے اور 12 جنوری کو انتقال کر گئے۔

  • محمد زبیرکی بطور گورنر تقرری خوش آئند ہے، عشرت العباد

    محمد زبیرکی بطور گورنر تقرری خوش آئند ہے، عشرت العباد

    کراچی : سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا ہے کہ محمد زبیر اچھے آدمی ہیں، گورنرسندھ تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ وہ کراچی کے تمام مسائل کو حل کریں گے اور شہرمیں امن و امان کی فضا کو قائم کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ محمد زبیر کو گورنرسندھ مقرر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، محمد زبیراچھے آدمی ہیں میری اکثر ملاقاتیں بھی رہی ہیں۔

    سندھ کے مخصوص حالات میں گورنر کا عہدہ اہم ہے، محمد زبیر پر منحصر ہے کہ وہ گورنر کے عہدے کو کس طرح رکھنا چاہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ میری سیاسی سرگرمیوں کادوردورتک امکان نہیں، سب سے اچھے رابطے اور دعا سلام ہے، انشااللہ بہت جلد پاکستان بھی آؤں گا۔

    گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے پی ایس پی کے جلسے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والا کل کا جلسہ نہیں دیکھ پایا لیکن جلسہ کرنے والوں کو ابھی محنت کرنے کی شدید ضرورت ہے، بےنام طاقت موجود ہے،اس کے ردعمل کا تعین ہوناہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع اور پورے صوبے کو ترقی دی جائے۔

  • گورنر سندھ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    گورنر سندھ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    کراچی: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی گئی۔ ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گورنر ہاؤس لایا گیا۔

    نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قائم مقام گورنر آغا سراج درانی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور وکلا بردری بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔

    گورنر سندھ کی نماز جنازہ مولانا تقی عثمانی نے پڑھائی۔

    بعد ازاں ان کی میت کو کراچی کے گزری قبرستان میں تدفین کے لیے لایا گیا جہاں بحریہ کے دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔ گورنر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل گورنر سندھ کے عہدے پر فائز کیے جانے والے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی 11 جنوری کو عارضہ قلب کے سبب انتقال کر گئے تھے۔ وہ گورنر کا منصب سنبھالنے کے بعد علیل ہی رہے اور سرکاری امور انجام نہ دے سکے۔

    جسٹس سعید الزماں صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو صوبہ کے اکتیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

    وہ سنہ 1990 سے 1992 تک سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔

  • سندھ حکومت کی جانب سے مرحوم گورنر کے لیے دعائیہ تقریب

    سندھ حکومت کی جانب سے مرحوم گورنر کے لیے دعائیہ تقریب

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے مرحوم گورنر سعید الزماں صدیقی کے لیے دعائیہ تقریب آج دوپہر ڈیڑھ بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کل شام انتقال کر جانے والے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے لیے دعائیہ تقریب آج دوپہر ڈیڑھ بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی جس کے لیے چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

    دعائیہ تقریب میں تمام محکموں کے سیکریٹریز کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سندھ کابینہ کے اراکین کو بھی تقریب میں شرکت کا کہا گیا ہے۔

    مرحوم گورنر سعید الزماں صدیقی کے بیٹے افنان صدیقی بھی دعائیہ تقریب میں شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل گورنر سندھ کے عہدے پر فائز کیے جانے والے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کل شام انتقال کر گئے تھے۔ وہ گورنر کا منصب سنبھالنے کے بعد علیل ہی رہے اور سرکاری امور انجام نہ دے سکے۔

  • گورنر سندھ انتقال کرگئے،صدر، وزیراعظم، آرمی چیف کا اظہار افسوس

    گورنر سندھ انتقال کرگئے،صدر، وزیراعظم، آرمی چیف کا اظہار افسوس

    کراچی: گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، سینے میں درد کے سبب انہیں فوری اسپتال لایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے رافع حسین نے بتایا  کہ گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کو آج سینے میں درد اٹھا اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا جس کے بعد انہیں نجی اسپتال منتقل کیا  گیا۔

    انہیں جب اسپتال لایا گیا تو ان کی طبیعت خاصی خراب تھی ڈاکٹرز کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ انہیں بچایا جاسکے تاہم ڈاکٹرز نے کوششیں کیں مگر کامیاب نہ ہوسکے اور گورنر سندھ انتقال کرگئے۔

    ان کی عمر 78 برس تھی،وہ ایک ماہ قبل ہی اسپتال سے فارغ ہوئے تھے اور اپنے گھر میں مقیم تھے،اس وقت سے سرکاری فرائض انجام نہیں دے پا رہے تھے،ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام اور بیرون ملک علاج کا  مشورہ دیا تھا تاہم گورنر نے بیرون ملک علاج کرانے سے انکار  کردیا اور یہیں رہنے پر ترجیح دی۔

       saeed-post-4

    گیارہ نومبر 2016ء کو سندھ  کے 31ویں گورنر کا حلف اٹھانے کے بعد سعید الزماں صدیقی اگلے ہی روز علیل ہوگئے، وہ تقریباً دو ماہ کی مدت تک گورنر کے عہدے پر فائز رہے، عشرت العباد کی معزولی کے بعد انہیں گورنر مقرر کیا گیا تھا۔

    سعید الزماں صدیقی 1 دسمبر 1938ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے،انہوں نے ابتدائی تعلیم لکھنئو سے حاصل کی،سال 1954ء میں انہوں نے جامعہ ڈھاکا سے انجنیرنگ میں گریجویشن کیا، جامعہ کراچی سے انہوں نے 1958ء میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔

    saeed-post-2

    5نومبر 1990ء سے21 نومبر 1992ء تک وہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے عہدے پرمقرر رہے۔

    saeed-post-1

    یکم جولائی 1999ء کو پاکستان کے 15 ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے اور 26 جنوری 2000ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔

    saeed-post-5

    انہوں نے سال 2008 میں سابق صر جنرل(ر) پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا،انہوں نے پی اسی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا جس کی پاداش میں انہیں برطرف کرکے اہل خانہ سمیت نظر بند کردیا گیا تھا۔

    saeed-post-3

    ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی، صدر مملکت،وزیراعظم، آرمی چیف

    وزیراعظم نواز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے تھے، انہوں نے بحیثیت جج کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

    وزیراعظم نے وزرا اور پارٹی رہنماؤں کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی۔

    صدر مملکت پاکستان ممنون حسین نے کہا کہ جسٹس سعید الزماں صدیقی ہمیشہ اصولوں کے پابند رہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں مقام عطا فرمائے۔

    بلاول اور آصف زرداری کا اظہار تعزیت

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے، ان کے اہل خانہ کو اللہ تعالیٰ صبر جمیل دے، لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

    شیری رحمان نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے ان کے کئی ملاقاتیں ہوئیں، وہ ہمیشہ تحمل سے بات کرتے تھے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت، رہنما پرویز الٰہی ،مونس الٰہی، ،پی پی رہنما فریال تالپوراور دیگر سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ بلوچستان،گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    عشرت العباد نے کہا کہ ان کے گورنر بننے سے مجھے اطمینان تھا، اکثر قانونی معاملات میں ، میں ان سے مشاورت کرتا تھا، انہوں نے ہمیشہ قانون کے دائر ے میں رہ کر کام کیا۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی قائم مقام گورنر مقرر

    جسٹس سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے قائم مقام گورنر سندھ کا چارج سنبھال لیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا ایک روزہ سوگ کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کے انتقال پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا، انہوں نے چیف سیکریٹری کو تدفین کے مراحل کی نگرانی کا حکم دے دیا۔

    نماز جنازہ جمعہ کو پولو گراؤنڈ میں ہوگی

    ترجمان گورنر ہاؤس نے کہا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ 13 جنورہ بروز جمعتہ المبارک کو پولو گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ان کا جسد خاکی ڈیفنس میں واقع پی این ایس شفا کے سرد خانے میں منتقل کردیا گیا،تدفین گزری قبرستان میں متوقع ہے۔

  • گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی اسپتال سے ڈسچارج

    گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی اسپتال سے ڈسچارج

    کراچی: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ وہ گزشتہ کئی روز سے علیل اور اسپتال میں داخل تھے۔

    گزشتہ ایک ماہ سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج گورنر سندھ کی طبعیت سنبھل گئی۔ ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جس کے بعد وہ گورنر ہاؤس آگئے اور کام شروع کردیا۔

    جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی گورنر سندھ کے عہدہ کا حلف اٹھاتے ہی بیمار ہوگئے تھے۔ انہیں 13 نومبر کی رات سینے میں تکلیف کی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: گورنر سندھ کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، ڈاکٹرز

    ڈاکٹرز کے مطابق گورنر سندھ اب روبصحت ہیں۔ معالجین نے انہیں آرام کا مشورہ دیتے ہوئے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد گورنر سندھ کو ان کی ذاتی رہائش گاہ منتقل کیا گیا تاہم دوپہر میں وہ گورنر ہاؤس پہنچ گئے۔

    دوسری جانب گورنر ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گورنر کسی وقت بھی گورنر ہاؤس آسکتے ہیں۔ اگر وہ چاہیں تو اپنی ذاتی رہائش گاہ سے بھی انتظامی امور چلا سکتے ہیں۔

    تاہم گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس آنے کا فیصلہ کیا۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے کام کا آغاز کردیا اور کچھ ضروری فائلیں بھی دیکھیں۔

    واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو 9 نومبر کو سندھ کا نیا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل ڈاکٹر عشرت العباد گورنر کے عہدے پر تعینات تھے جو اس عہدے پر طویل ترین عرصے تک فائز رہنے والے پاکستان کے پہلے اور ایشیا کے دوسرے شخص ہیں۔

  • گورنرسندھ کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    گورنرسندھ کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان سعید الزمان صدیقی کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست گزارکی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین پاکستان کےمطابق سابق چیف جسٹس رکن قومی اسمبلی نہیں بن سکتا۔

    ہائیکورٹ میں دائردرخواست میں کہاگیا ہےکہ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی رکن قومی اسمبلی نہیں بن سکتے توانہیں گورنر کیسے تعینات کیا جاسکتا ہے۔

    درخواست گزار کا موقف ہے کہ گورنر سندھ کی تعیناتی قانون کے منافی ہےاسی لیےانہیں گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹایاجائے۔

    خیال رہے کہ 9 نومبر 2016 کو صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر نئے گورنر سندھ کے تقرر کی منظوری دے دی تھی۔

    مزید پڑھیں:سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    یاد رہے کہ جسٹس ریٹائردسعید الزماں صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو سندھ کے 31 ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔

    مزید پڑھیں: گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل

    اس سے قبل گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہی سعید الزماں صدیقی کو 13 نومبر کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیاگیاتھا۔

    مزید پڑھیں:گورنرسندھ کی تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

    واضح رہے کہ 12نومبر کوسابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی کی بطور گورنرسندھ تعیناتی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کی گئی تھی۔

  • گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    گورنرسندھ کی طبیعت میں بہتری ، آئی سی یو سے روم منتقل

    کراچی: نومنتخب علیل گورنر سندھ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) سے روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق نومنتخب گورنر سندھ کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سعید الزماں صدیقی کو انتہائی نگہداشت وارڈ سے روم میں منتقل کردیا ہے۔

    ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی تجویز پر گورنر سندھ کے دل کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن کی رپورٹس تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹے میں طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

    پڑھیں:  ’’ گورنرسندھ کی اچانک طبیعت خراب، آئی سی یو میں داخل ‘‘

    خیال رہے دو روز قبل نومنتخب گورنر سندھ کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں کلفٹن کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ ترجمان گورنر ہاؤس نے جسٹس سعید الزماں صدیقی کی طبیعت ناسازی اور اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

    نومنتخب گورنر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں داخل کروانے کامشورہ دیتے ہوئے مختلف ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی۔

  • طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ؟

    طویل ترین گورنر شپ کا خاتمہ؟

    سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان پاکستان کی تاریخ کے وہ واحد گورنر ہیں جو طویل ترین عرصہ سے اس عہدے پر فائز ہیں۔

    تقریباً 14 سال گورنر سندھ کے عہدے پر فائز رہنے والے عشرت العباد ایشیا کے دوسرے اور دنیا بھر میں تیسرے طویل المدتی گورنر ہیں۔

    عشرت العباد خان 2 مارچ 1963 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز اپنے تعلیمی سفر کے ساتھ ساتھ ڈاؤ میڈیکل کالج سے کیا جہاں وہ متحدہ قومی موومنٹ کے اسٹوڈنٹس ونگ اے پی ایم ایس او کے اہم لیڈر کے طور پر ابھرے۔

    سنہ 1990 میں انہیں صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اور ٹاؤن پلاننگ بنایا گیا۔ اس وقت انہیں ماحولیات اور صحت کی وزارت کا اضافی چارج بھی دیا گیا۔ سنہ 1993 میں وہ برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے سیاسی پناہ کے لیے درخواست دی جو قبول ہوگئی۔ بعد ازاں انہیں برطانوی شہریت بھی حاصل ہوگئی۔

    جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نئے گورنر سندھ نامزد *

    سنہ 2002 میں انہیں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے گورنر سندھ نامزد کیا گیا جس کے بعد 27 دسمبر کو وہ گورنر منتخب ہوگئے۔ وہ پاکستان کی تاریخ کے کم عمر ترین گورنر تھے۔

    ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے عہد گورنری کا عرصہ خاموشی سے گزارا اور اس دوران انہوں نے کسی قسم کے سیاسی معاملے میں مداخلت سے پرہیز کیا تاہم کچھ عرصہ قبل ایم کیو ایم کے منحرف رہنما اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے ان پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے جس کے بعد پہلی بار عشرت العباد ٹی وی چینلز پر ذاتی دفاع کرنے کے لیے پیش ہوئے۔

    انہوں نے مصطفیٰ کمال پر جوابی الزامات بھی لگائے تاہم انہوں نے حکومت پر توجہ دینے کے بجائے اس قسم کے سیاسی معاملات میں ملوث ہونے پر شرمندگی اور معذرت کا اظہار بھی کیا۔

    عشرت العباد فن و ادب کے دلدادہ تھے اور شہر میں ہونے والی ادبی و ثقافتی تقریبات میں بطور خاص شرکت کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کئی مواقعوں پر گٹار بجانے اور اپنے گانا گانے کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ڈاکٹر عشرت العباد خان کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے اور ان کی جگہ ریٹائرڈ چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی کو مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

  • شہر کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،گورنر سندھ

    شہر کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کیا ہے کہ کسی کو امن و امان کی صورت حال کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، امن و امان کی صورت حال کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عشرت العباد خان لیاری ایکسپریس وے کے منصوبے پر جاری ترقیقاتی کام کا معائنہ کرنے پہنچے تھے، ان کے ہمراہ ڈپٹی میئر ارشد وہرہ اور اعلیٰ سرکاری حکام تھے،انہوں نے متعلقہ افسران کو لیاری ایکعپریس کے نو ٹریکس کو فوری طور مکمل کرنے کے احکامات جا رہ کرتے ہوئے کہا کہ اس شاہراہ کو جلد از جلد عوام کی سہولت کے کھول دینا چاہتے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی تلاشی کے دوران بے حرمتی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں محض پر پیگنڈہ ہیں،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی مسلمان ہیں اور مقدس مقامات کی حرمت سے باخوبی واقف بھی ہیں اور تقدس کا احترام بھی کرتے ہیں اگر پھر بھی کسی کو اعتراض ہے تو رپورٹ درج کرا سکتا ہے تحقیقات کرائی جائیں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملیر میں حالات کو کنٹرول کر لیا جائے گا امن و امان کی صورت حال کو کسی بھی قیمت پر بگڑنے نہیں دیں گے، عوام دل برداشتہ نہ ہوں۔

    سرکلر ریلوے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی اہمیت اپنی جگہ موجود ہے جس کی اسٹدیز موجود ہیں تا ہم بین الاقوامی فنڈنگ کا انتظار ہے،اورنج لائن یا گرین لائن سرکلر ریلوے کے متبادل نہیں۔

    ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو حاصل نا مکمل اختیارات اور سوک سینٹر میں انہیں آفس نہ ملنے کے سوال کے جواب کو ٹالتے ہوئے گورنر سندھ نے معنی خیز انداز میں کہا کہ ڈپٹی میئر اپنے مسائل خود حل کرلیں گے آپ پریشان نہ ہوں،شہر کراچی میں ہونے والا کوئی بھی وفاقی منصوبہ یا سندھ حکومت کا منصوبہ ڈپٹی میئر کا اپنا منصوبہ ہے وہ کراچی کے منتخب ڈپٹی میئر اور نگراں میئر ہیں۔