Tag: گوگل

  • ہم سب کا دوست گوگل 21 سال کا ہوگیا

    ہم سب کا دوست گوگل 21 سال کا ہوگیا

    دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل آج اپنی 21 ویں سالگرہ منا رہا ہے، اپنی سالگرہ پر گوگل نے اپنے ڈوڈل پر ایک ناسٹلجک تصویر سجائی ہے۔

    گوگل کا قیام سنہ 1998 میں عمل میں آیا تھا، اس کے مالکان لیری پیج اور سرگئے برن نے اس کی بنیاد رکھی تھی اور آج گوگل ایپل کے بعد دنیا کی سب سے امیر ترین کمپنی ہے۔

    تاہم ایسا لگتا ہے کہ گوگل جو ساری دنیا کے بارے میں جانتا ہے اپنی سالگرہ کے اصل دن سے خود بھی واقف نہیں ہے۔ سنہ 2006 سے گوگل نے اپنی سالگرہ 27 ستمبر کو منانا شروع کی تاہم اس سے قبل گوگل اپنی سالگرہ 26 ستمبر کو منا رہا تھا۔

    صرف یہی نہیں بلکہ گوگل نے اپنی چھٹی سالگرہ 7 ستمبر کو منائی تھی اور اس سے پہلے یہ سالگرہ ستمبر کی 8 تاریخ کو منائی گئی تھی حالانکہ مذکورہ بالا میں سے کوئی بھی گوگل کی حقیقی سالگرہ نہیں ہے۔

    گوگل پر موجود اس کے اپنے کلینڈر کے مطابق کمپنی کا قیام ستمبر کی 4 تاریخ کو عمل میں لایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ گوگل کی تشکیل اسٹین فورڈ یونی ورسٹی کے ریسرچ پراجیکٹ کے طور پر ہوئی تھی۔

    گوگل نے سنہ 2013 میں تسلیم کیا کہ اس نے چار مختلف تاریخوں پر سالگرہ منائی ہے تاہم اب یہ سالگرہ کئی سالوں سے 27 ستمبر کو ہی منائی جارہی ہے اور یہ وہ دن ہے جب گوگل نے 2002 میں پہلی بار اپنی سالگرہ کے لیے ڈوڈل کا استعمال کیا تھا۔

    آج اکیسویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اپنے ڈوڈل کو پرانے کمپیوٹر سے سجایا ہے جس پر گوگل کا پرانا لوگو ہے۔

  • گوگل نے آج کا ڈوڈل ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام کردیا

    گوگل نے آج کا ڈوڈل ڈاکٹر رتھ فاؤ کے نام کردیا

    کراچی: گوگل نے جذام کے مریضوں کے لیے مسیحا‘ میری ایڈیلیڈ سوسائٹی کی سربراہ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی 90 ویں سالگرہ پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ہر اہم دن کے موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی سالگرہ کے موقع پر آج کا ڈوڈل ان کے نام سے منسوب کردیا ہے۔

    گوگل نے ایک پینٹنگ کی صورت میں ڈوڈل پیش کیا ہے، جو پاکستان میں گوگل سرچ انجن کے پیج پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    ڈاکٹر رتھ فاؤ 9 ستمبر1929 کو جرمنی کے شہر لیپ زگ میں پیدا ہوئیں تھیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ 1960 میں پاکستان آئیں اور پھر جذام کے مریضوں کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کردی تھی۔ وہ جذام کو مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کرتی تھیں۔

    عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 1996ء میں پاکستان کو کوڑھ کے مرض پر قابو پالینے والے ممالک میں شامل کیا گیا۔ پاکستان کو یہ اعزاز دلانے میں ڈاکٹررتھ فاؤ نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔

    جذام کے مریضوں کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ 10 اگست 2017 کو 87 برس کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کرگئیں۔

  • غیرقانونی طریقے سے بچوں کی ویڈیو حاصل کرنے پر گوگل کو بھاری جرمانہ عائد

    غیرقانونی طریقے سے بچوں کی ویڈیو حاصل کرنے پر گوگل کو بھاری جرمانہ عائد

    نیویارک: سرچ انجن گوگل پر نیویارک میں بچوں کی ویڈیوز غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی دنیا میں منفرد اور اہم شناخت بنانے والی کمپنی گوگل پر یوٹیوب سے بچوں کی ویڈیوز غیرقانونی طریقے سے حاصل کرنے پر(170 ملین ڈالر) 12 کروڑ 24 لاکھ 3 ہزار 383 ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق گوگل چائلد پرائیویسی قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی ادائیگی کے لیے راضی بھی ہوگیا ہے، گوگل کے خلاف فیڈرل ٹریڈ کمیشن اور نیویارک کے اٹارنی جنرل کی جانب سے چائلڈ پرائیویسی کی خلاف ورزی بے نقاب کی گئی تھی۔

    گوگل پر الزام تھا کہ انہوں نے یو ٹیوب سے بچوں کی غیرقانونی طریقے سے حاصل کرکے بھاری منافع کمایا اور اس اقدام کے لیے بچوں کے والدین کی اجازت لینا بھی ضروری نہیں سمجھا۔

    رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ انجن اپنے اس اقدام پر 136 ملین یوٹیوب اور 34 ملین ڈالر اسٹیٹ آف نیویارک کو ادا کرے گا۔

    ایف ٹی سی اور سی او پی پی اے قانون کانگریس کی جانب سے 1998 میں منظور کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: فرانس نے گوگل پر 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا

    ایف ٹی سی کے چیئرمین جوئی سمنز نے گوگل کی جانب سے معاملات طے کرنے کے لیے ووٹ دیا، یوٹیوب قانون کی خلاف ورزی پر کوئی عذر قبول نہیں کیا گیا۔

    کوپا قانون کے مطابق سائٹس اپنے ڈیٹا کو شیئر کرنے کے حوالے سے 13 اور اس سے بڑے بچوں کی ویڈیو کو غیرقانونی طور پر استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

    یو ٹیوب کا کہنا تھا کہ گوگل سرچ انجن اور دیگر ویب سائٹ پر اس طرح کے اقدامات کے حوالے سے خصوصی نظر رکھی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس کی جانب سے گوگل پر معلومات کی فراہمی میں ناکامی پر 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

    فرانس کے مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے 5 کروڑ ڈالر سے زائد رقم کا جرمانہ اس لیے عائد کیا گیا کیوں کہ گوگل اپنی پالیسی کے مطابق معلومات فراہم نہیں کرسکا تھا۔

  • گوگل چینی حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے یا نہیں، تحقیقات کرائیں گے، ٹرمپ

    گوگل چینی حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے یا نہیں، تحقیقات کرائیں گے، ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ انتظامیہ سے انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کے خلاف تحقیقات کروانا چاہتے ہیں کہ گوگل چینی حکومت کے ساتھ کام کررہا ہے یا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنے والے پیٹر تھائیل کا ماننا ہے کہ گوگل کے خلاف غداری کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

    امریکی صدر نے کہا کہ یہ بات ایک عظیم اور بہترین شخص نے کہی ہے، جو ٹیکنالوجی کو کسی سے بھی زیادہ بہتر طریقے سے جانتے ہیں، انتظامیہ اس معاملے کی تحقیقات کرائے گی۔

    دوسری جانب گوگل نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تحقیقات سے متعلق پیٹر تھائیل کے مقاصد پر سوال اٹھایا جو ایک طویل عرصے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں۔

    گوگل نے غیرملکی خبررساں ادارے کو دئیے گئے بیان میں کہا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں ہم چینی فوج کے ساتھ کام نہیں کرتے۔

    واضح رہے کہ 2010 میں چین کی جانب سے سرچ کے نتائج کو سینسر کرنے کی کوششوں کی وجہ سے گوگل نے چین سے سرچ انجن کا خاتمہ کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: امریکی صدر کی گوگل، فیس بک اور ٹویٹر کو مقدمے کی دھمکی

    گوگل چین میں اپنا کاروبار محدود کرچکا ہے لیکن رواں سال جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے ایک سائنس دان نے ایک تحقیقی منصوبے میں شرکت کی تھی جس میں شہری اور ملٹری دونوں ایپلی کیشنز موجود ہوسکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف مواقع پر گوگل پر تنقید کرتے رہے ہیں اور انہوں نے گوگل کو خود سمیت اپنے حامیوں کے خلاف تعصب پسندی کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

  • امریکا اورگوگل نے ہواوے کے صارفین کو خوشخبری سنادی

    امریکا اورگوگل نے ہواوے کے صارفین کو خوشخبری سنادی

    بیجنگ: ہواوے موبائل فون کے صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کمپنیاں ہواوے کے ساتھ کاروبار کرسکیں گی ، یعنی گوگل اینڈرائڈ کا لائسنس چینی کمپنی کو فروخت کرسکے گا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے جی 20 کانفرنس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکی کمپنیاں اب ہواوے کے ساتھ کاروبار جاری رکھ سکیں گی۔یہ تو ابھی واضح نہیں کہ ہواوے کی جانب سے فائیو جی ٹیکنالوجی نیٹ ورک کی تشکیل کے حوالے سے امریکی پابندیاں ختم ہوں گی یا نہیں، مگر پابندیوں میں نرمی کا اطلاق گوگل اور اینڈرائیڈ پر ضرور ہوگا۔

    ہواوے پر ڈیڑھ ماہ قبل لگائی جانے والی پابندی کے بعد اس کمپنی کے اسمارٹ فون صارفین پریشان ہوگئے تھے کہ اب وہ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی اپ ڈیٹس اور گوگل ایپس کے استعمال سے محروم ہوگئے تھے۔مگر اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہواوے کے حوالے سے اپنا موقف نرم کرتے ہوئے کچھ پابندیوں کو اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔

    مئی میں جب ہواوے پر پابندیاں لگائی گئی تھیں تو گوگل کو اینڈرائیڈ لائنسنس کی چینی کمپنی کو فراہمی سے روک دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اس کے فونز میں اوپن سورس کوڈ پر مبنی ایپس تو استعمال ہوسکتی تھیں مگر پلے اسٹور اور گوگل ایپس تک رسائی ختم ہوجاتی۔

    اگرچہ ان پابندیوں کا اطلاق مئی میں 3 ماہ کے لیے ملتوی کردیا کردیا گیا تھا مگر اس سے چینی کمپنی کی مستقبل کی مصنوعات کی تیاری ضرور متاثر ہوئی تھی اور ہواوے نے اپنے آپریٹنگ سسٹم بنانے پر بھی کام شروع کردیا تھا۔

    امریکی صدر کی جانب سے پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد اب گوگل ہواوے کو بدستور اینڈرائیڈ لائسنس کی فروخت جاری رکھ سکتا ہے، تاہم اب دیکھنا ہوگا کہ چینی کمپنی اپنے آپریٹنگ سسٹم کی تیاری پر کام جاری رکھتی ہے یا اینڈرائیڈ اور ای ایم یو آئی او ایس کے امتزاج پر ہی کام کرتی رہتی ہے۔تاہم پابندیوں میں نرمی کے باوجود ہواوے امریکا میں اپنے فونز فروخت نہیں کرسکے گی مگر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے حوالے سے بھی کہا کہ دونوں ممالک اس معاملے کو ٹیرف پر مذاکرات کے اختتام کے لیے بچا کر رکھیں گے۔

  • والدین نے بیٹے کا نام ’’گوگل‘‘ رکھ کر دلچسپ وجہ بتا دی

    والدین نے بیٹے کا نام ’’گوگل‘‘ رکھ کر دلچسپ وجہ بتا دی

    جکارتہ: انڈونیشیا کے والدین ٹیکنالوجی سے اس قدر متاثر ہیں کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام گوگل رکھ دیا۔

    یقینی طور پر یہ حیران کن بات ہے مگر انڈونیشیا کے مغربی صوبے جاوا سے تعلق رکھنے والی خاتون ایلا کارین اور آندی چایا کے ہاں نومبر 2018 میں دوسرے بچے کی ولادت ہوئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آندی چایا ٹیکنالوجی سے اس قدر متاثر ہیں کہ انہوں نے تین ماہ تک اپنے بیٹے کا کوئی نام نہیں رکھا اور پھر اُس کا نام ’’گوگل‘‘ رکھ کر سرکاری سطح پر رجسٹرڈ بھی کروالیا۔

    والد کا کہنا ہے کہ ’’میں چاہتا ہوں میرا بیٹا گوگل کے سرچ انجن کی طرح ہماری اور دیگر لوگوں کی مدد اور رہنمائی کرے‘‘۔  آندی کہتے ہیں کہ وہ ٹیکنالوجی سے اس قدر متاثر ہیں کہ اگر اُن کے گھر مستقبل میں بچوں کی پیدائش ہوئی تو وہ ’’ونڈوز، آئی فون، مائیکروسافٹ، آئی او ایس‘‘ جیسے نام رکھیں گے۔

    آندی نے اس بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’’اب ہم جدید دور میں جی رہے ہیں جب ہماری زندگیاں مکمل تبدیل ہوگئیں تو وہی پرانے ناموں کی روایت بھی ختم کرنی چاہیے، اب جدید سائنس کے حساب سے ہی لوگوں کو اپنے بچوں کے نام رکھنے چاہیں‘‘۔

    والد کا کہنا تھا کہ بچے کا نام صرف گوگل ہے اُس کے ساتھ کوئی نام جوڑا نہیں گیا۔ والدہ کہتی ہیں کہ اُن کی خواہش ہے بیٹا گوگل کی طرح کئی لوگوں کا رہنما بنے تاکہ سب کو فائدہ ہو۔

    والدین نے بچے کا پیدائشی سرٹیفیکٹ بھی حاصل کرلیا جس میں اُس کا نام ’’گوگل‘‘ ہی درج ہے۔

  • ہواوے موبائلز پر گوگل اور اینڈرائڈ سسٹم بند

    ہواوے موبائلز پر گوگل اور اینڈرائڈ سسٹم بند

    چینی کمپنی ہواوے ٹیکنالوجیز پر گوگل کی سروسز معطل کردی گئیں، گوگل نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب چند روز قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہواوے کو بلیک لسٹ کردیا تھا۔

    ہواوے موبائل انٹرنیٹ کے جدید فائیو جی نیٹ ورک کے آلات بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور کئی مغربی ممالک اور ان کی کمپنیاں اس کے تیار کردہ آلات استعمال کرتی ہیں۔

    ہواوے کے صارفین فی الحال اینڈرائڈ ایپس اور گوگل پلے سروس استعمال کرسکیں گے تاہم رواں سال گوگل کے اگلے ورژن کے لانچ ہونے کے بعد ان کے ہواوے کی ڈیوائسز پر دستیاب نہ ہونے کا امکان ہے۔

    اس کے بعد ہواوے کے صارفین اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم اوپن سورس لائسنس کے ذریعے اس نئے ورژن کو استعمال کرسکیں گے۔

    دوسری جانب ہواوے کمپنی نے اپنا آپریٹنگ سسٹم بنانے کی تصدیق کردی ہے، ہواوے کے موبائل چیف رچرڈ یو چینگ ڈونگ کا کہنا تھا کہ اگر ہواوے پر گوگل اور اینڈرائیڈ سروسز مستقل طور پر معطل ہوگئیں تو ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان کی کمپنی نے پہلے سے ہی اپنا ایک آپریٹنگ سسٹم تیار کرلیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر موبائل فونز اور کمپیوٹرز کے لیے اس سسٹم کو متعارف کروا دیا جائے گا۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کمپنی اس اقدام کے بعد دنیا بھر میں اپنے کاروبار پر پڑنے والے ہر قسم کے اثرات کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کے تحت امریکی کمپنیوں پر ایسی غیر ملکی کمپنیوں کے تیار کردہ ٹیلی کام آلات استعمال کرنے پر پابندی ہوگی جنہیں امریکی حکومت قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتی ہو۔

    ہواوے کی انتظامیہ ماضی میں کئی بار کہہ چکی ہے کہ وہ امریکا کے لیے خطرہ نہیں اور اس پر امریکی کمپنیوں کی جاسوسی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

  • قطری عالم دین القرضاوی کی فتاویٰ اپیلی کیشن گوگل نے حذف کر دی

    قطری عالم دین القرضاوی کی فتاویٰ اپیلی کیشن گوگل نے حذف کر دی

    نیویارک: معروف انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے اپنے گوگل پلے اسٹورسے مصری نژاد قطری عالم دین علامہ یوسف القرضاوی کے فتاویٰ پر مشتمل ایپلی کیشن حذف کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شدت پسند مذہبی جماعت اخوان المسلمون ک دیرینہ مبلغ علامہ یوسف القرضاوی پرالزام ہے کہ وہ اپنے فتاویٰ کے ذریعے دنیامیں نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو سال قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے اخوان المسلمون کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے اور ان ممالک نے یوسف القرضاوی سمیت کئی دوسرے دہشت گردوں کو اشتہاری قرار دے کر ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یوسف القرضاوی کی ‘فتاویٰ ایپ’ میں دشمنی، نفرت اور دہشت گردی کی حمایت کی گئی ہے۔ اس لیے ان کی یہ ایپ جسے یورو فتویٰ کا نام دیا گیا ہے کو حذف کردیا گیا ہے۔

    میڈیا کے رپورٹس کے مطابق یہ ایپلی کیشن گذشتہ ماہ آئرش دارالحکومت ڈبلن میں یورپی فتویٰ و ریسرچ کونسل کی طرف سے جاری کی گئی تھی جس میں نفرت پر اکسایا گیا تھا۔

  • امریکا: گوگل کی زیر تعمیر عمارت سے کرین گرگئی، چار افراد ہلاک

    امریکا: گوگل کی زیر تعمیر عمارت سے کرین گرگئی، چار افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکا میں گوگل سیٹل کیمپس کی بالائی منزل میں تعمیراتی کاموں کے دوران کرین سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں پر گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں ساوتھ لیک یونین ضلع میں سڑک کنارے گوگل کیمپس کی بلند عمارت کی بالائی منزل میں تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک بھاری بھرکم کرین سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں پر گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کرین کو ہٹایا اور ہلاک وزخمی ہونے والوں کو گاڑیوں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

    ہلاک ہونے والوں میں کرین میں موجود 2 اہلکار اور 2 کارسوار ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون، ان کا بچہ اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہے۔

    تعمیراتی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرین کا اوپر اٹھنے والا حصہ گاڑی سے علیحدہ ہو کر عمارت کے ایک حصے کو توڑتے ہوئے سڑک پر گرا جس سے عمارت کے حصے کو بھی نقصان پہنچا۔

    عمارت گوگل کے زیر استعمال ہے جس میں 150 فلیٹس بنے ہوئے ہیں۔

  • ارتھ ڈے پرگوگل کا خصوصی ویڈیو ڈوڈل

    ارتھ ڈے پرگوگل کا خصوصی ویڈیو ڈوڈل

    کراچی : دنیا بھر میں آج ارتھ ڈے منایا جارہا ہے، زمین کے تحفظ کے عالمی دن پر گوگل نے بھی خصوصی وڈیو ڈوڈل متعارف کروا دیا، رواں برس کی تھیم پروٹیکٹ آور اسپیشیز رکھی گئی ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل اپنا لوگو جسے ڈوڈل کہا جاتا ہے ہر اہم موقع کی مناسبت سے بدلتا ہے، اس بار گوگل نے ارتھ ڈے کے موقع پر اینیمیٹیڈ ویڈیو ڈودل سے سب کو اس دنیا کی حفاظت اور خوبصورتی میں اضافے کا پیغام دے دیا۔

    رواں برس کی تھیم پروٹیکٹ آور اسپیشیز رکھی گئی ہے ۔

    دنیا بھر میں آج ہماری زمین کے تحفظ اور اس سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم ارض یعنی زمین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

    عالمی یوم ارض سب سے پہلے بائیس اپریل انیس سو سترکو منایا گیا تھا، یہ وہ دور تھا جب تحفظ ماحولیات کے بارے میں آہستہ آہستہ شعور اجاگر ہو رہا تھا اور لوگ فضائی آلودگی اور دیگر ماحولیاتی خطرات کا بغور مشاہدہ کر رہے تھے۔

    ہر سال اس دن پر دنیا بھرمیں زمین اور ماحولیات کی حفاظت کیلئے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ مقامی کمیونٹیز اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کرکے اس دن کی اہمیت اجاگر کرتی ہیں۔ بہت سی تنظیمیں شہر میں ساحل ِ سمندر، دریاؤں یا دیگر قدرتی مقامات پرجا کر صفائی کا کام کرکے زمین کو صاف ستھرا رکھنے کی کوششوں میں اپنا حصہ ادا کرتی ہیںْ۔

    خیال رہے کہ گوگل کسی بھی معروف شخصیت کی برسی اور سالگرہ اور عالمی دن پر ڈوڈل متعارف کراتا ہے۔