Tag: گورنر سندھ

  • گورنر سندھ نے گوٹھوں کی ریگولرائزیشن کمیٹی پر اعتراض اٹھا دیا

    گورنر سندھ نے گوٹھوں کی ریگولرائزیشن کمیٹی پر اعتراض اٹھا دیا

    کراچی: گورنر سندھ نے گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی پر اعتراض اٹھا دیا، اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ایک خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی زمینوں پر قبضہ کر کے بنائے گئے گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے معاملے پر اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے گورنر سندھ نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے جو کمیٹی بنائی گئی اس میں تمام تر جماعتوں کا ہونا ضروری ہے، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت این جی اوز کو بھی اس پر تحفظات ہیں۔

    گورنر سندھ کے وزیر اعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ زمینوں پر قبضے سے متعلق بدعنوانی کے دروازے بند کرنے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا زمینوں پر قبضے کے خلاف ہیں۔

    انھوں نے لکھا کہ کمیٹی کا قیام شفاف طریقے سے ہونا چاہیے، جب کمیٹی پر تحفظات ہوں تو کیسے یہ معاملہ شفاف ہو سکتا ہے، ریگولرائزیشن کمیٹی کو ختم کر کے اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں کچی آبادی، گوٹھ آباد کے قوانین دھوکا دہی، جعل سازی اور بدعنوانی کا ذریعہ رہے ہیں، یہ عمل نجی یا سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے، اور مستقبل میں ایسی زمین کو باقاعدہ ریگولرائز کر دیا جاتا ہے۔

  • عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کی درخواست ہے: گورنر سندھ

    عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کے لیے مزید امداد کی درخواست ہے: گورنر سندھ

    کراچی: صوبہ سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کی مالی مدد کے لیے مزید تعاون کی درخواست ہے، مقامی مخیر حضرات کے تعاون سے سیلاب سے تباہ حال گھروں کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نیشنل فورم برائے ماحولیات و صحت کی تقریب میں شرکت کی، اپنے خطاب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کی مہم میں مختلف تجارتی ادارے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں سے سیلاب متاثرین کی مالی مدد کے لیے مزید تعاون کی درخواست ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس جو گھر تباہ ہوئے ان کی بحالی کے لیے غیر ملکی اور مقامی مخیر حضرات کا تعاون ناگزیر ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے ہی تباہ حال گھروں کی بحالی ممکن ہو سکتی ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے متاثرین سیلاب کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ غربت کے خاتمے کے لیے حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا ہوا ہے، پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے تاکہ غریب افراد کی بھرپور مدد یقینی بنائی جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کلین اینڈ گرین پروگرام شہر کے لیے انتہائی شاندار ثابت ہو رہا ہے، اس ضمن میں ایڈمنسٹریٹر کراچی اچھا کام کر رہے ہیں۔

  • گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ کیوں دیا؟

    گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ کیوں دیا؟

    کراچی: گورنر سندھ نے اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے لیے باڈی بلڈرز ساتھ لے جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری باڈی بلڈنگ کے مقابلے دیکھنے کے لیے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پہنچے، کے ایم ڈی سی میں منعقدہ تن سازی مقابلے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر دل چسپ گفتگو کی، انھوں نے کہا ’’میں مشورہ دوں گا اسحاق ڈار صاحب کو کہ آئندہ جب جائیں آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے، تو ان باڈی بلڈر میں سے دو سے تین لے جائیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے ازراہ تفنن تن ساز ساتھ لے جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یقین کریں ایسا کرنے سے مایوسی نہیں ہوگی اور مذاکرات کامیاب ہو جائیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے حصول کے لیے کئی مہینوں سے وزارت خزانہ کی جانب سے کوششیں جاری ہیں، لیکن مانیٹری فنڈ پاکستانی عوام کے لیے نہایت تشویش ناک اور سخت شرائط کے اطلاق کے باوجود تاحال قرض دینے پر راضی نہیں ہوا ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مسائل میں گھرا ہوا ہے، ہم میں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی عادت نہیں رہی، ہمارے سیاست دانوں کے پاس وقت نہیں ہے کہ ہم پر توجہ دے سکیں۔

    انھوں نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا ’’کوئی مسیحا نہیں آئے گا البتہ نعرہ ضرور آئے گا، کراچی کو پیرس بنانے کا منصوبہ تھا لیکن یہاں نہ بجلی ہے نہ گیس، بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے، جو سیاست میں آتا ہے خود ارب پتی ہو جاتا ہے عوام غریب ہو جاتی ہے، ایسے ماحول میں ان کھیلوں کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔

  • کسی کا بھجوایا کھانا کھانے کے بعد گورنر سندھ کو الٹیاں، سانس لینے میں دشواری

    کسی کا بھجوایا کھانا کھانے کے بعد گورنر سندھ کو الٹیاں، سانس لینے میں دشواری

    کراچی: کسی کا بھجوایا کھانا کھانے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی طبیعت خراب ہو گئی، ان کو الٹیاں لگنے کے بعد سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو کھانے میں کچھ ملا کر کھلانے کی کوشش کی گئی ہے، جس کی وجہ سے ان کی طبعیت سخت ناساز ہو گئی۔

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کو گزشتہ روز ان کا من پسند کھانا کسی نے ان کے گھر بھجوایا تھا، جسے کھانے کے بعد انھیں الٹیاں لگ گئی ہیں، پیٹ خراب ہو گیا ہے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    کامران ٹیسوری کو گورنر ہاؤس میں زیر علاج رکھا گیا ہے، ان کا بلڈ پریشر بھی بہت زیادہ گر گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو کھلائے گئے کھانے کو ٹیسٹ کرانے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کھانے پینے کے بہت شوقین ہیں، انھوں نے گزشتہ دنوں کراچی اور لاہور میں کھانے کے مشہور مقامات پر جا کر لوگوں کے درمیان بیٹھ کر کھانا کھایا۔

  • ایم کیو ایم دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، میں نے کوئی مشورہ نہیں دیا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اگر ایم کیو ایم کے تمام دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، انھوں نے اس سلسلے میں کوئی مشورہ نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم دھڑوں کے ایک ساتھ بیٹھنے اور یکجا ہونے کے سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیا۔

    گورنر نے کہا اگر سارے دھڑے مل گئے تو سربراہ کون ہوگا، میری طرف سے کسی کو سربراہ بنانے کی بات نہیں کی گئی، نہ یہ مشورہ دیا ہے کہ سینئر ڈپٹی کنونئیر کون بنے گا، انھوں نے کہا یہ پارٹی کے لوگوں کا آپسی فیصلہ ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ سب کی آپسی لڑائی سے صوبے کے ترقیاتی کام 4 برس سے التوا کا شکار ہیں، ان سب سے ایک ہی بات کی کہ آپس میں اتفاق اور بھائی چارہ قائم کریں، میری کوشش صرف اتنی ہے کہ ان کو ایک جگہ بٹھا کر ان کے درمیان ذاتی اختلاف کو ختم کیا جائے۔

    انھوں نے کہا ’’میں نے ان سب سے کہا ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے کی بجائے صوبے اور شہر کو ٹھیک کریں۔‘‘

    حلقہ بندیوں کے حوالے سے انھوں نے کہا ’’ایم کیو ایم کے حلقہ بندیوں سے متعلق تحفظات وفاق کو پہنچا دیے ہیں، اب وفاق کیا فیصلہ کرتا ہے اس پر نظریں ہیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے کہا ’’پیپلز پارٹی سے معاہدہ قائم رکھنا ہے یا نہیں، پی ڈی ایم میں رہنا ہے یا نہیں، یہ فیصلہ خالد مقبول نے کرنا ہے، ایم کیو ایم، پی پی معاہدے کی شق نمبر 7 حلقہ بندی کی درستگی پر ہے، اس پر وعدے کے مطابق عمل درآمد نہیں ہوا، یہ بات آصف زرداری کے سامنے بھی رکھی، اور کہا کہ جو باتیں افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے طے کی گئیں، ان پر من و عن عمل ہونا چاہیے۔‘‘

    گورنر کا کہنا تھا کہ نااتفاقی سے پی ڈی ایم کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ملک پہلے ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، ایک طرف ہم معاشی مسائل کو لے کر دنیا سے مدد مانگ رہے ہیں، دوسری طرف ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا تو کون ہمارا اعتبار کرے گا۔

    انھوں نے کہا ’’ہم کام کر رہے ہیں اور میرا کام لوگوں کو نظر آ رہا ہے، عوام فیصلہ کریں گے کہ میں اور میرا ہاؤس سازش کا مرکز ہے یا میں اور میرا ہاؤس شہریوں کے لیے کام کر رہا ہے۔‘‘

  • گورنر سندھ بھی گلوکار کیفی خلیل کے مداح ہوگئے

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی گلوکار کیفی خلیل کی سروں کے مداح ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامرن ٹیسوری کی دعوت پر کیفی خلیل کی گورنر ہاؤس پہنچے اور اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔

    کیفی خلیل نے اپنا مشہور گانا ’مجھے پیار ہوا تھا‘ انہیں سنایا۔

    کامران ٹیسوری نے کیفی خلیل سے گانا سننے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور لیاری سے تعلق رکھنے والے گلوکار کو شیلڈ بھی دی۔

    واضح رہے کہ کیفی خلیل کا گانا ’مجھے پیار ہوا تھا‘ نے یوٹیوب پر لاکھوں ویویوز حاصل کیے ہیں جبکہ گلوکار کا گانا اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں شامل ہے۔

     کیفی خلیل نے گزشتہ دنوں ڈیفنس کے بیچ ویو پارک میں منعقدہ دسویں کراچی ایٹ فیسٹیول میں پیش آئے واقعے کے دوران زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

    ’کراچی ایٹ‘ فیسٹیول کا سالانہ میلہ گزشتہ ہفتے منعقد ہوا تھا اور 8 جنوری کو اس کا اختتامی دن تھا۔

  • ’چوبیس گھنٹے میں آٹا پرانی قیمت پر آجائے گا‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں آٹا پرانی قیمت پر آجائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس کے بعد آٹا بھی نہیں مل رہا ہے لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں مسائل اب حل ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کروں گا، آٹے کے بحران پر میری بات وفاق سے ہوئی ہے آئندہ ایک دو روز میں قیمت 35 روپے کم ہوجائے گی، چوبیس گھنٹے میں آٹا پرانی قیمت پر آجائے گا، چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آٹا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہورہا ہے۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم میں لوگوں کی جان جارہی ہے اس شہر کو کوئی اون کرنے کے لیے تیار نہیں، اسٹریٹ کرائم کے معاملے پر روزانہ آئی جی سندھ سے رابطے میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے 15 دن کا وقت پولیس چیف نے دیا تھا کہ چیزوں کو ٹھیک کریں گے 13 دن گزر گئے ہیں دو دن بعد میں رپورٹ لوں گا۔

    گورنر سندھ نے مزید کہا کہ میں سندھ کی تمام مارکیٹوں کا دورہ کروں گا جو لوگ ذمہ دار ہیں ان کو کھلی کچہری میں بٹھائیں گے جب اختیارات اور مسائل کا حل عوام کے لیے ہوگا تو مسائل حل ہوں گے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے سخت ایکشن ہوگا۔

  • ’آپ بڑے ہیں راستہ نکالیں‘ بلاول ہاؤس اجلاس میں گورنر سندھ کی زرداری سے اپیل

    کراچی: بلاول ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، اجلاس میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر پی پی نے قانونی مسئلہ پیش کیا تو گورنر سندھ نے آصف زرداری سے کہا ’آپ بڑے ہیں کوئی راشتہ تلاش کریں۔‘

    تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤس میں اتحادی جماعتوں کے اہم اجلاس کا احوال سامنے آ گیا ہے، بلاول ہاؤس کے اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات ممکنہ نتائج پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں لیگی وفد نے رائے دی کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی جیت کا راستہ روکنا چاہیے، وفاقی وزرا نے کہا پی ڈی ایم اتحادی جماعتیں اختلافات ختم کریں ورنہ وفاق پر اثر پڑے گا۔

    ایم کیو ایم کا مؤقف تھا کہ وہ موجودہ حلقہ بندیوں کے ساتھ الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا موجودہ حلقہ بندیوں سے سیاسی مستقبل کو نقصان پہنچے گا۔

    تاہم پی پی قانونی ٹیم کی رائے تھی کہ حلقہ بندیوں کی تبدیلی ممکن نہیں، ان سے چھیڑ چھاڑ پر معاملہ عدالت جائے گا۔ لیکن ایم کیو ایم رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان کا مسئلہ قانونی نہیں سیاسی ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اپیل کی کہ ’آپ بڑے ہیں ہمارے لیے راستہ تلاش کریں، پارلیمان میں طاقت ہے آپ حلقہ بندیاں نئی کریں۔‘

    آصف زرداری نے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم سے پرانا تعلق ہے، میں چاہتا ہوں ایم کیو ایم مضبوط ہو۔

  • حافظ نعیم کے الزامات پر ترجمان گورنر ہاؤس کا رد عمل، پرتپاک انداز میں ملنے کی تصویر جاری

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی پریس کانفرنس میں الزامات کے جواب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رات کو پرتپاک انداز سے ملنے والی تصویر جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن کے الزامات پر ترجمان گورنر ہاؤس کا رد عمل سامنے آ گیا، گورنر سندھ نے گزشتہ رات حافظ نعیم سے ملاقات کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’رات کو خوش گوار انداز میں ملے دن میں بدل گئے۔‘

    کامران ٹیسوری نے حافظ نعیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا دوہرا معیار کیسے چلے گا نعیم صاحب۔‘

    ترجمان گورنر ہاؤس نے رد عمل میں کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کے لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے، گورنرکے عہدے پر تعیناتی آئین و قانون کے مطابق ہوئی ہے۔

    ترجمان نے کہا گورنر سندھ حافظ نعیم الرحمن کو اچھا دوست سمجھتے ہیں، وہ رات کو گورنر سندھ سے گرم جوشی کے ساتھ ملے تھے، ان کو اگر شکایت تھی تو بطور دوست گورنر سندھ کو بتانا چاہیے تھا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ حافظ نعیم بخوبی جانتے ہیں کہ لوگوں کو باہم جوڑنا ثواب کا کام ہے، گورنر سندھ شہر قائد کی روشنیوں کی بحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کر رہے ہیں، اور اسی مقصد سے وہ جماعت اسلامی کے دفتر بھی گئے تھے۔

  • گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات کو درست قرار دے دیا

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم کیوایم کے تمام مطالبات کی حمایت اور اسے درست قرار دیتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کو اپنے معاہدے پر من و عن عمل کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد اور گورنرسندھ کامران ٹیسوری کے درمیان ملاقات ہوئی ، گورنر ہاؤس میں رات گئے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات میں آج بلاول ہاؤس میں ہونے والی مشاورت پر گفتگو کی گئی۔

    گورنرسندھ نے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ بندیاں، ووٹر لسٹوں کی درستگی اور آرٹیکل ایک سو چالیس اے پر عمل درآمد ضروری ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اپنے معاہدے پر من و عن عمل کرنا ہوگا اور معاہدے پر وفاقی حکومت کو بطور ضامن مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل بلاول ہاؤس میں ایم کیوایم تحفظات سے متعلق اجلاس بے نتیجہ ختم ہوا جبکہ ایم کیو ایم کی جنرل ورکرز اجلاس میں تمام کارکنان اور ذمے داران کو لازمی پہنچنےکی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ بلدیاتی امیدواروں کو بھی جنرل ورکرز اجلاس میں لازمی پہنچنے کی ہدایت کی گئی، کارکنان فیصلہ کریں گے حکومت میں رہ کر الیکشن لڑنا ہے یا باہرنکل کر۔