Tag: گورنر شاہ فرمان

  • پشاور ایڈورڈز کالج میں انٹرویو کے بعد مسیحی برادری کے پرنسپل تعینات

    پشاور ایڈورڈز کالج میں انٹرویو کے بعد مسیحی برادری کے پرنسپل تعینات

    پشاور: ایڈورڈز کالج پشاور میں انٹرویو کے بعد مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے پرنسپل کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ایڈورڈز کالج میں پرنسپل تعیناتی کے معاملے پر بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت گورنر کے پی شاہ فرمان نے کی۔

    انٹرویو کے لیے 5 میں سے صرف 3 امیدوار اجلاس میں پیش ہوئے، ایک امیدوار ڈاکٹر شرون ہانوک طے شدہ اہلیت اور تجربے پر پورا اترے، جس کے بعد ڈاکٹر شرون ہانوک کی پرنسپل ایڈورڈز کالج تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

    گورنر شاہ فرمان نے اس موقع پر کہا کہ ایڈورڈز کالج کے پرنسپل کی تعیناتی کے سلسلے میں مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لیکن شروع دن سے میرا مؤقف تھا کہ کالج کا پرنسپل مسیحی برادری سے ہوگا۔

    انھوں نے کہا میری سنجیدہ کوششوں کے باوجود بلاوجہ مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ہم ایڈورڈز کالج کی تاریخی علمی حیثیت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

  • میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ، کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام

    میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ، کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام

    پشاور: میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر شاہ فرمان پر 5 کروڑ، اور کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے گورنر شاہ فرمان پر پیسے لینے کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے، تحقیقات کا مطالبہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے نے کیا ہے۔

    ارباب محمد علی نے کہا کہ میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ جب کہ کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام ہے، ان الزامات سے ثابت ہوتا ہے کہ گورنر نے وزیر اعظم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

    ارباب محمد علی

    انھوں نے کہا کہ جنھوں نے امپورٹڈ امیدوار کے حق میں فیصلہ دیا تھا ان سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔

    بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ دار کون؟ تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کی تحقیقاتی رپورٹ عمران خان کو پیش کی جا چکی ہے، جس میں ناقص کارکردگی پرگورنر کے پی، اور اسپیکر اسد قیصر سمیت 9 اراکین قومی اسمبلی ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں اضلاع کی سطح پر بھی ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے، پشاور میئر کا ٹکٹ گورنر شاہ فرمان، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا کی سفارش پر دیا گیا تھا، رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کا مئیر کا امیدوار کم مارجن سے ہارا، میئر کی شکست میں ارباب شہزاد خاندان کی پارٹی امیدوار کی مخالفت بڑی وجہ قرار دی گئی۔