Tag: گورنر سندھ

  • گورنر سندھ کی ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات

    گورنر سندھ کی ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور جاری کراچی آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان بہتر بنانے میں رینجرز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ جاری آپریشن کے باعث امن و امان میں بہتری آرہی ہے۔

    ملاقا ت میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا اس ضمن میں تمام قانونی اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ پر امن کراچی پورے ملک سمیت خطے کے مفاد میں ہے امن و امان کے قیام سے شہر و صوبہ میں تیز ترین بیرونی سرمایہ کاری یقینی ہے جس سے صوبہ میں خو شحالی لانے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے ۔

    انہوں نے رینجرز ، پولیس سمیت دیگر قانون نا فذ کرنے والے اداروں کی کا رکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی اتحاد ، یقین و محکم، یکسوئی،محنت اور وژن کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ۔

    انہوں نے آپریشن میں عوام کا بھرپور تعاون اور حمایت بھی قابل تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری حالات میں بہتری کے بعد سماجی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور طریقہ سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔

  • کورکمانڈر کراچی کی گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات

    کورکمانڈر کراچی کی گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات

    کراچی : کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی ہے، جس میں امن و امان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے گور نر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی ۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے بھی ملاقات کی۔ان ملاقاتوں میں ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدر آمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر تیزی سے عملدر آمد کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

  • اسماعیلی کمیونٹی کے وفد کی ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات

    اسماعیلی کمیونٹی کے وفد کی ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات

    کراچی : اسماعیلی کمیونٹی کے ایک وفد نے سلطان علی الانہ کی قیادت میں آج شام گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے سانحہ صفوراچورنگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک شرمناک واقعہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اشکبار ہے اور پوری قوم نے اس اندوہناک سانحہ کی مذمت کی ہے۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ جو عناصر بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بہت جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا انہو ں نے کہا کہ اسماعیلی کمیونٹی پاکستان میں بسنے والی پُرامن کمیونٹی ہے جس کا اعتراف برملا کیا جاتا ہے۔

    انہو ں نے کہا کہ اس کمیونٹی کے ساتھ کسی کی دشمنی بعید از خیال ہے، لہذا اس کمیونٹی کے اوپر اس ظلم کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

    انہو ں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت اس بات کا تہیہ کرچکی ہے کہ اس شہر اور ملک بھر سے دہشت گردی کو یکسر ختم کرکے دم لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پسپائی اختیار کررہے ہیں لہٰذا وہ اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے معصوم لوگوں کی جان لے کر خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اسماعیلی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات اٹھائیں گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا اعادہ نہ ہو ۔

    دریں اثناء گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پرنس کریم آغا خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور سانحہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔

  • مقامی حکومتوں کا قیام انتہائی نا گزیرہے، ڈاکٹرعشرت العباد خان

    مقامی حکومتوں کا قیام انتہائی نا گزیرہے، ڈاکٹرعشرت العباد خان

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتیں کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہیں عوام کو نچلی سطح تک فوائد پہنچانے کے لئے مقامی حکومت کا ہونا انتہائی نا گزیرہے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق صوبے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات اس سال متوقع ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ منتخب مقامی حکومتوں کی تشکیل سے نہ صرف عوام کو فوائد حاصل ہو نگے بلکہ انفرا اسٹرکچر ڈویویلپمنٹ میں بھی تیزی آئے گی ساتھ ہی پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال پھیل جائے گا ۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے آبادی کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہے یہی وجہ ہے کہ عوام تک ضروری سہولیات فراہم کرنا مشکل ہورہا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور ڈی لمیٹیشن سے آبادی کا نہ صرف صحیح اندازہ ہوگا بلکہ عوامی نمائندگی کا بھی معاملہ حل ہو سکتا ہے ۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤ س میں کینیڈین ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی شہر اوسطاً آبادی سے زائد نمو حاصل کررہا ہے جس کی بنیادی وجہ پورے ملک سے لوگوں کا روزگار کے حصول کے لئے کراچی آنا ہے جہا ں اس شہر میں وسائل ہیں وہیں جرائم بھی ہیں وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے ادارے یکسو ہیں کہ اس شہر سے بلا تفریق جرائم کا خاتمہ کیا جائے ۔

    انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کا وشوں سے صو رتحال میں کافی بہتری آئی ہے جس کا اعتراف ہر سطح پر کیا جارہا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی استعداد کے لحاظ سے موزوں ترین شہر ہے جہاں کم لاگت میں کا روبار ، تجارت اور صنعت کاری کی جا سکتی ہے کیونکہ یہ پورٹ سٹی ہے اور یہاں دو بندرگاہیں بھی موجود ہیں لہذا یہاں سامان کی ترسیل و اشیاء کی برآمدگی آسان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کا شعبہ فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے توجہ طلب ہیں جس میں مفید سرمایہ کاری ممکن ہے جبکہ زراعت کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن سے بھاری منافع حاصل کیا جاسکتا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں صنعتوں کو بجلی کی فراہمی تسلسل سے کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کراچی کی صنعتیں ملک کی دیگر صنعتوں سے بہتر پر فارم کررہی ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے سیکیورٹی کے حالات میں بہتری آرہی ہے سرمایہ کار بھی اس شہر کا رخ کررہے ہیں ہماری کو شش ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کا ر شہر کے استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کریں ۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سہل شرائط رکھی ہیں تاکہ سرمایہ کار بلا جھجک و خوف موزوں ترین حالات کا فائدہ حاصل کرسکیں ۔

    اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ کینیڈین سرمایہ کار ان مواقع کا بھرپور فائدہ حاصل کریں ۔

  • الطاف حسین گورنر سندھ کوغیر جانبدار ثابت کرنا چاہتے ہیں، خورشید شاہ

    الطاف حسین گورنر سندھ کوغیر جانبدار ثابت کرنا چاہتے ہیں، خورشید شاہ

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نےکہا ہے ہو سکتا ہے الطاف حسین گورنر سندھ کوغیر جانبدار ثابت کرنا چاہتے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ الطاف حسین کی گورنر سندھ سےناراضگی کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں ۔ ہوسکتا ہے وہ گورنر سندھ سے سچ مچ ناراض ہوں یا پھر ضمنی انتخاب کے موقع پرگورنر کو غیر جانبدار ثابت کرنا چاہتے ہوں۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، الطاف حسین کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا اب ایم کیوایم سے کوئی واسطہ نہیں رہا وہ ایم کیوایم کے نمائندے نہیں ہیں۔

    الطاف حسین نے کہا گورنرسندھ کی موجودگی میں کارکنان کا ماورائے عدالت قتل کیا جاتا رہا، کارکنان کو گھروں سے گرفتار کیا جاتا رہا ہے۔

    ان کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا لیکن گورنرسندھ نے نہ کوئی مذمت کی اور نہ ہی قانون نافد کرنے والے اداروں کی کارروائی کا نوٹس لیا۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ گورنر سندھ وفاق اور اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے ہیں، ایم کیوایم کے نہیں، میری نظر میں گورنرسندھ کی کوئی اب کوئی حیثیت نہیں۔

  • پاکستان کی پہلی لاء یونیورسٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی افتتاحی تقریب

    پاکستان کی پہلی لاء یونیورسٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی افتتاحی تقریب

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ بلاشبہ جامعات کو تعلیم ، علم ، حکمت اور تحقیق کا اعلیٰ ترین ادارہ سمجھا جاتا ہے یہ صرف فارغ التحصیل طالب علم ہی پیدا نہیں کرتے بلکہ فلسفہ اور ڈاکٹریٹ کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں تاکہ لوگ ان سے استفادہ حاصل کرسکیں اور پھر لوگوں کی رہنمائی کریں تاکہ وہ تہذیب و تمدن اور ملک کی ترقی میں اپنا نام پیدا کرسکیں اوربا مقصد زندگی گذارسکیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی پہلی لاء یونیورسٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کلفٹن کراچی کی افتتاحی تقریب سے خطا ب میں کیا ۔

    تقریب میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ فیصل عرب ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاضی خالد علی ، ہائی کورٹ کے ججز صاحبان ، سابق ججز سپریم کورٹ و ہائی کورٹ ،تاجکستان کے سفیر ایچ ای شیر علی اورمشیر اعلیٰ تعلیم سید وجاھت علی سمیت دیگر قانونی ماہرین نے شریک تھے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ میرے لئے یہ بات قابل ستائش ہے کہ آج میں ان لوگوں کے درمیان موجود ہوں جنھیں اللہ تعالیٰ نے حکمت اور تدبر دونوں عطا کی ہیں اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ آج پاکستان کی پہلی جامعہ برائے قانون کا آغاز کررہا ہوں جسے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور یہ اپنی طرز کی پہلی جامعہ ہے جس میں خصوصی طور پر حکومت سندھ کی تعریف کروں گا جنہوں نے اس جامعہ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اسے فوقیت دی اور یہ اعزاز بخشا کہ مختصر وقت میں اس کا آغاز ہو سکے ۔

    انہوں نے کہا کہ ہر بڑے منصوبے کا آغاز اس یقین اور امید سے کیا جاتا ہے کہ اسے با مقصد بنایا جائے گا ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں حسین شاہکار کو بناتے ہوئے تمام تر لگن اور توجہ کے ساتھ انتہائی قلیل وسائل اور نا موافق حالات میں مکمل کیا جاتا ہے اور انھیں صفر سے ابتداء کرنا پڑتا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے خو شی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جامعہ برائے قانون کو ایسے لوگوں کی رہنمائی اور سرپرستی حاصل ہے جنھیں اللہ تعالیٰ نے کئی خصوصیات سے نوازا ہے جن کے پاس صلاحیت ، تجربہ ، علم اور معیار تمام چیزیں موجود ہیں ۔

    مجھے یقین ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قاضی خالد علی کی سربراہی میں یہ ادارہ ترقی کی راہوں کو عبور کرتا ہوا ایسا مقام حاصل کرے گا جو دوسرے کے لئے نمونہ ہوگا ۔

    انہوں نے کہا کہ میں ان خیالات کا اظہار کر نا چاہوں گا کہ قانون اور قانونی جامعہ کی مہذب معاشرے میں کیا اہمیت ہے زندگی کے ساتھ قانون کا بڑا گہرا رشتہ ہے یہ صرف دلائل اور عقل کی لڑائی نہیں ہے ان کا بنیادی فائدہ یہ ہے کہ یہ سچائی کے ذریعے ذہنوں کو روشن کرتا ہے اور قانون انصاف اور سچائی کے لئے کھڑا ہو تا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ جامعہ ایسے قانونی ماہرین فراہم کریگا جو قانونی ماہرین اور اعلیٰ ترین سوچ کے حامل اور قائدانہ صلاحیتوں سے آراستہ اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سچ کو قائم کرتے ہوئے ایک خوبصورت معاشرے کی تکمیل میں مدد فراہم کرینگے۔

    یہ بات بھی قابل تعریف ہے کہ اس جامعہ میں بزنس ایڈمنسٹریشن ، معاشیات ، کرمنالوجی کے شعبے بھی بنائے جارہے ہیں اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں بزنس ، معاشیات اور قانون کی بالادستی ہے ۔

  • حکومت اور گورنر کی تبدیلی کے کوئی آثار نہیں، نثارکھوڑو

    حکومت اور گورنر کی تبدیلی کے کوئی آثار نہیں، نثارکھوڑو

    کراچی : سینئر صوبائی وزیر سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ حکومت اور گورنر کی تبدیلی کے کوئی آثار نہیں ہیں، اگر کوئی رات میں خواب دیکھے کہ گورنر سندھ تبدیل ہوجائے تو وہ الگ بات ہے۔

    یہ بات انہوں نے پاکستان کسٹم کے تحت اولڈ کسٹم ہاؤس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی.

    اس موقع پر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ منشیات کی اسمگلنگ ،انسانی اسمگلنگ اور اسلحہ کی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم معاشرے کیلئے چیلنج بنتے جارہے ہیں، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اسے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے، انتخابات میں ووٹنگ شفاف ہوتو ووٹرز کو حق رائے دہی سے نہیں روکا جاسکتا۔

    پاکستان کے بہت سے پولنگ اسٹیشنز ایسے ہیں جہاں بہت کچھ ہوتا ہے، حکومت دو ہزار تیرہ میں بھی تبدیل ہوئی تھی۔

  • استعفے کی خبریں بے بنیاد ہیں، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد

    استعفے کی خبریں بے بنیاد ہیں، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ میرے استعفے کے حوالے سے افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے  وزیراعظم کی صدارت ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں شرکت نہ کی ہو۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا کیمپس میں پوسٹ گریجوٹس میڈیکل سائنس ریسرچ سینٹراور جدید آپریشن تھیٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ذیادہ پتہ ہوگا کہ میں استعفیٰ دے رہا ہوں یا نہیں۔

    گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ بعض اجلاسوں میں کئی شخصیات شرکت نہیں کرتیں، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں امن وامان کے متعلق کوئی اجلاس نہیں ہوا اور استعفے کے متعلق مجھے کچھ علم نہیں ہے، میرے استعفے کے حوالے سے افواہیں چل رہی ہیں۔

    گورنر سندھ نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تعلیمی و تحقیقی منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں ، صحت ،تعلیم، علاج و معالجے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں، جدید آپریشن تھیٹر کے قیام سے غریب مریضوں کو علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔

  • امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس، گورنرسندھ کو مدعو نہیں کیا گیا

    امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس، گورنرسندھ کو مدعو نہیں کیا گیا

    کراچی : امن وامان کے مسئلہ پر سول حکومتوں کا اجلاس ایئرفورس بیس کراچی میں ہوا۔ گورنر سندھ کو اجلاس میں نہیں بلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل بیس کراچی میں وزیر اعظم سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اورڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبرنے ملاقات کی جس میں انہیں کراچی آپریشن کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

    جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہو گئے۔اجلاس میں وفاق کے نمائندے گورنر سندھ کو نہیں بٹھایا گیا۔

    صولت مرزاکے ویڈیو بیان کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ امن و امان کے حوالے سے اجلاس وزیر اعظم کی صدارت میں ہوا ہے، جس میں گورنر سندھ موجود نہیں تھے۔

    ذرائع کے مطابق امن و امان کا یہ اجلاس گورنر ہاؤس میں ہونا تھا تاہم نہ گزیر وجوہات کی بناء پر وزیراعظم نے فیصل بیس پر ہی اجلاس کیا۔

    اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن تمام جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا۔

    علاوہ ازیں کراچی اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سےخطاب کرتےہوئےوزیراعظم محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سے جرائم کو روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    شہر میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کے لیےدہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

    وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جو کام شروع کیا ہے اسے ختم کر کے ہی دم لیں گے۔

  • تحریک انصاف نے گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا

    تحریک انصاف نے گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے صولت مرزا کے انکشافات کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔

    ترجمان پی ٹی آئی شیری مزاری نےاپنے بیان میں کہاہے کہ صولت مرزا کے بیانات کے بعد گورنر سندھ عشرت العباد کا عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں۔صورت حال کے پیش نظر انہیں عہدے سے فوری ہٹایا جائے۔

    گورنر کے عہدے کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیا جائے،اس ضمن میں نہ صرف انہیں گورنر کے عہدے سے ہٹایا جائے بلکہ صولت مرزا کے بینات کی روشنی میں شامل تفتیش بھی کیا جائے۔