Tag: گورنر ہاؤس

  • خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے اور ملک کے دیگر صوبوں میں شوال کا چاند آج دیکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سمیت دوسرے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

    گورنر ہاؤس میں بھی نماز عید کا اہتمام کیا گیا جہاں گورنر شاہ فرمان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    دوسری جانب ملک بھر میں بوہری برداری بھی آج عید منا رہی ہے اور اس سلسلے میں کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا جبکہ پان منڈی، سولجربازار، بلوچ کالونی اور نارتھ ناظم آباد میں بھی نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

    مفتی شہاب کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئر مین بنایا جائے، شوکت یوسف زئی

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اطلاعات شوکت یو سف زئی کا کہنا تھا کہ مفتی شہاب الدین کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں، عیدیں اور رمضان تقسیم ہونے پرافسوس ہوتا ہے۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہوگا

    واضح رہے کہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد، بغیرپروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے

    وزیراعظم عمران خان کی کراچی آمد، بغیرپروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے

    کراچی : وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے، ائیرپورٹ سے بغیر پروٹوکول گورنر ہاؤس روانہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد وزیراعظم عمران خان سندھ کے دورے پر کراچی پہنچ گئے، قائد اعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا استقبال پی ٹی آئی سندھ کے اعلیٰ عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    وزیراعظم عمران خان ائیرپورٹ سے بغیر پروٹوکول گورنر ہاؤس پہنچے، ذرائع کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیر اعظم عمران خان کےاعزازمیں عشائیہ دیں گے۔

    وزیر اعظم گورنر ہاوس میں صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سمیت دیگر وفود سے ملاقات کریں گے، وزیر اعظم کو گورنر ہاوس میں شہر قائد کے ترقیاتی کاموں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان کی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    وزیراعظم30مارچ کو گھوٹکی کے لئے روانہ ہوں گے، وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 30مارچ کو گھوٹکی میں ہوگا۔

    گھوٹکی میں سردار علی گوہر مہر وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، اس موقع پر وزیراعظم سندھ کی اہم شخصیات سے صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

  • کراچی : گورنر ہاؤس میں اسپورٹس ایوارڈ تقریب میں بد نظمی: صحافیوں کا بائیکاٹ

    کراچی : گورنر ہاؤس میں اسپورٹس ایوارڈ تقریب میں بد نظمی: صحافیوں کا بائیکاٹ

    کراچی : گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی پاکستان اسپورٹس ایوارڈ کی تقریب وی وی آئی پی سیکیورٹی کے باعث بد نظمی کا شکار ہوگئی، ایوارڈ میں نامزد افراد اور صحافیوں نے بائیکاٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پہلے سالانہ اسپورٹس ایوارڈز میں منتخب ہونے والے افراد اور کھیلوں سے وابستہ صحافیوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی تقریب کا بائیکاٹ کردیا جس کی وجہ بد نظمی بتائی جارہی ہے۔

    گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر مہمانوں اور میڈیا نمائندوں کو اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب وی وی آئی پی پروٹوکول کے باعث انہیں گورنر ہاؤس جانے سے روک دیا گیا۔

    تقریب میں مختلف کھیلوں کی معروف شخصیات، صحافی اور ان کے ساتھ آنے والی فیملیز کو ایک گھنٹے تک باہر روکے رکھا گیا، سیکیورٹی اہلکاروں کو مہمانوں کی مکمل فہرست بھی فراہم نہیں کی گئی تھی۔

    پاکستان کے نامور اسپورٹس جرنلسٹ رشید شکور جن کا نام اس سال ایوارڈ جیتنے والوں کی فہرست میں ہے وہ بھی اس تقریب میں شرکت سے محروم رہے، سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کو بھی اندر جانے سے روک دیا،۔

    اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز شاہد ہاشمی جو اس ایونٹ میں جیوری کے ممبر بھی ہیں انہیں بھی اسی مشکل کا سامنا کرنا پڑا، ان کا کہنا ہے کہ انتطامیہ کا یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان اور ان کے نئے پاکستان کے ویژن کی توہین ہے۔

  • گورنر ہاؤس میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں میں تقریب تقسیم ایوارڈ کا انعقاد

    گورنر ہاؤس میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں میں تقریب تقسیم ایوارڈ کا انعقاد

    کراچی : مختلف کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا گیا، گورنر ہاؤس میں تقسیم ایوارڈکی   منعقدہ تقریب میں وسیم اکرم، سرفراز احمد اور شعیب ملک نے ایوارڈ تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں پاکستان اسپورٹس ایوارڈ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، غیرملکی مندوبین اور مختلف ملکوں کے سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    آئی کون ایوارڈ کیٹیگری ٹینس میں اعصام الحق کو اعزاز سے نوازا گیا، یہ ایوارڈ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا وسیم نے دیا، اس موقع پر کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پہلی بار بھرپور حوصلہ افزائی کے ایوارڈ دئیے جارہے ہیں، یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

    باکسنگ کیٹیگری میں حسین شاہ، اسنوکر کیٹیگری میں محمد یوسف اور ایتھلیٹ کیٹگری میں نسیم حمید ایوارڈ کی حقدار ٹھہریں، اسپیشل ایبلٹی اسپورٹس پرسن کیٹیگری کا ایوارڈ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اسٹار عامر اشفاق، اسپورٹس جرنلسٹ کیٹیگری کا ایوارڈ رشید شکور، بیسٹ کمنٹیٹر کا ایوارڈ رمیز راجا اور بیسٹ اسپورٹس اینکر کا ایوارڈ زینب عباس کو دیا گیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے اسپورٹس آف دی ویمن ایوارڈ نرگس ہزارہ کو دیا، سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ فائنل کی بھرپور تیاری ہے۔

    لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جہانگیر خان کو دیا گیا، کرکٹ اسٹار شعیب ملک کا کہنا تھا ملک کا نام روشن کرنے والوں کی خدمات کا اعتراف خوش آئند ہے، ایوارڈز کے ایکسکلوسیو میڈیا پارٹنر اے آر وائی نیوز اور اے آر وائی ڈیجیٹل ہیں۔

  • پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے استقبالیہ، صدر عارف علوی کی شرکت

    پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے استقبالیہ، صدر عارف علوی کی شرکت

    کراچی: پی ایس ایل سیزن فور کی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے گورنر ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت عارف علوی نے خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فور کے فائنل سے قبل فائنلسٹ ٹیموں کے لیے گورنر ہاؤس کراچی میں استقبالیہ دیا گیا، صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی تقریب میں موجود تھے، تقریب میں نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بیرون ممالک سے آنے والے تمام کھلاڑیوں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے آئندہ سال مزید کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔

    احسان مانی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیموں کا شاندار استقبال کیا گیا اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی، چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ مکمل بحال ہوجائے گی۔

    ہم پاکستان میں بہت لطف اندوز ہوئے، ویوین رچرڈ

    ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز سر ویوین رچرڈ نے کہا کہ ہم پاکستان میں بہت لطف اندوز ہوئے، پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں ہے، بیرون ممالک کی ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے۔

    ایونٹ کامیاب بنانے میں غیرملکی کھلاڑیوں کے شکرگزار ہیں، مصباح

    پشاور زلمی کے بلے باز مصباح الحق نے کہا کہ پی ایس ایل کامیاب بنانے میں غیرملکی کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں، ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاکستانی قوم کے بھی شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ غیرملکی کھلاڑی آئندہ بھی پاکستان آتے رہیں گے، ایونٹ کامیاب ہونے سے غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

    واضح رہے کہ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا، پشاور زلمی ایک بار ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تین بار فائنل میں پہنچنے کے باوجود ٹائٹل سے محروم رہی ہے۔

  • تین روزہ ’’ادب فیسٹول پاکستان‘‘ کا گورنر ہاؤس میں‌ آغاز

    تین روزہ ’’ادب فیسٹول پاکستان‘‘ کا گورنر ہاؤس میں‌ آغاز

    کراچی: تین روزہ ادب فیسٹول پاکستان کا آغاز ہوگیا، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے معروف ادبی و علمی شخصیات شرکت کریں گی.

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں اس فیسٹول کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس سے گورنر سندھ نے خطاب کیا.

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں اس فیسٹول کے انعقاد اور گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنے کے پیچھے عمران خان کا وژن ہے، جو فنون لطفیہ کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں.

    انھوں‌ نے میلے کی انتظامیہ کو  بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، یہ فیسٹول اسی جگہ منعقد ہوتا رہے گا، اسے مستقبل میں عالمی سطح پر بھی لے جایا سکتا ہے.

    گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی کرتا ہوا ملک اور قوم ہے، جہاں‌ ہر کوئی سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے، اس کا سبب وزیر اعظم عمران خان کی شب و روز محنت ہے.

    اس موقع پر اردو کی ممتاز ادبی شخصیت اور ادب فیسٹول پاکستان کے شریک بانی ڈاکٹر آصف فرخی نے اپنے خطاب میں اس میلے انعقاد، اس دوران پیش آنے والے مسائل اور مختلف طبقات کے تعاون کا ذکر کیا.

    میلے کی شریک بانی امینہ سید نے گورنر سندھ، وزیر اعظم کے مشیر عشرت حسین، اپنے اسپانسرز، شرکا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کیا کہ یہ فیسٹول نئی سمت کا تعین کرے گا.

  • وزیراعظم کا گورنر ہاؤس کی دیورایں گرانے کا حکم

    وزیراعظم کا گورنر ہاؤس کی دیورایں گرانے کا حکم

    لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گورنر ہاؤس پنجاب کی دیورایں گرانے کا حکم دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعطم نے انتخابی مہم کے دوران کیا جانے والا وعدہ پورا کرتے ہوئے گورنرہاؤس کی دیورایں گرانے کا حکم جاری کر دیا.

    وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آئندہ 72 گھنٹے میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرادی جائیں گی.

    فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کہا ہے، تمام صوبائی وزرا کو اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام سےجو وعدہ کیاتھا، وہ ہر صورت پورا کریں گے، گورنرہاؤس کو میوزیم یا کوئی تعلیمی ادارہ بنانے کا ارادہ ہے.

    وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں.


    گورنر ہاؤس پنجاب اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، ہدایات جاری

    واضح رہے کہ عمران خان نے انتخابی مہم میں‌ گورنر ہاؤسز سمیت حکومتی عمارتوں سے متعلق کئی وعدے کیے تھے۔ وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان کے احکامات پر گورنر ہاؤس پنجاب کو عوام کے لیے کھول دیا گیا.

    عوام کی جانب سے اِس فیصلے کو خوش آیند قرار دیا گیا، البتہ گورنر ہاؤس کا رخ کرنے والے شہریوں کی غیر ذمے داری کے باعث صفائی ستھرائی کے سنگین مسائل سامنے آئے.

  • پشاور: گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھل گئے، طالبات کی سیر و تفریح

    پشاور: گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھل گئے، طالبات کی سیر و تفریح

    پشاور: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبرپختونخواہ کا گورنر ہاؤس عوام کی سیروتفریح کے لیے کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی سادگی اور کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں حکومت نے عمران خان کی ہدایت پر حکومت نے سندھ اور پنجاب کے بعد اب کے پی کے گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے۔

    اتوار کے روز گورنر ہاؤس کھلا تو طالبات کی بڑی تعداد یہاں پہنچی جہاں خیبرپختونخواہ کے گورنر شاہ فرمان نے انہیں خوش آمدید کیا۔

    طالبات نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں پہلی بار گورنر ہاؤس میں نہ صرف داخل ہوئیں بلکہ آج یہاں سیر و تفریح کے ساتھ گورنر سے بنفس نفیس ملاقات بھی کررہی ہیں۔

    کالج اور یونیورسٹیز کی طالبات نے کپتان کی سادگی مہم اور حکومتی مقامات عوام کے لیے کھولے جانے کو سراہا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخواہ کے گورنر ہاؤس کو ہر اتوار عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا، آج پہلے مرحلے میں حکومت نے صرف طالبات کو دورے کی اجازت دی تھی تاہم اسے آئندہ اتوار سے عام لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

  • لاہور : تفریح کیلئے آئے ہوئے لوگوں نے گورنر ہاؤس کی جھیل کا پُل توڑ دیا

    لاہور : تفریح کیلئے آئے ہوئے لوگوں نے گورنر ہاؤس کی جھیل کا پُل توڑ دیا

    لاہور : گورنر ہاؤس پنجاب میں جھیل کے پُل پر گنجائش سے زیادہ لوگ کھڑے ہونے سے پُل ٹوٹ گیا لوگ پانی میں جا گرے، انتظامیہ کی ہدایات کے باوجود لوگوں نے عمل نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چھٹی کے روز لوگوں کی بڑی تعداد نے گورنر ہاؤس کا رخ کیا، گورنر ہاؤس پنجاب کو لاہور کے شہریوں نے ایک بار پھر تختہ مشق بنا ڈالا۔

    پہلے کچرے کے ڈھیر لگائے، فرنیچر توڑ ڈالا، درختوں سے پھل لے اڑے اور اب کی بار گورنر ہاؤس پنجاب میں جھیل کے پُل پر گنجائش سے زیادہ لوگ کھڑے ہو گئے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پُل ہی نیچے آگیا۔

    پل کھڑے سارے لوگ جھیل میں جا گرے، لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے پانی سے نکالا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے تو عوام کا خیال کیا لیکن لوگوں نے گورنر ہاؤس پنجاب کا خیال نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے تفریح کیلئے آئے لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس میں کچرے کے ڈھیر لگا دیئے تھے، کھانے کے ڈسپوزل برتن اور شاپر چھوڑ گئے تھے فرنیچر کا حشر نشر کر دیا اور درختوں سے پھل بھی توڑ لئے گئے تھے۔

    اس کے علاوہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں شہریوں کی جانب سے پارکوں اور دیگر اشیاء کو پہنچائے جانے والے نقصانات کے بعد پنجاب حکومت نے گورنر ہاؤس کو عوام کیلئے کھولے جانے سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں ۔

    مزید پڑھیں: گورنر ہاؤس پنجاب اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، ہدایات جاری

    ہدایات کے مطابق گورنر ہاؤس اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کی ممانعت ہوگی، ترجمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس قومی اثاثہ ہے اس کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

  • گورنر ہاؤس کو بچوں کے لیے کھولیں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

    گورنر ہاؤس کو بچوں کے لیے کھولیں گے، گورنر سندھ عمران اسماعیل

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کو بچوں کے لیے کھولیں گے، ایک ٹور آپریٹر ساتھ ہوگا، پورا گورنر ہاؤس گھوم سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گورنر ہاؤس سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کریں گے، گورنر ہاؤس کا گیٹ ون عام پبلک کے لیے کھول رہے ہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں فیملی کو داخلے کی اجازت دیں گے، پارک میں گھومیں پھریں، داخلہ مفت ہوگا، فیملیز قائد اعظم روم بھی باہر سے دیکھ سکیں گے، فیملیز یہاں آئیں، تصاویر بنائیں، گورنر ہاؤس کا گائیڈیڈ ٹور کرسکتے ہیں۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اثاثہ ہے، پبلک انٹرسٹ کے لیے وہ آئیں اور سیکھیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان 15 یا 16 ستمبر کو کراچی کا دورہ کریں گے، کراچی کے پروگرام تیار کرلیے وزیر اعظم ان کا اعلان کریں گے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران اسماعیل

    واضح رہے کہ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی کے لیے کاوشیں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، شہر قائد میں جدید سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان کراچی کی ترقی و خوشحالی کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، شہر کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی، سندھ کے عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، وفاقی حکومت عوام کے اس اعتماد پر ہر صورت پورا اترے گی۔