Tag: گورنر سندھ

  • گیس کھینچنے کی مشین استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی

    گیس کھینچنے کی مشین استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی

    کراچی: شہر قائد میں گیس کھینچنے کی مشینیں استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گیس سَکشن ڈیوائسز استعمال کرنے والی صنعتوں کے گیس کنکشنز منقطع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق کمپنی کی انتظامیہ نے آج گورنر ہاؤس کراچی میں تجارتی انجمنوں اور صنعتی اداروں کے وفد سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دیگر مسائل کے علاوہ بعض صنعتوں کی طرف سے طاقت ور سَکشن بوسٹرز کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس کھلم کھلا خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا۔

    ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ سَکشن ڈیوائسز کے استعمال سے کراچی میں گیس کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اور سَکشن بوسٹرز کا استعمال گیس کی چوری کے ارتکاب کے مترادف ہے۔

    ترجمان کے مطابق سَکشن بوسٹرز کے ذریعے حاصل کی گئی اضافی گیس ادارے کے میٹرنگ سسٹم اور اس کی پیمائش کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔

    ملاقات کے موقع پر سوئی سدرن کی انتظامیہ نے تقریباً 189 صنعتوں کی فہرست پیش کی، جن پر غیر قانونی سکشن ڈیوائسز کے استعمال میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ گورنر نے اس مجرمانہ سرگرمی میں ملوث تمام یونٹس کو فوری طور پر گیس کا کنکشن منقطع کرنے کا حکم دے دیا۔

  • ہر گلی میں پولیس اہل کار کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا:  گورنر سندھ

    ہر گلی میں پولیس اہل کار کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہر گلی میں پولیس اہل کار کو کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کراچی جیسا شہر اسمارٹ سٹی بنے بغیر کنٹرول نہیں ہو سکتا، جتنا جلد کراچی کو سیف سٹی ڈکلیئر کریں گے اتنا اچھا ہوگا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا ایسا نہیں ہو سکتا کہ گلی گلی میں پولیس والے کو کھڑا کر دیں، پیپلز پارٹی کو چاہیے کراچی کو جلد از جلد اسمارٹ سٹی بنائیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہا ہماری حکومت کو ساڑھے 3 سال ہوگئے، جب کہ یہ ساڑھے 3 ماہ میں ہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی کل گئی، لیکن اپوزیشن میں دم ہے نہ ہی پی ڈی ایم میں۔

    گورنر سندھ نے کہا ہم نے پہلے بھی تاریخیں دیکھی ہیں، پی ٹی آئی 5 سال پورے کرے گی بلکہ دوبارہ بھی آئے گی، آج پاکستان جس حالت میں اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دور میں پیسہ لوٹا گیا، جس کی وجہ سے ہمیں چند ارب روپے کی خاطر آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔

    انھوں نے کہا اب یہ بے شرموں کی طرح کہتے ہیں کہ عمران خان نے مہنگائی کر دی ہے، جب کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہے امریکا میں 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔

  • گورنر سندھ نے گرین لائن بس میں سفر کیوں‌ کیا؟

    گورنر سندھ نے گرین لائن بس میں سفر کیوں‌ کیا؟

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے آج ہفتے کو کراچی میں گرین لائن بس کے آغاز کے موقع پر خود بھی سفر کا لطف اٹھایا۔

    تفصیلات کے مطابق گرین لائن بس سروس کے آغاز کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نمائش چورنگی بس اسٹیشن سے حیدری بس اسٹیشن تک کا بس میں سفر کیا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ گورنر سندھ نے بھی گرین لائن بس میں سفر کے لیے ٹکٹ خریدا اور اس کے بعد بس میں سوار ہوئے، اس موقع پر گرین لائن بس اسٹیشن میں موجود مسافروں نے گورنر سندھ کے ہمراہ تصاویر بھی لیں۔

    گورنر سندھ نے گرین لائن بس اور اسٹیشن میں موجود سہولیات کا بغور جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا، انھوں نے بس اسٹیشن میں موجود مسافروں سے سفری سہولیات سے متعلق بات چیت کی۔

    انتظار کی گھڑیاں ختم: شہر قائد میں گرین لائن سفر کا آغاز

    گرین لائن میں سفر کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا آج کا دن بہت خاص ہے کیوں کہ آج کرسمس، قائد کا یوم پیدائش اور گرین لائن منصوبے کی تکمیل کا دن ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا امید ہے جلد دیگر لائنز کا بھی آغاز ہوگا تاکہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع ہو سکے، اس منصوبے کو تکمیل تک پہنچائیں گے، 14 سال سے کراچی کی عوام کو ایک بس سروس بھی فراہم نہیں کی گئی، آج الحمداللہ عوام اس سروس سے بہت خوش ہیں اور دعائیں دے رہے ہیں۔

  • گورنر سندھ کا ایک بار پھر بلدیاتی بل پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ

    گورنر سندھ کا ایک بار پھر بلدیاتی بل پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کا معاملہ الجھتا جا رہا ہے، گورنر سندھ نے ایک بار پھر ترمیمی بل پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع گورنر سندھ کے مطابق سندھ بلدیاتی ترمیمی بل پر اس بار بھی گورنر کی جانب سے دستخط کا امکان نہیں ہے، سندھ حکومت نے گورنر کے اعتراضات کے بعد بل میں مزید ترمیم کی تھی۔

    ترمیم کے بعد 14 دسمبر کو یہ ترمیمی بل گورنر سندھ کو دستخط کے لیے دوبارہ موصول ہوا تھا، تاہم گورنر سندھ کے ذرائع نے کہا ہے کہ اس بل پر تمام اپوزیشن اور سندھ کی دیگر جماعتوں کو شدید تحفظات ہیں۔

    بلدیاتی حکومت سے متعلق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے پروبیشنری افسران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ فیصلے مقامی لوگوں، کمیونٹیز کی ضرورت کے مطابق کیے جا سکیں۔

    چیئرمین پی پی نے بلدیاتی بل پر بے جا تنقید مسترد کر دی

    انھوں نے کہا اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی سے لوکل باڈیز اپنے علاقے اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ مؤثر طریقے سے کام کر سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بلدیاتی بل پر بے جا تنقید مسترد کی تھی، انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سندھ بلدیاتی ایکٹ میں سب سے زیادہ سہولتیں دے رہا ہے، لوکل باڈی الیکشن میں کو چیئرمین ہوں گے، لوکل کونسلز کو ہیلتھ، تعلیم، قانون نافذ کرنے والے جواب دہ ہوں گے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ بلدیاتی ایکٹ کو کالا قانون کہنے والوں کا منہ کالا ہوگا، ہم چاہتے ہیں لوکل گورنمنٹ اپنا ریونیو خود بنائے، اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے تو مسائل جلد حل ہوں گے۔

  • آباد وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش، گورنر سندھ نے یقین دہانی کرا دی

    آباد وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش، گورنر سندھ نے یقین دہانی کرا دی

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کے وفد نے وزیر اعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے، گورنر سندھ نے آباد وفد کو ملاقات کی یقین دہانی کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسمٰعیل سے تعمیراتی صنعت سے متعلق اہم تنظیم آباد کے 15 رکنی وفد نے محسن شیخانی کی سربراہی میں ملاقات کی۔

    وفد نے کنسٹرکشن انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور دیگر مسائل سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا اور انھیں تجاویز پیش کیں۔

    وفد کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لیے ریگولرائزیشن کی حکمت عملی مرتب کی جائے، اور ریگولرائزیشن پالیسی کے تحت ریگولرائزیشن کمیشن کا قیام بھی ناگزیر ہے۔

    وفد نے تجویز دی کہ تعمیرات کے حوالے سے بلڈنگ این او سی اور اپروول پروسیجرز وَن ونڈو آپریشن کے تحت ممکن بنایا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ون ونڈو آپریشن پر عمل درآمد سے پروجیکٹ مکمل ہونے پر بلڈرز اور رہائشیوں کو بعد میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔

    آباد کے وفد نے کہا کہ نسلہ ٹاور کے مکین جس پریشانی سے گزر رہے ہیں، اسے انسانی بنیادوں پر دیکھا جائے، اور ان کی بحالی کے لیے کوئی حکمت عملی تیار کی جائے۔

  • طیارہ حادثہ: معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    طیارہ حادثہ: معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں اہم فیصلہ

    کراچی: طیارہ حادثہ شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کے لیے طریقہ کار پر قانونی رائے حاصل کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت طیارہ حادثہ شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کے ضمن میں فالو اپ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی سی اے اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے، کنسلٹنٹ وزارت قانون، این ڈی ایم اے و دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی وزارت قانون کو خط لکھ کر ان سے معاوضے کی ادائیگی کے طریقہ کار کے لیے قانونی رائے حاصل کرے گی۔ طیارہ حادثہ شہدا کے لواحقین نے اجلاس کے فیصلے پر اظہار اطمینان کیا۔

    گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ سی اے اے اس سلسلے میں جلد از جلد عمل درآمد یقینی بنائے، اور پی آئی اے حکام کراچی طیارہ حادثہ شہدا کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی کے عمل کو تیز کرے، کیوں کہ معاوضے کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر باعث تشویش ہے۔

    کراچی طیارہ حادثہ : متاثرین نے شکایتوں کے انبار لگا دیئے

    انھوں نے کہا معاوضے کی رقم کو ملکی قانون اور بین الاقوامی ضابطہ کار کے مطابق یقینی بنایا جانا چاہیے، جن متاثرہ خاندانوں کے واحد کفیل حادثے میں شہید ہوئے وہ مالی طور پر پریشان ہیں۔

    گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خدشات اور تحفظات کی روشنی میں تحریری جواب دیں، اے اے آئی بی کے نمائندے نے کہا اس معاملے کی تحقیقات کے لیے شفاف اور غیر جانب دارانہ طریقہ کار اپنایا گیا ہے، مکمل تحقیقات کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

  • گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    گورنر سندھ استعفیٰ دینے والے رکن اسمبلی شہزاد اعوان کو راضی نہ کر سکے

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دیے جانے پر اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ملک شہزاد اعوان کو گورنر سندھ راضی نہ کر سکے۔

    تفصیلات کے مطابق این اے 249 میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف میں اختلافات برقرار ہیں، اس سلسلے میں آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ناراض اور استعفی دینے والے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان سے ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ملاقات میں شہزاد اعوان کو استعفیٰ واپس لینے پر راضی نہ کر سکے، شہزاد اعوان کا احتجاج برقرار ہے، اور وہ امجد آفریدی سے ٹکٹ واپس لینے پر اصرار کر رہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملک شہزاد اعوان این اے 249 کے امیدوار کو تبدیل کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، انھوں نے ملاقات میں گورنر سندھ کو مخالفین کے امیدواروں کی پختگی اور پی ٹی آئی امیدوار کی کمزوری کی وجہ بھی بتائی۔

    انھوں نے کہا میں پی ٹی آئی کا حصہ تھا اور ہمیشہ رہوں گا، ووٹ عمران خان کی امانت ہے، خیانت نہیں کر سکتا، اس کمزور امیدوار کے ساتھ کام نہیں کر سکتا یہ میرا واضح مؤقف ہے۔

    ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا بلدیہ ٹاؤن عمران خان کا قلعہ ہے، اس قلعے کو نقصان نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا میری امجد سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں، یہ ہماری جیتی ہوئی سیٹ ہے اور ہم نے یہ سیٹ دوبارہ جیت کر وزیر اعظم کو تحفے میں پیش کرنی ہے۔

    انھوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہمیں آپ امیدوار تبدیل کر کے دیں، ورکرز کو مشاورت میں لے کر دوسرا امیدوار دیں، اور ہم آپ کو یہ سیٹ جیت کر دیں گے۔

  • وزیر اعظم کو بتا دیا سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی: گورنر

    وزیر اعظم کو بتا دیا سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی: گورنر

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ انھوں نے آج وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی آئی جی سندھ سے متعلق ایک خط لکھ دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کو بھی بتا چکا ہوں کہ سندھ میں آئی جی مشتاق مہر کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنیٹرین آئی جی سندھ سے نالاں ہیں، اس سلسلے میں آج وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے اور جواب کا انتظار ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا میں نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سے مکمل رپورٹ مانگی ہے، امید ہے مراد علی شاہ جلد مجھے خط کا جواب دیں گے، وزیر اعلیٰ کی رپورٹ پر میں وزیر اعظم کو مکمل ثبوت کے ساتھ بریف کروں گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا وزیر اعظم کو بتا دیا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے، صوبے میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں ہے، وزیر اعظم نے کبھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

    حلیم عادل شیخ کا معاملہ، وفاقی حکومت کا آئی جی سندھ کی تبدیلی پر غور شروع

    انھوں نے کہا سیاست میں الزامات لگتے رہتے ہیں، سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ نے دیا ہے، جس کی سربراہی وزیر اعظم نے خود کی تھی، لیاقت جتوئی سے میں خود بات کروں گا۔

    گورنر سندھ نے مزید کہا سیف اللہ ابڑو کا تعلق پس ماندہ علاقے سے ہے، ہم نے لاڑکانہ کو سیف اللہ ابڑو کی صورت میں سینیٹ میں نمائندگی دی، تاہم لیاقت جتوئی کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

  • حق اور سچ کا سفر مشکل، اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے: گورنر سندھ کی اے آر وائی کو مبارکباد

    حق اور سچ کا سفر مشکل، اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے: گورنر سندھ کی اے آر وائی کو مبارکباد

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی 20 سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی 20 سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اے آر وائی کو مبارکباد دی۔

    اپنے ٹویٹ میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اے آر وائی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، اس کامیابی کے پیچھے ایک لمبی جدوجہد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کا سفر مشکل ہوتا ہے مگر اللہ حق کا ساتھ دیتا ہے۔

    یاد رہے کہ آج 16 ستمبر کو اے آر وائی نیٹ ورک کے قیام کو 20 سال کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے، ان برسوں میں اے آر وائی نیٹ ورک نے بے شمار کامیابیاں سمیٹیں اور آج وہ میڈیا انڈسٹری میں پاکستان کی بڑی شناخت بن گیا ہے۔

    اے آر وائی نیٹ ورک کی ٹیم نے اللہ کی رحمت، انتھک محنت، مثالی قیادت اور شاندار ٹیم ورک کے ساتھ 2 دہائیوں پر مشتمل شاندار سفر طے کیا۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ ہم نے ملک کو 20 سال دیے جبکہ پاکستان نے بھی ہمیں 20 سال دیے۔ ملک کے لیے کام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سے کچھ غلطیاں ہو جائیں تو انہیں درگزر کردیں کیونکہ ہم ہر روز کچھ نیا کرنے کا سوچتے ہیں، دعا ہے ایسا کام کریں جو ملک اور قوم کے لیے بہتر ہو۔

  • کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سے گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر سے گورنر سندھ کی اہم ملاقات

    کراچی: شہر قائد کے نئے ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی سے گورنر سندھ نے اہم ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی، جس میں شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں، اس ضمن میں ترجیحی امور، فنڈز کے شفاف استعمال، ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    افتخار شلوانی نے کہا مجھ پر اعتماد کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا شکر گزار ہوں، اپنے فرائض کی بجا آوری میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کروں گا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ بہ طور ایڈمنسٹریٹر آپ پر بہت بھاری ذمہ داری آ گئی ہے کہ کراچی کے لیے وزیر اعظم کے اعلان کردہ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔

    انھوں نے کہا کراچی پیکج ایک تاریخی اقدام ہے، اس سے کراچی کے مسائل کو دیرپا بنیادوں پر حل ہونے میں مدد ملے گی، بہتر شہری سہولیات کی دستیابی کراچی کے باسیوں کا حق ہے، کراچی کے مسائل حل کرنے کی اس سے زیادہ سنجیدہ کوشش ماضی میں نہیں دیکھی۔

    گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، تمام شہری ادارے، کنٹونمنٹ بورڈز، این ڈی ایم اے مل کر شہر کو ٹھیک کریں گے، بطور ایڈمنسٹریٹر آپ پر بہت بھاری ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کرائیں۔