Tag: گولڈ میڈل

  • 11 سالہ عائشہ کا بڑا کارنامہ، گولڈ اور سلور میڈل پاکستان کے نام

    11 سالہ عائشہ کا بڑا کارنامہ، گولڈ اور سلور میڈل پاکستان کے نام

    سوات سے تعلق رکھنے والی تائیکوانڈو کی ننھی کھلاڑی عائشہ ایاز نے ایک بار پھر کارنامہ انجام دیتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق 11 سالہ عائشہ ایاز نے تھائی لینڈ میں ہونے والی انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپیئن شپ میں گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل جیت لیا ہے۔

    عائشہ ایاز 2 گولڈ، ایک سلور اور ایک برونز میڈل جیتنے والی پہلی فی میل پاکستانی بن گئی ہیں۔

    عائشہ ایاز نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی خبر سن کر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ اس مصیبت کے وقت کھڑی ہوں، اور پچاس ہزار روپے ریلیف فنڈ میں عطیہ کرتی ہوں۔

    عائشہ ایاز نے اپنا گولڈ میڈل ڈی سی سوات جنید خان کے نام، اور سلور میڈل وزیر کھیل عاطف خان کے نام کر دیا۔

    عائشہ ایاز پاکستان کے ہونہار کھلاڑی اور کوچ ایاز نائک کی بیٹی ہے، جو پاکستان میں کسی بھی انٹرنیشنل کھیل میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی بچی ہے۔

    تائیکوانڈو فیملی کی طرف سے پریزیڈنٹ کرنل وسیم جنجوعہ اور سیکریٹری جنرل مرتضیٰ حسن بنگش نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ ایاز ہمارے ملک کا اثاثہ ہے، جو مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتی رہیں گی۔

    کوچ اور والد ایاز نائک نے تمام دوستوں، احباب اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون کے بغیر عائشہ کی ٹریننگ اور چیمپیئن شپ شمولیت ممکن نہ تھی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر عائشہ خان جیسے بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں کو اسی عمر میں سپورٹ کیا جائے تو ملک میں کھیلوں میں کئی اور مقابلوں میں بین الاقوامی سطح پر نام روشن کیا جا سکتا ہے۔

  • ’گولڈ میڈل اپنے والد کے نام کرتا ہوں‘

    ’گولڈ میڈل اپنے والد کے نام کرتا ہوں‘

    برمنگھم: ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے گولڈ میڈل والد کے نام کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج کی جیت اور گولڈ میڈل اپنے والد کے نام کرتا ہوں۔

    گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ویٹ لفٹر نے کہا کہ ‘والد نے میرے گولڈ میڈل کے لیے 12 سال محنت کی ہے، اس لیے میں یہ میڈل ان کے نام کرتا ہوں۔’

    نوح بٹ نے مزید کہا ‘جن لوگوں نے میرے لیے دعائیں کیں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے امید نہیں تھی کہ مجھے اتنے زیادہ پاکستانی سپورٹ کرنے آئیں گے۔

    پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت لیا

    واضح رہے کہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے سونے کا تمغہ جیتا ہے، نوح دستگیر نے اسنیچ میں 173 کلو گرام وزن اٹھایا، جب کہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو گرام وزن اٹھایا۔

    یہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے، نوح نے مجموعی طور پر 405 کلو وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا۔

    اس مقابلے میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، اور کنییڈا کے ویٹ لفٹرز کو شکست ہوئی، جب کہ نیوزی لینڈ نے سلور میڈل حاصل کیا، بھارت کے گردیپ سنگھ کی تیسری پوزیشن رہی۔

    کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

    اس سے قبل شاہ حسین شاہ نے 90 کلو گرام کیٹیگری کے جوڈو مقابلوں میں جنوبی افریقی حریف کو ہرا کر برانز میڈل حاصل کیا۔

  • پاکستانی باڈی بلڈر نے بھارت کو گولڈ میڈل سے محروم کر دیا

    پاکستانی باڈی بلڈر نے بھارت کو گولڈ میڈل سے محروم کر دیا

    کراچی: پاکستانی باڈی بلڈرز نے مالدیپ میں گولڈ میڈل سمیت 3 میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 54 ویں ایشیئن باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ میں پاکستانی تن سازوں نے بڑی کامیابیاں حاصل کر لیں، مالدیپ کے آئی لینڈ مافوشی میں قومی ترانے کی گونج نے دلوں کو گرما دیا۔

    چیمپیئن شپ میں پاکستانی باڈی بلڈرز نے 3 میڈلز جیتے، اور مجموعی طور پر 6 پوزیشنز اپنے نام کیں۔

    قومی تن ساز شہزاد قریشی نے بھارتی حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا، شہزاد قریشی نے ماسٹر کلاس 80 کلو گرام پلس کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، ازبکستان کے عمر زاکوپاول دوسرے ، اور بھارت کے ناریش نگدیو تیسرے نمبر پر رہے۔

    عمر شہزاد جونیئر باڈی بلڈنگ 70 کلو گرام پلس کیٹیگری میں سلور میڈل لینے میں کامیاب رہے، بھارت کے سریش بالا کمار نے پہلی، چن کھینگ گھابا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    قومی تن ساز ارسلان بیگ نے ماڈل فزیک کیٹیگری میں برونز میڈل حاصل کر لیا، مالدیپ کے اظنین راشد پہلے اور بھارت کے یوراج آدھو تیسرے نمبر پر رہے۔

    مدثر خان نے ماڈل فزیک کیٹیگری میں پانچویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ قومی تن ساز فضل الہٰی نے ماسٹر کلاس 80 کلو گرام پلس کیٹیگری میں چھٹی پوزیشن اپنے نام کی، محمد عظیم بھی ماسٹر کلاس 70 کلو گرام پلس کیٹیگری میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

    واضح رہے کہ 54 ویں ایشیئن باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ مالدیپ میں کھیلی جا رہی ہے، سیکریٹری پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور نے قومی تن سازوں کو شان دار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔

    سہیل انور کا کہنا تھا کہ پاکستانی باڈی بلڈرز نے اپنی محنت سے ملک کا نام روشن کیا، پاکستان میں باڈی بلڈنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، انھوں نے کہا کہ ایشیئن چیمپیئن شپ میں میڈلز پاکستانی قوم کے لیے تحفہ ہے، پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اپنے ایتھلیٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • ٹوکیو اولمپکس، بیلجیئم کا بڑا کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس، بیلجیئم کا بڑا کارنامہ

    ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں ورلڈ چیمپئن بیلجیئم نے مینز ہاکی میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیلجیئم نے مینز ہاکی کا ایونٹ ایک سخت مقابلے کے بعد اپنے نام کر لیا ہے، بیلجیئم نے آسٹریلیا کو شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دی۔

    مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا تھا، مقابلے کا فیصلہ شوٹ آؤٹ میں ہوا، ہاکی میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ورلڈ چیمپئن بیلجیئم کے گولڈ میڈلز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

    بیلجیئم کے میڈلز کی مجموعی تعداد 4 ہے، جن میں سے ایک سلور میڈل اور ایک کانسی کا میڈل شامل ہے، بیلجیئم کا پہلا گولڈ میڈل خواتین کے آرٹسٹک جمناسٹکس ایونٹ میں تھا۔


    کانسی کے تمغے کے لیے جرمنی اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں بھارت نے جرمنی کی ٹیم کو 5-4 سے ہرا دیا۔

    سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جرمنی کو تین ایک سے ہرایا تھا، جب کہ بیلجیئم نے بھارت کو پانچ دو سے ہرایا تھا۔

  • ٹوکیو اولمپکس میں ایک اور ریکارڈ

    ٹوکیو اولمپکس میں ایک اور ریکارڈ

    ٹوکیو اولمپکس میں ٹرائیتھلون کے مقابلے میں فلورا ڈفی کے میڈل کی بدولت برمودا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والا دنیا کا سب سے کم آبادی والا ملک بن گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ فلورا ڈفی چوتھی مرتبہ اولمپکس میں شریک ہوئیں اور 56 خواتین کے مقابلے میں ٹرائیتھلون میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    انہوں نے ایک گھنٹہ 55 منٹ اور 36 سیکنڈز میں یہ فاصلہ طے کیا جبکہ انگلینڈ کی جیارجیا ٹیلر براؤن دوسرے اور امریکا کی کیٹی زیفرس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    یہ 63 ہزار آبادی کے حامل ملک برمودا کا اولمپکس میں پہلا گولڈ میڈل ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ اولمپک کا طلائی تمغہ جیتنے والا دنیا کا سب سے کم آبادی والا ملک یا خطہ بن گیا ہے۔

    اس سے قبل اولمپک میں میڈل جیتنے والے سب سے کم آبادی والے ملک کا اعزاز بھی برمودا کے پاس ہی تھا جب 1976 میں کلیرنس ہل نے باکسنگ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

    33 سالہ ڈفی نے کہا کہ میں پانچ سال سے شدید دباؤ کا شکار تھی اور مجھے کبھی بھی اولمپکس فیورٹ تصور نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ برمودا میں سب خوشی سے پاگل ہو رہے ہوں گے جس کی وجہ سے یہ میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ میرا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا۔

    یاد رہے کہ بچپن میں ڈفی کو برطانیہ کی نمائندگی کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے ٹھکرا دیا تھا اور 2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں برمودا کے لیے چیمپیئن بننے والی دنیا کی پہلی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں برمودا کے لیے میڈل جیتنے والی پہلی ایتھلیٹ اور خاتون ایتھلیٹ بن گئی ہوں اور امید ہے کہ اپنے ملک میں کئی لوگوں کے لیے تحریک کا سبب بنوں گی۔

  • پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    دوحہ: پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا، انعام بٹ نے جارجیا کے پہلوان کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوحہ میں منعقد ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ کی 90 کلو گرام کیٹیگری میں پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے جارجیا کے پہلوان کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔

    انعام بٹ نے فائنل میں جارجیا کے ریسلر داتو مارسا گیشولی کو 2-5 سے شکست دے۔ جیت کے بعد پاکستانی پہلوان نے قومی پرچم لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا اور سجدہ کیا۔

    پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے آذربائیجان، پرتگال، جارجیا اور ترکی کے پہلوانوں کو گروپ باؤٹس میں شکست دی۔

    انعام بٹ دوحہ میں ہونے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ ہیں۔

    پاکستان اولمپک ایسوسی ایشین نے انعام بٹ کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انعام نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، انعام کی جیت تمام ایتھلیٹس کے لیے ایک مثال ہے۔

    بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریز: پاکستانی ریسلرانعام بٹ نے سلورمیڈل جیت لیا

    یاد رہے کہ رواں سال 12 مئی کو پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے بیچ ریسلنگ ورلڈ سیریزمیں سلورمیڈل جیتا تھا، انہیں ورلڈ بیچ سریزکے فائنل میں جارجیا کے پہلوان نے شکست دی تھی۔

  • کوالالمپور : دو پاکستانی باڈی بلڈر بھائیوں نے مسل مینیا ملائیشیا میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا

    کوالالمپور : دو پاکستانی باڈی بلڈر بھائیوں نے مسل مینیا ملائیشیا میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا

    کوالالمپور : پاکستانی باڈی بلڈر بھائیوں نے بین الاقوامی مقابلے میں کامیابی حاصل کرلی، مسل مینیا ملائیشیا میں دانش علی اور رضاباقری اپنی کیٹیگری میں گولڈ میڈل لےاڑے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی تن ساز بھائیوں دانش علی اور رضا باقری نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا نام روشن کردیا، دانش علی نے70کلوگرام کیٹیگری میں بھارت کے انیش توشار کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    کراچی سے تعلق رکھنے والےدانش علی نے گولڈ میڈل جیتنے کی ہیٹ ٹرک کرلی، دانش علی دبئی اور سنگاپورمیں ہونے والے مقابلے بھی جیت چکے ہیں۔

    اس کے علاوہ دانش کے چھوٹے بھائی رضا باقری نے74کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا، اس کامیابی کے بعد دونوں پاکستانی باڈی بلڈر بھائی اب مسل مینیا پرو میں شرکت کے اہل ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے باڈی بلڈردانش علی کا کہنا تھا کہ میں اپنی فتح کو افواج پاکستان کے نام کرتا ہوں، رضا باقری نے کہا کہ ہم دونوں شکاگو میں ہونے والی پرو چیمپئن شپ جیتنا چاہتے ہیں۔

    دونوں باڈی بلڈر بھائیوں نے ہمیں عالمی سطح پر مزید مقابلوں کیلئے مالی تعاون کی شدید ضروت ہے، اپنے شوق کی تکمیل اور پاکستان کی سربلندی کیلیے ہم اپنی جمع پونجی اور قرضہ لے کر جاتے ہیں، انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں باڈی بلڈنگ کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے مالی تعاون کیا جائے۔

  • پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا

    پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا

    دبئی: پاکستان نے انڈیا کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں منعقدہ دبئی بیس بال کپ میں پاکستان نے انڈیا کو دو کے مقابلے میں گیارہ رنز سے شکست دے دی۔

    واضح رہے کہ یہ مقابلہ ویسٹ ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے منسوخ ہونے والے میچ کی جگہ منعقد ہوا تھا، جس میں ہندوستانی ٹیم ویزے کے مسائل کے باعث شرکت نہیں کرسکی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی دیگر ٹیموں میں سری لنکا، نیپال، عراق اور ایران شامل تھیں۔

    واضح رہے کہ اس میچ میں شرکت نہ کرنے سے انڈیا کی رینکنگ میں کمی آئی تھی، جس کے پیش نظر پاکستان اور انڈیا نے ایک نیوٹرل وینو پر مقابلے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کااپنی حکومت سے’پاک بھارت سیریز‘ کا مطالبہ

    پاکستان بیس بال فیڈریشن (پی بی ایف) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فخر علی شاہ نے اس جیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستان کی عالمی رینکنگ بہتر ہوگی۔

    واضح رہے کہ اس مقابلے میں پاکستان نے نو اننگز میں گیارہ رنز اسکور کیے، جب کہ انڈین ٹیم فقط دو رنز اسکور کر سکی۔عمیر عماد کو پانچ رنز اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔انھوں نے ایک ہوم رن بھی اسکور کیا۔

    یو اے ای بیس بال فیڈریشن کے عہدے داروں نے اس مقابلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امیدظاہرکی ہے کہ اس سے دبئی میں بیس بال کے کھیل کو فروغ ملے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر گولڈ میڈل جیتے، بھارتی سیاستدان کا انکشاف

    بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر گولڈ میڈل جیتے، بھارتی سیاستدان کا انکشاف

    یوسین بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر نو گولڈ میڈل جیتے، بی جے پی رہنما کے ٹوئٹ نے بھارت میں وبال کھڑا کردیا۔

    دنیا کے تیزترین انسان یوسین بولٹ کی بجلی سی پھرتی کاراز پتہ چل گیا، بھارتی حکمراں جماعت کے ایم پی اور دلت لیڈر ادت راج کے مطابق یوسین بولٹ نے گائے کا گوشت کھا کر اولمپکس میں نو طلائی تمغے اپنے نام کیے ۔

    بھارت میں گائے کے گوشت پرپابندی ہے، ایسے میں بی جے پی رہنما کو ٹوئٹر پر اڑے ہاتھوں لیا گیا، بھارتیوں نےالزام لگایا بی جے پی رہنما یوسین بولٹ کا نام لے کر لوگوں کو گائے کا گوشت کھانے پر اکسا رہے ہے۔

    تنقید کے بعد دلت رہنماادت راج نے اپنی صفائی میں کہا کہ انھوں نے وہی کہا جو یوسین بولٹ کے ٹرینر نے بتایا، بولٹ غریب تھے اسلیے ٹرینر نے بیف کھانے کا مشورہ دیا تھا، بولٹ بھی مانتے ہیں کہ آج وہ جو ہیں، گائے کے گوشت سے ہے۔

  • جاپانی خاتون ریسلر نے ریو اولمپکس میں عالمی ریکارڈ بنادیا

    جاپانی خاتون ریسلر نے ریو اولمپکس میں عالمی ریکارڈ بنادیا

    ریو ڈی جنیرو: جاپانی خاتون ریسلر کاؤری آئچو نے مسلسل چوتھا طلائی تمغہ جیتنے والی اولمپک کی تاریخ کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بننے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق برازیل میں جاری ریواولمپکس 2016 میں ریسلنگ کے ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت کر جاپانی خاتون ریسلر نے اولمپکس میں مسلسل چار بار طلائی تمغے جیت کر عالمی ریکارڈ بنادیا.

    برازیل میں ریو اولمپکس 2016 میں دلچسپ مقابلوں کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بننے اور ٹوٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے.

    کاؤری آئچو نے ریو اولمپکس 2016 کے ویمنز فری اسٹائل 58 کلو گرام کیٹگری فائنل میں چوتھا گولڈ میڈل جیتا اور وہ اولمپک گیمز کے کسی بھی ایونٹ میں مسلسل چوتھا گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں.

    جاپانی خاتون ریسلر سالہ کاؤری آئچو 2004، 2008 اور 2012 میں 63 کلو گرام کیٹگری میں تین گولڈ میڈل اپنے نام کرچکی ہیں.

    انہوں نے 10 مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والی روسی ایتھلیٹ ویلریا کوبلووا زہلوبوا کو ہرا کر کامیابی اپنے نام کی.

    کاؤری آئچو نے چوتھے گولڈ میڈل پر قبضہ کر کے یہ اعزاز حاصل کرنے والی جاپان کی پہلی خاتون ریسلر بھی بن گئی ہیں.

    واضح رہے کہ جاپانی ریسلر اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں مسلسل 4 میڈلز جیتنے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئیں،اولمپکس مقابلوں میں مسلسل 4 میڈلز جیتنے والوں امریکی پیراک مائیکل فیلپ، امریکی ایتھلیٹ کارل لوئس، ایتھلیٹ ال اوریٹر، ایتھلیٹ بین این سیلے، ایتھلیٹ پاؤل ایلز اسٹروم شامل ہیں.