Tag: گوگل

  • گوگل نے چیٹ جی پی ٹی کا مقابلہ کرنے والی ایپ متعارف کرا دی

    گوگل نے چیٹ جی پی ٹی کا مقابلہ کرنے والی ایپ متعارف کرا دی

    گوگل نے چیٹ جی پی ٹی کا مقابلہ کرنے والی مصنوعی ذہانت پر مبنی نوٹ ایپ متعارف کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرچ انجن گوگل نے باضابطہ طور پر اپنی آرٹیفیشل انٹلیجنس نوٹ لینے والی ایپ ’نوٹ بُک ایل ایم‘ لانچ کر دی، یہ گوگل کی جانب سے ’جیمینائی‘ اے آئی کے ساتھ پہلی نوٹ ایپ ہے۔

    گوگل ڈیپ مائنڈ لیبارٹری نے اس اے آئی نظام کا نام، جیمینائی رکھا ہے جو کمپنی کے تیار کردہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروگرام ’ایلفا گو‘ کو ترقی دے کر بنایا گیا ہے۔

    جیمنائی پرو لارج لینگویج ماڈل کے ساتھ تجرباتی مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ایپ صارفین کو نوٹ لینے، ان کا خلاصہ کرنے، ان کے بارے میں مخصوص معلومات تلاش کرنے اور یہاں تک کہ مواد کی بنیاد پر خاکہ اور تجاویز تیار کرنے میں مدد کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔

    جیمنائی اے آئی مصنوعی ذہانت کا نظام ہے، جس کے ذریعے گوگل اوپن اے آئی کے ذریعے چیٹ جی پی ٹی جیسی چیزوں کا مقابلہ کرنے کی توقع رکھتا ہے۔ یہ ایپ تجرباتی طور پر فی الوقت امریکا میں متعارف کرائی گئی ہے، اور جلد ہی دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوگی۔

  • گوگل نے موبائل صارفین کی سہولت کے لیے حیرت انگیز فیچر متعارف کرا دیا

    گوگل نے موبائل صارفین کی سہولت کے لیے حیرت انگیز فیچر متعارف کرا دیا

    گوگل نے موبائل فون صارفین کی سہولت کے لیے ایک شاندار فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کی مدد سے اب انھیں انٹرنیٹ پر سرچنگ میں بہت آسانی ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی گوگل نے ویب ورژن کے بعد اب اینڈرائیڈ فونز پر گوگل سرچ میں لینس جیسا ایک فیچر متعارف کرایا ہے، جسے ’سرکل سرچ‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    اس شاندار فیچر کی مدد سے اب صارفین کسی بھی تصویر کے ایک حصے کو فوکس کر کے یا اس کے گرد دائرہ بنا کر اس کا اصل ورژن یا اس سے ملتی جلتی چیزیں تلاش کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر ڈیسک ٹاپ اور ویب صارفین کافی عرصے سے استعمال کر رہے ہیں۔

    یہ فیچر فیکٹ چیک یا تحقیق کرنے والے صارفین کے لیے بہت کارآمد ثابت ہو سکتا ہے، کیوں کہ اگر وہ کسی بھی وائرل ہونے والی تصویر کو ہائی لائٹ کر کے سرچ کریں گے تو اس کی پوری تفصیل اور پہلے شیئر کردہ تصاویر پل بھر میں سامنے آ جائیں گی۔

    موبائل فون کو جلدی چارج کرنے کے 6 آسان طریقے

    اینڈرائیڈ فونز میں سرکل سرچ بہت آسان ہے، صارفین کو انٹرنیٹ کی کسی بھی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن پر نظر آنے والی تصویر پر کلک کرنا ہے، جیسے ہی تصویر پر سرکل بنائیں گے، سرچ کا آپشن نظر آئے گا اور اسکرین خود بخود گوگل سرچ پر چلی جائے گی۔

  • الیکشن 2024 پاکستان: گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا

    الیکشن 2024 پاکستان: گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا

    کراچی: دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں انتخابی سرچ ٹرینڈ کا صفحہ جاری کر دیا۔

    8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد سیاسی جماعتوں، اُن کے نامزد امیدواروں اور دیگر متعلقہ موضوعات کے بارے میں آن لائن معلومات تلاش کریں گے تاکہ انہیں انتخابی عمل میں مدد حاصل ہو سکے۔

    ذرائع ابلاغ اور عوام کو اس ڈیٹا تک آسان رسائی  کی غرض سے گوگل نے ’’گوگل ٹرینڈز پاکستان جنرل الیکشن (Google Trends Pakistan General Election) ‘‘کے نام سے ایک صفحہ متعارف کرایا ہے۔

    ان صفحات پر انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے بارے میں سوالات، موضوعات اور دلچسپیوں کے حوالے سے معلومات کو پیش کرتا ہے۔ اس صفحے پر ملک کے ہر حصے میں، انتخابات کے حوالے سے تلاش کیے جانے والے  ٹاپ موضوعات مثلاً معیشت، ٹیکس اور اجرتوں کےبارے میں  اعداد و شمار شامل ہیں۔

    گوگل ٹرینڈز پیچ کے تمام چارٹس کو کسی بھی ویب سائٹ پر شامل کیا جا سکتا ہے جہاں یہ خود بخود اپ ڈیٹ بھی ہوتے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ گوگل ٹرینڈز کی جانب سے پاکستان میں متعارف کردہ یہ صفحہ عام انتخابات کے حوالے سے کسی قسم کا  سروے نہیں ہے اور نہ ہی  ووٹنگ کے بارے میں رجحانات کو ظاہر کرتا ہے۔

    یہ صفہ محض وقت گزرنے کے ساتھ مقامی سطح پر مخصوص موضوعات کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی اور تلاش کو ظاہر کرتا ہے، کسی خاص سوال میں اضافہ، اس بات کی عکاسی نہیں کرتا کہ کوئی سیاسی جماعت کسی بھی معنوں میں ’زیادہ مقبول‘ ہے یا ’جیت ‘ رہی ہے۔

    رجحانات کے صفحے کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے اور معلومات کے حصول کے لیے گوگل نیوز انیشی ایٹو ویب سائٹ (Google News Initiative’s Website)   ملاحظہ کیجیے۔

  • اب روبوٹ ’آئین‘ کے تحت کام کریں گے؟ جانیے کیسے ؟

    اب روبوٹ ’آئین‘ کے تحت کام کریں گے؟ جانیے کیسے ؟

    کیلیفورنیا : دنیا بھر میں مقبول ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے’روبوٹ آئین‘تحریر کرلیا جو روبوٹس سے ہونے والے نقصانات کو محدود کرنے کی کوشش کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کو امید ہے کہ اس کا ڈیپ مائنڈ روبوٹکس ڈویژن ایک دن ایک ایسا ذاتی معاون روبوٹ تیار کرنے کے قابل ہو جائے گا جو دی گئی ہدایات پر عمل کر سکے۔

    گوگل پُر امید ہے کہ ایک روز ایسا مددگار روبوٹ بناسکے گا جو گھر صاف کرنے یا کھانا بنانے جیسے حکم کی تعمیل کرسکے لیکن بظاہر ایک سادہ سی درخواست روبوٹ کی سمجھ سے بالا ہونے کے ساتھ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے یعنی کسی روبوٹ کو شاید یہ معلوم نہ ہو کہ گھر کو اس طریقے صاف نہیں کیا جانا چاہیے کہ گھر کے مالک کو نقصان پہنچے۔

    robotic

    کمپنی نے اب نئی پیش رفتوں کا ایک مجموعہ متعارف کروایا ہے، جس سے اسے امید ہے کہ ایسے روبوٹ تیار کرنا آسان ہوجائے گا جو (انسانوں کو) بغیر کوئی نقصان پہنچائے اس طرح کے کاموں میں مدد کر سکیں گے۔

    ان سسٹمز کا مقصد روبوٹس کو تیزی سے فیصلہ کرنے اور ان کے اطراف ماحول کے متعلق بہتر سمجھ اور سمت شناسی میں مدد دینا ہے۔

    اس کامیابی میں آٹو آر ٹی نامی نیا سسٹم شامل ہے جو انسانوں کے مقاصد سمجھنے کے لیے مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتا ہے۔ یہ سسٹم ایسا لارج لینگوئج ماڈل (ایل ایل ایم) کو استعمال کرتے ہوئے کرتا ہے۔

    Constitution

    یہ سسٹم روبوٹ میں نصب کیمروں سے ڈیٹا لیتا ہے اور اس کو وژوئل لینگوئج ماڈل (وی ایل ایم) میں بھیج دیتا ہے، جو ماحول اور اس میں موجود چیزوں کو سمجھتے ہوئے الفاظ میں بیان کرسکتا ہے۔

    اس ڈیٹا کو بعد میں ایل ایل ایم میں بھیج دیا جاتا ہے جو ان الفاظ کو سمجھتا ہے، ممکنہ کاموں کی فہرست بناتا ہے اور پھر یہ فیصلہ کرتا ہے کہ کن کاموں کو انجام دیا جانا چاہیئے۔

    تاہم، گوگل نے یہ بھی واضح کیا کہ ان روبوٹس کو اپنی روز مرہ زندگی کا حصہ بنانے کے لیے لوگوں کو ضرورت ہوگی کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ روبوٹ محفوظ رویہ اختیار کریں گے۔

  • گوگل نے اسرائیلی فوج کے ساتھ ہاتھ ملا لیا، ملازمین سراپا احتجاج بن گئے

    گوگل نے اسرائیلی فوج کے ساتھ ہاتھ ملا لیا، ملازمین سراپا احتجاج بن گئے

    سان فرانسسکو: گوگل نے اسرائیلی فوج کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے، ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو امریکی شہر سان فرانسسکو میں گوگل کے دفاتر کے باہر گوگل کے کارکنوں سمیت سیکڑوں افراد نے اسرائیل کے ساتھ ٹیک کمپنی کے منصوبے کے خلاف احتجاج کیا۔

    گوگل نے اسرائیل کے ساتھ 1.2 بلین ڈالر کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت گوگل اسرائیلی فوج اور حکومت کو کلاؤڈ سروسز فراہم کرے گا۔ جس پر گوگل ملازمین نے دیگر مظاہرین کے ساتھ مل کر سان فرانسسکو میں گوگل دفاتر کے سامنے کمپنی کے نمبس پروجیکٹ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے غزہ میں شہید ہونے والی سافٹ ویئر انجنیئر مائی عبید کے لیے خصوصی احتجاج کیا اور معاہدہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، مائی عبید گوگل کے فنڈ سے چلنے والے کوڈنگ بوٹ کیمپ، غزہ اسکائی گیکس کی گریجویٹ تھیں، اور 2020 میں گوگل فار اسٹارٹ اپ ایکسلریٹر پروگرام کا حصہ تھیں۔ انھیں 31 اکتوبر کو غزہ پر حملے میں اپنے پورے خاندان سمیت شہید کر دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب اردن کے دارالحکومت عَمان میں نماز جمعہ کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، مظاہرین نے فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے۔

  • انگریزی بولنے کی خواہش، گوگل نے مشکل آسان کردی؟

    انگریزی بولنے کی خواہش، گوگل نے مشکل آسان کردی؟

    آج کے اس جدید دور میں ہر کسی کی خواہش ہے کہ انگریزی زبان پر عبور حاصل کرسکے، گوگل نے اپنے صارفین کی اس مشکل کا حل بھی تلاش کرلیا ہے۔

    ایسا پہلی بار نہیں ہورہا، اس سے قبل بھی گوگل نے متعدد ایسی سروسز فراہم کی ہیں جیسے کہ گوگل اسسٹنٹ اور ٹرانسلیٹ جو مختلف زبانوں کا ترجمہ کرنے میں انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

    مگر اب گوگل نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے ایسی سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کااستعمال کرتے ہوئے صارفین کوگوگل سرچ کی مدد سے انگریزی بولنے اورسیکھنے میں فراہم کرے گی۔

    ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ گوگل سرچ کی ایک نئی خصوصیت ابتدائی طور پر ارجنٹینا، کولمبیا، انڈونیشیا، میکسیکو، وینزویلا، بھارت میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اگلے چند دنوں میں متعارف کرارہا ہے۔

    یہ فیچر مستقبل قریب میں دیگر ممالک کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہ نیا فیچر ان لوگوں کو جو نئی زبان سیکھنا چاہتے ہیں انگریزی میں بولنے کی مشق کرنے کی اجازت دے گا۔

    گوگل سرچ کی جانب سے اس فیچر کے تحت صارف کومختلف الفاظ اورجملے بولنے کی مشق کرائی جائے گی۔ اس طرح کی ہر مشق کا دورانیہ 3 سے 5 منٹ تک ہوگا جبکہ صارف کی کارکردگی پر گوگل سرچ بھی اپنی رائے دے گا۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ انگریزی بولنے کی مشق پر مبنی اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارف کسی بھی ایسے لفظ پر کلک کر سکے گا جس کا مطلب اسے سمجھ میں نہیں آرہا۔

    روزانہ کی مشق کے لیے یاد دہانی کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا، اس کے علاوہ، سیکھنے کو بتدریج مزید مشکل بنایا جائے گا تاکہ صارف کی انگریزی بولنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔

  • گوگل کا غیر فعال جی میل اکاؤنٹس سے متعلق بڑا فیصلہ

    گوگل کا غیر فعال جی میل اکاؤنٹس سے متعلق بڑا فیصلہ

    کیلیفورنیا: سرچ انجن گوگل کی جانب سے یکم دسمبر کے بعد سے غیر فعال جی میل اکاؤنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر فعال جی میل اکاؤنٹس کو یکم دسمبر کے بعد بالترتیب بند کر دیا جائے گا۔
    وہ صارفین جنھوں نے متعدد جی میل اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں اور انھیں استعمال میں نہیں لایا جا رہا، انھیں بند کرنے سے پہلے وارننگ ای میل بھیجی جائے گی۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ غیر فعال جی میل اکاؤنٹس ہیکنگ، فشنگ یا اسپم کی زد میں آ جاتے ہیں کیوں کہ انھیں نئی خصوصیات اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے یہ فیصلہ سیکیورٹی سے متعلق کسی بھی مسئلے سے محفوظ رہنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

    ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اکاؤنٹس اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے جو یوٹیوب چینل یا ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے جڑے ہوئے ہوں گے۔

    واضح رہے کہ جو لوگ جی میل اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں انھیں 2 سال میں ایک بار لازمی اپنے اکاؤنٹ پر کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے، مثلاً کسی ای میل کو ڈھونڈنا، ای میل کو پڑھنا وغیرہ۔

  • گوگل میپ کے 3 نئے فیچرز متعارف

    گوگل میپ کے 3 نئے فیچرز متعارف

    چاہے آپ کسی شہر کے رہائشی ہوں، یا کسی شہر میں اجنبی مہمان بن کر جائیں، گوگل آپ کو ہر جگہ پہنچنے کا آسان ترین راستہ بتاسکتا ہے۔

    گوگل میپ کی سروس اپڈیٹ ہونے والی ہے جس کے ذریعے اس سروس کی افادیت کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

    کمپنی 3 اہم فیچرز کا اضافہ کرنے والی ہے جس میں پہلا فیچر گلینس ایبل ڈائریکشنز کا ہے، یہ فیچر اس سروس کے استعمال میں سب سے بڑی تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔

    دیکھا جاتا ہے کہ عام طور پر صارفین لائیو اپ ڈیٹ کےلیے میپ میں لوکیشن ڈال کر سفر شروع کرتے ہیں اور سفر کے ساتھ ساتھ میپ ان کو یہ بتاتا جاتا ہے کہ کس موڑ پر مڑنا ہے یا کونسا راستہ اختیار کرنا ہے۔

    اس فیچر کے بعد یہ سب معلومات بطور پری ویو دیکھی جا سکیں گی، اگر صارف کسی بتائے گئے رستے سے ہٹ کر چلنے لگے تو نقشے کی جانب سے دوسرا رستہ تجویز کردیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ فیچر کے ساتھ فون کا لاک کھولے بغیر بھی اپ ڈیٹ دیکھی جاسکیں گی۔

    اس فیچر کے علاوہ گوگل ڈیسک ٹاپ کے لیے ری سینٹس نام کا فیچر بھی متعارف کروائے گا، یہ فیچر میپ پر تلاش کی گئی جگہوں کو خود بخود ایک جگہ اکٹھا کر دے گا۔ اس کے اندر ٹولز کی مدد سے صارف اپنی منزلوں کے لیے مرضی کا راستہ بنا سکیں گے اور جگہوں کا انتخاب دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

    متعارف کروایا جانے والا تیسرا اور آخری فیچر ایمرسیو ویو کا ہوگا، آئی او ایس اور اینڈرائڈ میپ کے لیے گوگل کی مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ فیچر تصاویر کو ملا کر دنیا کا ہمہ پہلو نظارہ تشکیل دے گا۔

  • گوگل پر 32.5 ملین ڈالر جرمانہ لگ گیا

    گوگل پر 32.5 ملین ڈالر جرمانہ لگ گیا

    سان فرانسسکو: امریکی عدالت نے گوگل پر 32.5 ملین ڈالر جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر عدالت نے سونوس (وائرلیس ساؤنڈ سسٹم) کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 32.5 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    مختلف صارفین کو ایک ہی وقت میں سننے کی سہولت فراہم کرنے والے گروپنگ اسپیکرز سے متعلق سونوس کے ایک پیٹنٹ کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہونے پر سان فرانسسکو کی ایک وفاقی جیوری نے گوگل کو جرمانے کا حکم دیا۔

    سان فرانسسکو جوری نے کیس میں پایا کہ گوگل کے اسمارٹ اسپیکر اور میڈیا پلیئرز نے ہائی ٹیک آڈیو ٹیکنالوجی کمپنی ’سونوس‘ کے 2 پیٹنٹس میں سے ایک کی خلاف ورزی کی ہے، جیوری اراکین نے کہا کہ فروخت کیے گئے 14 ملین سے زیادہ ڈیوائسز میں سے ہر ایک کے لیے گوگل 2.30 ڈالر کی ادائیگی کرے گا۔

    جنوری 2020 میں سونوس نے ٹیکنالوجی ایکسپرٹ گوگل پر اس کے وائرلیس اسپیکر ڈیزائن کی مبینہ نقل کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا اور آئی ٹی سی سے لیپ ٹاپ، فون اور اسپیکر جیسے گوگل پروڈکٹس پر پابندی لگانے کی گزارش کی تھی۔

    گزشتہ سال جنوری ماہ میں ایک فیصلے میں یو ایس انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن (آئی ٹی سی) نے کہا تھا کہ گوگل نے اسمارٹ اسپیکر سے متعلق ہائی ٹیک اسپیکر اور آڈیو ٹیکنالوجی کمپنی سونوس کے پانچ پیٹنٹس کی خلاف ورزی کی ہے۔

    یو ایس ڈسٹرکٹ جج ولیم السوپ پہلے ہی طے کر چکے تھے کہ کروم کاسٹ آڈیو اور گوگل ہوم جیسی مصنوعات کے ابتدائی ورژن نے سونوس کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کی ہے، تاہم سوال یہ تھا کہ کیا تازہ ترین مصنوعات بھی پیٹنٹ کی خلاف ورزی کر رہی تھیں۔ جیوری نے کروم کاسٹ کے حوالے سے سونوس کے حق میں فیصلہ دیا، لیکن جیوری نے کہا کہ سونوس نے یقین سے یہ نہیں دکھایا کہ گوگل ہوم ایپ نے اس کے مخصوص پیٹنٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

    سونوس نے بیان میں فیصلے کے حوالے سے جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کی دوبارہ تصدیق کرتا ہے کہ گوگل نے ہمارے پیٹنٹ پورٹ فولیو کی تسلسل سے خلاف ورزی کی ہے، مجموعی طور پر ہمیں یقین ہے کہ گوگل 200 سے زیادہ Sonos پیٹنٹ کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

  • گوگل کے سی ای او کا مکان کتنے میں فروخت ہوا؟

    گوگل کے سی ای او کا مکان کتنے میں فروخت ہوا؟

    نئی دہلی: دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کے سی ای او نے اپنا آبائی مکان فروخت کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گوگل کے سی ای او سندر پچائی کا یہ گھر چنئی کے رہائشی علاقے اشوک نگر میں واقع ہے جہاں انہوں نے بچپن سے لیکر 20 سال تک قیام کیا۔

    حالیہ دنوں میں یہ گھر فروخت کے لئے پیش کیا گیا جسے تامل اداکار اورہدایتکار سی منی کندن نے خرید لیا ہے اور اب یہ ان کی ملکیت ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق منی کندن ایک پراپرٹی خریدنے کے خواہاں تھے، جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ گھر جہاں سندر پچائی نے اپنا بچپن اور جوانی گزاری تھی تو وہ برائے فروخت ہے تو انہوں نے اسے خریدنے کا فیصلہ کیا۔

    تامل فلموں کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سندر پچائی نے دنیا میں ہمارے ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے وہ گھر خریدنا جہاں وہ رہتے تھے میری زندگی کا قابل فخر کارنامہ ہے۔

    منی کندن نے کہا کہ گوگل کے سی ای او کے والدین کی انسانیت نے انہیں جذباتی کردیا ہے انہوں نے مکمل کہانی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب ہم گھر کا معائنہ کرنے پہنچے تو سندر پچائی کی ماں نے خود ہمارے لئے کافی بنائی۔

    پچائی کے والد نے مجھے پہلی ہی ملاقات میں دستاویزات پیش کردئیے میں ان کی عاجزی سے بڑا متاثر ہوا انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت ان کے والد نے رجسٹریشن آفس میں گھنٹوں انتظار کیا اور مجھے دستاویزات دینے سے پہلے تمام مطلوبہ ٹیکس ادا کردیئے۔

    منی کندن نے میڈیا کو بتایا کہ دستاویزات سونپتے وقت سندر کے والد کی آنکھوں میں آنسو تھے کیونکہ یہ ان کی پہلی جائیداد تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سندر پچائی کی پرورش چنئی میں ہوئی لیکن وہ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے ۱۹۸۹ء میں آئی آئی ٹی کھڑگپور چلے گئے تھے۔

    ان کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ پچائی 20 سال تک اس گھر میں رہتے تھے، جب سندر پچائی نے دسمبر میں چنئی کا دورہ کیا تو انہوں نے سیکوریٹی گارڈ کو کچھ نقدی اور گھریلو سامان دیا تھا۔