Tag: گورنر پنجاب

  • کراچی میں بارش سے متاثرہ افراد کے لیے خوش خبری

    کراچی میں بارش سے متاثرہ افراد کے لیے خوش خبری

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کل کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فرینڈز آف پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ گورنر ہاؤس لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ منگل کو کراچی جا کر بارشوں سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگائیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل سے بھی ملاقات کروں گا۔

    نیوز کانفرنس میں چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہم کراچی میں بارش سے متاثرہ گھروں کی تعمیر اور مرمت کے لیے بلاسود قرضے دیں گے، کراچی میں تقریباً 10 ہزار افراد کے گھر متاثر ہوئے ہیں، یہ قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔

    صنعت کار گوہر اعجاز نے کہا کہ فرینڈز آف پاکستان کے نام سے ایک گروپ بنایا گیا ہے، جس میں بڑے صنعت کاروں کو شامل کیا گیا ہے، یہ گروپ لوگوں کی مدد کے لیے منگل کو کراچی جائے گا، اور متاثرہ افراد میں ایک ماہ تک کا راشن تقسیم کیا جائے گا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ سب مل کر کام کریں، ہم منگل کو کراچی جا کر نقصانات کا تخمینہ لگائیں گے، تمام لوگوں کو پیغام ہے کہ آئیں مل کر کام کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا پوری دنیا میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہوتی ہے، کرونا کے دوران ہم سب نے مل کر کام کیا، اب سیاست سے بالاتر ہو کر سندھ میں کام کرنا ہے، وزیر اعظم کراچی کی صورت حال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا اپوزیشن کو بھی کراچی جانا چاہیے، جو بھی اچھا کام کرے اس کی حمایت کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی کراچی کا دورہ کریں گے۔

  • پاکستان کے کرونا سے بچاؤ اور پھیلاؤ کنٹرول کے اقدامات مثالی ہیں،گیبریلا کویس بیرن

    پاکستان کے کرونا سے بچاؤ اور پھیلاؤ کنٹرول کے اقدامات مثالی ہیں،گیبریلا کویس بیرن

    لاہور: انٹرپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کرونا سے بچاؤ اور پھیلاؤ کنٹرول کے اقدامات مثالی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے انٹر پارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن نے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر اور کو وڈ 19 سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

    گیبریلا کیویس بیرن نے کرونا کے دوران فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور دیگر اقدامات سے بہتری آئی، پاکستان کے کرونا سےبچاؤاور پھیلاؤ کنٹرول کے اقدامات مثالی ہیں۔

    انٹر پارلیمانی یونین کی صدر کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی بہتری کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیں گے۔

    دوسری جانب گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی برادری اور آئی پی یو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے،بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کرونا سے قبل ہی کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر کے لاک ڈاؤن کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اورسلامتی کے لیے پاکستان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

  • پنجاب کو ہر لحاظ سے پاکستان کا بہترین صوبہ بنانا چاہتے ہیں،عثمان بزدار

    پنجاب کو ہر لحاظ سے پاکستان کا بہترین صوبہ بنانا چاہتے ہیں،عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کو ہر لحاظ سے پاکستان کا بہترین صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سےگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی جس میں ترقیاتی منصوبوں،انتظامی معاملات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےگورنر کو محرم الحرام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن شور شرابے کی بجائے انتخابات کا انتظار کرے،صوبے میں ترقی و خوشحالی لانا ہمارا عزم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین کا وتیرہ منفی سیاست ہے،مل جل کر اپوزیشن کی منفی سیاست کو ناکام بنائیں گے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو آگے،اپوزیشن تنزل کی طرف لے جانا چاہتی ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کو ہر لحاظ سے پاکستان کا بہترین صوبہ بنانا چاہتے ہیں،ترقی اورخوشحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔

  • تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے،گورنر پنجاب

    تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے،گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیر قانون راجہ بشارت سمیت صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں بھی ملاقات میں شر یک تھے۔

    اس موقع پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عمران خان اصولوں پر ڈٹ جانے والا لیڈر ہے سمجھوتہ کر نے والا نہیں ہے، حکومتی اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر اور ملک وقوم کو مضبوط کر رہے ہیں، ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کا ایجنڈ اسیاسی مفاد نہیں ملک کو فلاحی ریاست بنانا ہے،تجارتی خسارے کو 20 ارب ڈالر سے 3 ارب ڈالر تک لانا تاریخی اقدام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا خوشحال بھی بنائیں گے،حکومت شفافیات او ر میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنا رہی ہے۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت سے بڑھ کر حکومت کی کوئی اور ترجیح نہیں ہے، اداروں میں اصلاحات کے لیے پہلی بار کوئی حکومت کام کر رہی ہے۔

  • گورنر پنجاب نے ’’کورونا ہیروز وال‘‘کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    گورنر پنجاب نے ’’کورونا ہیروز وال‘‘کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ’’کورونا ہیروز وال‘‘کا سنگ بنیاد رکھ دیا، کورونا ہیروز وال گورنر ہاؤس کے اندر الحمرا گیٹ کے ساتھ تعمیر کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ’’کورونا ہیروز وال‘‘کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، کورونا کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں کی یاد میں’’ہیروز وال‘‘ تعمیر کی جائے گی، کورونا ہیروز وال گورنر ہاؤس کے اندر الحمرا گیٹ کے ساتھ تعمیرکی جارہی ہے۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا کےدوران مخیرحضرات نے کردار ادا کیا، حکومت نےجس طرح کوروناکامقابلہ کیاوہ تاریخ کاحصہ ہوگا۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ہم پراللہ مہربان ہوا ہے ،کوروناپھیلاؤکوروک دیا، تمام اداروں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے، آپ کی سروسز کو یادرکھنے کیلئے وال آف ہیروزبنارہے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی لیڈرشپ کااس وقت پتہ چلتاہےجب کرائسزآتے ہیں۔

  • پنجاب میں بڑا قدم، فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر

    پنجاب میں بڑا قدم، فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جامعات کے معاملات پر اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کسی بھی محکمے سے فائل اگلے محکمے کو بھجوانے کے لیے 10 دن کا وقت مقرر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اندر ایک شعبے سے دوسرے شعبے کو فائل بھجوانے کے لیے گورنر پنجاب نے دس دن کا وقت مقرر کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ سیکریٹر یٹ، چیف سیکریٹری، گورنر سیکریٹریٹ بھی اس طے شدہ وقت کے پابند ہوں گے۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس بارے میں باقاعدہ مراسلہ بھی جار ی کر دیا، جس میں تنبیہہ کی گئی ہے کہ یونی ورسٹیوں کی فائلیں 10 دن سے زائد روکنے پر افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانا لازمی قرار

    مراسلے کے مطابق تمام محکموں کے افسران پر فائل 10 دن میں متعلقہ محکمہ کو بھجوانا لازم ہوگا، گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ جامعات کے معاملات میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعظم کے وژن کے مطابق تعلیمی شعبے کو مضبوط کریں گے، فائلز کو دبا کر رکھنے والے اب ایکشن سے بچ نہیں سکیں گے۔

    یاد رہے اس سے قبل گورنر پنجاب کی ہدایت پر صوبہ پنجاب کی تمام جامعات میں ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کو لازمی قرار دے دیا گیا تھا، اس سلسلے میں جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ قرآن پاک ترجمہ کے ساتھ پڑھے بغیر ڈگری نہیں ملے گی۔

  • کرونا کے خلاف حکومتی اقدامات مثالی ہیں،گورنر پنجاب

    کرونا کے خلاف حکومتی اقدامات مثالی ہیں،گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف وزیراعظم کی قیادت میں حکومتی اقدامات مثالی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹینٹ جنرل محمد افضل نے ملاقات کی جس میں کرونا سے بچاؤ کے لیے حکومتی اقدامات کی فراہمی پر بات چیت کی۔

    گورنر پنجاب نے کرونا کے خلاف این ڈی ایم اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز سمیت 13 لاکھ افراد میں میڈیکل کٹس اور دیگرسامان تقسیم کیا،جیلوں میں قیدیوں اور عملے کو کرونا کا حفاظتی سامان دیا۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومتی اقدامات مثالی ہیں۔

    دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان میں کرونا کے حوالے سے صورت حال بہتری کی طرف جا رہی ہے، شرح اموات اور وینٹی لیٹر پر موجود افراد کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔

    لیفٹینٹ جنرل محمدافضل کا کہنا تھا کہ عید پر بھی کرونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج آنا شروع ہوئے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کی تشخیص کے لیے 16 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 53 ہزار مثبت

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 604 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔

  • 2 ماہ میں پورے پنجاب میں فلٹریشن پلانٹس شروع ہوں گے،گورنر پنجاب

    2 ماہ میں پورے پنجاب میں فلٹریشن پلانٹس شروع ہوں گے،گورنر پنجاب

    پاکپتن: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ 2 ماہ میں پورے پنجاب میں فلٹریشن پلانٹس شروع ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 600 کروڑ کی واٹر اسکیموں کا پی سی ون تیار ہوگیا۔

    چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ 2 ماہ میں پورے پنجاب میں فلٹریشن پلانٹس شروع ہوں گے،فلٹریشن پلانٹس سے پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ کرونا کے حوالے سے حکومت کے فوری اقدامات کو پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحقین کی مالی امداد میں کسی قسم کی سیاست شامل نہیں،یہ پیسےصرف اور صرف مستحقین کو دیےگئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بےروزگاری کے باعث ان کےگھروں کے چولہے بند تھے،10لاکھ خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کر چکے ہیں۔

    اس سے قبل رواں ماہ 2 مئی کو گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو بتایا تھا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے بورڈ سمیت دیگر معاملات پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے ایک ایک پیسا پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی پر خرچ کیا جائے گا۔

  • ’سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا‘

    ’سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا‘

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، ریاض حکومت نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے یہ تاثر نہ لیا جائے کہ وبا پر قابو پالیا گیا، وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ وبا بےقابو ہوئی تو طبی نظام پر پڑنے والا بوجھ ناقابل برداشت ہوگا ڈاکٹروں کی تجاویز کو سنجیدہ لینا ہوگا، حکومت اپنے وسائل کروناوائرس کے خلاف استعمال کررہی ہے۔

    خیال ہے کہ وبا کی اس مشکل گھڑی میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑا، حالیہ دنوں بھاری مالیت کا راشن پیکج صوبہ پنجاب کے حوالے کیا گیا جسے لاک ڈاؤن کے متاثرین اور مستحقین تک پہنچایا جارہا ہے۔

    شاہ سلمان کا تحفہ پاکستان پہنچ گیا

    مذکورہ امدادی پیکج میں دیے گئے ہر راشن کے بیگ میں 10 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو چاول، 5 لیٹر ککنگ آئل، 2 کلو خشک دودھ، آدھا کلو چائے کی پتی اور 2 کلو کھجوریں شامل ہیں۔

    امدادی سامان کی مالیت تقریباً 16 کروڑ 61 لاکھ ہے، راشن حکومت پنجاب کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا جارہا ہے، انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ تقسیم کا مرحلہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

  • گھروں سے باہر نکلنے والے اپنے اور دوسروں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، گورنر پنجاب

    گھروں سے باہر نکلنے والے اپنے اور دوسروں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں، گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ گھروں سے باہر نکلنے والے اپنے اور دوسروں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید 10 کرونا ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن سینٹر کے قیام کا اعلان کر دیا، ہیلپ لائن 03041112101 پر24 گھنٹے ڈاکٹرز موجود ہیں۔

    گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کے ساتھ ہیں،کرونا کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کا کردار مثالی ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ گھروں سے باہر نکلنے والے اپنے اور دوسروں کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے لیے پاکستان کےعوام کی صحت پہلی ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کروناچیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں، غریبوں کو راشن کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ٹیلی میڈیسن سینٹرز سے 45 ہزار افراد طبی رہنمائی حاصل کرچکے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا سے 31 اموات، کیسز کی تعداد 2291 تک پہنچ گئی

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا کے پھیلاؤ میں تشویش ناک اضافہ ہوتا جارہا ہے، کرونا کے مریضوں کی تعداد 2200 سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔