Tag: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان

  • جسٹس ملک شہزاد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    جسٹس ملک شہزاد نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور: جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت اسپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی وزرا اور لاہور ہائی کورٹ کے ججز نے شرکت کی۔

    گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے حلف لیا، چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان حلف لینے کے بعد ہائی کورٹ پہنچے تو انہیں پولیس کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک شہزاد احمد خان کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

  • ’اسمبلی کی تحلیل اہم ذمہ داری، فیصلہ بھاری دل کے ساتھ کروں گا‘

    لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل اہم ذمہ داری ہے نہیں چاہتا کہ یہ کام عجلت میں ہو۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل اہم ذمہ داری ہے آج رات تک کا وقت ہے آئین کی پاسداری کے لیے قدم اٹھانا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بھاری دل کے ساتھ کروں گا دعا ہے جو بھی فیصلہ ہو ملک و قوم کی بھلائی کے لیے ہو۔

    واضح رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی جانب سے بھیجی گئی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے۔

    ذرائع نے کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے نوٹیفکیشن تیار کرلیا گیا ہے ، وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

     

     گورنرہاؤس ذرائع کا بتانا تھا کہ گورنر پنجاب کا گرین سگنل ملتے ہی نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔ اگر نوٹیفکیشن جاری نہیں بھی ہوتا تو رات10بجےاسمبلی ازخود تحلیل ہو جائے گی۔

  • ’گورنر پنجاب کے اقدام پر صدر مملکت انہیں برطرف کریں گے‘

    ’گورنر پنجاب کے اقدام پر صدر مملکت انہیں برطرف کریں گے‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے اگر پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تو وہ اسے’جہاز‘ بنا کر کھیلیں گے ان کے اقدام پر صدر مملکت انہیں برطرف کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان مس کنڈیکٹ کی بنیاد پر اپنے عہدے سے برطرف ہوں گے جس کے بعد آئین سبوتاژ کرنے پر ان پر آرٹیکل 6 لگے گا۔

    انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کی جانب سے وفاقی حکومت کو ریفرنس بھیجا جاسکتا ہے جبکہ آئین کہتا ہے کہ وزیراعلیٰ تب تک برقرار رہے گا جب تک نمبر گیم اس کے ساتھ ہے۔

    یہ پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن تیار کرلیا گیا

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ابھی نمبر واضح طور پر پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں گورنر انہیں نہیں ہٹا سکتے اگر وہ ایسا کریں گے تو یہ غیرقانونی ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کی تھی جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ کیا گیا تھا۔

    پی پی رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا اعتماد کا ووٹ لینے کا حکم آئین کے مطابق ہے جبکہ بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔