Tag: گولی

  • گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، گولی چلی یا قتل کیا؟ تفتیش جاری

    گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، گولی چلی یا قتل کیا؟ تفتیش جاری

    لاہور(26 جولائی 2025): جوہر ٹاؤن میں گھر میں گولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں گھر میں گولی چلنے سے ایک نوجوان اپنی جان کی بازی ہار گیا، واقعہ خودکشی کا ہے قتل کا یہ جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت اویس  کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، گولی اچانک چلی یا نوجوان نے خود چلائی، یا قتل کا واقعہ ہے اس کی تحقیقات جاری ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، اس سے قبل جوہر ٹاؤن میں 36 سالہ خاتون گھر کے اندر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، مقتولہ کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی تھی۔

    لاہور پولیس نے بتایا تھا کہ شوہر احمد برہان نے پولیس کو بیان دیا کہ تین سالہ بچے سے اچانک گولی چل گئی، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے تفتیش کی، مقتولہ ثنا کو شوہر وجاہت نے گھریلو جھگڑے میں قتل کیا، ملزم نے قتل کا الزام اڑھائی سالہ بچے پر لگایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-officer-killed-in-firing/

  • کینیا کے صدر کا مظاہرین کو گولی مارنے کا حکم

    کینیا کے صدر کا مظاہرین کو گولی مارنے کا حکم

    کینیا کے صدر ولیم روٹو نے حکم جاری کیا ہے کہ مظاہرین کے پیروں میں گولی مار دی جائے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیا کے صدر ولیم روٹو نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ لوگوں کے کاروبار کو نشانہ بنانے والے مظاہرین کے پیروں میں گولی مار دی جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام کی جائیداد یا کاروبار کو جلانے والے شخص کی ٹانگ میں گولی مار دی جائے، اسے اسپتال لے جایا جائے اور پھر اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔

    کینیا کے صدر ولیم روٹو کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ فائرنگ سے مظاہرین کی جان نہ جائے اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ ایسے افراد کی ٹانگیں ٹوٹ جائیں۔

    کینیا کے صدر ولیم روٹو نے اپنے سیاسی حریفوں کو پُرتشدد مظاہروں کی سرپرستی کرنے سے خبردار کیا ساتھ ہی پولیس کی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملہ ملک کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔

    اُنہوں نے کہا کہ کینیا پر دھمکیوں، دہشت گردی اور افراتفری کے ذریعے حکمرانی نہیں کی جاسکتی اور نہ ایسا ہونے دیا جائے گا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی صرف بیلٹ کے ذریعے ممکن ہے نہ کہ احتجاج کے ذریعے۔ مخالفین کو 2027 کے عام انتخابات کا انتظار کرنا پڑے گا۔

    رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے گروپوں نے پولیس پر حکومت مخالف مظاہروں پر طاقت کا استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

    حماس 10 اسرائیلی یرغمالیوں کی مشروط رہائی پر رضامند

    رپورٹس کے مطابق ان مظاہروں کے دوران پیر کے روز 31 افراد کو مار دیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کینیا میں تاریخی جمہوریت حامی مارچ کے 35 برس مکمل ہونے پر مظاہروں کا انعقاد کیا گیا تھا۔

  • کتے نے گولی مار کر اپنے مالک کو ہلاک کر دیا!

    کتے نے گولی مار کر اپنے مالک کو ہلاک کر دیا!

    کتا وفادار جانور مانا جاتا ہے جو اپنے مالک کے لیے اپنی جان بھی دے دیتا ہے لیکن ایک پالتو کتے نے اپنے ہی مالک کی جان لے لی۔

    یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا جہاں پستول سے کھیلنے کے دوران پالتو کتے سے گولی چل گئی جو مالک کی موت کا سبب بن گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی میں امریکی شہری اپنے بستر پر سو رہا تھا جب کہ بیڈ کے قریب ہی اس کی پستول پڑی ہوئی تھی۔

    اسی دوران پالتو کتا کمرے میں آ گیا اور وہاں پڑی پستول سے کھیلنے لگا۔ کھیلتے ہوئے جانور کا پاؤں پستول کے ٹریگر میں پھنس گیا اور اس کو نکالنے کے دوران اتفاقی گولی چل گئی جو سیدھی گہری نیند سوئے اس کے مالک کو لگی۔

    زخمی شخص کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

  • امریکا کے معروف  ٹک ٹاک اسٹار سر پر گولی لگنے سے ہلاک

    امریکا کے معروف ٹک ٹاک اسٹار سر پر گولی لگنے سے ہلاک

    امریکا کے معروف باڈی بلڈر اور ٹک ٹاک اسٹار کرس او ڈونل سر پر گولی لگنے سے 31 سال کی عمر میں جان کی بازی ہار گئے۔

    امریکا کے معروف ٹک ٹاک اسٹار اور باڈی بلڈر کرس اوڈونل کے سوشل میڈیا پر 8 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں وہ فٹنس انفلوئنسرز کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتے تھے، ان کی موت کی تصدیق میری کوپا میڈیکل اگزامنر نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کی۔

    حکام کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار کی موت سر پر گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق او ڈونل ایک تجربہ کار کراس فِٹ کوچ تھے اور ان کا کھیلوں میں پس منظر لاکروس سے جڑا تھا، جہاں انہوں نے کالج کے دوران تین بار آل امریکن اعزاز حاصل کیا۔

    اس کے بعد وہ لاکروس کوچنگ سے علیحدگی اختیار کر کے اپنے خاندان اور پیشہ ورانہ کیریئر سے جڑ گئے تھے۔ او ڈونل 2021 سے ٹک ٹاک پر سرگرم تھے اور ورجینیا کے شہر نورفوک میں رہائش اختیار کئے ہوئے تھے۔

    اس سے قبل دنیا کو غزہ کی مشکلات دکھانے والے مشہور فلسطینی ٹک ٹاکر 19 سالہ محمد حلیمے بھی اسرائیلی فورسز کی بمباری کی زد میں آکر شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے تھے۔

    محمد حلیمے اپنی ویڈیوز میں غزہ کے پناہ گزین کیمپوں میں فلسطینیوں کے حالات سے دنیا کو آگاہ کرتے تھے۔

    معروف ٹک ٹاکر کی شہادت اس وقت ہوئی جب اسرائیلی فورسز نے ایک گاڑی پر حملہ کیا، ٹک ٹاکر اس وقت خیمے میں بنے انٹرنیٹ کیفے میں اپنے دوست طلال مراد کے ساتھ سیلفی بنا رہے تھے جسے محمد حلیمے نے سوشل میڈیا پر ’بالآخر ملاقات ہوگئی‘ کے کیپشن کے ساتھ پوسٹ کیا۔

    مشہور خاتون ٹک ٹاک اسٹار کا بہیمانہ قتل

    حملے میں بچ جانے والے شہید کے دوست طلال مراد کا کہنا تھا کہ ویڈیو بنانے کے دوران اچانک دھماکا ہوا جس میں محمد حلیمے شہید ہوگئے اور وہ زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ حلیمے کی ویڈیوز نے دنیا بھر میں ہزاروں لوگوں کی توجہ حاصل کی۔

  • گولی کا جواب گولی سے دیں گے: آئی جی پنجاب

    گولی کا جواب گولی سے دیں گے: آئی جی پنجاب

    لاہور: آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ جب پولیس پر گولی چلے گی گولی کا جواب گولی سے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عثمان انور نے ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ کو چیلنج کردیا اور دعویٰ کیا کہ پنجاب پولیس کی خدمات 99 فیصد سے بھی زائد ہیں۔

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کو کہتا ہوں آئیں ہم سے بات کریں، پنجاب پولیس کی انسدادِ منشیات، ٹریفک، دیگر کی خدمات 99 فیصد سے زائد ہیں، قتل کے 80 فیصد مقدمات حل کر چکے ہیں، پنجاب پولیس کے خدمت مراکز دنیا کے خوبصورت مراکز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی ہر دستاویز پر مستند، کوالٹی کنڑول اور مینجمنٹ کیو آر کوڈ درج ہوتا ہے، کل ہم نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو چیلنج کیا ہے کہ آئیں ہم سے بات کریں،  31 دسمبر 2023  تک صوبے کے تمام تھانے کمپیوٹرائزڈ کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 6 کروڑ تاوان کیلئے بچے کو اغوا کرنے والے ملزم کو ڈی آئی خان سے گرفتار کیا، ایک بھی مغوی بچہ تاوان دے کر نہیں چھڑوایا، تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    آئی جی پنجاب نے بتایا کہ اس سال ایک لاکھ 33 ہزار سے زائد مقدمات درج کر چکے ہیں، آج ایک بھی ڈکیتی، زیادتی، قتل کاکیس ادھورا نہیں، تمام ٹریس ہوچکے ہیں۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ جب پولیس پرگولی چلے گی تو گولی کا جواب گولی سے دیں گے لیکن ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ بچے محفوظ رہیں۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ پنجاب میں پٹرول بم چلے گولیاں چلیں ہم نے پی ایس ایل کر کے دکھایا۔

  • اتفاقیہ چلنے والی گولی ہیڈ کانسٹیبل کی جان لے گئی

    اتفاقیہ چلنے والی گولی ہیڈ کانسٹیبل کی جان لے گئی

    حیدرآباد کے پرانے شہر میں اتفاقیہ چلنے والی گولی کے باعث ہیڈ کانسٹیبل زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حسینی علم پولیس اسٹیشن کی حدود میں اتفاقیہ طور پر چلنے والی گولی نے ہیڈ کانسٹیبل کو موت کی نیند سلا دیا۔

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ29 سالہ بھوپتی سری کانت سوریہ پیٹ ضلع سے تعلق رکھتا تھا جبکہ حسینی علم پولیس اسٹیشن میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر فرائض انجام دے رہا تھا۔

    گزشتہ دو ماہ سے بھوپتی سری کانت کبوترخانہ کے پاس گارڈکی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، صبح کے وقت اولین ساعتوں میں سری کانت نیند میں تھا کہ اچانک اتفاقی طورپر گولی چل گئی۔

    گولی لگنے کے باعث ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • 2 سالہ بچے کا بندوق سے کھیل، والد کو گولی مار دی

    2 سالہ بچے کا بندوق سے کھیل، والد کو گولی مار دی

    امریکا میں ایک 2 سالہ بچے نے بندوق سے کھیلتے ہوئے اپنے والد کو گولی مار دی، پولیس نے والدہ کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا میں 2 سالہ بچے نے غلطی سے اپنے والد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، بچے کے والدین نے بندوق محفوظ جگہ پر رکھنے کے بجائے لاپرواہی سے گھر میں رکھی ہوئی تھی۔

    26 مئی کو جب پولیس حکام 911 پر کال موصول ہونے کے بعد آرلینڈو کے قریب واقع گھر میں داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ بچے کی والدہ میری آیالا اپنے شوہر ریگی میبری کو سی پی آر دے رہی تھیں۔

    اورنج کاؤنٹی کے شیرف جان مینا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ابتدائی طور پر خیال تھا کہ 26 سالہ نوجوان جو اسپتال پہنچتے ہی کچھ دیر بعد دم توڑ گیا، نے خود کو گولی مار لی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بعد میں بتایا کہ اس کے دو سالہ بھائی سے غلطی سے بندوق چل گئی تھی۔

    عدالتی دستاویزات میں کہا گیا کہ بندوق ایک بیگ میں تھی جسے ریگی میبری نے زمین پر چھوڑ دیا تھا، بچہ اس بیگ کے پاس آیا اور اس نے اپنے والد کو اس وقت پیٹھ میں گولی مار دی جب وہ کمپیوٹر پر ویڈیو گیم کھیل رہے تھے۔

    شیرف نے بتایا کہ دونوں والدین بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پے رول پر تھے۔

    جان مینا کا کہنا ہے کہ بندوق کے مالک جو اپنے آتشیں اسلحے کو صحیح طریقے سے محفوظ نہیں رکھتے، وہ اپنے گھروں میں ہونے والے ان واقعات سے صرف ایک سیکنڈ کے فاصلے پر ہیں۔

    شیرف نے مزید کہا کہ اب ان چھوٹے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے، ان کے والد ہلاک ہو چکے ہیں، والدہ جیل میں ہیں۔ ایک چھوٹے بچے کو اپنی زندگی اس صدمے کے ساتھ
    گزارنی ہے کہ اس نے اپنے والد کو گولی ماری۔

    امریکا میں ایسے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں، اگست 2021 میں ایک اور 2 سالہ بچے کو بیگ میں ایک بندوق ملی تھی اور اس نے اپنی والدہ کے سر میں اس وقت گولی ماری جب وہ ایک ویڈیو کانفرنس میں مصروف تھیں۔

  • کیا آپ انجکشن سے گھبراتے ہیں؟ تو یہ خبر آپ کے لیے ہے

    کیا آپ انجکشن سے گھبراتے ہیں؟ تو یہ خبر آپ کے لیے ہے

    کرونا وائرس کی ویکسین کو اب تک انجکشنز کے ذریعے دیا جارہا تھا تاہم اب ایسی ویکسین کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے جو گولی کی شکل میں جسم کے اندر پہنچائی جاسکے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایک ایسی ویکسین کی تیاری پر کام شروع ہونے والا ہے جس کے لیے انجیکشن کی ضرورت نہیں ہوگی، یہ ویکسین گولی کی شکل میں جسم کے اندر پہنچائی جاسکے گی۔

    اوراویکس نامی کمپنی کی جانب سے اس ویکسین کے انسانوں پر پہلے مرحلے کے ٹرائل کا آغاز رواں سال ہوگا، کمپنی کی جانب سے اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ کلینیکل ٹرائل کا آغاز جون میں ہوجائے گا۔

    منہ کے ذریعے جسم کے اندر پہنچائی جانے والی ویکسین کو سیکنڈ جنریشن ویکسینز کا حصہ قرار دیا جارہا ہے، جو زیادہ بڑے پیمانے پر تیار ہوسکے گی جبکہ اس کی تقسیم اور استعمال آسان ہوگا۔

    ٹرائل کے بعد ویکسین کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی اور اگر یہ کارآمد ثابت ہوئی تو بھی منظوری کے لیے ایک سال تک کا عرصہ درکار ہوگا۔

    کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس طرح کی ویکسین کو لوگ گھروں میں رہ کر بھی استعمال کرسکیں گے۔

    بیان میں کہا گیا کہ ویکسین کو عام فریج میں ایک سے دوسرے ملک بھیجا جاسکے گا اور کمرے کے درجہ حرارت میں محفوظ کرنا ممکن ہوگا، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں کہیں بھی اس کی سپلائی آسان ہوگی۔

    ایسٹ اینجیلا یونیورسٹی کے میڈیسین پروفیسر پال ہنٹر نے اس حوالے سے کہا کہ ہمیں درست طریقے سے تحقیق کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ثابت ہوسکے کہ منہ سے دی جانے والی ویکسین کارآمد ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ویکسین ان افراد کے لیے اہم ہوسکتی ہے جو انجیکشن کی سوئی سے خوفزدہ ہوتے ہیں اور ان کی برق رفتاری سے مہم بھی زیادہ آسان ہوگی۔

  • بھارتی شہری نے خود کو گولی مار کر پڑوسیوں کو پھنسا دیا

    بھارتی شہری نے خود کو گولی مار کر پڑوسیوں کو پھنسا دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے غلطی سے اپنے گھٹنے پر گولی مار لی اور پوچھ گچھ سے بچنے کے لیے جعلی کہانی بنا کر پڑوسی لڑکوں پر اس کا الزام دھر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی ہی چلائی گولی سے حادثاتی طور پر زخمی ہونے والے شخص کا نام سجیت کمار ہے اور وہ بس ڈرائیور ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات پولیس ہیلپ لائن پر کال آئی جس میں سجیت کمار نے کہا کہ وہ اپنے گھر کے قریب موجود پارک کے پاس کھڑے سگریٹ پی رہے تھے کہ 2 لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اور معمولی سی بات پر ان کے بائیں گھٹنے پر گولی مار کر فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سجیت کمار اسپتال میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ڈپٹی کمشنر پولیس نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران سجیت کمار سوالات کا درست طریقے سے جواب نہیں دے سکے اور معاملے کو دوسری جانب لے جانے کی کوشش کی۔

    انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین نے بھی کسی طرح کی فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں دیکھا اور جہاں واقعہ ہوا وہاں سے خون کے نشانات بھی نہیں ملے۔

    کمشنر کے مطابق پولیس کی تفتیش اور لڑکوں کے بیان سے یہ بات سامنے آئی کہ سجیت کمار کے پاس پستول تھا، جو اس نے صبح پڑوسی لڑکوں کو بھی دکھایا، بعد میں جب وہ پستول لے کر اپنے کمرے میں گئے تو اس کے بعد زخمی گھٹنے کے ساتھ باہر نکلے۔

    پڑوس کے انہی لڑکوں نے اسے مدد کی پیشکش کی تو انہوں نے انکار کر دیا۔

    پولیس نے بعد ازاں سجیت کمار کی بیوی کو بھی ان کے رشتے دار کے گھر سے گرفتار کرلیا۔

    سجیت کی اہلیہ نے بعد میں پولیس کو اپنے بیان میں کہا کہ ان کے شوہر نے غلطی سے خود کو گولی مار لی تھی اور پستول انہوں نے اپنے کسی دوست یا رشتے دار سے لیا تھا، انہوں نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے اس کی ہدایت پر یہ سب کیا۔

    پولیس نے پستول بھی برآمد کر لیا جو سجیت کمار کی بیوی نے اپنے رشتے دار کے اسکوٹر میں چھپا رکھا تھا۔

    پولیس نے سجیت کمار کے خلاف آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی وہ قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے کیسز میں ملوث رہے ہیں۔

  • سر میں 10 سال سے گولی ہونے کے باوجود زندہ رہنے والا شخص

    سر میں 10 سال سے گولی ہونے کے باوجود زندہ رہنے والا شخص

    ماسکو: روسی پولیس کے سابق اہلکار ولادی میر کرتوف دماغ میں گولی ہونے کے باوجود 10 سال سے صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں ڈاکٹرز نے سابق پولیس اہلکار کے دماغ سے سرجری کے ذریعے گولی نکانے سے انکار کر دیا، ڈاکٹرز کے مطابق دماغ سے گولی نکالنے سے ولادی میر کرتوف کی جان بھی جاسکتی ہے۔

    ولادی میر کرتوف نے آج سے 10 سال پہلے اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے سے متعلق بتایا کہ اس وقت میں سینٹ پیٹرزبرگ پولیس ڈپارٹمنٹ میں فرائض انجام دے دہا تھا، ایک دن ہمیں گیمنگ سینٹر پر ڈکیتی کی اطلاع ملی، میں اور میرا ساتھی چوری کی رپورٹ ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں میرا ساتھی اہلکار دمتری وروئن جان کی بازی ہار گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں مجھے جو گولی لگی وہ دماغ کی پچھلی سطح سے داخل ہو کر انتہائی اوپر والے حصے میں پھنس گئی،حادثے کے بعد 9 دن کومہ میں رہنے کے بعد میں نے الیگزینڈ ٹو روسکی اسپتال میں آنکھ کھولی۔

    ولادی میر کرتوف کا کہنا تھا کہ ان کو لگنے والی گولی 7.62 کیلیبر ناگن ریوالور کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق میرے بچنے کی امید نہ ہونے کے برابر تھی،مگر میں نہ صرف آج زندہ ہوں بلکہ اپنی بیوی اور پانچ ماہ کی بیٹی کے ساتھ خوشحال زندگی گزار رہا ہوں۔