Tag: گورنر ہاؤس

  • گورنر سندھ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    گورنر سندھ سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    کراچی: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں ادا کی گئی۔ ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گورنر ہاؤس لایا گیا۔

    نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قائم مقام گورنر آغا سراج درانی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور وکلا بردری بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔

    گورنر سندھ کی نماز جنازہ مولانا تقی عثمانی نے پڑھائی۔

    بعد ازاں ان کی میت کو کراچی کے گزری قبرستان میں تدفین کے لیے لایا گیا جہاں بحریہ کے دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔ گورنر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل گورنر سندھ کے عہدے پر فائز کیے جانے والے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی 11 جنوری کو عارضہ قلب کے سبب انتقال کر گئے تھے۔ وہ گورنر کا منصب سنبھالنے کے بعد علیل ہی رہے اور سرکاری امور انجام نہ دے سکے۔

    جسٹس سعید الزماں صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو صوبہ کے اکتیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

    وہ سنہ 1990 سے 1992 تک سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔

  • سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    سعید الزماں صدیقی نے گورنرسندھ کا حلف اٹھا لیا

    کراچی : سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرہاؤس میں آج جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کی حلف برداری تقریب ہوئی جس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجادعلی شاہ نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

    گورنرسندھ کی حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،سندھ ہائی کورٹ کے 15 ججز ،صوبائی وزرا،مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں سمیت سیاسی شخصیات،سرکاری حکام اور سعیدالزماں صدیقی کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔


    Justice (R) Saeeduzzaman Siddiqi sworn in as… by arynews

    جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سندھ کے30 ویں گورنر ہیں،وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 2008 میں پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعدانہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا۔

    واضح رہے کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے قبل ڈاکٹر عشرت العباد خان 14 برس تک سندھ کے گورنر رہے تھے۔

  • سانحہ صفورہ کے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، وزیر اعظم

    سانحہ صفورہ کے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، وزیر اعظم

    کراچی : گورنر ہاؤس کراچی میں سانحہ کراچی کے حوالے سے کورکمانڈراورڈی جی رینجرزکی جانب سے آرمی چیف اوروزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کراچی پر وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں دہشت گردی کے واقعے میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے سمیت اہم پہلوئوں پر غور کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سانحہ صفورا گوٹھ پر انتہائی برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ آج کا واقعہ قومی سانحہ ہے،دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے محکمہ پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ناکامی کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا، آج کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ انٹیلی جنس شیئرنگ کےنظام کو مؤثر بنایاجائے،ہم نے ہرصورت دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے، انہوں نے کہا کہ 15 سے بیس دن کے اندر واقعے کی رپورٹ پیش کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے، اور شرپسند عناصر کیخلاف فیصلہ کن کاروائی کا آغاز کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کی ہلاکت نہایت اہم واقعہ ہے۔ آج کے واقعہ پر جتنا بھی دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے۔

    دہشتگردوں نے کراچی میں پُرامن افراد کو نشانہ بنایا۔ کراچی پاکستان کا تجارتی مرکز ہے، اس کی روشنیاں مدھم نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم نے محکمہ داخلہ سندھ کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اہم اقدامات نہیں کئے گئے۔

    نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں محکمہ داخلہ کا اہم کردار ہے۔ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، کور کمانڈر کراچی اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شریک تھے۔

  • صولت مرزا کے گھروالوں کے کہنے پرسفارش کی، گورنرسندھ

    صولت مرزا کے گھروالوں کے کہنے پرسفارش کی، گورنرسندھ

    کراچی: گورنر سندھ نےتصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صولت مرزاکےلیےخط لکھا تھا میرا صدر کو خط بھیجنا کوئی غیر آئینی یہ غیر قانونی اقدام نہیں ہے ۔

    اے آر وائی کے پروگرام پاور پلے میں خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ صولت مرزا کے اہلخانہ نے رحم کی اپیل کے لئے رابطہ کیا تھا، صولت مرزاکےگھروالوں نےاپیل کی تھی اس لیےصولت مرزاکی سزاکم کرنےکی سفارش کی۔

    انہوں نے کہا کہ صدرنےاختیاراستعمال کرتےہوئےسفارش رد کردی، انہوں نے کہا کہ  یہ صدر کو اپنی صوابدیدہ ہے کہ کس کو سزا دی جائے اور کس کو نہ دی جائے۔

    ایک سوال نے جواب میں انہوں نے کہا کہ صولت مرزا کے الزام پر اس وقت کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا،مجھے اپنے رب کو جواب دینا ہے،صولت مرزا نے جو الزام لگایا وہ ان کا ذاتی فعل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو بھی ہمارے دروازے پر آئے گا اس کی اپیل پر نظر ثانی کی جائےگی، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی جب سومالیہ میں لوگ پھنسے تھے تو میں نے اپنا کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بڑے نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ایسے حالات میں میڈیا کو بھی اپنا صحیح کردار ادا کرنا چاہیئے، اور بے بنیاد اور غیر تصدیق شدہ خبروں کو نشر کرنے سے پر ہیز کرنا چاہیئے۔

  • وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی گورنرسندھ سے ملاقات

    وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی گورنرسندھ سے ملاقات

    کراچی: وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گورنر ہاؤس میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی بلدیات وزیر شرجیل انعام میمن بھی موجود تھے۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کے درمیان گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے ٹارگٹڈ آپریشن سے امن وامان کی صورتحال میں خاصی بہتری آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاتفریق آپریشن جاری رہے گا،اور مجرموں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اور تمام سیاسی اکائیوں میں بھی امن وامان کی صورتحال پر اتفاق موجود ہے ۔

    وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا ۔

    گورنر نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا حب ہے ، جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرکے عوام کو سہولتیں پہنچائی جائیں۔

  • کراچی:اہلسنت والجماعت کا دھرنا،گورنر ہاؤس جانے والے راستے بند

    کراچی:اہلسنت والجماعت کا دھرنا،گورنر ہاؤس جانے والے راستے بند

    کراچی: گرومندر میں اہلسنت والجماعت کے دھرنے کے سبب گورنر ہاؤس سمیت دیگر اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کرسیل کردیا گیا ہے، راستے بند ہونے سے شہری بدترین ٹریفک جام کے مسائل سے دوچار ہیں۔

    کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اورگرفتاریوں کے خلاف اہلنست والجماعت کا گرومندر پر نمائش چورنگی پر دھرنا جاری ہے، پولیس نےقانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظراطراف کی تمام سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

    بند کی جانے والی اہم شاہراہوں میں گورنر اور وزیراعلی ہاؤس جانے والی سڑکوں سمیت ایم اے جناح روڈ ،آئی آئی چندریگر ، نیو ایم اے جناح روڈ ، شارع قائدین ، شارع فیصل ، نشتر روڈ ، گارڈن روڈ ،عبداللہ ہارون روڈ، زیب النساء اسٹریٹ ، کوریڈور چار ، آغا خان سوئم روڈ، مارٹن روڈ کی سڑکیں شامل ہیں۔

  • کراچی:اہلسنت والجماعت کا آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    کراچی:اہلسنت والجماعت کا آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

    کراچی: اہلسنت والجماعت کی جانب سے کراچی میں کارکنوں کے مبینہ قتل اور گرفتاریوں کےخلاف دھرنا جاری ہے۔

    اہل سنت والجماعت نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے، اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ آج دھرنوں کے شرکاء سمیت گورنر ہاؤس جائینگے اگر انھیں روکا گیا تو شہر بھر کی شاہراؤں پر دھرنے دیں گے، اگر کارکنان کے خلاف ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کیے جائیں ۔

    پاکستان میں مطالبات منوانے کے لئے دھرنا دینے کا رواج زور پکڑ گیا ہے، اہل سنت و الجماعت نے بھی حقوق کے حصول اور مطالبات کی منظوری کیلئےکراچی کی نمائش چورنگی پردھرنا دے ڈالا، اہل سنت و الجماعت کا مطالبہ ہے کہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور بلاجواز گرفتاریاں بند کی جائیں ۔

    دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے بعد گزشتہ دنوں دھرنا ختم کیا تھا لیکن حکومت نے وعدہ خلافی کی اب مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہیگا، اہل سنت و الجماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی کو مقتل گاہ بنا دیا گیا ہے۔

    دھرنے کے باعث گرومندر آنے اور جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے، سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلسنت والجماعت کے مطالبے پر ایس ایچ او پریڈی شاہ جہاں لاشاری کو معطل کردیا گیا جبکہ ایس پی صدر سلمان سیکا کو بھی تبادلہ کرکے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • کراچی شہر کی آبادی دو کروڑ نفوس سے بھی تجاوز کرگئی ہے، گورنر سندھ

    کراچی شہر کی آبادی دو کروڑ نفوس سے بھی تجاوز کرگئی ہے، گورنر سندھ

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ قدرتی اور معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ سندھ سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش اہمیت رکھتا ہے خاص طور پر کراچی شہرجو پورے ملک کا اقتصادی حب اور منی پاکستان ہے جہاں دنیا بھر کے سرمایہ کار منافع بخش کاروبار کررہے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کی آبادی دو کروڑ نفوس سے بھی تجاوز کرگئی ہے اس لئے اس کے مسائل میں اضافہ بھی ہورہا ہے ملک بھر سے لوگ اپنے روزگار کے لئے اسی شہر کا ہی رخ کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ غربت اوربے روزگاری جرائم کا سبب بن رہے ہیں لیکن حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ان اسباب پر قابو پانے کی پوری کوششوں میں مصروف عمل ہے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام نیشنل سیکیورٹی ورک شاپ کے شرکاء سے گفتگو میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عالمی جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس نے مسائل کو جنم دیا ۔

    ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ شہر کراچی میں دہشت گردوں، اغوا ء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے ملزمان کے خلاف ٹارگیٹڈ کا رروائیاں جاری ہیں بعض ایسے علاقوں میں بھی یہ کارروائیاں کی گئیں ہیں جہاں ماضی میں کبھی نہیں ہوئیں جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں اس وقت اغوا ء برائے تاوان کے کیسز میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ماضی میں 26 ،26 کیسز کا اندراج ہوتاتھا اب صورتحال یہ ہے کہ ایک یا دو کیسز ہی درج ہوتے ہیں ان پر بھی جلد قابو پالیا جائیگا جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی کمی واقع ہورہی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کا رینجرز ، پولیس ، سی پی ایل سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد بڑھا ہے اب لوگ بے خوف اپنی رپورٹ درج کراتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کا استحکام ان کا کام ہے جرائم پیشہ افراد کا کسی بھی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے اور کوئی بھی جماعت جرائم پیشہ افراد کی حمایت نہیں کرسکتی ہے لیکن جرائم پیشہ افراد سیاسی جماعتوں کا نام لیکر اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نا انصافیاں احساس محرومی پیدا کرتی ہے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی کاموں سے ہی دل جیتے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل میں دو بڑے چیلنجز پانی اور بجلی ہیں جن کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔