Tag: گورنر سندھ

  • صرف کراچی ہی میں ڈمپروں کے کچلنے کے اس قدر واقعات کیوں ہیں؟ گورنر سندھ کا سوال

    صرف کراچی ہی میں ڈمپروں کے کچلنے کے اس قدر واقعات کیوں ہیں؟ گورنر سندھ کا سوال

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دھمکی دی ہے کہ کراچی میں قاتل ڈمپروں کو لگام نہ دی گئی تو ’’میں انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گا۔‘‘

    گورنر سندھ نے کراچی میں آئے روز ڈمپروں اور ٹریفک کے دیگر حادثات میں شہریوں کی بہت زیادہ اموات پر سخت رد عمل میں سوال اٹھایا ہے کہ ’’صرف کراچی ہی میں ڈمپروں کے کچلنے کے اس قدر واقعات کیوں ہو رہے ہیں؟‘‘

    انھوں نے کہا ایک ہی روز میں کراچی کے 4 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، ڈمپر ڈرائیوروں کا لوگوں کو کچل کر فرار ہونا سوالیہ نشان ہے۔

    کراچی : خونی ڈمپر نے 3 موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا

    کامران ٹیسوری نے ٹریفک حادثات کو انتظامیہ کی غفلت قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ ان کی غفلت کب تک معصوم شہریوں کی زندگیاں چھینے گی؟ انھوں نے مطالبہ کیا کہ جس کمپنی کا ڈمپر حادثے کا ذمہ دار ہو، اس کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    سال 2025 کی شروعات میں ٹریفک حادثات کی بھرمار، وجہ کیا ہے؟

    گورنر سندھ نے سندھ حکومت سے ڈمپر مافیا کے خلاف ایک ہفتے میں لائحہ عمل دینے کا مطالبہ کر دیا ہے، انھوں نے کہا سندھ حکومت ڈمپر مافیا کے خلاف کارروائی کرے ورنہ میں خود لائحہ عمل دوں گا۔ دریں اثنا گورنر سندھ نے ڈمپر حادثے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کا بھی اعلان کیا۔

  • وفاقی ’مجبور‘ یونیورسٹی نے کانووکیشن میں طلبہ کو خالی لفافے پکڑا دیے، گورنر سندھ کا دلچسپ خطاب

    وفاقی ’مجبور‘ یونیورسٹی نے کانووکیشن میں طلبہ کو خالی لفافے پکڑا دیے، گورنر سندھ کا دلچسپ خطاب

    کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی نے کانووکیشن میں طلبہ کو خالی لفافے پکڑا دیے، جس پر گورنر سندھ نے دل چسپ خطاب میں زبردست تنقید کی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آج منگل کو اردو یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب میں کہا ’’وفاقی اردو یونیورسٹی کی عمارات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، طلبہ کو اسناد کے نام پر جو لفافے دیے جا رہے ہیں وہ بھی خالی ہیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے کہا ’’شاید اسناد پرنٹ ہو کر نہیں آئیں، اس کے پیسے نہیں دیے گئے، اردو یونیورسٹی کو تو وفاقی ’مجبور‘ یونیورسٹی کا نام دیا جانا چاہیے۔‘‘

    انھوں نے وفاق پر شدید طنز کرتے ہوئے مزید کہا ’’لگتا ہے یونیورسٹی تب درست ہوگی جب اردو کا نام یونیورسٹی سے ہٹا دیا جائے گا، کئی سالوں سے یونیورسٹی میں تقسیم اسناد نہیں ہوئی، اگر یہ یونیورسٹی لاہور میں ہوتی تو ہر سال تقسیم اسناد ہوتی۔‘‘

    گورنر سندھ نے کہا کہ کھنڈرات نما عمارت کو اردو یونیورسٹی کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے، جو ڈگریاں یہاں دی گئیں، اس میں بھی کچھ کے لفافے خالی ہیں، ڈگری پرنٹ کروانے کے پیسے یونیورسٹی کے پاس نہیں تھے۔

    دل چسپ امر یہ بھی ہے کہ گورنر سندھ نے خطاب کے آغاز میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی اور وائس ضابطہ خان شنواری سمیت تمام افراد کو سلام پیش کیا، اور پھر کہا اب فیصلہ آپ کریں کہ جو تقریر میں اب یہاں کروں، وہ لکھی ہوئی کروں یا دل سے کروں؟ اس جامعہ میں اساتذہ کی تنخواہیں ہی نہیں ہیں، یہ اردو یونیورسٹی کراچی میں ہے اس لیے اس کا حال اتنا برا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کے باوجود جامعات میں تدریسی عمل بحال نہ ہو سکا

    انھوں نے کہا جو حالات اردو یونیورسٹی کے ہیں ایسا لگ رہا ہے کچھ عرصے بعد یہ یونیورسٹی سیلانی چلائے گی، پتا نہیں اس مجبور یونیورسٹی کو کہاں لے کر جا رہے ہیں، ایک جماعت نے دعویٰ کیا تھا کہ گورنر ہاؤس کو جامعات میں تبدیل کریں گے، ساڑھے تین سال انھوں نے کچھ نہ کیا۔

    واضح رہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی 13 سال بعد تقسیم اسناد کی تقریب آج منعقد ہوئی ہے اور یہ یونیورسٹی کی پانچویں سالانہ تقسیم انعامات کی تقرب ہوگی، جس میں 231 مجموعی فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی جا رہی ہیں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو 127 خصوصی تمغے عطا کیے جا رہے ہیں، 97 طلبہ کو گولڈ، 18 طلبہ کو سلور، اور 12 طلبہ کانسی کے تمغے دیے جا رہے ہیں۔

  • ویڈیو رپورٹ: گورنر سندھ نے حلیم اور حلوہ تیار کیا، مولانا فضل الرحمان کو بھی دعوت

    ویڈیو رپورٹ: گورنر سندھ نے حلیم اور حلوہ تیار کیا، مولانا فضل الرحمان کو بھی دعوت

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مولانا فضل الرحمان کو اپنے ہاتھ سے تیار حلیم اور حلوہ کھلانے کی دعوت دی ہے، جسے مولانا راشد سومرو نے قبول کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اور جے یو آئی کے درمیان قربتیں بڑھنے لگی ہیں، جے یو آئی رہنما مولانا راشد سومرو رات گئے گورنر ہاؤس پہنچے، جہاں انھوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا انوکھا انداز دیکھا۔

    گورنر نے علامہ راشد سومرو کی مہمان نوازی کے لیے خود حلیم اور حلوہ تیار کیا، کامران ٹیسوری نے حلیم کا گھوٹا لگایا اور علامہ راشد سومرو کو خود کھلایا بھی۔

    بعد ازاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مولانا فضل الرحمان کو بھی حلیم کھانے کی دعوت دے دی، کہ وہ گورنر ہاؤس آئیں ان کے لیے اپنے ہاتھ سے حلیم اور حلوہ بناؤں گا، جس پر مولانا راشد سومرو نے دعوت قبول کر لی، اور کہا ’’میں جلد مولانا فضل الرحمان کو گورنر ہاؤس لے کر آؤں گا۔‘‘

    کراچی سے پہلا بڑا تجارتی قافلہ وسطی ایشیا کے لیے روانہ ہو گیا

    علامہ راشد سومرو نے کہا ’’مجھے حلیم بہت پسند آیا، گورنر صاحب کے ہاتھ میں جادو ہے، ہم حلوے والے نہیں جلوے والے ہیں، گورنر سندھ کی محبت ہے وہ عزت دیتے ہیں۔‘‘

  • گورنر سندھ کے سال 2025 کے منصوبے سامنے آ گئے

    گورنر سندھ کے سال 2025 کے منصوبے سامنے آ گئے

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نئے سال 2025 کے منصوبے بتا دیے مفت آئی ٹی کورس سمیت عوامی فلاح وبہبود کے کئی پروگرام شامل ہیں

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری جو 2024 میں بھی عوامی اور فلاحی خدمت میں مصروف رہے۔ انہوں نے نئے سال کے آغاز پر 2025 کے لیے اپنے منصوبوں کا اعلان کر دیا۔

    کامران ٹیسوری نے بتایا کہ وہ سال 2025 میں سندھ کے پانچ لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورس کرانے کا پروگرام رکھتے ہیں۔

    گورنر سندھ کے مطابق اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، عوام کو پانی، بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی سمیت شہر قائد کو صاف ستھرا بنانے کے لیے کراچی میں جا بجا موجود لاکھوں ٹن کچرا اٹھوانا اور تلف کرانا بھی ان کے منصوبوں میں شامل ہیں۔

    دوسری جانب نئے سال کا پہلا دن گورنر سندھ اور گورنر ہاؤس کراچی کے نام رہا۔ گورنر ہاؤس میں ملک کی تاریخ کی سب سے طویل 49 منٹ تک جاری رہنے والی عالمی طرز کی خوبصورت آتشبازی کر کے ریکارڈ بنایا گیا۔

    نئے سال کے جشن کے موقع پر گورنر ہاؤس میں قوالی نائٹ بھی ہوئی۔ اس میں افضل صابری کی پرفارمنس پر شہری دھمال ڈالتے اور جھومتے نظر آئے۔

  • گورنر سندھ نے سلمان اقبال کو مہاجر کلچر ڈے میں شرکت کی دعوت دے دی

    گورنر سندھ نے سلمان اقبال کو مہاجر کلچر ڈے میں شرکت کی دعوت دے دی

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او اور صدر سلمان اقبال کو مہاجر کلچر ڈے میں شرکت کی دعوت دے دی۔

    اے آر وائی کے سی ای او اور صدر سلمان اقبال کی گورنر ہاؤس آمد ہوئی، انہوں نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی جس میں شہر کی ترقی، گورنر انیشیٹیو سمیت مہاجر کلچر ڈے اور باہمی دلچسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر سندھ کی جانب سے سلمان اقبال کو جناح کیپ اور اجرک بھی پہنائی گئی۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ گورنر سندھ عوامی خدمت کررہے ہیں، آئی ٹی پروگرام قابل ستائش اور قابل تقلید کام ہے، ہم سب نے اس شہر کو اون کرنا ہے اس کے لیے مل کر کام کرنا ہے، شہر اور ملک کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔

    علاوہ ازیں چیئرمین ایم کیو ایم نے سلمان اقبال کو وفاق سے کراچی آنے والی بارہ یونیورسٹیوں کے کیمپس سے آگاہ کیا۔

    گورنر سندھ سے سلمان اقبال کی جانب سے مکمل تعاون پر اظہار تشکر کیا اور نوجوان نسل کو تعلیمی اور اسپورٹس کے میدان میں آگے لانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    کامران ٹیسوری نے ملکی ترقی خصوصاً اسپورٹس اور تعلیمی میدان میں اے آر وائی اور ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے کردار کو سراہا۔

  • ’پاکستان آئندہ سال آئی ایم ایف کے چُنگل سے نکل جائے گا‘ گورنر سندھ نے خوشخبری سنادی

    ’پاکستان آئندہ سال آئی ایم ایف کے چُنگل سے نکل جائے گا‘ گورنر سندھ نے خوشخبری سنادی

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ خوشخبری دے رہا ہوں کہ ملک آئندہ سال آئی ایم ایف چُنگل سے نکل جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ میں ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان میں ایس آئی ایف سی پراجیکٹ آئیڈیل ہے، آرمی چیف اور وزیراعظم چاہتے ہیں ملکی معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا جائے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ سوئیڈن سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر بات ہوئی ہے، دونوں ممالک کو آپس میں قریب لانا مقصد ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی  آئی کارکنوں سے کہوں گا انرجی سنبھال کررکھیں ضائع نہ کریں، تین سال تک انتظار کریں ہوسکتا ہے ان کی مس کال مل جائے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملک کا تحفظ اورمعاشی نظام مضبوط ہاتھوں میں ہے، بڑی بڑی بھڑکیں ماری جارہی ہیں لیکن پی ٹی آئی کی کال مس کال ہی رہے گی۔

  • خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کا قیام، گورنر سندھ نے بل پر دستخط کر دیے

    خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کا قیام، گورنر سندھ نے بل پر دستخط کر دیے

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کے قیام کے لیے ایک بل پر دستخط کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں خصوصی اینٹی نارکوٹکس عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں گورنر سندھ نے اہم ترین بل پر دستخط کر دیے ہیں۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس بل کے ذریعے قانون سازی سے اینٹی نارکوٹکس کی خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس کے بعد مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس مزید فعال کردار ادا کر سکے گی۔

    کامران ٹیسوری نے اس سلسلے میں کہا یہ قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، منشیات فروش ہمارے معاشرے کے نوجوانوں کو نشے کا عادی بنا رہے ہیں، خصوصی عدالتوں کے قیام سے منشیات فروشی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت پورے پاکستان میں ڈرگ کارٹلز منظم انداز میں آئس نشے سمیت مختلف اقسام کے نشے کو بڑے پیمانے پر پھیلا رہے ہیں، ان منشیات فروشوں کا ایک بڑا ہدف یونیورسٹیاں بھی ہیں، جہاں طلبہ کو آئس نشے میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔

  • گورنر سندھ کا ہندو پنڈٹ شری روی شنکر کو چیلنج

    گورنر سندھ کا ہندو پنڈٹ شری روی شنکر کو چیلنج

    کراچی : گورنر سندھ کامران نے ہندو پنڈٹ شری روی شنکر کو پاکستان آکر ذاکرنائیک سے مناظرہ کا چیلنج دیتے ہوئے پانچ ملین ڈالر کی رقم کی پیشکش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف عالمی مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں دس روز کے لیے کراچی کے دورے پر ہیں۔

    ذاکر نائیک نے گورنر ہائوس میں اسلامی تعلیمات پر خصوصی لیکچر اور سوال جواب کی سیشن میں ہزاروں کے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔

    ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ کبھی مسلم ملک کو چھوڑ کر غیر مسلم ملک میں بسنےکی حمایت نہیں کرتے، عوام ان سے پاکستان کی حالات کی شکایت کرتے ہیں لیکن پاکستان امریکا سے کہیں بہتر ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوی کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد کو اسلام قبول کرانے والے امن پسند ذاکرنائیک کو بھارت نے نکالا ، وہ ہندو پندٹ شری روی شنکر کو پانچ ملین ڈالر رقم کی پیش کش کرتے ہیں ائیں اور ذاکر نائیک سے مناظرہ کر لیں۔

    کامران ٹیسوری نے ذاکر نائیک کو انکی دینی خدمات پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا۔

    تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ایم کیو ایم چئیرمین ڈاکٹر خالد مقبول اور گورنر سندھ سے ملاقات ہوئی ، جس مشرق وسطی کی صورتحال ، اقوام متحدہ کے اجلاس سمیت موجودہ حالات میں مسلم امہ کے کردار پر گفتگو کی۔

  • اے اور او لیول کے طلبا کے لئے اچھی خبر

    اے اور او لیول کے طلبا کے لئے اچھی خبر

    کراچی : اے اور او لیول کے طلبا کے لئے اچھی خبر آگئی، آئی وی وائی کے نام سے آن لائن ایپلی کیشن لانچ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے طلبا کی ضروریات پوری کرنےکیلئے آن لائن ایپلی کیشن کا افتتاح کردیا۔

    آن لائن ایپلی کیشن اے اور او لیول کے طلبا کو عالمی مقابلوں کیلئے مہارت فراہم کرے گی ، اس موقع پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس اقدام پرآئی وی وائی کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، آئی وی وائی جدت سے استفادہ حاصل کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تیزی سے ترقی کرتی دنیا میں ٹیکنالوجی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، آن لائن ایپ سے نوجوانوں کو بھرپور مواقع حاصل ہوں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومتی ونجی شعبے،سول سوسائٹی کی تنظیمیں اس اقدام میں تعاون کریں، نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں ،تعلیم کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، نوجوان آئندہ چند سالوں میں وہ مقصد حاصل کرلیں گے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت 

  • ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی

    ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دے دی

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کے فیصلے کی خبروں پر ڈاکٹر فاروق ستار نے اتحادی حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی سے متعلق بڑا بیان دے دیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت کے قیام کے وقت یہ طے ہوا تھا کہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری ہی رہیں گے، ن لیگ حکومت کی تشکیل کے وقت اپنے کئے وعدوں کا پاس کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے یکطرفہ طور پر گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تو ایم کیو ایم پاکستان کا مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہے گا۔

    متحدہ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی کامران ٹیسوری کو ہٹانے سے متعلق قیاس آرائیاں ہوتی رہیں ہیں، بار بار ایسی قیاس آرائیوں سے ہیجان پیدا ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایک بیان میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے واضح کر چکے ہیں کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا اور گورنر کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    اسحاق ڈار نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ نہیں لگایا جا رہا اور چند روز میں گورنر سندھ کے معاملے پر فیصلہ کر لیا جائے گا۔