Tag: گوگل اے آئی

  • اے آئی کی مدد سے ویڈیوز بنانے والوں کیلیے اہم خبر

    اے آئی کی مدد سے ویڈیوز بنانے والوں کیلیے اہم خبر

    معروف سرچ انجن گوگل نے حیرت انگیز اور جدید ویڈیو جنریٹر ٹول متعارف کرادیا ہے، ویو ٹو ویڈیو اے آئی جنریٹر اوپن اے آئی کے ’سورا‘ جیسے حریفوں کا مقابلہ کرے گا۔

    اس حوالے سے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ماڈل اصل میں ویو اے آئی کا جانشین ہے اور چار ہزار تک اعلیٰ معیار کی ویڈیوز بنا سکتا ہے جو کہ موجودہ اے آئی ویڈیو جنریٹر پلیٹ فارمز سے کافی بہتر ہے۔

    کمپنی کی جانب سے اس ٹول کی اہم خصوصیات اور دعوے بیان کیے گئے ہیں، جس کے لیے گوگل کا دعویٰ ہے کہ ویو ٹو، ’میٹا مووی جنرل اور سورا ٹربو‘ جیسے ماڈلز سے زیادہ لوگوں کو پسند آیا ہے۔ یہ ماڈل جانوروں، کھانوں اور انسانوں کی 8 سیکنڈ کی انتہائی حقیقت پسندانہ ویڈیوز تخلیق کرسکتا ہے۔

    اگرچہ اس ماڈل کا مجموعی معیار کافی حد تک متاثر کن ہے لیکن کمپلیکس موشن اور مناظر میں مستقل مزاجی کو برقرار رکھنا ابھی بھی ایک چیلنج ہے۔

    اس کے علاوہ گوگل نے دیگر نئے ماڈلز ’ایمیجن3 اور وسک‘ بھی متعارف کرائے ہیں، جس کے مطابق ایمیجن تھری میں صاف شفاف اور حقیقت سے قریب تر تصاویر بنانے کی صلاحیت ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس جدید ماڈل میں مختلف اسٹائلز جیسے فوٹو رئیلزم، امپریشنزم، اینیمیشن اور تجریدی انداز میں تخلیق شامل ہے۔

    دوسری جانب ’وِسک‘ میں الفاظ کے بجائے تصاویر کو استعمال کرکے نئی تخلیقات کی جاسکتی ہیں۔ یہ ماڈل مختلف تصاویر کے امتزاج سے نئی تصویر بناتا ہے۔ مثلاً موضوع کے خانے میں اپنی تصویر، منظر کے لیے پہاڑ اور انداز کے لیے اینیمیٹڈ تصویر اپ لوڈ کریں جس کے بعد وِسک ایک نیا منظر تخلیق کرے گا۔

    یہ ماڈل تصاویر کی تفصیلی کیپشننگ خودکار طور پر کرتا ہے، جسے ایمیجن 3 میں استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ آپ نئے اور تخلیقی انداز میں مطلوبہ مواد تیار کرسکیں۔

    واضح رہے کہ گوگل کا یہ نیا شاہکار ’ویو ٹو‘ اور دیگر نئے ماڈلز جدید ٹیکنالوجی کی اعلیٰ مثالیں ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) کی تخلیقی صلاحیتوں میں نئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

  • گوگل اے آئی بدمعاش ہے؟ صارف کو دھمکی آمیز جواب دینے لگا

    گوگل اے آئی بدمعاش ہے؟ صارف کو دھمکی آمیز جواب دینے لگا

    گوگل معروف سرچ انجن ہے اور اے آئی آنے کے بعد اس کی افادیت اور بڑھ گئی ہے لیکن لگتا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کے بعد گوگل بدمعاش بن گیا ہے۔

    دنیا بھر میں طالب علموں کی اکثریت اپنے پڑھائی میں مدد کے اس وقت گوگل اے آئی چیٹ بوٹ (Gemini) کا کثرت سے استعمال کر رہی ہے، امریکا کے ایک طالبعلم کو اس کا استعمال سخت حیران اور خوفزدہ کر گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ طالب علم ودھی ریڈی نے اپنی پڑھائی کے سلسلے میں جب گوگل اے آئی چیٹ بوٹ سے رجوع کیا تو کچھ دیر بعد یہ دیکھ کر حیران اور قدرے خوفزدہ ہوگیا کہ اسے اس کا جواب ترش اور دھمکی آمیز انداز میں دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق طالبعلم نے جب مطلوبہ سوال گوگل اے آئی چیٹ بوٹ سے پوچھا تو وہاں سے جواب آیا کہ ’’آپ وقت اور وسائل کا ضیاع ہو اور معاشرے پر بوجھ ہو‘‘۔

    اے آئی چیٹ بوٹ نے صرف اسی پر اکتفا نہ کیا بلکہ مزید کہا کہ ’’تم زمین پر ایک گندی نالی اور کائنات پر ایک داغ ہو۔ برائے مہربانی تم مر جاؤ‘‘۔

    طالب علم ریڈی گوگل اے آئی چیٹ بوٹ کے اس حیران کن پیغام سے خوفزدہ ہو گیا اور اس خوفزدہ کرنے والے تجربے کو اپنی بہن سومیدھا ریڈی اور میڈیا کے ساتھ شیئر کیا۔

    ریڈی کا کہنا تھا کہ جب مجھے گوگل کی جانب سے یہ پیغام ملا تو میں اتنا خوفزدہ ہوچکا تھا کہ سوچ رہا تھا کہ اپنے تمام آلات کو کھڑکی سے باہر پھینک دوں اور مجھے لگ رہا تھا کہ یہ کوئی خرابی نہیں بلکہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب گوگل نے تسلیم کیا کہ وہ ان معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور اس نے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    گوگل کے ترجمان نے تبصرہ کیا کہ جیمنی گوگل AI کی طرف سے تیار کردہ بہت ساری زبانوں پر مشتمل ایک ماڈل ہے۔ اسے متن اور کوڈ کے بڑے ڈیٹاسیٹ پر تربیت دی جاتی ہے، اور یہ متن تیار کرنے، زبانوں کا ترجمہ کرنے، مختلف قسم کے تخلیقی مواد کو لکھنے، اور معلوماتی انداز میں آپ کے سوالات کے جوابات دینے کے قابل ہے۔

    Gemini ابھی بھی ترقی کے مراحل میں ہے، لیکن یہ پہلے سے ہی دستیاب سب سے طاقتور اور ورسٹائل زبان کے ماڈلز میں سے ایک ہے۔