Tag: گورنر ہاؤس مری

  • مری میں پہاڑ کی چوٹی پر واقع تاریخی عمارت

    مری میں پہاڑ کی چوٹی پر واقع تاریخی عمارت

    سیر و سیّاحت کے لیے مشہور کشمیر پوائنٹ، وادیِ کہسار مری کا وہ پُرفضا اور قدرتی حُسن سے مالا مال مقام ہے جہاں ایک اہم اور تاریخی عمارت بھی موجود ہے جسے گورنر ہاؤس کے نام سے پہچانا جاتا رہا ہے اور آج اسے گورنمنٹ ہاؤس کہا جاتا ہے۔

    ماضی کا یہ گورنر ہاؤس بلند اور سرسبز مقام کشمیر پوائنٹ کی ایک چوٹی پر واقع ہے جہاں انگریز حکام اور تقسیم کے بعد پاک و ہند کی اہم سیاسی شخصیات اور عہدے دار بھی اہم اجلاسوں اور فیصلوں کے لیے مل بیٹھتے رہے۔ اسے برطانوی راج کے دوران انگریز انتظامیہ نے تعمیر کروایا تھا۔کسی زمانے میں یہ گورنمنٹ ہاؤس انگریز حکم رانوں کے قیام کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

    انگریز منتظمین اور اعلٰی افسر جب مری کے قدرتی حسن اور اس پہاڑی مقام پر فطرت کے نظاروں سے بہلنے کے لیے یہاں‌ کا رخ کرتے تو یہ عمارت بھی اس کام آتی تھی۔

    پاکستان کے اس سیاحتی مقام مری سے متعلق تحریر کی گئی کتابوں اور مری میونسپل کمیٹی میں موجود دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ انیسویں صدی میں انگریز حاکم مری کو اپنا شمالی دفاعی ہیڈ کوارٹربنانا چاہتے تھے لیکن یہاں‌ پانی کی قلت کے سبب ایسا نہیں‌ کیا گیا۔ تاہم انگریز اس پرفضا مقام کے سحر میں گرفتار ہوچکے تھے۔

    1860ء کے بعد انگریز سرکار نے مری میونسپل کمیٹی تشکیل دے کر اس علاقے کی ترقی اور یہاں بسنے بسانے کا سلسلہ شروع کیا۔ انتظامی اعتبار سے میونسپل اور کنٹونمنٹ حدود میں تقسیم کرنے کے بعد انگریزوں نے مری میں‌ نئی فوجی چھاؤنیاں قائم کیں۔

    اسی زمانے میں گورنر ہاؤس، پہاڑی چوٹی پر تعمیر کیا گیا تھا۔ 1955ء میں اس کی ازسرنو تعمیر کے بعد اسے جدید شکل دی گئی۔ 1955ء کے بعد اس عمارت کی وقتاً فوقتاً تزئین اور آرائش کا کام ہوتا رہا۔

    سرسبز پہاڑی ٹیلے پر تعمیر کردہ یہ گورنر ہاؤس اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل اور تاریخی عمارت ہے کہ یہاں قیامِ پاکستان کے بعد کئی اہم اجلاس منعقد ہوئے۔

  • مری: گورنرہاؤس سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

    مری: گورنرہاؤس سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا

    مری: وزیرِ اعظم کی ہدایت پر سندھ کا گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جانے کے بعد گورنر ہاؤس مری بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبوں کے گورنر ہاؤسز عوام کی تفریح کے لیے کھولے جا رہے ہیں، سندھ کے گورنر ہاؤس ہاؤس کے بعد گورنر ہاؤس مری بھی کھول دیا گیا ہے۔

    کھولے جانے کے بعد مری گورنر ہاؤس میں وزیٹرز کی بڑ ی تعداد میں آمد و رفت شروع ہو گئی ہے، گورنر ہاؤس کے مختلف مقامات پر آنے والوں نے سیلفیاں بنائیں۔

    مری کا گورنر ہاؤس گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حکم پر کھولا گیا، انھوں نے خود بھی اس موقع پر گورنر ہاؤس کا دورہ کیا اور مختلف احکامات جاری کیے۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ گورنرہاؤس مری عوام کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھلا رہے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں، وزیرِ اعظم


    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ روز دارالحکومت میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔

    وزیرِ اعظم کی ہدایت پر سب سے پہلے سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس سندھ کو عوام کے لیے کھولا تھا، جہاں عوام کی بڑی تعداد نے پہنچ کر سیلفیاں بنائیں، خیال رہے کہ شہری اپنا شناختی کارڈ دکھا کر گورنر ہاؤس میں داخل ہوسکتے ہیں۔