Tag: گورنر پنجاب

  • گورنر پنجاب کے اقدام پر چیف سیکریٹری کا ردِ عمل

    گورنر پنجاب کے اقدام پر چیف سیکریٹری کا ردِ عمل

    لاہور: چیف سیکریٹری پنجاب نے گورنر کے پرنسپل سیکریٹری کے تبادلے پر عمل درآمد روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر لکھے گئے خط پر چیف سیکریٹری آفس نے گورنر آفس کو جواب سے آگاہ کر دیا۔

    ذرائع چیف سیکریٹری آفس نے بتایا کہ گورنر کو جواب میں کہا گیا کہ پرنسپل سیکریٹری نے خط میں اپنی ذمہ داری نبھائی تھی، ان کی ذمہ داری تھی کہ آئین کی خلاف ورزی پر گورنر کو آگاہ کرتا، اور پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات درست تھے۔

    یاد رہے کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے معاملے پر پرنسپل سیکریٹری نے گورنر پنجاب عمر سرفرار چیمہ کو خط لکھ دیا تھا، جس پر گورنر پنجاب نے سخت اعتراض کیا اور پرنسپل سیکریٹری کو تبدیل کیے جانے کی سفارش کر دی تھی۔

    چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کر گورنر عمر سرفراز چیمہ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا تھا، اور اعتراض کیا تھا کہ پرنسپل سیکریٹری کیسے مجھے میرے اختیارات سے متعلق خط لکھ سکتا ہے۔

    گورنر پنجاب نے اپنے پرنسپل سیکریٹری راشد منصور کو کام کرنے سے روک کر اسپیشل سیکریٹری عمر سعید کو اضافی چارج پر کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی تھی۔

  • عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب

    عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب

    لاہور: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے گورنر پنجاب کے خط کا جواب دے دیا۔

    اے جی پنجاب نے خط میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے، عثمان بزدار کا استعفیٰ غلط منظور کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اے جی سے عثمان بزدار کے استعفے پر آئینی رائے مانگی تھی، اے جی پنجاب کے جواب کے بعد گورنر پنجاب نے آئینی ماہرین کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ اجلاس میں آئینی ماہرین شرکت کریں گے، اجلاس میں اے جی پنجاب کے جواب کا جائزہ لے کر آئین کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کے پاس مجھ کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں: عمر سرفراز چیمہ

    وزیر اعظم کے پاس مجھ کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں: عمر سرفراز چیمہ

    لاہور: عمر سرفراز چیمہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے انھیں صوبے کی گورنر شپ سے ہٹانے کے احکامات پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس انھیں عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس مجھ کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں ہے، یہ اختیار صرف صدر مملکت کے پاس ہے۔

    انھوں نے کہا مجھے عہدے سے ہٹانے کے لیے وزیر اعظم پہلے ایک سمری بھیجیں گے، جسے صدر نوٹیفائی کریں گے، جب تک صدر ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے میں گورنر رہوں گا۔

    وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹا دیا

    ادھر ماہر قانون ابوذر سلمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کاگورنر کو ہٹانے کا یہ طریقہ کار غیر آئینی ہے، آئین میں ہے کہ صدر پاکستان جب تک چاہیں تب تک گورنر رہےگا، گورنر کو ہٹانے سے متعلق تمام اختیار صدر کے پاس ہے۔

    ماہر قانون ابوذر سلمان نے کہا کہ گورنر کو لگانے سے متعلق سمری وزیر اعظم صدر کو بھیج سکتا ہے، لیکن گورنر کو ہٹانے سے متعلق تمام اختیار صدر کے پاس ہے، یا تو گورنر خود استعفیٰ دے یا صدر پاکستان ہی اس کو ہٹا سکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے احتساب اور ان کو ہٹانے کے لیے ایوان میں 2 تہائی اکثریت چاہیے، جب تک صدر ڈی نوٹیفائی نہیں کرتے عمر سرفراز چیمہ گورنر رہیں گے۔

  • وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹا دیا

    وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹا دیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

    عمر سرفراز چیمہ نے ہنگامی پریس کانفرنس طلب کر رکھی تھی، انھوں نے پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر مؤقف دینا تھا، اور سیکریٹری اسمبلی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اہم اعلان کرنے والے تھے، اس سلسلے میں انھوں نے پرویز الہٰی سے ملاقات کے بعد لائحہ عمل بھی بنا لیا تھا۔

    عمر سرفراز چیمہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عہدے پر بیٹھ کر کسی غیر آئینی اقدام کی توثیق نہیں کر سکتا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے بھی رائے طلب کر لی ہے، وزیر اعظم کے پاس مجھ کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں ہے، یہ اختیار صدر کے پاس ہے، عہدے سے ہٹانے کے لیے وزیر اعظم سمری بھیجیں گے اور صدر نوٹیفائی کریں گے۔

    عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا میں نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری مؤخر کر دی ہے، میرے پاس معلومات آئیں تو میں نے رپورٹ منگوالی، رپورٹ کی روشنی میں تقریب حلف برداری کو مؤخر کیا ہے، رپورٹ میں کچھ نہ ہوتا تو تقریب حلف برداری ہو جاتی۔

  • دو صوبوں کے گورنرز کے مستعفی ہونے کا امکان

    دو صوبوں کے گورنرز کے مستعفی ہونے کا امکان

    لاہور: گورنر پنجاب اور گورنر سندھ کے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا مستعفی ہونے کا امکان ہے، قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے حلف اٹھاتے ہی گورنر پنجاب مستعفی ہو جائیں گے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بھی مستعفی ہونے کا امکان ہے، عمران اسماعیل عمران خان کے دیرینہ ساتھی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہباز شریف کے وزیر اعظم بنتے ہی وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے کیوں کہ انھیں وزیر اعظم کا پروٹوکول نہیں دے سکتا۔

    عمران اسماعیل صوبے کے 33 ویں گورنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، وہ پی ایس 111 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، انھوں نے 27 اگست 2018 کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

    تحریک عدم اعتماد کامیاب، عمران خان وزیراعظم نہیں رہے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے مستعفی ہونے کے بعد اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹنگ کی گئی، عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد عمران خان وزارت عظمیٰ کے منصب سے محروم ہو گئے۔

    واضح رہے کہ عمران خان 3 سال 8 ماہ پاکستان کے وزیر اعظم رہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی ہے۔

    اب قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کا انتخاب پیر 11 اپریل کو ہوگا، کاغذات نامزدگی آج دوپہر 2 بجے تک اسمبلی سیکریٹریٹ سے وصول کیے جائیں گے۔

  • عمر سرفراز چیمہ نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    عمر سرفراز چیمہ نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    لاہور: عمر سرفراز چیمہ نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    نئے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ان سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے حلف لیا۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے چوہدری سرور کو علیم خان گروپ کو سپورٹ کرنے کی اطلاعات پر عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔

    صدر مملکت نے آج اتوار کو آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری کے ساتھ ساتھ عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری بھی دے دی تھی۔

    صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی

    حکومتی ذرائع نے بتایا تھا کہ چوہدری سرور وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں مہم چلا رہے تھے، پرویز الہٰی نے وزیرِ اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کر کے اس بات کی شکایت کی تھی۔

  • صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی

    صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے چوہدری سرور کی برطرفی کی منظوری کے ساتھ ساتھ عمر سرفراز چیمہ کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    صدر مملکت نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کے تحت دی ہے۔

    چوہدری سرور نے عہدے سے برطرفی کے ردِ عمل میں وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ایک طرف کہتے ہیں بلیک میل نہیں ہوں گا، پھر اس شخص سے بلیک میل ہو رہے ہیں جس کے 9 ایم پی اے ہیں۔

    گورنر پنجاب محمد سرور چوہدری عہدے سے برطرف

    خیال رہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے چناؤ سے قبل گورنر پنجاب چوہدری سرور کو برطرف کر دیا گیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کو علیم خان گروپ سے رابطوں کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔

    چوہدری سرور کے بارے میں وزیر اعظم کو اطلاعات تھیں کہ وہ علیم خان گروپ کو سپورٹ کر رہے ہیں، فواد چوہدری نے کہا چوہدری سرور اچھے آدمی ہیں، ان کے لیے بڑا احترام ہے، تاہم چوہدری سرور کی پرویز الہٰی کے ساتھ نہیں بن رہی تھی، اس لیے ہٹا دیاگیا۔

  • ‘عمران خان کو اقتدارسے کوئی نہیں نکال سکتا’

    ‘عمران خان کو اقتدارسے کوئی نہیں نکال سکتا’

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اقتدارسے کوئی نہیں نکال سکتا، عمران خان 2023تک وزیر اعظم رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنوبی پنجاب کے ورکرز کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا ، جس میں صوبائی وزیراختر ملک،حسنین جہانیاں گردیزی اوردیگر نے بھی شرکت کی۔

    اس موقع پر چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عمران خان کو اقتدارسےکوئی نہیں نکال سکتا، عمران خان 2023تک وزیر اعظم رہیں گے۔

    گور نر پنجاب نے کہا کہ سب جانتے ہیں عمران خان کسی سے بلیک میل ہونیوالے لیڈرنہیں، اپوزیشن جماعتیں تقسیم ہیں ،مارچ بھی سیاسی مشہوری کیلئے ہوں گے ، عام انتخابات وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہوں گے۔

    اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ناکامی اپوزیشن کا مقدر ہے،اپوزیشن سڑکوں پرآنےکی بجائےالیکشن کاصبرسےانتظار کرے، اسمبلی ،سینیٹ میں اپوزیشن کوہمیشہ شکست ،حکومت کامیاب ہوتی ہے۔

  • وزیر اعظم کی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم کو صوبے میں جاری مختلف منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی و حکومتی امور سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخاب کے بارے میں مشاورت کی گئی، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں مضبوط امیدوار سامنے لانے کی حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    گورنر پنجاب نے جامعات میں اصلاحات کے بار میں بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1500 منصوبے مکمل ہو رہے ہیں، عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سول انتظامیہ اور امن و امان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • وزیر اعظم نے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی بنانے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: ‏وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب کی درخواست پر سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی جس میں ‏زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو جامعہ بنانے کی منظوری دی گئی۔

    ملاقات میں گورنر پنجاب نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ کو باقاعدہ یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے۔

    وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کی درخواست پر یونیورسٹی کے قیام کو منظور کر لیا، وزیر اعظم نے یونیورسٹی کے قیام کے لیے تمام فنڈز فراہم کر نے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔

    گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عوام سے یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، یونیورسٹی کی منظوری دینے پر وزیر اعظم کا بھی شکر یہ ادا کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ جون میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے زرعی یونیورسٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس میں سولر سسٹم کا افتتاح بھی کیا تھا۔ انھوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ سولر انرجی کاحصول آج کے دور میں ناگزیر ہے، توانائی کی ضروریات کو بہ آسانی پورا کرنے کے لیے شمسی توانائی بہترین متبادل ہے۔